غازی سہیل خان


یکم ستمبر ۲۰۲۱ء کی شام تک وادیٔ کشمیر کے عوام حسب معمول ایک بڑے جیل نما خطے میں اپنا دن گزار کے رات کی تاریکی کی آغوش میں جانا ہی چاہتے تھے، کہ اچانک سماجی رابطہ کی ویب گاہ فیس بُک پہ ایک جانکاہ خبر دیکھتے ہی ساری وادی ماتم کناں ہو گئی ۔وہ خبر یہ تھی کہ جموں وکشمیر کی تحریک آزادی کے محبوب ترین رہنما سید علی شاہ گیلانی انتقال فرما گئے،انا اللہ وانا الیہ راجعون ۔

کشمیری عوام کو واقعتاً یہ محسوس ہوا کہ آج ہم قومی سطح پر یتیم ہوگئےہیں، فیس بُک اور ٹوئٹر صارفین نے اس کا اظہار بھی کیا ۔نہ جُھکنے والی اور نہ کبھی بکنے والی یہ وہ شخصیت تھی، جس نے نہ صرف اپنا سب کچھ ملت اسلامیہ کے عروج اور مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے قربان کردیا بلکہ دنیاکی ایک بڑی سامراجی طاقت کے سامنے کشمیر کے مظلوم عوام کی قیادت کر کے دنیا کو دکھلا دیا کہ ظالموں کو کیسے للکارا جاتا ہے اور عوام کے دلوں پہ کیسے راج کیا جاتا ہے ۔

اس قائدکی پیدایش دنیا کی خوب صورت ترین جیل اور دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی وادیٔ کشمیر کے علاقہ زینہ گیر کے’ زوری منز‘ گائوں میں ۱۹۲۹ء میں سید پیر شاہ گیلانیؒ کے  گھر پہ ہوئی۔اس علاقے کے ایک طرف طویل پہاڑی سلسلے کے دامن میں ایشیا کی سب سے بڑی جھیل وُلر ہے اور دوسری طرف ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور کے سر سبز و شاداب سیب کے باغات ہیں۔زوری منز میں ایک غریب اور شریف گھرانے میں پیدا ہونے والا یہ بچہ اپنی زندگی کے ابتدائی ایام سے ہی اپنے اندر مومنانہ صفات اور قلندرانہ بے باکی رکھتا تھا ۔کہتے ہیں نا کہ عظیم شخصیات کا بچپن بھی غیر معمولی ہوتاہے ۔اللہ تعالیٰ بھی ایسی شخصیات کو روز اول سے ہی مختلف طرح کے امتحانات و مصائب کی بھٹی میں تپاکر تیار کرتا اور انسانیت کی بقا کے لیے میدان میں طاغوت سے مقابلہ کرنے اور مظلوموں کو انصاف دلانے کی خاطر لڑنے کی ہمت عطا کرتا ہے ۔

 اپنے بچپن کے چند واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے سید علی گیلانی مرحوم فرماتے ہیں کہ ’’میرے والد سید پیر شاہ گیلانی نہر زینہ گیر میں سیزنل قلی تھے۔ اَن پڑھ ہونے کے باوجود تعلیم سے  محبت رکھتے تھے ۔وہ چاہتے تھے کہ میرے بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں۔میری پیدایش کے بعد میرے ساتھ دو ایک حادثے ہوئے ہیں جن میں بچنا صرف اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور اُس کی حفاظت سے ممکن ہوا ہے ۔بچپن میں سردیوں کے موسم میں میں کانگڑی لیے (سردیوں کے موسم میں اپنے آپ کو گرم رکھنے کا ایک آلہ ) لکڑیوں کے ایک ستون نماگٹھے پہ بیٹھا تھاکہ اچانک نیچے گرپڑا اور کانگڑی میری داہنی ران پرگر پڑی جو آگ سے بھری تھی۔ اس سے میری ساری ران جھلس گئی اور کئی ہفتوں تک میرا علاج ہوتا رہا۔ اُس زمانے میں ہمارے علاقے میں کوئی ہسپتال وغیرہ نہیں تھا۔ ہمارے یہاں جو گھاس سے بنی چٹایاں ہوتی ہیں اُس سے بنے کچھ ٹکڑے لائے گئے اور وہی جلاکر اُس کی راکھ بطور مرہم جلے ہوئے حصے پر ڈال دی گئی اور اُسی سے اللہ تعالیٰ نے شفا بخشی۔

ایک اور حادثہ بچپن کے دور میں درپیش آیا۔ ہماری جو بستی ہے اُس کا نام زوری منزہے۔ یہ ضلع بانڈی پورہ کے گائوں ’کیونس‘ کا ایک محلہ ہے۔ ہمارے گائوںکے پیچھے ایک چھوٹی سی پہاڑی ہے جس سے’ زیرا‘ پیدا ہوتا ہے اور میں دیگربچوں کے ساتھ زیرا کاٹنے کے لیے ڈھلوان چوٹی پر گیا۔ واپسی پر زینہ گیرنہرپر پُل سے گزرنے لگا تو میں سیدھا نہر زینہ گیر میں جا گرا۔ اُس وقت نہر میں پانی بھی زیادہ تھا، تاہم میرے بچائو کا انتظام اللہ تعالیٰ نے اس طرح کیا کہ عین اُس وقت نہر پر کام کرنے والے ہمارے ایک ہمسایہ مرحوم محمد سبحان ڈار نے دیکھتے ہی بغیر کسی تاخیر کے نہر زینہ گیر میں کود کر مجھے اُس پانی سے سلامت نکال لیا‘‘۔

اپنے اسی بچے کی تعلیم کا خاص خیال کرتے ہوئے ان کے مرحوم والد نے سب سے پہلے بوٹینگو سوپور میں داخلہ کروایا۔پرائمری جماعت پاس کرنے کے بعد گورنمٹ ہائی اسکول سوپور میں داخلہ لیا، وہاں ساتویں تک تعلیم حاصل کی ۔موصوف کی بہن کی شادی ڈورو سوپور میں ہوئی تھی، وہاں کے اکثر طلبہ سوپور ہائی اسکول آتے تھے اور پھر وہ اپنی ہمشیرہ کے پاس ہی رہنے لگے۔ ان کی ہمشیرہ کے ایک دیور، جن کا مشہور مؤرخ اور صحافی مرحوم محمد الدین فوق کے ساتھ کوئی رشتہ تھا۔   فوق صاحب ان کے گھر آیا کرتے تھے۔ گیلانی صاحب بتاتے ہیں کہ اسی اثنا میں ایک روز میری بہن کے دیور مجھے محمد الدین فوق کے پاس لے گئے۔ وہاں سے وہ مجھے میرے والد کی اجازت کے بعد اپنے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے لیے لاہور لے گئے۔لیکن لاہور پہنچ کے فوق صاحب نے مجھے کسی اسکول میں داخلے کے بجائے اپنی بیٹی کے گھر رکھا،جن کے شوہر ایک بڑے افسر تھے۔  یہ تقریباً ایک سال کا عرصہ تھا۔ اس عرصے میں گیلانی صاحب وہاں بہت پریشانی کی حالت میں رہے۔ پھر کسی طرح سے گیلانی صاحب لاہور سے واپس سوپور آ گئے اور اپنی تعلیم جاری رکھی۔

بعدازاں دوبارہ لاہور گئے اور وہاں تعلیم کے سلسلے کو جاری رکھنے کی کوشش کی اور وہاں قرآن حفظ کرنا شروع کیا، لیکن وہ سلسلہ بھی منقطع ہوگیا۔ یہیں پر ادیب عالم کا امتحان دوسری پوزیشن میں پاس کیا۔ لاہور سے شائع ہونے والے رسالے پڑھنے کی کوشش کرتے۔ لاہور سے دوبارہ واپسی پر روزگار کی تلاش میں جدوجہد کرنی پڑی۔ اسی اثنا ء میں گیلانی صاحب کو ’کلوسہ بانڈی پورہ‘ کی ایک سیاسی و سماجی شخصیت ’مرحوم محمد انور خان‘ نے کشمیر کے ایک شعلہ بیان مقرر ،سیاست دان محمد سعید مسعودی ؒجو اُس وقت نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری تھے ان سے متعارف کرایا ،جہاں گیلانی صاحب کو نیشنل کانفرنس میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی، لیکن گیلانی صاحب نے اُس پیش کش کو قبول نہیں کیا۔ تاہم، اسی دوران مولانا مسعودی کی سرپرستی میں نیشنل کانفرنس کے ترجمان اخبار خدمت  میں کام کرنے کا موقع ملا جہاں آپ کی ادبی صلاحیتیں بھی پروان چڑھیں۔

اس کے بعد مولانا مسعودی نے ہی گیلانی صاحب کو مجاہد منزل، سرینگر کے ساتھ پتھر مسجد کے اسکول میں بطور اُستاد تعینات کیا۔یہاں گیلانی صاحب اپنے فرصت کے اوقات میںمطالعہ کیا کرتے تھے۔ اسی دوران مولانا مودودی ؒ کی حقیقت زکوٰۃ  پڑھ کے بہت متاثر ہوئے۔ انھی دنوں قاری سیف الدینؒ ( جو بعد میں امیر جماعت اسلامی کے منصب پہ فائز ہوئے) گیلانی صاحب کے ہم پیشہ تھے ، انھوں نے سید مودودی ؒ کی تفہیمات  اوّل پیش کی تو یہ کتاب تیر بہ ہدف ثابت ہوئی۔ اس طرح سے گیلانی صاحب جماعت اسلامی کے قریب آنے لگے ۔اسی اثناء میں جماعت اسلامی کے رکن بنے۔ اس کے بعد تنظیم میں مختلف ذمہ داریاں ادا کرنے کے بعد ۱۹۶۳ء میں قیم جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے منصب پر فائز ہوئے۔ ۱۹۸۴ء میں قائم مقام امیر جماعت بنے۔ لیکن اس کے ٹھیک ایک دن بعد انھیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔اس کے علاوہ آپ نے جماعت اسلامی جموں وکشمیر میں ناظم پارلیمانی امور،مدیر اخبار اذان اور مدیراخبار طلوع کی حیثیت سے فرائض انجام دیے ۔ساتھ ہی آپ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ آپ تین بار اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے ہیں ۔ ۷؍اگست ۲۰۰۴ء کو جماعت اسلامی کے ساتھ ایک تحریری مفاہمت کے بعد آپ تحریک حُریت کو منصہ شہود پر لائے۔اس طرح سے محترم موصوف نے جماعت کے پلیٹ فارم پہ اللہ کی زمین پہ اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد بغیر کسی خوف و تردید کے شروع کی۔

سیّد علی گیلانی جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے دلوںپہ راج کرنے والے رہنما تھے۔سب سے اہم وصف آپ کے اندر یہ تھا کہ آپ اپنے مخالفین کو بھی اپنے ساتھ چلانا جانتے تھے ۔گیلانی صاحب مولانا مودودی ؒ اور علامہ اقبالؒ سے خاصے متاثر تھے۔ انھوں نے مولانامودودیؒ کی لکھی تفسیر  تفہیم القرآن کو پڑھنےاور نوجوانوں تک اُن کی فکر کو منتقل کرنے کے لیے بہت مرکزی کردار ادا کیا۔ ۲۰۱۱ء میں سوپور میں گیلانی صاحب کا ایک جلسہ منعقد ہوا جس میں راقم کوبھی شامل ہو نے کا شرف حاصل ہوا۔ انھوں نے اپنے پُراثر انداز میں بھاری مجمع سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا: ’’قرآن ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے۔  میں آپ سب جوانوں اور بزرگوں سے کہوں گا کہ آپ سب کے گھروں میں تفہیم القرآن ہونی چاہیے۔ سارے لوگ ہاتھ اُٹھائو، کون سی تفسیر پڑھو گے؟‘‘ لوگوں نے زور دارانداز میں دونوں ہاتھ اوپر اُٹھا کے جواب دیا تفہیم القرآن ۔ یہ الفاظ گیلانی صاحب بار بار دہراتے رہے ۔اس کے بعد آگے فرمایا کہ ’’میں نے بہت ساری تفاسیر کا مطالعہ کیا ہے۔مولانا ابوالکلام آزاد ؒ کی تفسیر بھی پڑھی ہے ،مولانا شبیر احمد عثمانی ؒ کی تفسیر بھی پڑھی ہے، میں نے اشرف علی تھانویؒ کی تفسیر بھی پڑھی ہے، سب تفسیریں اچھی ہیں، لیکن تفہیم القرآن میں جس سادگی کے ساتھ آسان زبان میں علامہ مودودی ؒ نے دین سمجھایا ہے، قرآن کا پیغام سمجھایا ہے، قرآن کی روح سمجھائی ہے، وہ بہرحال ایک بے نظیر تفسیر ہے‘‘ ۔ آگے زور دار آواز میں فرمایا کہ ’’اس وعدے پہ قائم رہو گے ناکہ ہر ایک گھر میں تفہیم القرآن کا مکمل سیٹ ہونا چاہیے اور پھر اُس کو پڑھا کرو۔ صرف اُس کو لائبریری کی زینت نہیں بنانا، اس کو پڑھنا بھی ہے‘‘۔ یہ تھا مولانا مودودیؒ اور تفہیم القرآن کے ساتھ جنون کی حد تک لگائو۔

گیلانی صاحب جموں وکشمیر کے واحد سیاسی و سماجی رہنما تھے، جو تحریر و تقریر کی دونوں اصناف پہ دسترس رکھتے تھے ۔گیلانی صاحب کے شوقِ مطالعہ اور ادبیت کے حوالے سے ثروت جمال لکھتے ہیں کہ ’’آپ نے دوسرے سیکڑو ں ساتھیوںاور بزرگوں کے ساتھ جیل میں انفرادی مطالعہ کا سلسلہ جاری رکھا۔ قرآن یا سیرت پاکؐ کے علاوہ آپ نے خاص طور پر مولانا محمد علی جوہر ؒ ، علامہ ابن تیمیہؒ ، مولانا حمید الدین فراہیؒ، اور مولانا مودودیؒ کی تصانیف سے بھر پور استفادہ کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ آپ نے ادبیات کے زمر ے میں اقبالیات کے علاوہ منشی پریم چنداور نسیم حجازی کے قریب قریب سارے تاریخی ناول مطالعہ میں رکھے ہیں ‘‘۔ گیلانی صاحب جموں وکشمیرکے واحد مزاحمتی قائد ہیں، جنھوں نے سب سے زیادہ تحریری سرمایہ اپنے پیچھے چھوڑا ہے۔

