تزکیہ و تربیت


بین الاقوامی کانفرنس کا اعلامیہ

مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی صدسالہ تقریبات کے موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کی دعوت پر ’’احیاے اسلام اور اُمت مسلمہ‘‘ کے عنوان سے ایک دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس ۶-۷ دسمبر ۲۰۰۳ء کولاہور کے ایوانِ اقبال میں منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں قطر‘اُردن‘ لبنان‘ مصر‘ فلسطین‘ مراکش‘ ایران‘ کویت‘ سوڈان‘ نیپال‘ تیونس‘بنگلہ دیش‘ ملائیشیا اور امریکہ سے اسلامی تحریک کے قائدین‘ مفکرین اور دانش وروں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر ایک ۲۲ نکاتی اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں مستقبل کی حکمتِ عملی کے اہم نکات کا ذکر کیا گیا ہے۔ ہم اس اعلامیے کا مکمل متن قارئین کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔ (ادارہ)

۱-            سب سے زیادہ اہم بات اور اُمت کے کرنے کا اولین کام یہ ہے کہ ہر سطح پر مسلمان قرآن و سنت کی تعلیمات سے بخوبی آگاہ ہوں اور اس بات کا عزم صمیم کریں کہ وہ اپنی انفرادی‘ اجتماعی اور قومی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کریں گے۔ اسلامی تعلیمات کو عام کرنا‘ اس پر عمل کرنا اور کرانا ان کی زندگیوں کا اہم ترین مقصد قرار پائے۔

۲-            طاغوت اپنے پورے لائو لشکر کے ساتھ مسلمانوں‘ اسلام اور اسلامی تحریکوں بحیثیت مجموعی پوری انسانیت پر حملہ آور ہے۔ اس کی کوشش ہے کہ اسلامی تحریکوں پر بے بنیاد الزامات لگا کر انھیں بالکل ہی ختم کر دیا جائے۔ اسی مقصد کے حصول کے لیے اس نے       دینی مدارس اور علما کے خلاف زبردست پروپیگنڈے کا بازار گرم کر رکھا ہے تاکہ دینی مدارس اور    علما دونوں کے خلاف اقدامات کرنے کا جواز پیدا ہو جائے۔ اسی طرح نفاذ شریعت کے لیے سرگرم دینی عناصر زیر عتاب ہیں۔ دوسری جانب یہی قوتیں اخلاقی بے راہ روی‘ عریانی‘ بے حیائی اور اخلاقی فساد پھیلانے کے لیے کوشاں ہیں۔ طاغوت بدی کو فروغ دینے اور نیکی کو مٹانے پر تلاہوا ہے۔ اُمت مسلمہ پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ خود کو اور انسانیت کو طاغوت کی تباہ کاریوں سے محفوظ کرنے کے لیے منظم اور متحد ہو کر اسوۂ حسنہؐ کی روشنی میں پرامن اور مؤثر جدوجہد کرنے پر کمر بستہ ہو جائے تاکہ دنیا کو تباہی سے بچایا جا سکے۔ نیز ظلم کے خاتمے‘ انصاف کے قیام اور آزادی کے حصول کے لیے تمام تر جدوجہد اسلامی احکامات کے مطابق اور پرتشدد اور خفیہ سرگرمیوں سے پاک ہو اور اس میں انتقام اور دہشت گردی کا کوئی شائبہ بھی نہ پایا جائے۔

۳-            اسلام دشمن قوتیں باہم یک جا ہو کر اُمت مسلمہ پر حملہ آور ہیں۔ ان حالات میں اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ تمام فروعی اختلافات کو ختم کر کے پوری دنیا کے مسلمان متحد ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔

۴-            درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ امر ناگزیر ہے کہ مسلم دنیا میں تعلیمی معیار کو بلند کیا جائے۔ اپنے ایجنڈے میں تعلیم کو اولیت دی جائے۔ اپنی تہذیبی اقدار کا تحفظ کیا جائے اور جہالت اور جاہلانہ رسوم کا خاتمہ کیا جائے۔ علماے حق اور اسلامی مفکرین کے تعاون سے مثالی تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں اور موجودہ تعلیمی اداروں کو بہتر بنایا جائے۔

