اپریل ۲۰۱۸

فہرست مضامین

شام: سقوطِ حلب کے بعد سقوطِ غوطہ

پروفیسر محسن عثمانی | اپریل ۲۰۱۸ | اخبار اُمت

Responsive image Responsive image

مسلمانوں کو آںحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے تعلیم دی ہے کہ وہ مسلمان بھائیوں کے مسائل و حالات سے واقف رہنے کاپورا اہتمام کریں۔ یہاں تک کہ ایک حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ جو شخص مسلمانوں کے اُمور سے واقف نہ ہو اور ان کی پریشانیوں کو دور کرنے کا اہتمام نہ کرے، وہ مسلمانوں میں سے نہیں ہے۔ اس حدیث کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے شامی بھائیوں کے مصائب کے بارے میں جانیں اور جو ممکن ہو اس سے دریغ نہ کریں۔ملک شام سے وابستگی کا حکم بھی ہے۔ حدیث میں حکم ہے: عَلَیْکُمْ بِالشَّامِ (صحیح ابن حبان، مناقب الصحابۃ، حدیث ۷۴۱۳) یعنی شام سے تمھارا خصوصی تعلق ہونا چاہیے۔ پھر شام کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:یَجْتَبِی اِلَیْہَا خِیْرَتُہٗ مِنْ عِبَادِہِ (ابوداؤد، کتاب الجہاد، حدیث ۲۱۳۷) یعنی اللہ کے بہترین بندے اس سرزمین کے لیے چنے جاتے ہیں۔آج اگر احساس کی شدت موجود ہے تو ہزاروں کلومیٹر کی دُوری سے مظلومین شام کا یہ نوحۂ غم جو کبھی بیوہ کی زبان سے اور کبھی یتیم کی زبان سے یا کسی غم نصیب کی صد ابن کر بلند ہوتا ہے، ہمارے کانوں تک پہنچ سکتا ہے۔

شام بحیرہ روم کی مشرقی کنارے پر واقع ایک بے حد خوب صورت اور شاداب ملک ہے۔ اس کے مغرب میں لبنان اور شمال میں ترکی ہے اور مشرق میں عراق ہے اور جنوب میں اُردن واقع ہے۔ یہ ۲کروڑ کی آبادی کا ملک ہے۔ اس میں ۹۰ فی صدسے زیادہ مسلمان ہیں۔ غالب اکثریت سنیوں کی ہے۔ یہاں خلیجی ملکوں کی طرح دولت کی فراوانی نہیں ہے۔ لیکن یہاں کے لوگوں میں شرافت ہے اور دل جوئی اور دل نوازی بھی۔

۱۹۷۱ء میں حافظ الاسد نے شام کے اقتدار پر قبضہ کیا تھا۔ اسد علوی تھا اور فوج میں ملازم۔ چوںکہ فوج میں علویوں کی تعداد بہت زیادہ تھی، اس لیے اس نے بزور طاقت اقتدار پر قبضہ کرلیا اور دینی ذہن رکھنے والوںاور اخوان کو کچلنا شروع کیا۔ ۲۰۰۰ء میں اس کے مرنے کے بعد اس کا بیٹا بشارالاسد تخت اقتدار پر بیٹھا اور اس نے باپ سے زیادہ ظلم کیے۔ کسی کو تحریر وتقریر کی اجازت نہیں تھی۔ یہاں تک کہ سیرت النبیؐ کے جلسے بھی بندمکانوں میں منعقد ہوتے تھے۔ بشار الاسد کے مظالم کے خلاف ۱۵ مارچ ۲۰۱۱ ء کوشام میں مظاہرے شروع ہوئے،جن کو اس نے کچل دیا۔پھر پورے ملک میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور طاقت سے ان پُرامن مظاہروں کوروکنے کی وجہ سے بغاوت کے شعلے بھڑکنے لگے۔ پھر وہ وقت آیا کہ ملک کی سرزمین کا ۸۰ فی صد حصہ بشار کے قبضے سے نکل کر ’باغیوں‘ کے قبضے میں چلا گیا، جن کی قیادت کرنے والوں میں دینی ذہن کے لوگ اور اخوان المسلمون کے لیڈر تھے۔