محترم گیلانی صاحب کی لغت میں’سمجھوتے‘( کمپرومائز) کا لفظ نہیں تھا۔ نہ وہ اپنے کارکنان کو سمجھوتا کرنے دیتے تھے ۔ اسی وجہ سے اُن کو تحریک حُریت تشکیل دینی پڑی۔ بہت کوششیں ہوئیں کہ اُن کے عزم کو توڑا جائے یا اُن کوکمزور کیاجائے۔ اُن پہ دبائو ڈالا گیا اور قیدو بند کی سختیاں بھی پیش آئیں لیکن ناکامی و نامرادی طاغوت کے حصے میں آئی اور سیّد مودودی ؒ کے وارث سیّد علی گیلانی سرخرو ہو گئے۔

گیلانی صاحب ہی کا کہنا ہے کہ ’’بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایک آدمی نے ۲۴ مارچ ۲۰۰۲ء کو اُن کو اپروچ کرنے کی کوشش کی ۔وہ مجھے جانتا تھا کیوں کہ اُس نے میری جموں میں تفتیش کی تھی، جب میں قید تھا۔اُس نے کہا کہ میری مدد کریں کشمیر میں امن کی خاطر۔ جواباً گیلانی صاحب نے کہا کہ ’’کشمیریوں کے پاس امن کی خاطر ساری وجوہ موجود ہیں ،لیکن یہ میرے ہاتھ میں نہیں ہے بلکہ بھارت کے ہاتھ میں ہے۔ اُن کو چاہیے کہ اس تنازعے کا حل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے نکالیں‘‘۔ وہ خفیہ ایجنسی کا افسر چاہ رہا تھا کہ حُریت والے انتخابات میں حصہ لیں۔گیلانی صاحب نے جواباً کہا کہ ’’ہمارے انتخاب لڑنے سے مسئلے کا حل نہیں نکل سکتا۔ ہم نے یہ طریقہ ۱۹۸۷ء میں اپنایا تھا لیکن ناکامی ہی ہاتھ لگی‘‘ ۔پھر وہ افسر یہ کہتے ہوئے چلا گیا کہ ’’میں گیلانی صاحب کو منا نہ سکا‘‘۔

بھارت کے سابق را چیف اے ایس دولت نے اپنی کتاب میں گیلانی صاحب کو اپنے عزم پر ڈٹا پختہ لیڈرلکھا ہے۔ اس کے بقول: ’’جب کوئی حُریت کے متعلق کہتا یا سوچتا ہے تو اُس کے سامنے گیلانی ہوتا ہے اوروہ ہمارے لیے اچھی خبر نہیں ہوتی ۔اسی لیے تو سابقہ نائب وزیر اعظم ایل کے ایڈوانی، گیلانی کے ساتھ بات چیت کے خلاف تھے۔ اس کتاب میں اے ایس دولت نے بتایا ہے کہ ہم نے دیگر حُریت پسند رہنمائوں تک رسائی حاصل کی اور کسی حد تک اُن کو انگیج کرنے میں کامیابی ملی۔ لیکن ایک واحدسید علی گیلانی ہے جس کو ہم انگیج نہیں کر پائے‘‘۔

گیلانی صاحب کے دل میں جو تھا، وہی وہ اپنی زبان سے ادا کرتے تھے۔ جب بھی مسئلہ کشمیر کے متعلق کسی سے ملنا ہوتا یا کہیں کوئی پروگرام ہوتا تو وہ پہلے عوام کو مطلع کرتے ۔ہر لمحہ ملت اسلامیہ کے متعلق سوچتے، لکھتے اور بولتے تھے۔ اخبارات کا مطالعہ کرنا ،حالات و واقعات پر نظر رکھنا اور پھر اُس کے مطابق قدم اُٹھانا کوئی گیلانی صاحب سے سیکھے۔

۲۰۱۶ء میں مَیں نے روزنامہ کشمیر عظمٰی میں ایک مضمون’ مطیع الرحمان نظامی‘ کی شہادت کے متعلق لکھا ۔ ایک دن گھر سے شہر کی طرف گاڑی میں محو سفر تھا کہ اچانک میں نے جیب سے اپنا موبائل فون نکالا تو ایک پیغام پڑھنے کو ملا جس میں کچھ اس طرح کے الفاظ تھے: ’’میں سیّدعلی گیلانی کاذاتی مشیر ہوں پیر سیف اللہ ( جو اس وقت تہاڑ جیل میں پابند سلاسل ہیں ) اور گیلانی صاحب آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ مہربانی کرکے فون رسیو کریں‘‘۔ جیسے ہی میں نے یہ الفاظ دیکھے تو میں یقین نہیں کر پایا۔ پھر پسینے سے شرابور ہو گیا اور آنکھوں سے آنسوئوں کی جھڑی لگ گئی۔ گاڑی سے اُترنے کے بعد میں نے اسی نمبر پہ واپس فون ملا کے بات کی، تو قائد محترم کے ذاتی مشیر نے کہا یہ لیجیے ’’آپ سے گیلانی صاحب بات کرنا چاہتے تھے ‘‘۔میں حیران و پریشان کہ قائد محترم سے میں بات کرنے کے لیے وہ زبان کہاں سے لائوں ؟جو اُن سے ہم کلام ہو سکے۔ بہرحال اسی ہڑبڑاہٹ میں گیلانی صاحب کو سلام کیا۔ اس کے بعد انھوں نے مجھ سے میرا تعارف پوچھا اور پھر رُندھی ہوئی آواز میں کہا کہ ’’آپ کا مضمون پڑھنے کے دوران میری آنکھوں میں آنسوآ گئے!‘‘ میںہکا بکا قائد محترم کے مبارک الفاظ سُنتا رہا، لیکن میری کیفیت کچھ اور ہی تھی جس کو بیان کرنے سے میں آج بھی قاصر ہوں۔میں یقین ہی نہیں کر پار ہا تھا کہ کیا واقعتاً میں قائد محترم سے بات کر رہا ہوں یایہ محض ایک خواب ہے۔

اس کے بعد چند ملاقاتوں کا بھی مجھے شرف حا صل ہوا۔ وہ اکثر پیشانی اور ہاتھ کو چومتے اور حوصلہ بڑھاتے تھے۔ اپنی ملاقاتوں میں اکثر نوجوانوں کو مطالعہ قرآن، تفہیم القرآن کی روشنی میں کرنے کو کہتے۔ ساتھ ساتھ اُردو زبان کے فروغ و اشاعت کے لیے یہ کہتے کہ ’’ہمارا علمی سرمایہ برصغیر میں اُردو زبان ہی میں ہے، اس لیے ہمیں چاہیے کہ اس زبان کو بچائیں۔ اس زبان کے خلاف اغیار کی بہت ساری سازشیں رچائی جا رہی ہیں جن کا توڑ ہمیں کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔ غرض، ایک معمولی انسان کے مضمون کو پڑھنے کے بعد اتنے بڑے رہنما کا فون پہ بات کرنا پھر ملاقا ت کے دوران تو جہ سے بات سُننا اور سوالات کا جواب دینا، یہ کسی عام انسان کا کام نہیں ہو سکتا بلکہ اس طرح کی محبت اور شفقت غیر معمولی شخصیت کے مالک انسانوں سے ہی مل سکتی ہے ۔

 یہی وہ قائد ہیں جوگذشتہ چودہ سال سے ایک ہی جگہ گھر میں نظر بند رہنے کے بعد یکم ستمبر کو جموں وکشمیر کی مظلوم قوم کو سوگوار کر گئے۔ جیسے ہی ان کا انتقال ہوا تو پوری وادی میں انٹرنیٹ اور فون کی سہولیات کو معطل کرکے کشمیر ی عوام کو اپنے محبوب رہنما کے آخری دیدار سے محروم کر دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق گیلانی صاحب کے بڑے بیٹے نعیم گیلانی نے پولیس سے کہا تھا کہ ’’ہم انھیں صبح دفن کریں گے تب تک باقی رشتہ دار بھی پہنچ جائیں گے‘‘۔ تاہم، پولیس نے ان کی میّت گھر والوں سے چھین لی۔انتظامیہ کی ان ساری حرکات پہ بھارت نواز کشمیری لیڈروں کے ساتھ ساتھ عالمی سطح کے قائدین نے بھی مذمت کی اور کہا کہ آخری رسومات کا حق دیا جانا چاہیے ۔نعیم گیلانی کے مطابق اُن کے صرف ایک رشتہ دار نے جنازے میں شرکت کی، جب کہ جنازے میں ایک سو افراد نے شرکت کی جن میں کچھ پولیس اہلکار اور کچھ مقامی لوگ تھے۔ غرض یہ کہ کشمیر کے نہ جُھکنے والے اور نہ بکنے والے قائد انقلاب سیّد علی گیلانی ؒکو فورسز کے کڑے پہرے میں رات کی تاریکی میں سپردِ لحد کر دیا گیا۔ ان کے انتقال سے کشمیر کی تحریک میں اب ایک ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جس کا پُر ہونا فی الحال مشکل نظر آ رہا ہے کیوں کہ سب کو ساتھ چلانے والا، اپنے مخالفین سے بھی ہمدردی رکھنے والا ایسا قائد بار بار نہیں ملتا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ کشمیر کی لُٹی پٹی قوم کو اس کا بہترین نعم البدل عطا فرمائے،آمین!

 ۶ مئی ۲۰۲۱ء کو یہ خبر کشمیری عوام پر قیامت بن کے ٹوٹی کہ زیر حراست مزاحمتی تحریک کے مخلص ترین قائد جناب محمد اشرف خان صحرائی جموں کے ہسپتال میں انتقال کر گئے: اناللہ وانا الیہ راجعون ۔ اس طرح سے کشمیر کی تحریک آزادی کے ایک اور قائد کی جدوجہد کا باب اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

مرحوم صحرائی صاحب کو ۲۰۲۰ء میں اپنے بیٹے شہید جنید صحرائی کی شہادت کے ٹھیک دو ماہ بعد جموں وکشمیر میں نافذ کالے قانون ’پبلک سیفٹی ایکٹ‘ کے تحت پس زندان ڈال دیا گیا تھا۔ واضح رہے یہ ایک ایسا بے رحم قانون ہے جس میں دو سال تک بغیر کسی عدالتی کارروائی کے کسی بھی شخص کوپابند سلاسل رکھا جاسکتا ہے۔ صحرائی صاحب مرحوم کے اہلِ خانہ نے اسے قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کو انتظامیہ کی جانب سے کوئی طبی امداد نہیں دی گئی، جب کہ وہ کئی امراض میں پہلے ہی مبتلا تھے۔ میڈیا کو دیئے گئے بیانات میں ان کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ’’میرے والد نے اپنی وفات سے چند دن قبل مجھے فون پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے لیے یہاں کسی دوائی وغیرہ کا انتظام نہیں ہے۔ میں چند دنوں سے شدید بیمار ہوں اور مجھے ایسا لگتا ہے کہ حکومت مجھے یہاں مارنے کے لیے ہی  لائی ہے، اس لیے آپ میری رہائی کے لیے جو کوششیں کر رہے ہیں اُنھیں ترک کر دیں۔ مجھے یہ ایسے رہاکرنے والے نہیں ہیں۔آپ اپنے معمول کے کام کاج میں مصروف ہو جائیں ‘‘۔

محترم صحرائی صاحب کے انتقال پر کئی ہند نواز سیاسی لیڈروں نے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے حکومت پر سوالات بھی اٹھائے ہیں۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا :

اشرف صحرائی کی اچانک موت کے بارے میںجان کر بہت صدمہ ہوا۔ انھی کی طرح ان گنت سیاسی قیدیوںاور جموں وکشمیرکے دیگر نظر بندوں کو بھی اپنے نظریا ت اور افکار کے لیے مکمل طور جیل میں ڈالنے کا عمل جاری ہے۔ آج کے ہندستا ن میںاختلاف رائے کی وجہ سے ایک شخص اپنی زندگی کی قیمت ادا کرتا ہے۔

پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا:

انھیں قید میں کیوں مرنا پڑا نہ کہ اپنے پیاروں اور رشتہ داروں میں۔کیا ہم اتنے کمزور ہو چکے ہیں کہ علیل بزرگ شخص ریاست کے لیے خطرہ ہے؟ صحرائی صاحب ایک سیاسی رہنما تھے، دہشت گرد نہیں ۔

آل پارٹیزحریت کانفرنس نے اظہار تعزیت کرتے ہو ئے کہا کہ:’’ جموں وکشمیر کے لوگوں نے ایک مخلص، قابل اور ایمان دار لیڈرکوکھو دیا ہے ‘‘

 محترم اشرف صحرائی کے فرزند راشد خان صحرائی نے دی وائر نیو ز پورٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ:’’ان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے تین درخواستیں دائر کی تھیں،جس میں ان کی مزید دیکھ بھال کے لیے جموں یا سرینگرکی جیلوں میں منتقل کر نے کی درخواست بھی تھی کہ اہل خانہ کو ان سے ملنے دیا جائے‘‘۔ راشد صحرائی نے کہا کہ ’’درخواستوں پر نظر ثانی کے لیے جج مسلسل دیر کرتا رہا‘‘۔

اس عظیم اور بے با ک قائد کی زندگی عزیمت اور قربانیوں کی لازوال داستانوں سے پُرہے۔ مرحوم قائد کی پیدایش شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کی خوب صورت ترین وادیٔ لولاب میں ۱۹۴۴ء کو ہوئی۔وہی لولاب جہاں عالم اسلام کی معروف علمی شخصیت اور محدث علامہ انور شاہ کشمیریؒ [۱۸۷۵ء-۱۹۳۳ء]نے آنکھ کھولی تھی۔ جس وادی کے متعلق شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے ایک مشہور نظم بھی ’اے وادیٔ لولاب‘ عنوان کے تحت لکھی ہے۔ موصوف نے ابتدائی تعلیم اپنے ہی گائوں میں حاصل کی۔ اس کے بعد علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی سے گریجوشن کی۔ آپ بچپن سے ہی دینی مزاج کے حامل تھے اور دینی کتابوں کے مطالعے سے بھی خاصا شغف رکھتے تھے۔ قرآن کریم کا گہرا مطالعہ تھا۔ ایک فیس بُک ساتھی نے مطالعہ قرآن کے حوالے سے ایک پوسٹ میں مرحوم کا تذکرہ ان الفاظ میں کیا ہے کہ :’’قرآن کا گہرا مطالعہ تھا اور تفاسیر پر بھی نظر تھی۔ جب درسِ قرآن پیش کرتے تھے تو بالکل بھی روایتی انداز کا نہیں ہوتا تھا۔ میں نے اُن کا پہلا درس ’اسلامی جمعیت طلبہ جموں وکشمیر‘ کے تربیتی پروگرام میں سُنا۔اس وقت میں دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔ وہ درس آج تک میرے ذہن میں مستحضر ہے۔کیا ہی دل چسپ اندازِ بیان تھا۔ قرآنی آیات کی توضیح و تشریح ایسے کرتے تھے کہ لگتا تھا کہ قرآن آج ہی نازل ہو ا ہے ۔وہ اپنے دروسِ قرآن میں زمانے کے تطابق کا خاص خیال رکھتے تھے ۔ایسے درس پیش کرتے جیسے موتیوں سے ہمارے دامن بھررہے ہوں‘‘۔