۵-            آزاد مسلم ممالک میں اسلامی شریعت کو عملاً نافذ کیا جائے تاکہ عدل‘ انصاف‘ مساوات اور امن و امان کا دور دورہ ہو اور مسلم ممالک پوری دنیا کے لیے ایک قابل تقلید نمونہ  بن سکیں۔

۶-            اسلامی احکام اور شعائر کے مطابق اجتہاد اور جہاد کی ذمہ داریاں پوری احتیاط اور اسلامی آداب کے مطابق ادا کی جائیں۔ اگر اجتہاد فکری زندگی اور تابندگی کے لیے ضروری ہے تو جہاد انسانی زندگی کو عدل اور انصاف کے مطابق استوار کرنے کا ذریعہ ہے۔ جہاد کو طاغوت نے اپنے مذموم پروپیگنڈے سے دہشت گردی کا جو نام دیا ہے‘ کانفرنس اسے مسترد کرتے ہوئے اعلان کرتی ہے کہ جہاد‘ ظلم اور استعماری قبضے کے خاتمے اور عدل کے قیام کا ذریعہ ہے۔ یہ قیامت تک جاری رہے گا۔ اس پر کوئی پابندی قبول نہیں کی جا سکتی۔

۷-            اُمت کے تمام مکاتب فکر میں اتفاق‘ اتحاد‘ یگانگت‘ برداشت‘ تحمل اور وسعت نظر کے اصولوں کو اپنایا جائے۔ اختلاف رائے کو علمی سطح تک محدود رکھا جائے۔ دشمن کی سازشوں کا ادراک کرتے ہوئے اس کو اس بات کا موقع نہ دیا جائے کہ وہ مسلمانوں کو مسلک کے اختلاف کے نام پر باہم لڑا دے۔

۸-            اُمت مسلمہ کو ائمہ کفر کے برپا کیے ہوئے فتنوں اور خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے۔ یہ عناصر متحد ہو کر اُمت مسلمہ کو اپنی چیرہ دستیوں کا ہدف بنا رہے ہیں۔ ان کی کھلی اور چھپی سازشوں کو طشت ازبام کیا جائے۔

۹-            ملت کے اجتماعی و سیاسی معاملات اور قومی قیادت کے نصب و عزل کے لیے انتخابات کا منصفانہ جمہوری طریقہ اپنایا جائے۔ اسلام شورائیت کا قائل اور آمریت کا شدید مخالف ہے‘ اس لیے تمام معاملات‘ مشاورت کے ذریعے طے کیے جائیں۔ آمریت اور استعمار کی حاشیہ بردار قیادتوں کے طرز عمل سے ملت کو نجات دلائی جائے تاکہ اجتماعی زندگی کا نظام آزادی‘ جمہوری اور شورائی اصولوں کے مطابق پروان چڑھ سکے۔

۱۰-         ملت اسلامیہ کو اس کے قومی‘ معدنی‘ زرعی اور خام وسائل پر استعماری قوتوں کی روز افزوں اجارہ داری سے نجات دلانے اور حکمرانوں کو دشمنوں کا آلہ کار بننے سے روکنے کے لیے افہام و تفہیم اور ابلاغ عامہ کے تمام مؤثرذرائع استعمال کیے جائیں۔

۱۱-         ملی وسائل کی ظالمانہ تقسیم کے موجودہ نظام کے خاتمے اور چند مراعات یافتہ طبقات کی اجارہ داری سے نکال کر امانت و دیانت کے ساتھ اُمت کی بہبود اور اس کے وسیع تر مفاد میں خرچ کرنے کے منصوبے بنائے جائیں تاکہ غربت کا خاتمہ ہو سکے اور ملت اسلامیہ حقیقی اور دیرپا معاشی اور معاشرتی ترقی حاصل کر سکے اور مظلوم انسانوں کو ان کے حقوق مل سکیں۔