بشار کے ہٹنے کے بعد اخوان کا برسرِاقتدار آنا اسرائیل کے لیے شہ مات کے مترادف تھا۔ چنانچہ مذاکرات کی میز سے ان چہروں کو ہٹایا گیا جن پر دینی رنگ تھا۔ لہٰذا دینی ذہن کے مجاہدین نے جبہۃ النتصرۃ، جیش الاسلام اور فیلق الشام وغیرہ کے نام سے اپنی تنظیمیں قائم کرکے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اور پھراسرائیل، ر وس اور امریکا دونوں نے ان کو اپنا نشانہ بنایا، جب کہ شامی فوج کے نشانے پر وہ پہلے سے تھیں۔ ان جماعتوں نے نام نہاد مذاکرات سے خود کو الگ رکھا اور مذاکرات کا منصوبہ بنانے والوں نے بھی ان سے زیادہ دل چسپی نہیں لی۔

آج شامی مسلمانوں کی تکلیف اور غم سے سارے مسلمان غم زدہ ہیں۔ دنیا میں بہت سے خطۂ ارض ہیں جہاں قتل وغارت گری کا بازار گرم ہوتا ہے لیکن پھر یہ قتل وغارت گری ایک دن رُک جاتی ہے، البتہ ایک سرزمین ایسی ہے جہاں خوں ریزی رکنے کا نام نہیں لیتی ہے۔ دن،ہفتے، مہینے اور برس گزر جاتے ہیں لیکن خون کی پیاس نہیں بجھتی ہے۔ قاتل کا دست سفاک قتل سے بازنہیں آتا ہے۔ پہلے درعا، پھر دیر الزور، پھر حلب اور اب غوطہ دمشق۔ پہلے بھی جان بچانے کے لیے لوگ سمندروں میں کود گئے تھے اور کشتیاں پانی میں ڈوب گئی تھیں۔ ایلان کردی جیسے بچوں کی لاشیں انسانیت کو پکارتی رہیں ،اور حلب میں ملبے کے نیچے دبا ہوا بچہ احمد اپنی معصومیت کے ساتھ آوازیں دیتا رہا ۔پانچ سالہ جنگ میں پچاس ہزار سے زیادہ معصوم بچے مارے گئے۔ اب پھر وہی شام ہے ، وہی شب ِخون ہے اور وہی خون آشامی ہے۔غوطہ میں ظلم وتشدد کے طوفان سے ہرشخص لہولہان ہے۔ سکونتی عمارتیں مسمار ہو گئی ہیں، مسجدیں شہید ہوگئی ہیں، اسپتال منہدم ہوگئے ہیں۔ اس بار غوطہ میں خون کی ندی میں مظلوم شامی مسلمان غوطہ زن ہیں۔ شام کے کماندار ناوک فگن ہیں اور حاکمِ شام کے فوجی کھلے آسمان سے بمباری کرکے سیکڑوںمعصوم انسانوں کی زندگی کا چراغ بجھارہے ہیں۔ یہ سلسلہ۲۰۱۱ء سے شروع ہوا جو رُکنے کا نام نہیں لے رہا۔ گذشتہ چند روز کے اندر غوطہ میں ۱۸۰۰ اشخاص کی زندگی کا چراغ گل ہوچکا ہے۔ ۸لاکھ افراد شام میں ظالم بشار الاسد اور اس کے حلیفوں کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں اور ایک کروڑ ۴۰لاکھ سے زیادہ ہجرت کرچکے ہیں۔ اب تک لاکھوں زندگیاں ایک حکمران کی ضد اور رعونت کے آگے قربان ہوچکی ہیں اور لاکھوں انسان اپنا گھر بار، اپنی تجارت اور ملازمت چھوڑ کر راہِ فرار اختیار کرچکے ہیں۔ اب نہ ان کا کوئی گھر ہے، نہ دَر ہے۔بس سر کے اُوپر خیموں کا سائبان ہے جو پڑوسی ملک ترکی نے اپنے یہاںمہیا کردیا ہے۔