اشرف صاحب کا گھرانہ ابتدا سے ہی تحریک اسلامی سے وابستہ تھا۔مرحوم کے گھر سے دوبڑے بھائی جماعت اسلامی جموں وکشمیرکے بنیادی ارکان میں سے تھے، جن کی وساطت سے محترم صحرائی صاحب کو بھی جماعت اسلامی سے آشنائی ہوئی۔ جماعت کے دفتر واقع کپواڑہ میں ان کا آنا جانا رہتا تھا۔ اسی دوران میں ان کی ملاقات اُس دور میں فعال ترین کارکن سید علی گیلانی صاحب سے ہوئی۔ گیلانی صاحب کا کہنا ہے کہ: میری قربت صحرائی صاحب سے قدرتی طور پر کچھ زیادہ ہی ہونے لگی۔ جب کبھی بھی ہمارا کپواڑہ آنا جانا ہوتا تھا تو میں محترم موصوف کے گھر جایا کرتا تھا۔ ابھی صحرائی صاحب دسویں جماعت میں ہی تھے کہ اُن کی والدہ نے مجھ سے کہا کہ’یہ ہاز چھی حوالہ‘ یعنی اب یہ (صحرائی صاحب) آپ کے حوالے ہیں ۔ اور اس کے بعد تحریک اسلامی کے یہ دونوں سرفروش تا عمر حالات کے سرد و گرم کا مقابلہ جاں فشانی سے کرتے رہے۔

صحرائی صاحب تحریک اسلامی کے مخلص ترین اور بے باک قائد تسلیم کیے جاتے تھے۔ موصوف نے اپنی ساری زندگی کو تحریک اسلامی کے لیے وقف کردیا ۔ جموں وکشمیر کی سب سے بڑی طلبہ تنظیم، اسلامی جمعیت طلبہ کو وجود بخشنے میں صحرائی صاحب کا خاصا بنیادی کردار تھا۔ کشمیر کے ایک رسالے کو اپنے ایک انٹرویو میں اسلامی جمعیت طلبہ کے وجود میں آنے کے حوالے سے انھوں نے بتایا تھا کہ’’انھی دنوں زالورہ، بارہمولہ میں جماعت اسلامی جموں وکشمیر نے مولانا شیخ سلیمان مرحوم (شیخ محمد سلیمان مرحوم نے ضلعی سطح سے لے کر مرکزی سطح تک جماعت کے اپنے فرائض بڑے اخلاص اور محنت سے انجام دیے، خاص کر ارکان وذمہ داران کی تربیت کے حوالے سے انھوں نے کافی کام کیا) کے گھر پر جولائی ۱۹۷۷ءمیں مجلس شوریٰ کا اجلاس چار دن تک جاری رہا، جہاں میں [صحرائی صاحب] بھی شامل تھااور گیلانی صاحب بھی۔ جماعت کو سیاسی طور پر وادی میں جو نقصان اٹھانا پڑا اس پر زبردست بحث و مبا حثہ ہوا، یہاں تک کہ امیر جماعت کو بھی تبدیل کرنے پر بات ہوئی۔ شوریٰ میں محترم سیدعلی گیلانی صاحب سے کہا گیا کہ آپ امیر جماعت کی حیثیت سے کام کریں، لیکن جونہی انھوں نے یہ بات سُنی، انھوںنے اپنی قمیص پھاڑ ڈالی اور انتہائی غصے کی حالت میں کہا کہ: ’’کیا میں امیر جماعت بننے کے لائق ہوں؟‘‘

’’ اس شوریٰ میں یوتھ فیڈریشن کا رول بھی زیر بحث آیا اور اس پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی کہ جماعت کو نوجوانوں کے لیے ایک تنظیم قائم کرنی چاہیے۔ اس کے لیے وہاں موجود کسی نے میرا نام پیش کیا اور بتایا کہ محمد اشرف صحرائی نوجوانوں کے ساتھ مل جل کر کام کرتے رہتے ہیں۔ میں اجلاس کی کارروائی لکھ رہا تھا۔ جب یہ فیصلہ ہوا کہ صحرائی صاحب نوجوانوں کو منظم کریں گے۔ اس کے بعد اس بات پر بھی بحث ہوئی کہ اس تنظیم کا کیا نام رکھا جائے؟ وہاں پر موجودا رکانِ شوریٰ نے مختلف نام تجویز کیے۔میں نے اپنی رائے یہ پیش کی کہ جب سید مودودیؒ نے پاکستان میں ۱۹۴۸ء میں طلبہ تنظیم قائم کی تو انھوں نے اس کانام ’اسلامی جمعیت طلبہ‘ رکھا تھا کیوں نہ ہم بھی اسی مناسبت سے اس کا نام ’اسلامی جمعیت طلبہ‘ ہی رکھیں ۔شوریٰ میں امیر جماعت سمیت تمام لوگ اس نام پر متفق ہوئے اور نوجوانوں کو منظم کرنے کے لیے جماعت نے مجھے [تنظیمی ذمہ داریوں سے] فارغ کیا۔ اس کے بعد میں نے ۱۹۷۷ء میں جمعیت کے لیے کام کا آغاز کیا۔ اس وقت میری عمر تقریباً ۳۲  یا ۳۳سال تھی اور ساتھ ہی اس کے لیے ایک دفتر کا بھی انتظام کیا‘‘۔(یہ انٹرویو ۲۰۱۴ء میں ضبط تحریر میں لایا گیا ہے )۔

بہرکیف، اسلامی جمعیت طلبہ جموں و کشمیر کے پہلے ناظم اعلیٰ محترم مرحوم صحرائی صاحب مقرر ہوئے ۔اس کے بعد موصوف نے جموں وکشمیر میں طلبہ میں دعوت کا کام شروع کر دیا۔ انفرادی ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ مختصر فولڈر اور لٹریچر کو یہاں کے تعلیمی اداروں تک پہنچایا۔ عوامی اجتماعات بھی منعقد کرائے جن میں سے ۱۵؍اور۱۶ جولائی ۱۹۷۸ء کو جمعیت کا دو روزہ اجتماع انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔اس اجتماع میں محترم شیخ تجمل الاسلام نے جو کہ اُس وقت معتمد عام (سیکرٹری جنرل) تھے، مذکورہ اجتماع میں ڈائس انچارچ کے فرائض انجام دیے ۔یہ دو روزہ اجتماع سرینگر کی گول مارکیٹ میں منعقد ہوا۔ اس طرح سے محترم صحرائی صاحب نے اپنی جوانی کے دنوں کو بھی تحریکی کام کے لیے وقف کر دیا۔ وہ پہلی بار ۱۹۶۵ء میں گرفتار ہوئے ، تب آپ کی عمر محض ۲۱ سال تھی۔

موئے مقدس کی گمشدگی کے متعلق کشمیر میں زوردار احتجاجی تحریک برپا تھی۔ احتجاجیوں کا مطالبہ تھا کہ موئے مقدس کو بازیاب کیا جائے۔ اس سلسلے میں حکومت نے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو قید کردیا۔ اس ظلم کے خلاف ردعمل میں محترم صحرائی صاحب نے بارہمولہ پٹن کی ایک مسجد میں جمعہ کے موقع پر ولولہ انگیز تقریر کرتے ہوئے حکومتِ وقت کو للکارا اور اُن کی جمہوریت کے کھوکھلے دعوئوں کا پول کھول کے رکھ دیا۔ اس بیان کے اگلے دن ۲۱سال کی عمر میں انھیں جیل بھیج دیا گیا۔ جہاں قیدِ تنہائی کے ایام موصوف نے وہاں ملنے والی ایک کتاب زرِ گُل پڑھنے میں گزارے۔ وہ اتنی بار پڑھی کہ ذہن میں محفوظ ہو گئی ۔

 تقریر کے ساتھ ساتھ موصوف تحریر کے جوہر بھی دکھاتے رہے جس کی ایک کڑی کے  طور پر ۱۹۶۹ء میں طلوع کے نام سے جماعت کی مدد سے ایک رسالہ شائع کیا ۔اس میں بڑی ہی  بے باکی سے کفر اور سامراجی طاقتوں کو آئینہ دکھاتے رہے اور ساتھ ہی جمہوریت کے حقیقی معنوں سے بھی عوام الناس کو آشنا کرتے رہے۔ لیکن اس کا انجام اس رسالے پر حکومت کی طرف سے پابندی کی صورت میں ہوا۔

صحرائی صاحب کی زندگی میں نشیب و فرازآتے رہے لیکن راہ عزیمت سے ایک قدم بھی پیچھے نہ ہٹے۔ تحریک اسلامی کے ہمراہ مقصد کی لگن اور اسلام کی اقامت کے لیے جدوجہد کے لیے مرمٹنے کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے صحرائی صاحب کو جماعت میں سب سے پہلے بانڈی پورہ، کپواڑہ اور بارہمولہ (اُس دور میں یہ تینوں اضلاع ایک ضلع تھا اور آج الگ الگ ہیں) کے امیر ضلع کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس کے بعد مرکز جماعت میں شعبہ سیاسیات کا سربراہ اور پھر نائب امیر جماعت اسلامی جموں وکشمیر کی ذمہ داریاں سپرد کی گئیں۔ ان فرائض کو انجام دینے میں کسی سُستی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ غرض صحرائی صاحب اپنی ذات میں ایک تحریک تھے، صحرائی ایک نظریہ اور فکر کا نام ہے۔ جس نے اپنی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنے گھر کو بھی مزاحمتی تحریک کے نام وقف کر دیا تھا۔

ایک مرحلے پر جماعت اسلامی جموں وکشمیر کو محسوس ہوا کہ مزاحمتی تحریک کے لیے جماعت اسلامی سے الگ نظم، عمل میں لایا جائے۔ اس مقصد کے لیے صحرائی صاحب اور سیّد علی گیلانی صاحب کا رول انتہائی اہم تھا۔۲۰۰۴ء میں تحریک حُریت کا وجود عمل میں لایا گیا ۔جہاں سے گیلانی صاحب اور صحرائی صاحب نے مزاحمتی تحریک کو رواں دواں کیا۔ اس مزاحمتی جدوجہد کے دوران محترم صحرائی صاحب نے مسئلہ کشمیر کے متعلق وہی موقف اختیار کیا، جو عام کشمیریوں کا ہے۔

صحرائی صاحب اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اہلِ کشمیر کے حق خود ارادیت پر زور دیتے تھے۔ حکومت کو بھی بار بار کہتے آ رہے تھے کہ فوجی طاقت کے ذریعے آپ کشمیریوں کے نہ دل جیت پائیں گے اور نہ کشمیر کو۔ لہٰذا بھارت کو چاہیے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو پُر امن طریقے سے حل کرنے میں پہل کرے تا کہ دونوں اطراف سے انسانی جانوں کازیاں نہ ہو اور عوام پُر امن زندگی گُزار سکیں۔لیکن ہم سب یہ دیکھ چُکے ہیں کہ بھارتی حکومتوں کی طرف سے اس مسئلے کو طول دینے کے نتائج کتنی خطرناک شکل میں سامنے آرہے ہیں ۔ نوجوانوں کی ایک خاصی تعداد بندوق کی طرف راغب ہورہی ہے اور گھروں کے گھر اُجڑ رہے ہیں۔ ہزاروں بچے یتیم اور بزرگ والدین اپنے بڑھاپے کے سہاروں کو کھو رہے ہیں۔ بستیوں کی بستیاں ویران اور قبرستان آباد ہو رہے ہیں۔

۲۰۱۸ء میں محترم صحرائی صاحب کے فرزند جنید صحرائی نے بھی کشمیری عوام کی مظلومیت کے حق میں بندوق اُٹھائی۔ جنید کے بندوق اُٹھانے کے بعد ایک مقامی صحافی نے محترم اشرف صاحب سے سوال کیا کہ ’’کیا آپ اپنے بیٹے کو بندوق چھوڑ کے گھر آنے کی اپیل نہیں کر سکتے؟‘‘ جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’’میں کیوں اپیل کروں گا، کیامیں بے ضمیر ہوں؟ کیا شیخ محمد عبداللہ ہوں؟ میں بخشی ہوں؟ میں قاسم ہوں؟میں غلام رسول کار بھی تو نہیں ہوں۔ میں خدا کا وہ بندہ ہوں جس کی رگ رگ میں آزادی کی تڑپ موجود ہے‘‘۔ اس سے موصوف کی اپنے مقصدکے ساتھ کمٹ منٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اسی طرح اُن کی وفات کے بعد اُن کے بیٹے مجاہد صحرائی نے میڈیا کے ایک نمایندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے والد صاحب نے ہمیں ایک نصیحت کی تھی کہ آپ سودی کاروبار یا سود کھانے سے وابستہ نہیں ہوں گے او ر آپ کو سرکاری نوکری نہیں کرنی۔ اس لیے کہ آگر آپ سرکارکے ملازم ہوں گے تو مجھے آپ کے بدلے ہر جگہ سر جھکانا پڑے گا‘‘ ۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنید صحرائی ۱۹ مئی ۲۰۱۹ء کے دن سرینگر میں ایک خونیں معرکے میں جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے کے بعد جنید صحرائی کی میت بھی دیگر عسکریت پسندوں کی لاشوں کی طرح اُن کے لواحقین کو نہیں دی گئی، بلکہ جنیدشہید کو اپنے گھر سے دور پہلگام میںدفنا دیا گیا۔ تعزیت پر آنے والوں کی ایک بھیڑ میں فون پر کسی عزیز کے ساتھ محترم صحرائی صاحب مرحوم اپنے بیٹے کی شہادت کو علامہ شبلی نعمانیؒ کے ان اشعار کے ساتھ بیان کر رہے تھے کہ :