۱۲-         اس حقیقت کو واشگاف کرنے کے لیے ہر ممکن طریقہ استعمال کیا جائے کہ اسلام کسی تہذیبی تصادم کا نہیں بلکہ تہذیبوں کے درمیان پرامن بقاے باہمی کا علم بردار ہے۔ اسلام انسانی مساوات‘ حقوق کے تحفظ اور احترام آدمیت اور مذہب کی آزادی کا دین ہے۔ تہذیبوں کے درمیان تصادم کا نعرہ مغربی دنیا نے متعارف کرایا ہے جو ایک خطرناک رجحان ہے۔ یہ نفرت پر مبنی نعرہ ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ ہم اس بات کے حامی ہیں کہ مختلف ادیان اور تہذیبوں کے درمیان معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ مکالمے اور گفت و شنید کے ذریعے طے پائیں تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے۔

۱۳-         عالمگیریت (گلوبلائزیشن) کے پرکشش نام پر استعمار پوری دنیا کو اپنے معاشی اور تہذیبی شکنجے میں جکڑنے کے لیے پوری شدت کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔ ملت کو اس خطرے سے آگاہ کیا جائے تاکہ متحد اور منظم ہو کر خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے۔

۱۴-         ملت اسلامیہ اپنی موجودہ سیاسی‘ معاشی‘ اقتصادی اور تعلیمی پستی میں استعماری طاقتوں کے رول اور ریشہ دوانیوں کے پورے شعور اور احساس کے ساتھ اس صورت حال کی تمام تر ذمہ داری صرف استعماری قوتوں پر ڈالنے کے بجاے حقیقت پسندی کے ساتھ خود بھی   اپنی کارکردگی کا جائزہ لے کر اپنی کوتاہیوں اور خامیوں کی اصلاح کرے۔ داخلی خرابیوں پر   قابو پائے بغیر خارجی دشمن کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔

۱۵-         کشمیر‘ فلسطین‘ افغانستان‘ عراق‘ شیشان‘ مشرقی یورپ‘ اراکان اور مورولینڈ کے مظلوم مسلمانوں اور دیگر مظلوم اور محکوم اقوام کے حق خود مختاری کو تسلیم کرانے اور ظالم کو ظلم سے باز رکھنے کے لیے اپنا پورا وزن ڈالا جائے۔

۱۶-         اعلیٰ تعلیم‘ تحقیق‘ سائنس اور ٹکنالوجی میں ترقی کو اولیت دی جائے اور اس بات کا بطورِ خاص اہتمام کیا جائے کہ طلبہ میں جدید علوم میں تحقیق کے ساتھ دینی روح اور جہادی جذبہ پیدا ہو۔

۱۷-         مشنری تنظیموں اور بیرونی این جی اوز کے تحت براہِ راست یا بالواسطہ چلنے والے تعلیمی اداروں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ وہ ہماری نئی نسل کو اپنے رنگ میں رنگ کر اُمت مسلمہ کے خلاف استعمال نہ کر سکیں۔ مغربی قوتیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے مسلمانوں کے قائم کیے ہوئے رفاہی اور خیراتی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ اس سے متاثر ہو کر بہت سے مفید اداروں کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ اس طرزِ عمل کی اصلاح کی جائے۔

۱۸-         بیرونی امداد پر سرگرم عمل نام نہاد این جی اوز کا احتساب بھی وقت کی ضرورت ہے۔ اس لیے کہ ان کا اصل ہدف ہمارے خاندانی نظام کی تخریب‘ تہذیبی اقدار سے انحراف اور ایمان کی بنیادوں کو تشکیک کا نشانہ بنانا ہے۔ یہ تنظیمیں استعماری مقاصد کی تکمیل کے لیے مسلم دنیا میں سرگرم عمل ہیں۔ ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے اہل دانش تمام وسائل   بروے کار لا کر اپنا مذہبی اور ملّی فرض ادا کریں۔

۱۹-         اُمت مسلمہ کے عالمی مسائل پرمضبوط آواز اٹھانے کے لیے او آئی سی کو نہ صرف فعال بنایا جائے بلکہ میڈیا‘ تجارت‘ تعلیم‘ صنعت اور دفاع کے شعبوں میں مشترکہ مؤقف اور پالیسیاں اپنائی جائیں تاکہ اُمت مسلمہ اپنا عالمی کردار ادا کرے اور کشمیر‘ فلسطین‘ شیشان‘ اراکان‘ مورولینڈ وغیرہ کے مظلوم مسلمانوں کو استعمار کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے اُمت ِمسلمہ تعمیری کردار ادا کر سکے۔