دنیا میںبدی اور خباثت کی ایک بڑی علامت بشار الاسد ہے، جس کی فوج ہر طرف ملک میں رقص بسمل کا تماشا دکھا کر اب غوطہ میں عمارت شکن اور زمین شگاف بمباری میں مصروف ہے۔ جس میں ہر روز سیکڑوں مرد اور عورتیں اور بچے لقمۂ اجل بن رہے ہیں۔ قیامت سے پہلے قیامت کا منظر ہے۔ دھماکوں اور شل باری سے زمین پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے۔ بموں کا دھواں آسمان تک بلند ہورہا ہے۔ عمارتیں ریزہ ریزہ ہوکر زمین بوس ہورہی ہیں۔غوطہ ایک ملبے سے تبدیل ہورہا ہے اور اس کے بڑے حصے پر اب شامی فوج کا قبضہ ہے۔روسی مشیرکار بھی بشار کی رہنمائی اور کمک کے لیے بر سرِ موقع موجود ہیں۔دنیا میں مختلف تنظیمیں اس ظلم کے خلاف صداے احتجاج بلند کررہی ہیں لیکن مسلم دُنیا کی طرف سے احتجاج کی کوئی آواز بلند نہیں ہوئی ہے، جیسے شامی ان کے بھائی نہ ہوں دشمن ہوں۔ اقوام متحدہ نے ایک ماہ کی جنگ بلندی کی قرار داد منظورکی ہے لیکن اس پرعمل درآمد نہ دارد۔ بعض طاقتیں روس سے مداخلت کی اپیل کررہی ہیں۔

شام اس وقت ایک ایسے جسم کی مانند ہے جس کے اعضا کٹے ہوئے اور بکھرے ہوئے ہیں اور اس کے جسم کو مثلہ کرنے میں تمام چھوٹی بڑی طاقتیں شریک ہیں۔شام کے مزاحمتی گروپ جس میں اسلام پسند بھی شامل ہیں، اس کو توڑنے میں سب متحد ہیں۔ حلب ہو یا درعا، حمص ہو یا دیر، الزور ہو یا غوطہ، ہر جگہ زمین خونِ مسلم سے لالہ زار ہے۔سقوط شام پر عرب اسلامی دنیا میں سکوت  طاری ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ان عرب مسلم ملکوں پر مرگِ غیرت اور مرگِ حمیت اورمرگِ دوام طاری ہے۔ اگر شام میں آبادی بجاے مسلمانوں کے عیسائیوں پر مشتمل ہوتی اور ان کے ساتھ یہ  خوں ریزی اور خون آشامی کا معاملہ ہوتا تو دنیا چیخ اُٹھتی۔ شام کی جنگ کے تمام فریق، مسلمان مجاہدین مزاحمتی گروپ اور ترکی کو چھوڑ کر،سب خوش ہیں کہ اسلام کا نام لیے بغیر مسلمانوں کے جسم کی تکابوٹی کی جارہی ہے،اور ان بڑی طاقتوں کوخوب معلوم ہے کہ پڑوس کے عرب ملک بے طاقت اور بے حیثیت ہیں۔ وہ کچھ نہیں کرسکتے۔ وہ عشرت کدوں میں داد عیش دینے کے سوا کچھ نہیں جانتے۔

شام وہ بدقسمت ملک ہے جس میں ظلم وستم کے بہت سے خونیں پنجے پیوست ہیں۔ داعش کو ختم کرنے کے نام پر روس اور امریکا دونوں مسلسل شہری علاقوں پر بم باری کرکے عمارتوں کو منہدم کرتے رہے ہیں۔ مسجدوںاور اسپتالوں تک کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ان دونوں آقائوں کی فضائی سرپرستی میں بشار الاسد کی فوج فتح کا جھنڈا بلند کرتی رہی ہے۔ یہ سب طاقتیں مل کر خون کی ہولی کھیلتی رہی ہیں۔بالکل ابتدا میں جب یہ بیرونی طاقتیں میدان میں نہیں کودی تھیں، شام کے مجاہدین نے جنھیں ’باغی‘ کہا جاتا ہے، ملک کے ۸۰ فی صدی علاقوں پر زمینی قبضہ کرلیا تھا اور ایسا لگتا تھا کہ پورے ملک شام پر ان کا قبضہ اب چند روز کی بات ہے۔ یہ اسرائیل اور بڑی طاقتوں کے لیے ناقابلِ برداشت بات تھی اور اسرائیل کا وجود خطرہ میں پڑ سکتا تھا۔۔ بشار الاسد کے ظالمانہ رویے کے باوجود دنیا کی طاقتیں اسی پیکرِ ظلم حاکم کو برسرِاقتدار دیکھنا چاہتی ہیں اور ایران کے نزدیک بشار کا اقتدار خواہ وہ کیسا ہی بُرا ہو، سُنّی اقتدار سے بہتر ہے۔