عجم کی مدح کی ،عباسیوں کی داستاں لکھی
مجھے یوں چندے مقیم آستانِ غیر ہونا تھا

مگر اب لکھ رہا ہوں سیرت پیغمبر خاتمؐ
خدا کا شکر ہے یوں خاتمہ بالخیر ہونا تھا

یہ الفاظ ۱۹مارچ ۲۰۱۸ء کو تحریک ِ حُریت کے مقرر ہونے والے چیئرمین محمد اشرف صحرائی جیسے عظیم انسان کی زبان سے ہی نکل سکتے ہیں ۔ابھی لوگ محترم صحرائی صاحب کے بیٹے کی تعزیت کے لیے آرہے تھے کہ انتظامیہ نے امن و امان کا مسئلہ بتاتے ہوئے ۷۸ سالہ بزرگ جو کہ مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے کو جموں کی ایک جیل میں ’پبلک سیفٹی ایکٹ‘ کے تحت پابند سلاسل کر دیا۔

صحرائی صاحب پہلے سے ہی کافی علیل تھے۔ اس کے باوجود اُنھیں جموں کی جیل میں رکھا گیا۔ ایک نیوز پورٹل کے ساتھ موصوف کے فرزند نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ ہمیں ہر ہفتے دومرتبہ فون کیا کرتے تھے لیکن گذشتہ دس دنوں سے کوئی فون نہیں آیا۔ آخری مرتبہ جب بات ہوئی تو انھوں نے کہا کہ صحت ٹھیک نہیں ہے ۔دراصل یہ مجھے یہاں مارنے کے لیے لائے ہیں‘‘۔

اخباری رپورٹوں کے مطابق محترم صحرائی صاحب کی صحت اچانک بگڑ گئی، جس کے سبب اُنھیں جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں علاج کے لیے لایا ہی گیا تھا کہ جہاں وہ اپنے اہل خانہ سے دُور، داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ انتظامیہ نے انھیں سرینگر کے مزار شہداء میں دفنانے کی اجازت نہ دی۔جس کی وجہ سے اُن کو اپنے آبائی گائوں ٹکی پورہ لولاب، کپواڑہ میں اپنے مختصر اہلِ خانہ کی موجودگی میں سپردِ خاک کیا گیا۔

 ابھی صحرائی صاحب کی جدائی کے غم میں ہی اہل خانہ نڈھال تھے کہ مرحوم کے دوبیٹوں کو ’غیر قانونی سرگرمیاںکے ایکٹ‘( UAPA)قانون کے تحت یہ کہتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا کہ ’’انھوں نے صحرائی صاحب کے جنازے کے دوران غیر قانونی اور ملک دشمن نعرہ بازی کی ہے‘‘۔

اخباری رپورٹوں کے مطابق: ’’۵ مئی ۲۰۲۱ء کو محمد اشرف صحرائی کے دونوں بیٹوں، مجاہدصحرائی اور راشد صحرائی کو اپنے گھر واقعہ برزلہ، سرینگر سے گرفتار کر کے کپواڑہ منتقل کر کے داخل زنداںکیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی وہاں جنازے میں موجود۲۰؍ افراد کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔غرض یہ کہ صحرائی صاحب کی وفات کے بعد بھی اُن کے گھر سے قربانیوں اور عزیمت کی لازوال داستانیں رقم ہو رہی ہیں۔نہیں معلوم کہ نہ جھکنے اور نہ بکنے والے اس مرد مجاہد کے اہل خانہ کو ابھی آزمایشوں کے کن کن مراحل سے گُزرنا پڑے گا۔ اللہ تعالی مرحوم صحرائی صاحب کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرما ئے اور اُن کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین!

کشمیر کی تاریخ اور اس سے وابستہ تاریخی المیے پر بہت سی کتب شائع ہوئی ہیں، لیکن بعض کتب اپنی معلومات کی وسعت اور اسلوب کی شُستگی کے باعث پُراثر علمی شان رکھتی ہیں۔ اسی نوعیت کی ایک کتاب Kashmir: A Walk Through History ہے، جس کے مصنف خالدبشیر احمد کا تعلق وادیِ کشمیر سے ہے۔ موصوف تحقیق و تصنیف کے ساتھ اعلیٰ ادبی ذوق رکھتے ہیں۔ آپ کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروسز کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے پہلے تاریخِ کشمیر پر ایک کتاب Kashmir: Exposing the Myth Behind the Narrative لکھ چکے ہیں۔

زیرتعارف کتاب میں انھوں نے کشمیر کی تاریخ کے چند بنیادی واقعات کو تحقیق کے بعد قلم بند کیا ہے۔ غیر ریاستی اور غیرمسلم مؤرخین کے حوالے سے کشمیر پر تاریخی حقائق پیش کیے ہیں۔ خاص طور پر ڈوگروں کے مظالم اور نیشنل کانفرنس کے قائدین کی دغابازیوں کو بھی بیان کیا گیا ہے۔

پہلا باب ہے ’لاپتا مسجد‘ (The Missing Mosque)۔ سری نگر شہر کی ’تخت سلیمانی‘ نامی پہاڑی جس کو آج ’شنکر اچاریہ‘ پہاڑی کے نام سے جانا جاتا ہے، اس پر ایک مسجد کے وجود کو تاریخی حوالوں اور دستاویزات سے ثابت کیا ہے۔ ڈوگرہ دور میں مسجد کے وجود کو ختم کرنے اور اس جگہ کو بھگوان شیو کے لیے وقف کرنےجیسی مذموم حرکت پر تحقیقی ثبوت دیے ہیں۔

دوسرا باب ہے ’یاترا کی تاریخ‘ (History of Pilgrimage) بتایا گیا ہے کہ امرناتھ یاترا کو سیاسی مقاصد کے لیے کس طرح استعمال کیا جاتا ہے؟ امرناتھ گپھا، سری نگر سے ۱۴۵کلومیٹر کی دُوری پر واقع ہے۔ اس گپھا میں پانی کے قطرے ٹپکنے سے برف کا ٹکڑا جم جاتا ہے، جس کو ہندو لوگ’شیولنگم‘ کہتے ہیں۔اس یاترا کو اب مذہبی کے بجائے سیاسی رنگ دے کر زیادہ سے زیادہ یاتریوں کو اس گپھا کے درشن کرائےجاتے ہیں۔ پہلے چندسو افراد پندرہ دنوں کے لیے یاترا پر آتے تھے۔ اب اس یاترا کی مدت دو ماہ تک پہنچا دی گئی ہے۔ پہلے چند ہزار یاتری جاتے تھے اور اب یاتریوں کی تعداد لاکھوں میں ہوتی ہے۔ یہ یاتری دریاے سندھ کے منبعے کو لاہی اور تھجو اسن گلیشیرز کے درمیان واقع امرناتھ گپھا کے درشن کرتے ہیں اور آبی وسائل کے ساتھ ساتھ جنگلات کی تباہی کا سبب بن رہے ہیں اورپانی آلودہ ہورہا ہے۔ اس یاترا کو سیاسی رنگ کے باوجود کشمیری مسلمانوں نے ان شردھالوؤں کی میزبانی کا بہترین حق ادا کیا ہے۔

تیسرے باب ’جموں میں قتل عام‘ (Jammu Massacres) میں ۱۹۴۷ء کے دل دوز واقعات کا ذکر ہے، جس میں شیخ عبداللہ کی قیادت میں کانگریس نوازنیشنل کانفرنس کی قیادت کی دغابازیوں کی خوب خبر لی ہے۔ تقسیم ہند کے ڈیڑھ ماہ بعد جموں شہر کے مسلمانوں کو یہ کہہ کر گاڑیوں میں لادا گیا کہ آپ کو پاکستان بھیج دیا جائے گا۔ لیکن ان معصوم اور نہتے مسلمانوں کو راستے میں ہی گولیوں، تلواروں اور برچھیوں سے تہ تیغ کرکے ان کی لاشوں کو دریا بُرد کرنے کے علاوہ نذرِ آتش بھی کر دیا گیا۔ مصنف نے مثال کے طور پر ایک واقعے کا ذکر کیا ہے: [ترجمہ] جموں کے شہر ادھم پور میں ۲۵؍اکتوبر ۱۹۴۷ء عید کے دن مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔ سیکڑوں افرادپریڈ گراؤنڈ میں جمع تھے اور اُن کو دو چیزوں میں سے ایک کا انتخاب کرنے کو کہا گیا: ’’موت یا ہندو مذہب قبول کرنا‘‘۔ پھر ہلّہ بول کر بہت سے نہتے مسلمانوں کو قتل کر دیا گیا۔ اس قتل عام میں سے چند زندہ بچ جانے والوں میں وزیرہ بیگم کا کہنا تھا: بچوں کے گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کو کھانے کے ساتھ ملا کر پکایا گیا اور یہ کھانا ان زندہ بچ جانے والے مسلمانوں کوکھلایا گیا۔ وزیرہ بیگم کا کہنا ہے کہ میں نے کھانے میں بچوں کی انگلیوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے خود اپنی آنکھوں سے دیکھے۔ اسی طرح سے چودھری عبداللہ خان کی بیٹی رضیہ بیگم کا کو ٹھاکر بلون سنگھ کے ہاتھوں اغوا اور پھر زبردستی شادی رچانے کا دل دوز سانحہ بھی درج ہے۔

چوتھا باب ’خون ریزی کے عینی شاہد‘ (Eye Witnessess to Bloodshed) جموں میں قتل عام کے چشم دید گواہوں میں کرشن دیوسیٹھی، ویدبھیم، پروفیسرعبدالعزیزبٹ، چودھری شبیراحمد سلیری، محمود احمد خان، بلراج پُری، چودھری فتح محمد، خواجہ عبدالرؤف، وزیرہ بیگم، حاجی محمدبشیر، جمال الدین عبدالرشید کنتھ شامل ہیں۔ انھوں نے روح فرسا رُودادیں بیان کی ہیں۔ وزیرہ بیگم نے قتل عام کے بعد جموں میں زندہ بچ جانے والے مسلمانوں کےایک کیمپ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا: [ترجمہ] ’’جب شیخ عبداللہ ، زندہ بچ جانے والے مسلمانوں کے کیمپ میں گئے، تو وہاں موجود مسلمانوں نے اپنے اُوپر مظالم کا تذکرہ کیا۔ جواب میں شیخ عبداللہ نے کہا:’’یہ سب کچھ جموں کے مسلمانوں کے ساتھ ہونا ہی تھا، کیوں کہ انھوں نے مجھے کبھی اپنا لیڈر تسلیم ہی نہیں کیا‘‘۔

پانچویں باب میں ’جناح اور کشمیر‘ (Jinnah and Kashmir) میں قائداعظم کے کشمیر میں مختلف دوروں، خاص طورپر ۱۹۴۴ء کے دورے کا تفصیل سے ذکر ہے۔ مسلم کانفرنس اور نیشنل کانفرنس کے قائداعظم کے لیے الگ الگ جلسے کا تذکرہ ہے۔ بارہ مولا میں مسلم کانفرنس کے منعقدہ جلسے میں تقریر کے دوران نیشنل کانفرنس کے کارکنوں، نے جن کی قیادت مقبول شیروانی کر رہے تھے، قائد اور مسلم کانفرنس کے خلاف نعرے بازی کے واقعے کو بھی صفحۂ قرطاس پہ رقم کیا ہے۔

چھٹے باب میں ’باقاعدہ لکھا ہوا تنازع‘ (A Scripted Controversy) میں اُردو زبان کے خلاف روزِ اوّل سے سازشوں کا احوال لکھا ہے۔ ۱۹۸۲ء میں ایک اسمبلی ممبر مرحوم غلام احمد شنٹو اسمبلی میں اُردو زبان کے حق میں تقریر کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ مصنف نے ان کو ’شہیدِ اُردو‘ کے لقب سے یاد کیا ہے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر سے روزِ اوّل سے اُردو زبان و ادب کو نکال دینے کے لیے سازشیں جاری ہیں۔

ساتویں باب ’ ایک صدی کی یادیں‘ (Recolletions of Century) میں محمدصدیق پرے مرحوم نے اپنی سوسالہ زندگی کے چند واقعات بیان کیے ہیں۔

کشمیر میں سیاسی جدوجہد کے حوالے سے چودھری غلام عباس کی عظیم قربانیاں ہیں۔ ان کے تذکرے کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ عینی گواہان اور مؤرخین کے ساتھ کشمیر کی تاریخی جگہوں کی تصاویر نے بھی کتاب کو زینت بخشی ہے۔ کتاب گلشن بُکس سری نگرکشمیر نے شائع کی ہے۔

کورونا کی تباہ کاریاں دُنیا بھر میں موت کے سائے پھیلا رہی ہیں، لیکن بھارت کی نسل پرست فسطائی حکومت، جموں و کشمیر میں خون کی بارش اور ظلم و زیادتی کی جملہ کارروائیوں میں، پہلے سے بڑھ کر مصروف ہے۔ یہاں پر چار مختصر مضامین میں حالات کی تصویر پیش کی جارہی ہے۔ ادارہ

رمضان میں شہادتیں

سلیم منصور خالد

یہ رمضان المبارک بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں مظلوم عوام کے لیے تشدد، بے حُرمتی، ظلم، گھروں کی آتش زدگی اور گولیوں کی بوچھاڑ میں ۲۵شہادتوں اور ۲۴۹زخمیوں کا دُکھ دے کر گیا ہے۔ تاہم، یہاں پر دو مثالیں پیش ہیں:

۶مئی ۲۰۲۰ء (۱۲رمضان) کو حزب المجاہدین کےچیف آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو اپنے ایک ساتھی عادل کے ساتھ، اپنے ہی گاؤں میں بڑے خون ریز معرکے میں شہید کردیے گئے۔ موضع بیگ پورہ اونتی پورہ، ضلع پلوامہ (مقبوضہ جموں و کشمیر) میں پیدا ہونے والے ریاض شہید کی زندگی اپنے اندر عمل اور عزیمت کے پہاڑ سمیٹے ہوئے ہے۔ انھوں نے ڈگری کالج پلوامہ سے بی ایس سی کی تعلیم مکمل کرکے، ایک نجی اسکول میں بطور استاد پڑھانا شروع کیا۔ان کا ارادہ ریاضی میں ایم ایس سی اور پھر پی ایچ ڈی کا تھا کہ بھارتی سیکورٹی ایجنسیوں کے ہاتھوں ۲۰۱۰ء میں گرفتارکرکے جیلوں میں تشدد کا نشانہ بنائے گئے۔ اور پھر رہائی کے ۲۰ روز بعد ۲۰۱۲ء میں حزب کا حصہ بن کر جدوجہد کے لیے اسکول اور گھر چھوڑ کر گھنے جنگلوں میں نکل گئے۔

وہ بُرہان مظفروانی کے قریبی ساتھی تھے۔ بُرہانی وانی کی شہادت کے چند ہی روز بعد ۱۳؍اگست ۲۰۱۶ء کو جب حزب کے چیف آپریشنل کمانڈر منصور الاسلام شہید ہوگئے تو یہ ذمہ داری ریاض نائیکو کے سپرد کی گئی، جنھوں نے خاص طور پر جنوبی وادیِ کشمیر میں جاں بازوں کو منظم کرنے اور ان کی مزاحمتی صلاحیت کو مؤثر بنانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا۔

ریاض شہید کے والد صاحب نے ایک بار بی بی سی کے نمایندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میرے بیٹے نے جس راستے کا انتخاب کیاہے، وہ درست راستہ ہے،مجھے اپنے بیٹے پر فخرہے۔ ہم ہروقت اس کی شہادت کی خبرسننے کے لیے ذہنی طورپر تیارہیں‘‘۔

ریاض ایک سنجیدہ معلّم اور متوازن طبیعت کے حامل نوجوان تھے۔ وہ نمایاں ہونے کے بجاے پیچھے رہ کر اور خاموشی سے مصروفِ کار رہنے پر کاربند تھے۔ تاہم، دو سال قبل ’الجزیرہ‘ کے نمایندے نے بڑی کوشش کرکے ان سے رابطہ کیا، تو انھوں نے اس سے گفتگو میں یہ الفاظ کہے تھے: ’’غاصبوں کے خلاف آزادی کی تحریکوں میں نشیب وفراز آتےرہتے ہیں ، لیکن پورے خلوص کے ساتھ اگر نگاہیں منزل پر لگی رہیں اورقدم اُس سمت بڑھ رہے ہوں، تو اللہ تعالیٰ ضرور کامیابی عطا فرماتا ہے اور ہماری منزل دُور نہیں ہے، ان شاء اللہ‘‘۔

اپنی اس جدوجہد کے دوران وہ کئی مرتبہ بھارتی سیکورٹی فورسز کے گھیرے میں آئے، لیکن کامیابی سے گھیراتوڑ کر اگلی منزل کی طرف گامزن ہوئے۔ یہ ۲۰۱۸ء کی بات ہے کہ ان کے والدگرامی کو بھارتی انتظامیہ نے گرفتار کرلیا۔ تب اسی سال ستمبر میں ریاض نائیکو نے اتنے جبر اور بہت سارے ناکوں کے باوجود ایک پولیس افسر اور گیارہ اہل کاروں اور رشتے داروں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ جس پر قابض بھارتیوں نے ان کے والدصاحب کو رہا کردیا۔ ساتھ ہی ریاض شہید نے ان لوگوں کو رہا کر دیا اور رہائی کے بعد ان لوگوں نے بتایا کہ ’’ہمارے ساتھ مجاہدین نے کوئی بُرا سلوک نہیں کیا‘‘۔ اس دوران ریاض شہیدنے کئی ویڈیو اور آڈیو پیغام سوشل میڈیا پرنشر کیے، جن میں جموں و کشمیر پولیس اہل کاروں کو آزادی کی جدوجہد کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی باربار اپیل کی۔

یہ جدوجہد چونکہ ایک مسلسل عمل کا نام ہے، اس لیے اس دوران جہاں دشمن کے مسلح ادارے اور خفیہ ایجنسیاں ریاض شہید کا تعاقب کرتی رہیں وہاں بھارتیوں کا ایک دام ہم رنگ بھی برابر متحرک رہا۔ یاد رہے ۱۹۹۲ء میں بھارت نے مجاہدین کشمیر کو بدنام کرنے کے لیے’الاخوان‘ کے نام سے اپنے آلہ کاروں اور قاتلوں کا گروہ تیار کیا تھا، جنھوں نے ایک جانب مجاہدین کے بہت سے قیمتی افراد کو شہید کیا، تو دوسری جانب مجاہدین کی جدوجہد کوبدنام کرنے کے لیےکبھی صحافیوں کو اغوا کیا اور کبھی یورپی سیاحوں کو اُٹھا لیا اور پھر انھیں قتل کرکے مجاہدین کو بدنام کیا۔ اس امرکی سیّدعلی گیلانی اورمجاہدقیادت نے باربار مذمت کی اور بتایا کہ اخوان المسلمون کے نہایت محترم نام کو بدنام کرنے اور حُریت پسندوں میں پھوٹ ڈالنے اور بے اعتمادی پیدا کرنے کے لیے یہ گھناؤنی کارروائیاں کی جارہی ہیں اور یہ ایک بھارتی سازش ہے، جس سے حُریت پسندوں کا کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے۔ افسوس کہ گذشتہ تین برسوں سے بالکل یہی کام’داعش‘ کےنام ، پرچم اور نشان کو استعمال کرکے کیا جارہا ہے، حالانکہ جموں و کشمیر میں برسرِ زمین کہیں داعش موجود نہیں ہے۔ لیکن بھارتی ایجنسیاں اپنی وضع کردہ تصاویر میں، خاص طور پر داعشی نشان دکھا کر،مجاہدین آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش کرتی آرہی ہیں، جن سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔

ریاض نائیکو گذشتہ آٹھ برسوں میں دوسری بار اپنی والدہ سے ملنےخفیہ طور پر اپنے گھر آئے، تو داعش کے رُوپ میں مخبروں نےبھارتی ایجنسیوں کو خبر دے دی۔ اس موقعے پر یہ چار مجاہد: ریاض احمد، جنیدصحرائی ، ڈاکٹرسیف اللہ اور محمد عادل بھٹ موضع بیگ پورہ (پلوامہ) میں موجود تھے۔ ریاض نےفیصلہ کیا کہ بھارتی فوجیوں کا مقابلہ اس طرح کیا جائے گا کہ دومجاہد جنیدصحرائی اورسیف اللہ اس گھیرے کو توڑ کر نکل جائیں ، جب کہ محمد عادل بھٹ ان کے ہمراہ مقابلہ کرکے غاصب فوجیوں کو مصروف رکھیں۔ جنید اور سیف اپنے کمانڈر کو چھوڑ کر جانا نہیں چاہتے تھے،لیکن ریاض نے سختی سے حکم دےکر انھیں نکل جانے کو کہا۔

ریاض نے گھرکےنچلے کمرے اورعادل نے مکان کے اُوپروالےکمرے سے مقابلہ شروع کیا۔ اسی دوران قصبے کے سیکڑوں نوجوان اپنے گھروں سے نکل آئے اور جارح فوجیوں کے خلاف احتجاج اور پتھراؤ کرنے لگے۔ جواب میں پیلٹ گن فائرنگ، آنسوگیس اورفائرنگ کے نتیجے میں احتجاجی دباؤ کم ہوا۔ اسی دوران میں چاروں طرف سے گھیرکر بے تحاشا فائرنگ کرکے ریاض اور عادل شہید کردیے گئے۔ بھارتی فوجیوں نے ان دونوں کی میتیں قبضے میں لے لیں۔ انھیں لواحقین کے سپرد نہیں کیا اور ضلع گاندربل میں سونہ مرگ کے مقام پردفن کردیا۔

پھر ۱۹مئی کو جنید صحرائی اور طارق احمد کو بھارتی فوجیوں نے سری نگر میں گھیرے میں لیتے ہوئے اس طرح شہید کردیا کہ اس کارروائی کے دوران ۱۵ گھروں کو نذرِ آتش کرتے ہوئے تباہی مچادی۔ یاد رہے جنید صحرائی ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ(ایم بی اے) ۲۹سالہ نوجوان تھے، جنھوں نے ۲۰۱۸ء میں عسکریت کا راستہ منتخب کیا۔ وہ تحریک حُریت کے نہایت محترم رہنما اشرف صحرائی کے بیٹے ہیں۔ یادرہے کہ صحرائی صاحب، محترم سیّد علی گیلانی کے دست ِ راست اور کئی عشروں سے رفیق کار ہیں۔

کشمیر: پیلٹ گن پرعدالتی پابندی سے انکار

غازی سہیل خان

۱۱مارچ ۲۰۲۰ء میں جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے ایک عدالتی فیصلے نے کشمیریوںاور انسانی حقوق کے کارکنوں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے ۔ہائی کورٹ نے پیلٹ گن (Pellet Gun) پر پابندی لگانے کے لیے دائر کی گئی ایک اپیل کو مسترد کر دیا۔ پیلٹ گن پر پابندی لگانے کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ ’’بے قابو بھیڑ کو طاقت سے قابو کرنا نا گزیر ہوتا ہے ‘‘۔

جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں وادیِ کشمیر میں مظاہرین کو قابو کرنے کے لیے فورسزاہل کاروں کی طرف سے پیلٹ گن استعمال کرنے کے خلاف یہ درخواست جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار   ایسوسی ایشن کے ذریعے ۲۰۱۶ء میں اس وقت دائر کی گئی تھی، جب وادی میںمعروف عسکری کمانڈر برہان مظفروانی کی ہلاکت کے بعد وادی میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جس میں بھارتی فورسز اہل کاروں نے احتجاج کو قابو کرنے کے لیے پیلٹ گن کا استعمال کیا تھا، جس کے سبب بہت سے زخمیوں کو اپنی بینائی مکمل یا جزوی طور پر کھونا پڑی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ’’کس جگہ، کس طرح سے طاقت کا استعمال کرنا ہے، یہ اس جگہ کے انچارج پر منحصر ہے ،جو اس جگہ تعینات ہے جہاں ہنگامہ ہو رہا ہوتا ہے‘‘ ۔

’پیلٹ گن‘ کشمیر میں احتجاجی مظاہرین کے خلاف استعمال میں اُ س وقت لائی جانے لگی جب ۱۱ جون ۲۰۱۰ء کو طفیل متو، راجوری کدل، سرینگرمیں آنسوگیس شل لگنے سے جاں بحق ہوا۔ تب وہ کوچنگ کلاس میں جا رہا تھا۔اس سے قبل ۱۳ سالہ ایک اور طالب علم وامق فاروق جنوری ۲۰۱۰ء میں نزدیک سے ایک آنسو گیس شل کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگیا تھا۔

ان اموات کے بعد نہ تھمنے والے احتجاج کو روکنے کے لیے بھارتی فورسز نے پیلٹ گن کا استعما ل کرنا شروع کیا تھا۔ پھر زخمیوں اور بینائی سے محروم نوجوانوںکی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی۔ پیلٹ بندوق ایک بار چلانے سے اس میں سے ۵۰۰ پیلٹ ایک بار آگے کی سمت میں نکل کربکھر جاتے ہیں۔ جو کوئی بھی ان چھرّوں کی زد میں آتا ہے وہ زخمی ہو جاتا ہے ۔پیلٹ کے چھرّے لگنے کے بعد انسان زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ شدید قسم کا درد محسوس کرتاہے ۔پیلٹ چھرّے دُور سے انسان کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا سکتے، لیکن جب یہ ۵۰۰میٹر کی دُوری سے چلائے جائیں توشدید نقصان پہنچاتے ہیں، خاص طور سے جب یہ انسان کے نازک حصوں پہ جا کے لگتے ہیں، جن میں آنکھیں سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔

۲۰۱۰ء سے آج تک کشمیر میں ہزاروں نوجوان پیلٹ بندوق کی چھرّہ فائرنگ سے جزوی اور ایک سو سے زائد نوجوان کلی طور پر اپنی آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو گئے ہیں اور ابھی تک پیلٹ گن کی وجہ سے ۱۴؍ افراد کی موت بھی واقع ہوچکی ہے ۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق: ’’حکومت ہند، اس ہتھیار کو پیلٹ گن کہتی ہے، لیکن اصل میںیہ پمپ ایکشن شاٹ گن Pump Action Shotgun)) ہے‘‘ ۔ایمنسٹی کا مزید کہنا ہے کہ:’ ’یہ اکثر جنگلی شکار کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ ہتھیار احتجاج کو قابو کرنے کے لیے نہیں بنایا گیا ہے‘‘۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے بارہا حکومت ہند سے کہا ہے کہ اس مہلک ہتھیار پر پابندی عائدکریں ۔

 وادیِ کشمیر میں پیلٹ گن کی وجہ سے خواتین ،بزرگ اور پیر و جواں سب متاثر ہوئے ہیں، تاہم متاثرین میں اکثریت نوجوانوں کی ہے ۔۲۰۱۸ء میں جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والی کم عمر بچی حبہ نثار پیلٹ لگنے کی وجہ سے اپنی ایک آنکھ کی بینائی کھو بیٹھی۔اسی طرح سے ایک اور بچی انشاء مشتاق بھی ۲۰۱۶ء میں پیلٹ لگنے کی وجہ سے اپنی دونوں آنکھوں کی روشنی سے محروم ہوکر محتاج ہو گئی ہے۔ یوں درجنوں نوجوان بینائی سے محرومی کے سبب زندگی محتاجی کے عالم میں گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

شمالی کشمیر سے ایک پیلٹ متاثر ہ نوجوان نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے پر انتہائی افسوس اور مایوسی کااظہار کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ’’ یہ ایک اُمید تھی وہ بھی چلی گئی اور ہم چاہتے تھے کہ اب کوئی نوجوان کشمیر میں اندھا نہ ہو، کوئی نوجوان زندگی بھر کے لیے محتاج نہ ہو، مگر عدالتی فیصلے نے ہم کو مزید مایوسی کا شکار بنا دیا ہے‘‘۔متاثرہ نوجوان کی دونوں آنکھیں پیلٹ لگنے کی وجہ سے بینائی سے محروم ہو گئی ہیں۔ اس نے کہا کہ’’ جب کوئی نوجوان پیلٹ کی وجہ سے اپنی آنکھوں کی بینائی کھو دیتا ہے تو وہ لازماً ذہنی بیماری میں مبتلا ہو جاتا ہے،وہ محتاج ہوجاتا ہے اور چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہتا، جس کی وجہ سے کبھی کبھی ایسے نوجوان خودکشی کی بھی کوشش کرتے ہیں‘‘۔