شام میں جن لوگوںکے ہاتھ میں انقلاب کی قیادت تھی ان کی ذہنی اور فکری وابستگی اخوان المسلمون کے ساتھ تھی اور خلیج کے حکمرانوں کا حال یہ ہے کہ انھیں لفظ اخوان کے ’الف‘ سے بھی ڈر لگتا ہے، اور اسی لیے انھوں نے محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے میں بڑی طاقتوںکی پوری مدد کی۔ خلیجی حاکموں کے بعض کفش بردار مفتی حضرات اخوان پر اور ان  تمام علما پر جو اخوان کے طرف دار تھے دہشت گردی کا الزام لگاتے رہے۔علم دین اور افتا کی ایسی رُسوائی چشم فلک نے کم ہی دیکھی ہوگی۔

مصر ہو یا تیونس، لیبیا ہو یا شام، ہر جگہ انقلابات کی اصل وجہ وہ شدید ظلم ہے جو ان ملکوں میں حاکم اپنے عوام پر ڈھاتے تھے اور کسی کو شکایت کرنے اور احتجاج کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ آزادیِ تحریر وتقریردنیا میں تمام ملکوں میں ہر انسان کا بنیادی حق سمجھا جاتا ہے۔ اس دور کی جمہوریت کے نقطۂ نظر سے بھی اور اسلامی شریعت کے اعتبار سے بھی شکایت، احتجاج اور تنقید ہرشہری کا بنیادی حق ہے، لیکن شام میںاور بہت سے ملکوں میں انسانیت کا نہیں بلکہ جنگل کا قانون رائج ہے۔ وہاں ہر طاقت ور حکمران کمزور پر ظلم کرنے کا عادی ہے۔

بعض دانش وروں کا کہنا ہے کہ دینی ذہن اور تحریک کے لوگوں کوشام میں اور کئی ملکوں میں شکست کا سامنا ہوا، کیوںکہ جب تک طاقت کا توازن نہ ہو اور حکومت سے مقابلے کی طاقت نہ ہو، انقلاب کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ حقیقت یہ ہے کہ بشار کی ظالمانہ حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے والے شام میں کامیابی کی دہلیز تک پہنچ گئے تھے، مگر یہ بیرونی طاقتیں تھیں جو بشارحکومت کی کمک پر آگئیں۔ حزب اللہ کے رضاکار، بشار حکومت کو بچانے کے لیے شامی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے سامنے آگئے۔ اس پر بھی انقلاب بردار مجاہدین اور باغیوں کا پلڑا بھاری ہورہا تھا۔ اب شامی حکومت نے روس کو دعوت دی کہ وہ آئے اور گرتی ہوئی حکومت کو سنبھالا دے۔ روس ایک عالمی طاقت ہے، اسے اپنے روایتی حلیف شام کی مدد بھی کرنی تھی اور افغانستان میں شکست کا بدلہ بھی لینا تھا، اور ملک شام میں اپنے اقتصادی مفادات کی حفاظت بھی کرنی تھی۔