متاثرہ نوجوان نے بتایاکہ میرے ایک جاننے والے پیلٹ متاثر ہ نے گذشتہ سال خود کشی کرنے کی کوشش اس لیے کی کہ ان کے گھر میں دوپہر کا کھانا نہیں تھا اور یہ نوجوان اس گھر کا واحد کمانے والا فرد تھا، جس کی خود اپنی زندگی اب دوسروں کی محتاج ہو گئی ہے اور دیگر افراد خانہ بھی دو وقت کی روٹی کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔

اس کے ساتھ ہی ساتھ کشمیر میں ایک تحقیق کے مطابق: ’’پیلٹ متاثرین میں سے ۸۵ فی صد نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں ۔جس میں۲۵ء۷۹ فی صد معاشرے میں احساس تنہائی کا شکار،۱۵ء۷۹ فی صد پوسٹ ٹرامیٹک سٹرس ڈس آرڈر،۲۱ء۹ فی صد شدید پریشانی کی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں‘‘۔ ڈاکٹروں نے ۳۸۰پیلٹ متاثرین کی تشخیص کے دوران نوٹ کیا: ’’۲۰۱۶ء کے بعد پیلٹ متاثرین مختلف قسم کی نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہو گئے ہیں۔

پیلٹ گن متاثرین میں سے ۹۳ فی صد افراد ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ بہت سارے متاثرین نفسیاتی امراض کے ماہرین کے پاس جانے سے گریز کرتے ہیں‘‘۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بے شمار متاثرین اپنے آپ کو ذہنی امراض کا شکار نہیں سمجھتے ۔تاہم، بہت سارے مریضوں کی کونسلنگ اور دیگر ادویات کے ذریعے ان کا علاج کیا جاتا ہے۔

مجموعی طور پر کشمیر میں ہائی کورٹ کے اس فیصلے پر عوام میںناراضی کا اظہارکیا جا رہا ہے۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ عدالت ہی ایک ذریعہ ہے، جس کے ذریعے اس مہلک ہتھیار سے نوجوانوں کو بچایا جا سکتا تھا ،لیکن اب اس عدالتی فیصلے نے وادی میں مایوسی پھیلا دی ہے اور انتظامیہ کو من مانی کے لیے مزید کھلی اجازت مل گئی ہے۔

کشمیر کا لاک ڈاؤن اور کورونا لاک ڈاؤن؟

سہیل بشیر کار

چند دن قبل ایک معروف ٹی وی اینکر رویش کمار پروگرام میں کہہ رہے تھے کہ ’’  Covid 19 لاک ڈاؤن اور کشمیر کے لاک ڈاؤن کا موازنہ نہیں ہوسکتا۔ اصل میں کچھ لوگ غیر حقیقت پسندانہ طور پر ان دونوں لاک ڈاؤنز کوبرابر کی چیز قرار دے رہے ہیں‘‘۔ رویش نے کہا کہ ’’کشمیر کا  لاک ڈاؤن کچھ اور ہی تھا، بے مثل تھا، یعنی کہ جبر اور ظلم کی بے مثال صورت‘‘۔ یہ سن کر جی چاہا کہ کیوں نہ کشمیر کے لاک ڈاؤن کا نقشہ کھینچوں اور کیوں نہ یہ پہلو بھی بیان ہو کہ کشمیریوں نے مصیبتوں کا مقابلہ کرنا سیکھا ہے اور وہ بڑے بھیانک اَدوار کو برداشت کرکے نہ صرف زندہ رہے بلکہ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوئے۔

یوں تو کشمیر میں ۹۰ کے عشرے سےہی ظلم و جبر کا سلسلہ چل رہا ہے، لیکن کشمیر نے کچھ ایسے اَدوار اور واقعات بھی دیکھے جن سے یوں لگا کہ شاید اس دور سے باہر آنا ناممکن ہے۔ چاہے وہ Catch and Kill آپریشن ہو، یا حکومت کی پشت پناہی میں اخوانی دہشت گردوں کا ظلم و قہر۔ چاہے ایک منصوبے کے تحت خواتین کی عصمت دری ہو یا ۱۰ ہزار سے زائد نوجوانوں کو اس طرح غائب کرنا کہ ان مظلوموں کا نام و نشان بھی نہ ملے۔

 کئی برسوں تک بغیر کسی مقدمے کے لوگوں کو نظربند رکھنا، یا تفتیشی سنٹروں میں لوگوں کو ناقابلِ بیان اور شرم ناک اذیتیں دینا، یہ سب کشمیریوں نے دیکھا، بھگتا اور مسلسل برداشت کرتے آرہے ہیں، لیکن اس سب کے باوجود لوگ پُرعزم اور زندہ رہے ہیں۔ جس علاقے میں ہزاروں جواں بیٹوں کی میّتوں کو ان کے باپ کندھا دیں، اس علاقے کے لوگ کیسے جی رہے ہوں گے؟ یہ سوچ ہی اذیت ناک حدتک انسان کو مضطرب کر دیتی ہے، لیکن کشمیریوں نے یہ اندوہناک مناظر بھی انگیز کیے۔

گذشتہ برسوں میں بھارتی حکومت نے کچھ ایسے اقدامات کیے، جن سے نہ صرف ظلم کی ساری حدود پار ہوگئیں بلکہ کشمیریوں کو نہ ختم ہونے والے اندھیرے میں دھکیل دیا گیا۔ اگرچہ ۲۰۱۶ء سے ہی حکومت نے سخت اقدامات شروع کیے، جن میں حریت قائدین کو فرضی مقدمات میں پھنسانا وغیرہ وغیرہ، لیکن جولائی ۲۰۱۹ء کے آخری ہفتہ سے ہی وادیِ کشمیر میں بھارتی حکومت نے کچھ ایسی سرگرمیاں شروع کیں کہ ہر کشمیری کہنے لگا: ’’کچھ انہونی ہونے والی ہے‘‘۔ اگست کی پہلی تاریخ سے ان اقدامات میں اور شدت آئی تو ایسا محسوس ہونے لگا کہ بہت کچھ خراب ہونے والا ہے، خوف و دہشت کا ماحول چاروں طرف چھا گیا، ۱۰ لاکھ فوجیوں کے باوجود یہاں اضافی طور پر پیراملٹری فورسز منگوائی گئی۔

۵؍ اگست ۲۰۱۹ء کو سویرے ہر طرف کرفیو کا اعلان ہونے لگا۔ لینڈلائن، ٹیلی فون، انٹرنیٹ سب بند تھا، حتیٰ کہ کیبل نیٹ ورک بھی بند۔ جماعت اسلامی پر تو بہت پہلے ہی پابندی لگادی گئی تھی۔ جے کے ایل ایف پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی اور اس کے اکثر کارکن گرفتار تھے۔ حریت کی چھوٹی اور بڑی قیادت کو نظر بند کیا گیا تھا۔ ۵؍اگست کو مختلف ذرائع سے معلوم ہونے لگا کہ کشمیر میں ۱۸ ہزار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حتیٰ کہ دہلی نواز لوگوں کو بھی۔ تین سابق وزراےاعلیٰ فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، اور محبوبہ مفتی نظر بند کیے گئے۔ وہی محبوبہ مفتی جو کچھ ہی مہینوں پہلے بی جے پی کی حکومت میں ساتھی اور حلیف تھیں۔ شاہ فیصل جو کبھی ’نوجوان قیادت‘ کی حیثیت سے کُل ہند میں اُبھارے جارہے تھے، وہ بھی نظر بند کر دیے گئے ۔ انھوں نے کچھ مہینے قبل بھارتی سول سروس سے استعفا دیا تھا اور کشمیر کے مسئلے کے لیے اپنے انداز سے میدان میں اتر چکے تھے۔

 ایسا ماحول پیدا کیا گیا کہ جس کسی فرد کی ۵۰  یا اس سے زیادہ افراد پر گرفت تھی وہ گرفتار کرلیا گیا ۔ایسا لاک ڈاؤن کہ کسی کو کسی کی خبر نہ تھی۔ لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا تھا۔ دکانیں، کاروباری ادارے آٹھ ماہ تک بند رہے۔ میرے ماموں حج پر تھے، ہمیں یا انھیں ہماری کوئی اطلاع نہ تھی۔ میرے انتہائی قریبی دوست اپنی اہلیہ جو کہ حاملہ تھی اور کافی بیمار بھی، کے ساتھ سری نگر میں تھے، ان کی کوئی اطلاع نہ تھی۔ ان کے نوزائیدہ بچے کا انتقال ہوگیا اور اس کی اطلاع دینے کے لیے انھیں خود میرے گھر آنا پڑا۔ ان واقعات سے اندازہ ہوگا کہ لوگوں کو کس قدر دشواری کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔ ۷۱  دن تک فون بند تھے۔ آج کے دور میں کوئی تصور کر سکتا ہے ایسی زندگی کا؟ اب بھی انٹرنیٹ محض 2G سپیڈ پر چل رہا ہے۔

 اخبارات کے مالکان کو یہ حکم دیا گیا کہ ’’خبر وہی چھپے جو حکومت کے خلاف نہ ہو‘‘۔ کئی دنوں تک تو اخبارات کی اشاعت بھی روک دی گئی۔ پھر اخبارات میں اداریہ لکھنا اور شائع کرنا بھی بند کیا گیا۔ انھیں سخت ہدایت دی گئی کہ کوئی ایسا مضمون نہ چھپے، جس میں موجودہ حالات کا تذکرہ ہو۔ بی بی سی نے جب مقامی احتجاج کی رپورٹ کی، تو کشمیر کے گورنر نے کھلے عام انھیں دھمکی دی۔ ایسے حالات میں کشمیریوں نے نہایت ہی دانش مندانہ رویہ دکھایا۔ وہ کسی بڑے احتجاج کے لیے باہر نہیں نکلے۔ وہ جانتے تھے کہ ہندستان اپنی طاقت کا بے دریغ استعمال کرے گا۔ ہزاروں جانیں لے گا اور دنیا کو ذرائع ابلاغ پر اس شدید پابندی کے باعث کوئی خبر بھی نہ ہوگی۔

اگرچہ ہر کوئی دُکھی اور مجروح ہے، لیکن کشمیری جانتے ہیں کہ ہمیں جینا ہوگا، ہماری جدوجہد طویل ہوگی۔ ان مشکل حالات میں کشمیر کے لوگوں نے اگرچہ دکانیں بند رکھیں، لیکن سڑکوں پر نہیں آئے۔ انھوں نے معاشرے کے کمزور افراد کا خاص خیال رکھا۔ معمولات اگرچہ متاثر رہے لیکن زندگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی۔ اسکول بند رہے، لیکن یہ قوم جانتی ہے کہ ترقی اور عروج کے لیے تعلیم کس قدر اہم ہے، لہٰذا اپنے اپنے علاقوں میں تعلیم یافتہ افراد نے مفت ٹیوشن سنٹر کھولے، جہاں بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم دی جانے لگی۔ انھیں معلوم ہے کہ انھیں طویل جدوجہد کرنی ہے، اور تازہ دم ہونے کے لیے کبھی پلٹنا بھی پڑتا ہے، غرض کشمیریوں نے جینا سیکھا۔

‌ آج پوری دنیا میں لاک ڈاؤن ہے، لیکن گرفتاریاں نہیں ہیں، ظلم و جبر نہیں ہے، انٹرنیٹ چل رہا ہے، لوگ فون کے ذریعے اپنوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، حکومتی امداد ہے۔ ایسا لاک ڈاؤن کشمیریوں کے لیے سخت ہولناک لاک ڈاؤن کے مقابلے میں کچھ بھی نسبت نہیں رکھتا۔ کشمیری تو سخت جاں آزمایش میں بھی جینا سیکھ چکا ہے۔کہاں وہ لاک ڈاؤن اور کہاں یہ والا کورونا لاک ڈاؤن!

کشمیر کی شناخت پر بھارتی حملہ؟

عارف بہار

بھارتی حکومت نے کشمیر کی قومی، نسلی اورجغرافیائی شناخت کی تبدیلی اور خصوصی قوانین کے خاتمے کے آٹھ ماہ بعد اپنے اصل منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کردیا ہے۔ ’جموں وکشمیر ری آگنائزیشن آرڈر۲۰۲۰‘ کے نام سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے ذریعے ریاستی ڈومیسائل کی نئی تشریح کی گئی، جس کے تحت کشمیر میں پندرہ سال تک مقیم رہنے والے، اور یہاں سات سال تک تعلیم حاصل کرنے، اور دسویں اور بارہویں جماعت کا امتحان دینے والے ملازمت کے حق دار ہوں گے۔

 ماضی میں ۳۵-اے کے تحت ان تمام قوانین کی تدوین اور تیاری کا اختیار کشمیر اسمبلی کو حاصل تھا۔ ان دفعات کے خاتمے کے بعد اب بھارتی حکومت نے یہ سارے کام اپنے ذمے لے لیے ہیں۔ ڈومیسائل قانون کی نئی تشریح کے مطابق اب بھارتی حکومت کے کشمیر میں سات سال تک تعینات رہنے والے اعلیٰ افسروں، آل انڈیا سروس آفیسرز، بھارتی حکومت کے کشمیر میں نیم خودمختار اداروں، کارپوریشنوں، پبلک سیکٹر بنکوں، بھارتی یونی ورسٹیوں کے اہل کاروںکے بچے اور وہ خود یہاں کشمیر کے لیے مختص اسامیوں پر ملازمت کرنے کے اہل ہوں گے۔ فوری طور پر نافذالعمل اس قانون کے تحت بھارتی باشندے کشمیر میں مشتہر کردہ اور غیر مشتہر شدہ اسامیوں پر درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ اس قانون کے نفاذ کے لیے ایک ایسے وقت کا انتخاب کیا گیا، جب دنیا کی توجہ کورونا بحران کی طرف ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے اپنے ٹویٹر پیغامات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے کہ ’’ نریندر مودی کورونا کی جانب دنیا کی توجہ مبذول ہونے کا فائدہ اُٹھاکر کشمیر میں اپنے فاشسٹ ’ہندوتوا‘ ایجنڈے پر عمل درآمد کررہا ہے، اور دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے‘‘۔

وزیراعظم پاکستان نے اس قانون کو’’ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے اسے ’’چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا‘‘، اور ’’بھارت کے نئے قانون کو کلی طور پر مسترد کردیا ہے‘‘۔آزادکشمیر کے صدر مسعود خان، اور وزیراعظم فاروق حیدرنے بھی بھارت کے نئے قانون کی مذمت کی ہے۔

اس قانون کی زد چونکہ بلا تمیز مذہب اور علاقہ ریاست جموں وکشمیر کے تمام باشندوں پر پڑ رہی تھی، اس لیے کشمیری مسلمانوں سے زیادہ جموں کی ہندو آباد ی اور نوجوان نسل نے بھی اس فیصلے کے خلاف بے چینی ظاہر کرنا شروع کردی ہے۔ جموں کے ہندو نوجوانوں کو اس وقت وادی کے پریشان حال مسلمان طلبہ سے مسابقت درپیش ہے، اور وادی کی تین عشروں سے مخدوش صورتِ حال نے جموں کے ہندو طلبہ کے لیے مقابلے میں آسانی پیدا کردی ہے۔ مگر جب پورے بھارت سے ایک نئی کلاس یہاں مقابلے اور مسابقت میں اتر رہی ہے تو جموں کی ہندو آبادی اور نوجوان نسل کے لیے ایک نیا دردِ سر سامنے کھڑا نظر آیا۔

اس خطرے کو جموں میں پوری طرح محسوس کرتے ہوئے جموں کے علاقے کے ہندو طلبہ و طالبات نے مودی حکومت کو برسرِ عام ویڈیو پیغامات میں دھمکانا شروع کیا کہ ’کورونا وائرس‘ کا معاملہ ختم ہونے دو، پھر دیکھنا پورا جموں سڑکوں پر ہوگا۔ خود کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے بھی اس فیصلے کی یک زبان ہوکر مخالفت کی۔ اس طرح مخالفانہ ماحول کو اُبھرتا دیکھ کر بھارتی حکومت نے فوراً ہی اس قانون میں مزید ترمیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ ’’گریڈ ایک سے ۱۷ تک تمام اسامیاں جموں وکشمیر کے پشتینی باشندوں کے لیے ہی مختص رہیں گی‘‘۔ اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیر میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے احتجاج اور مفاد کو دو مختلف زاویوں سے دیکھتی اور عمل کرتی ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ اس قانون کی زد صرف وادی کے نوجوانوں کے مفاد پر پڑتی تو نریندر مودی حکومت احتجاج اور مطالبات کو پرکاہ کے برابر بھی اہمیت نہ دیتی۔

اس دوران بھارت میں آباد کشمیری پنڈت اور معروف اداکار انوپم کھیر نے کشمیری زبان میں کشمیری مسلمانوں کو ایک زہر آلود پیغام دیا ہے۔ یادرہے انوپم کھیر مسلمان دشمن بھارتیہ جنتا پارٹی کے انتہائی قریب ہے۔ اس نے کشمیری زبان کے تین الفاظ ’’رلو(ہم سے مل جاؤ)، گلیو (مرجاؤ)، ژلیو(بھاگ جاؤ)‘‘ پر مشتمل پیغام میں کشمیری مسلمانوں کو خبردار کیا ہے کہ ’’تمھیں بھارت میں  گھل مل جانا چاہیے، بصورتِ دیگر تمھارے سامنے مرنے یا بھاگ جانے ہی کے دوراستے ہیں‘‘۔ انوپم کھیر کی یہ سوچ ایک فرد کے خیالات کی نہیں، بلکہ ایک پورے نسل پرست فسطائی نظام اور  نفرت انگیز ذہنیت کی عکاس ہے، اور بھارتی حکومت کے تمام اقدامات کے پیچھے یہی سوچ کارفرما ہے۔ اس سوچ میں وہی ہٹلر، مسولینی اور راتگو ملادیچ جھلکتے اور جھانکتے نظر آرہے ہیں، جن کی جانب حکومت ِ پاکستان ۵؍ اگست کے بعد سے دنیا کی توجہ مبذول کراتی آئی ہے۔

بھارت کے نئے قانونِ کشمیر پر بھارت کا اصل اور طویل المیعاد ایجنڈا فلسطین اسٹائل پر عمل درآمد کا آغاز کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی اور مسلم شناخت کو آبادی کے تناسب کی تبدیلی کے ذریعے بدلنا تھا۔ بھارت ۷۱برس تک اس راستے پر کبھی کچھوے، تو کبھی خرگوش کی چال چلتا رہا۔ ۵؍اگست ۲۰۱۹ء کے بعد نریندر مودی نے اس سمت میں خرگوش کی چال سے پیش قدمی کرنا شروع کی ہے۔

بھارت جس طرح کشمیر میں اپنا ایجنڈا یک طرفہ طور پر نافذکرنا چاہتا ہے، یہ دنیا کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ اس سے صاف لگتا ہے کہ امریکا اور کچھ دوسری طاقتیں ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر، حقیقت میں بھارت کو کشمیر میں ہندوتوا ایجنڈے پر عمل درآمد کرواتے ہوئے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی ٹھوس بنیادیں رکھنے کا موقع فراہم کررہی ہیں۔ اب بھارت نے کورونا کا فائدہ اُٹھا کر اس جانب عملی پیش قدمی شروع کردی ہے۔ یہ کشمیری مسلمان آبادی کو اپنے علاقے میں اقلیت میں بدلنے کی جانب اُٹھایا جانے والا ایک ٹھوس قدم ہے۔ اس کے بعد بھارت کے بڑے کاروباری گروپ کشمیریوں سے اونے پونے داموں زمینوں کی خریداری کرکے اس منصوبے کو آگے بڑھانا شروع کردیں گے۔ یہ وہ خطرہ ہے جس کی مدتوں سے نشان دہی کی جاتی رہی۔ بھارت کی اس منظم کوشش کو حالات کی قید میں پھنسے صرف کشمیری ناکام نہیں بنا سکتے۔ اس کام کے لیے پاکستان کی بھرپور مدد کی ضرورت ہے۔ حکومتِ پاکستان کو اس سلسلے میں بیان بازی سے آگے بڑھ کر کوئی پالیسی تشکیل دینا ہوگی۔

بھارتی سپریم کورٹ کے ایک حکم نامے کے ذریعے (جو کہ پانچ مہینے بعد سنایا گیا) جموں وکشمیر کی انتظامیہ نے ۲۴جنوری کو ۱۷۴دنوں بعد مشروط بنیادوںپر انٹرنٹ بندشوں میں نرمی کا فیصلہ کیا ۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے جہاں سماجی رابطے کی ویب گاہوں پر پابندی عائد کیے رکھی، وہیں چند محدود ویب گاہوں پر صارفین کی رسائی کے لیے مواصلاتی کمپنیوں کو ہدایات جاری کی ہیں، تاکہ کوئی کشمیری دُنیا تک، اپنے اُوپر ہو رہے ظلم و استبداد کی کہانی نہ سُنا سکے ۔انٹرنیٹ بندشوں میں نرمی اس وقت انتظامیہ کے لیے گلے کی ہڈی بن گئی ہے، جب لوگوں نے وی پی این (VPN) ایپلی کیشنز کی مدد سے تمام سماجی رابطہ کی ویب گاہوں پر رسائی حاصل کر لی۔
اس صورتِ حال میں انتظامیہ نے دیگر ریاستوں سے ماہرین کی ٹیمیں بھی کشمیر لانا شروع کر دی ہیں، تا کہ کشمیریوں کی سماجی رابطے کی ویب گاہوں تک پہنچ روکی جاسکے۔ لیکن اطلاعات کے مطابق تادمِ تحریر انجینیر کشمیر یوں کی سماجی ویب گاہوں تک رسائی روکنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ بھارت کی مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (BSNL) نے سماجی رابطے کی ویب گاہوں تک رسائی روکنے کے لیے کروڑوں روپے مالیت کا سافٹ ویئر’فائر وال ‘خرید ا ہے۔ بھارتی محکمہ داخلہ کی طرف سے ۳۱ جنوری کے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ ’’متعلقہ محکمے کی طرف سے ۲۴جنوری کو جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔ جنگجوانہ سرگرمیوں ،وی پی این ایپلی کیشنز کی وساطت سے انٹرنیٹ کے ذریعے ضرر رساں پیغامات کی تشہیر کا جائزہ لیا گیا‘‘۔ بھارتی راجیہ سبھا میں وزیر اطلاعات روی شنکر پرساد نے بتایا کہ ’’سپریم کورٹ نے انٹرنیٹ کے استعمال کو بنیادی انسانی حق قرار دیا ہے، تاہم یہ بنیادی حق نہیں ہے ۔ اس معاملے میں انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی اور ضابطوں کا نفاذ ہوگا‘‘۔
اس انتہائی مایوس کن صورتِ حال کے بیچ کشمیریوں کو انٹرنیٹ کے بغیر زندگی کی گاڑی کو چلانا پڑ رہا ہے ۔ اکیسویں صدی کے دور کو انٹرنیٹ کا دور کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ یہ دور جس میں سماج کا ہر حصہ انٹرنیٹ کے ساتھ منسلک ہے، وہ چاہے تعلیم ہو یا تجارت ،معیشت ہو یا سیاست، صحافت ہو یا صحت، غرض انٹرنیٹ انسانی زندگی کا جُزو لاینفک بن گیا ہے ۔ایسے وقت میں بھارت دنیا میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ پابندیوں والا ملک بن گیا ہے۔
 ۵ ؍اگست ۲۰۱۹ء کے بعد سے جمو ں و کشمیر کی معیشت رُوبۂ زوال ہے ۔کشمیر جو کہ پہلے سے اَن گنت مسائل کے بھنور میں پھنس چکا ہے، وہیں انٹرنیٹ کی بندشوں میں یہاں زندگی کا ہرشعبہ بدترین انداز سے متاثر ہوا ہے۔ گذشتہ پانچ ماہ میں ہوئے نقصان کے حوالے سے بھارتی زیر انتظام کشمیر کی سب سے بڑی تجارتی تنظیم کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسڑیز کی دسمبر ۲۰۱۹ء تک کی رپورٹ کے مطابق: ’’۵؍اگست کے بعد کشمیر کے ۱۰ ؍اضلاع میں ۱۲۰دنوں میں۱۸ ہزار کروڑ کا نقصان ہوا ہے ۔یاد رہے وادیِ کشمیر کے یہ ۱۰؍اضلاع کُل آبادی کا ۵۵فی صد حصہ ہیں‘‘۔
اگر شعبہ جات کی بات کی جائے تو رپورٹ کے مطابق: ’’زراعت و باغبانی اور اس کے ذیلی شعبہ جات میں ۲۸۱۷کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اسی طرح مال مویشی اور جنگلات وغیرہ کو ۱۷۶۴ کروڑ روپے، جب کہ پیداواری شعبے کو۲۴۶۶ کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ انڈسٹری میں تعمیری شعبے کے علاوہ کان کنی ،کھدائی ،بجلی ،گیس ،پانی اور دیگر ضروری خدمات کو ۱۶۲۹کروڑ کا خسارہ اُٹھانا پڑا‘‘۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’’تجارت بشمول ہوٹل، ریستورانوںکو ۲۲۶۷ کروڑ کا خسارہ ہوا ہے ۔اس کے علاوہ مالی خدمات کو ۱۱۸۴ کروڑ اور زمین و مکانات کی خریدوفروخت رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو۳۱۲۵ کروڑ کا نقصان ہوا‘‘۔
اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’’کشمیر کے ۱۰ ؍اضلاع میں ۱۲۰ دنوں کے دوران میں تقریباً ۵لاکھ لوگوں کو نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ اس غیر یقینی صورتِ حال اور دوسری جانب بے روز گار نوجوانوں میں نفسیاتی امراض کا بھی ہوش ربا اضافہ ہوا ہے ۔ جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ کی بندشوں کی وجہ سے طلبہ بھی متاثر ہوئے ہیں۔ خاص طور پر وہ طلبہ جو دُنیا کے مختلف اداروں اور ملکوں میں آن لائن کورسز کرتے ہیں ۔ انتظامیہ نے کشمیر میں چند جگہوں پر طلبہ اور دیگر ضرورت مندوں کے لیے انٹرنیٹ کی سہولیات کا محدود پیمانے پر انتظام کر رکھا تھا،تاہم حقیقت جاننے والے حلقوں کا کہنا ہے کہ جس ریاست کی آبادی ۸۰ لاکھ ہو، کیا وہاں چند انٹرنیٹ سہولیاتی مراکز سے ان کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں ؟ضرورت پوری ہونا تو دور کی بات ایک طالب علم نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان مراکز پر کئی کئی دنوں تک خون منجمدکر دینے والی ٹھنڈ میں طلبہ و طالبات کی قطاریں جمہوری دنیا کی نظروں نے دیکھ لی ہیں ۔
ان ظالمانہ پابندیوں کی وجہ سے ہزاروں طلبہ ایسے بھی ہیں، جو اعلیٰ تعلیم کے لیے جموں و کشمیر سے باہر کی یونی ورسٹیوں میں بر وقت داخلہ لینے میں ناکام ہوئے۔ بارہمولہ سے ایک طالب علم ارشد احمد کا کہنا ہے کہ’’ میں نے پورا ایک سال جی توڑ کوشش کر کے ہندستان سے باہرکی ایک یونی ورسٹی میں داخلے کے لیے امتحان بھی پاس کیا، لیکن بدقسمتی سے انٹرنیٹ کی بندش کے سبب میں وقت پر یونی ورسٹی حکام کی طرف سے ارسال کیے گئے برقی پتے(e-mail) کا جواب نہ دے پایا، اور گذشتہ دنوں جب میں نے ای میل باکس میں داخلے کی منظوری کی ڈاک دیکھی، تو انتہائی تکلیف محسوس کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیری طلبہ کی قسمت کو کوسنے کے سوا کچھ نہیں کر پایا‘‘۔
جہاں ایک طرف جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ او ر سماجی رابطے کی ویب گاہوں پر شدید نوعیت کی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، وہیں دوسری طرف پانچ ماہ تک طویل عرصے تک خاموش رہنے کے بعد بھارتی سپریم کورٹ کے حکم کے بعد جموں وکشمیر کی انتظامیہ کی سماجی انٹرنیٹ پر سے پابندی ہٹا کر 5Gکے زمانے میں 2G انٹرنیٹ کی سہولیات میسر کرنا سمجھ سے باہر ہے۔جس پر جموں وکشمیر کے عوام کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، تاکہ دنیا کو اعتراض اُٹھانے سے روکا جائے کہ یہاں انٹرنیٹ پر پابندی ہے‘‘۔
بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ (HRW) نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ’’بھارت کی طرف سے کشمیر میں انٹرنیٹ پر بندشیں لگانا، انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے‘‘۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹیرس نے بھی اپنے ایک بیان میں کشمیر میں جاری پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان پابندیوں سے انسانی حقوق کے مسائل پیدا ہوئے ہیں‘‘۔
بھارت کے ایک مؤقر انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق جموں وکشمیر میں موجودہ انٹرنیٹ کی بندش ملک کی طویل ترین بندش ہے ۔اس سے قبل ۲۰۱۶ء میں برہان مظفر وانی کے جاںبحق ہونے کے بعد۱۳۳ دنوں تک کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی رہی۔ لیکن جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی، ۲۰۱۹ء کے دوران پوری دنیا میں عائد کردہ پابندیوں میں طویل ترین شمار کی جاتی ہے‘‘۔اسی اخبار نے لکھا ہے کہ ’’بین الاقوامی سطح پر انٹرنیٹ تک رسائی  مواصلات کا ایک اہم ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے ۔کچھ ممالک نے اسے ایک بنیادی حق کے طور پر تسلیم کیا ہے ۔دسمبر ۲۰۰۳ء میں،اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ورلڈ سوسائٹی براے انفارمیشن نے اعلان کیا تھا کہ مواصلات ایک بنیادی معاشرتی عمل اور ایک انسانی ضرورت ہے اور یہ وسیلہ معاشرتی تنظیم کی بنیاد ہے‘‘۔ اس کے بعد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے ۲۰۱۶ء میں مختلف حکومتوںکی طرف سے انٹرنیٹ تک رسائی میں جان بوجھ کر رکاوٹ پیدا کرنے کے بڑھتے ہوئے عمل کی مذمت کرتے ہوئے پابندی ختم کرنے کی قرار داد منظور کی تھی۔
غرض یہ کہ انٹرنیٹ موجودہ دور میں انسان کی ایک بنیادی ضرورت اور بنیادی حق ہے، بلکہ دورِ حاضر میں دنیا کا کم و بیش ہر کام انٹرنیٹ سے ہی جُڑا ہوا ہے۔ وہ چاہے حکومتوں کے کام کاج، کالج اور یونی ورسٹیوں میں پڑھائی، ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج، ملک اور بین الاقوامی سطح پر سفر کی بکنگ اور میڈیا اور روزگار کے نہ جانے کتنے ذریعے ہیں، جو انٹرنیٹ کی مددسے تکمیل پاتے ہیں۔ ۵؍اگست ۲۰۱۹ء کے بعد چھے ماہ سے زیادہ مدت تک انٹرنیٹ پر پابندی کی وجہ سے جموں وکشمیر کی معاشی صورتِ حال قابلِ رحم ہے ۔جس کی وجہ سے بھارتی زیر انتظام کشمیرمیں عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے ۔