’داعش‘ کے نام پر روس نے شام کی مزاحمتی فوج پر خوب بمباری کی اور یہ مزاحمتی فوج وہ ہے جو بشار کے خلاف بر سرِ پیکار ہے۔روسی طیارے آسمان سے مجاہدین اور مزاحمتی فوج پر جنھیں ’فری سیریین آرمی‘ بھی کہا جاتا ہے آگ برسانے لگے اور پھر حلب انقلابیوں یا باغیوں یا ’فری سیریین آرمی‘ کے ہاتھ سے نکل گیا۔ شام میں جو جنگ کا منظرنامہ ہے وہ چھوٹے پیمانے پر عالمی جنگ کا منظر نامہ ہے۔ یہاں روس بھی بشار کی حمایت میں بمباری کر رہا ہے اور داعش سے کہیں زیادہ مزاحمتی گروپ کو نشانہ بنارہا ہے، اور امریکا نے بھی اپنی فضائی فوج ملک کی ویرانی میں اضافہ کرنے کے لیے لگا دی ہے۔ یہ کہنا غلط ہے کہ شام میں آزادی اور انقلاب کا نعرہ بلند کرنے والوں نے بشار الاسد سے شکست کھائی ہے۔ انھوں نے تو بشار الاسد کو زمین کے بڑے حصے سے بے دخل کردیا تھا۔ انھوں نے دراصل روس اور امریکا اور حزب اللہ کی متحدہ فوج سے شکست کھائی ہے۔ محدود پیمانے پر ترکی کی فوجی مداخلت بھی سرحد پر کردوں پر کنٹرول کرنے کے لیے موجود ہے۔ یہ کرد وہ ہیں جو ترکی میں بھی خلفشار پیدا کرتے ہیں اور امریکا کی ہمدردیاں کردوں کے ساتھ ہیں۔ مرنے والے سب شام کے مسلمان ہیں۔ رات دن مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہےاور دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے۔ سقوطِ شام پر اسلامی عرب دنیا میں مرگِ دوام اور سکوت کی کیفیت ہے۔

مسلم دنیا کے خلاف عالمی سازش ہے۔ مغربی ملکوں نے مسلم ملکوںکو اپنا آلۂ کار بنایا ہے۔ خلیجی ملکوں کی مدد سے جمہوری اور دستوری حکومت کا مصرمیں تختہ اُلٹا گیا۔ سعودی عرب کے ذریعے قطر کا بائیکاٹ کیا گیا۔ سعودی عرب نے اسرائیل کے لیے ہندستان کو فضائی راہ داری بھی دے دی ہے اور پھر’معتدل اسلام‘ کا نعرہ۔ اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ مغرب کا جال کس قدر جکڑچکا ہے اس پورے خطے کو! ایک زمانے میں یہاں پر اخوان المسلمون کے خیرخواہ اور ہمدرد ہوا کرتے تھے اوراب اخوان پر دہشت گردی کے جھوٹے الزام لگانے والوں کی کوئی کمی نہیں ہے، کہ امریکی آقا یہی چاہتے ہیں۔

اسلام اور مسلمانوںکا درد ترکی کو ضرور ہے، لیکن امریکا نے ترکی میں انقلاب کی سازش کرکے طیب اردگان کو محتاط کردیا ہے۔ شام اس کے لیے پل صراط ہے اور اسے سنبھل کرکے چلنا ہے اور اس نے اپنی جنگ کرد ملیشیا تک محدود رکھی ہے۔ تاہم، اس نے لاکھوں شامی مہاجرین کو پناہ دے کر نیکی اور شرافت اور وسیع القلبی اوردینی حمیت کا سب سے بڑا ثبوت فراہم کیا ہے۔

شام میں جنگ بندی پر اتفاق کے باوجود عملی طور پر بم باری جاری ہے۔آزادانہ انتخابات اور عبوری حکومت کے قیام کا وقت کب آئے گا، یہ اللہ بہتر جانتا ہے۔ امریکا کی فوجی مداخلت بھی روس کی جارحیت کو روک نہیں سکی ہے۔ترکی کی زیادہ پیش قدمی ایران کے لیے دعوت مبازرت بن جائے گی۔ بظاہرابھی اُفق پر اندھیرا ہے۔ سفینہ ساحلِ نجات تک کب پہنچے گا،کسی کونہیں معلوم۔ جب ہر ’ناخدا‘ سے اُمید کا سر رشتہ ٹوٹ جاتا ہے تب غیب سے خدا کی کارسازی کا ظہور ہوتا ہے۔ وہ فَعَّالٌ لِّمَا يُرِيْدُ(ھود۱۱:۱۰۷) ہے، وہ جو چاہے کرسکتا ہے۔ وَلِلہِ جُنُوْدُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ ۝۰ۭ (الفتح۴۸:۴) ’’آسمانوں اور زمین کے تمام لشکر اس کے قبضۂ قدرت میں ہیں‘‘۔