۱۹۴۷ء میں بھارت کی بنیاد سیکولر ازم پر رکھی گئی تھی۔ وہاں مسلمان لگ بھگ ۲۰ کروڑ سے زیادہ آباداور ان کی آبادی ۱۵فی صد ہے۔ پاکستان کے حصے میں محض ۲ فی صد غیر مسلم ہیں۔ پاکستان میں ایک دن کے لیے بھی اسلام بحیثیت’نظام‘ نافذ نہیں ہو سکا ۔ بھارت جو دنیا کی بڑی جمہوریت کا دعوے دار ہے، وہاں ہزاروں بارسیکولر ازام اور جمہوریت کے ٹکڑے کیے جاچکے ہیں۔ سیکولرازم کو آئینی طور پر تسلیم کرنے کے باوجود ہندستان نے اسے نمایش کے طور پر رکھا ہوا ہے۔ اگرچہ قانونی طور پر ہر چھوٹی بڑی اقلیت کو اپنے مذہب پر قائم رہنے اور اس کی تبلیغ واشاعت کی آزادی دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، تاہم عملاً سب قول اور فعل کا تضاد ہے۔

اگست ۱۹۴۷ء میں کانگریس کی جانب سے بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے بھارتی آئین کو سیکولرازم کے غلاف میں لپیٹ کر پیش کیا تھا، لیکن موجودہ وزیر اعظم کی قیادت میں بننے والی حکومت نے آئین کو ’ہندوتوا‘ کی خوف ناک چادر میں لپیٹنے کی کوشش کی ہے۔جس کی جڑیں اس قدر مضبوط کی جا رہی ہیں کہ اب وہاں کی اقلیتیں خوف کی زندگی جینے پر مجبور ہیں۔ ’ہندوتوا‘ کا نظریہ موجودہ ’بی جے پی‘ حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے انھوں نے نصف صدی سے زیادہ عرصے تک کام کیا، جس دوران سیکڑوں فسادات رُونما ہوئے، اقلیتوں سے وابستہ لوگوں کو جن میں مسلمان بھی ہیں، بے شمار مظالم کا نشانہ بنایا گیا، جس کی ایک تازہ مثال تبریزانصاری کی دردناک موت بھی ہے۔

بھارت میں اقلیتوں سے وابستہ نوجوانوں کو اپنے شکنجے میں لے کر بے رحمی کے ساتھ پیٹنا، مارنا، اپاہج بنادینا اور جیلوں میں ڈال دینا عام ہوتا جارہا ہے ۔ دراصل بھارت میں منظم طور پر،  ایک دردناک ’ہجومی قتل‘ (Mob Killing) کے ذریعے ایک ماحول اس مقولے کے مصداق بنایا جاتا ہے کہ: ’’مارنے سے پہلے بُرا نام دو‘‘۔ اس طرح نہتے مسلمانوں کو قتل کرنے کا جواز گھڑا جا رہا ہے ۔ کسی مخالف کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے پہلے گھنائونے الزامات لگائے جاتے ہیں، جیسے بھارت کے ایک مشہور اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائک کے خلاف کیا گیا اور انھیں دہشت گردی کے ساتھ جوڑ ا گیا۔ اسی طرح تبریز انصاری کو چوری کا الزام لگا کر موت کی وادی میں دھکیلا گیا۔ اخلاق کو یہ کہہ کر ہجوم نے موت کے گھاٹ اُتار دیا کہ اس گھر میں گائے کے گوشت کی موجودگی کا شک پایا گیاتھا، جب کہ تحقیق کے بعد یہ معلوم ہوا کہ مقتول کے گھر میں گائے کا کوئی گوشت نہیں تھا۔ اسی طرح پہلو خان کو یکم اپریل ۲۰۱۷ء کو گائورکھشا کے نام پر قتل کر ڈالاگیا۔ ٹرک ڈارئیور  زاہد احمد بٹ اور معصوم حافظ جنید کے دردناک قتل کے واقعات بھی اسی ایجنڈے کی توسیع ہے۔

جھاڑکھنڈ میں ۲۲ سالہ تبریز انصاری کو چوری کا الزام لگا کر قتل کیا گیا۔ سوال یہ ہے کہ  کیا چوری کی سزا بھارت میں قتل ہے؟ تبریز کو بڑی بے دردی کے ساتھ مارمار کر نیم مُردہ حالت میں پولیس کے حوالے کر دیا گیا،جب کہ زرخرید پولیس نے بھی اس نوجوان کو اپنی تحویل میں لینے کے بعد، ہسپتا ل پہنچانے کے بجاے تھانے کی ایک کال کوٹھری میں ڈال دیا۔ جب اس کی حالت  زیادہ بگڑ گئی تو پولیس نے اسے ہسپتال پہنچایا،جہاں ڈاکٹروں نے کسی جانچ پڑتال کے بغیر ہی اسے پولیس کے حوالے کیا ، جس کے بعد یہ مظلوم نوجوان پانچ دن تک موت و حیات کی کش مکش میں تڑپ تڑپ کر انتقال کر گیا۔

دی وائر (The Wire)نیوز کے مطابق تبریز کے لواحقین میںمسرور احمد کا کہنا ہے: ’’جب ہم تبریز کو ملنے تھانے پہنچے تو ہم نے ان کی انتہائی خراب حالت دیکھ کر پولیس افسر نامی بپن بہاری سنگھ سے کہا کہ تبریز کو جلد ہی ہسپتال لے جانے کی ضرورت ہے ‘‘۔ لیکن پولیس افسر نے غضب ناک ہو کر جواب میں کہا کہ: ’’ یہاں سے بھاگ جائو ورنہ تمھارے بھی ہاتھ پائوں تو ڑکر جیل میں ڈال دیں گے ‘‘۔ 

غرض گائے ،جے شری رام ،وندے ماترم ،بھارت ماتا کی جے کے نام پر آج ہندستان میں مسلمان کو قتل کرنا آسان کام ہے، جہاں محض ایک آدھ الزام لگا کر کسی نہتے معصوم کو ہجوم کے ذریعے قتل کر دیا جاتا ہے۔ اس جیسے قتل کو اب عام زبان میںMob Lynching(ہجومی تشدد ) کہا جاتا ہے۔ اس طرح کی اصطلاحات سے مقتدرہ فسطائی حکمرانوں کو تنقید سے بچنے کا موقع ملتا ہے ۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق اس کو ماب لینچنگ (ہجومی تشدد) نہیں بلکہ اس کو Mobalize Lynching (متحرک تشدد) اور Political Lynching (سیاسی تشدد)کہا جانا چاہیے۔ کیوں کہ ابھی تک اس طرح کے ہجومی قاتلوں کو عبرتناک سزا نہیں ملی ہے۔ اگر کسی کو وقتی طور گرفتار کر بھی لیاجاتا ہے تو چند ماہ کے بعد ان کی رہائی کے انتظامات کر کے پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا استقبال کیا جاتا ہے۔

بھارتی ہجومی قاتلوں کو بچانے کی مثالیں بے شمار ہیں۔ پہلو خان کے چار قاتلوں کو سرکاری نوکریوں سے نوازا گیا، اور پرگیا سنگھ ٹھاکرجیسی مجرمہ اور قاتلہ بلکہ گجرات میں ہزاروںبے گناہ انسانوں کی قاتل، آج مسند اقتدار پر براجمان ہے ۔ان سارے کربناک مظالم کے خلاف کبھی کبھی بھارت میں مسلمانوں کی کمزور سی آوازیں سُننے کو ملتی ہیں، لیکن وہ ایوان اقتدار تک نہیں پہنچ پاتیں۔ اگر پہنچ پاتی ہیں تو حاکم وقت گھما پھرا کر اُلٹا الزام مقتولین پر ہی دھرتے ہیں ۔بھارتی آئین کی دفعہ۱۹ عوام کو اظہارِ آزادی راے کا حق دیتی ہے ۔لیکن اب اس احتجاج کا حق بھی چھیناجا رہا ہے۔ حکومت ِوقت کے خلاف تنقید کرنا اب ملک دشمنی میں شمار ہوتا ہے۔ اس طرح کے مظلومانہ قتل کے بعد الٹا مقتولین ہی کو گناہ گار کہہ کر دیش ورودھی ،انٹی نیشنل اور پاکستانی ایجنٹ کے القابا ت سے نوازا جاتا ہے۔ The Milli Gazette  میں شائع شدہ مضمون کے مطابق بہت سے بھگوا دہشت گرد بابری مسجد کی شہادت کو غلط نہیں سمجھتے ہیں، بلکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ بابری مسجدکو گرانا بھارت میں مساجد گرانے کی شروعات تھی، اصل کام تو اب شروع ہونے والا ہے‘‘ ۔گویا بھارت میں یہ طبقہ ایک ایجنڈے کے تحت اس طرح کے حالا ت خراب کرکے ہندو مسلم بھائی چارے کو برباد کرنے پر تلا ہوا ہے۔

ان سارے مظالم کے ردعمل میں بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ چند سلیم الفطرت غیرمسلموں کی نحیف آوازیں بھی اُٹھتی ہیں۔تبریز انصاری کے دردناک واقعے کے بعد ہندستان میں بہت سارے غیر مسلموں، جن میں صحافی، وکلا اور طلبہ نے بھر پور احتجاج کیا۔مسلمانوں نے بھی بھائی چارے ،اخوت اور یکتائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندستان کے مختلف شہروں میں زور دار احتجاج کیے، جن میں خاص طور پر مہاراشٹر کے شہر مالیگائوںکا ااحتجاج ہے، جس میں مسلمانوں نے ایک لاکھ سے زائد کی تعداد میں جمع ہو کر احتجاج کیا۔ واضح رہے یہ وہی جگہ ہے جہاں انگریزوں نے ۹۷سال پہلے مجاہدین آزادی کو پھانسی دی تھی۔ آج اسی یادگار جگہ پر مسلمان بڑی تعدادمیں تبریز انصاری کے لیے انصاف کی خاطردُہایاں دیتے نظر آئے۔ بھارتی ہندستان کے زعفرانی میڈیا کو ہزاروں اور لاکھوں کا یہ احتجاج نظر نہ آئے ، لیکن دنیا نے یہ دیکھ لیا کہ کس طرح سے جمہوریت کی دعوے داری کرنے والے ملک میں نہتوں کا بے دردانہ طریقے سے قتل کیا جاتا ہے ۔

جس ملک میں اس طرح کی پیچیدہ صورتِ حال ہو تو وہاں مسلمانوں کو فرقہ پرستی ،مسلک اور جماعت پرستی سے باہر نکل کر، ایک قوم بنتے ہوئے ان سارے مظالم کا حکمت سے مردانہ وار مقابلہ کرنا ہوگا، اور اُن مسلمانوں کو بھی ہوش کے نا خن لینے ہوں گے جو شعوری یا غیر شعوری طور ’ہندوتوا‘ ایجنڈے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وہ اسی دین فطرت کی طرف لوٹیںجو امن ،بھائی چارہ ہمدردی و غم خواری کا درس دیتا ہے ۔ نہ صرف مسلمانوں بلکہ بھارت کی تمام اقلیتوں کو اپنے اپنے اختلافات کو بالاے طاق رکھ کر اپنی صلاحیتوں کو بڑی ہی حکمت اور بہادری سے استعمال میں لاکراس ظلم کے خلاف بیداری کی مہمات چلانا چاہییں،تاکہ ہمیں کسی اور تبریز کی مظلومانا شہادت کو نہ دیکھنا پڑے۔