۲۰-         ابلاغ عامہ کی تمام اصناف ریڈیو‘ ٹیلی ویژن‘ انٹرنیٹ‘ اخبارات و جرائد ایک بہت بڑی قوت ہیں۔ ان کو انسانوں کی اصلاح‘ امن عامہ‘ محبت و اخوت اور اسلام کے پیغام کی تشہیر اور ملت کے مفاد میں استعمال کرنے کے منصوبے بنائے جائیں۔ اس وقت یہ قوت بڑ ی حد تک بدامنی کے فروغ‘ بے حیائی اور عریانی عام کرنے اور تشدد کا پرچار کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔ اس کا تدارک ضروری ہے۔

۲۱-         اسلام نے خواتین کو جو حقوق‘ احترام کا مقام اور تحفظ عطا کیا ہے اسے اجتماعی زندگی میں پوری دیانت داری کے ساتھ بروے کار لایا جائے۔ عورتوں کی حق تلفی کے رواجی اور جاہلانہ طریقوں اور رسومات کا خاتمہ کیا جائے جن کی اسلام ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ سیکولر عناصر عورتوں کے حقوق کے معاملے کو اسلامی احکام کے خلاف پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انھیں اس کا موقع نہ دیا جائے۔

۲۲-         ملت اسلامیہ کے وہ لوگ جو معلومات کی کمی یا کسی غلط فہمی کے باعث ایسی راہوں پر چل پڑے ہیں جن کا نقصان اُمت کو اور فائدہ استعماری قوتوں کو پہنچ رہا ہے‘ انھیں چاہیے کہ وہ کھلے دماغ کے ساتھ اپنی روش پر نظرثانی کریں اور دشمن کی تقویت کا ذریعہ بننے کے بجاے اُمت کے ساتھ تعاون اور اس کی تقویت کی راہ اپنائیں۔

یہ کانفرنس اپنے اس پختہ یقین کا اظہار کرتی ہے کہ طاغوتی قوتیں اپنے وسائل‘ عسکری قوت اور مخالفانہ پروپیگنڈے کے باوجود ناکام اور نامراد ہوں گی اور ان شاء اللہ باطل مغلوب اور حق غالب ہو گا اور اسلام کا آفاقی‘ عادلانہ اور منصفانہ نظام مظلوموں کو ظلم سے نجات دلائے گا اور اللہ کا کلمہ سربلند ہو گا۔ ان شاء اللہ!

یہ کانفرنس جماعت اسلامی پاکستان کے امیر قاضی حسین احمد اور منتظمین کی شکر گزار ہے کہ ایسے نازک مرحلے اور موڑ پرایک طویل عرصے کے بعد دنیاے اسلام کے چیدہ اور منفرد علما‘ رہنمائوں اور دانش وروں کو مل بیٹھنے‘ اپنے خیالات کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔ کانفرنس کو توقع ہے کہ اس کی جانب سے جاری کیا جانے والا یہ متفقہ اعلامیہ دنیاے اسلام کے لیے ایک بروقت پیغام ثابت ہو گا جس کے ان شاء اللہ مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ باہمی ملاقاتوں‘ تبادلہ خیال اور تعاون کا یہ سلسلہ مزید جاری رہے گا۔

انسانی زندگی ایک کل ہے جس کے مختلف اجزا ہیں‘ ایک وحدت ہے جس کے مختلف پہلو ہیں: مادی اور روحانی‘ انفرادی اور اجتماعی‘ اخلاقی اور معاشرتی‘ معاشی اور سیاسی۔ اسلام کی نظر میں زندگی کے یہ سارے پہلو توجہ کے طالب ہیں اور عنایت کے مستحق ہیں۔ اپنی اپنی جگہ پر ہر خیر کی ترقی بذاتہ مقصودہے‘ اور پوری زندگی کی تکمیل بحیثیت کل مطلوب ہے۔ اسلام نہ تنہا مادی ترقی چاہتا ہے‘ نہ تنہا روحانی طاقت‘ نہ صرف نفس کا تزکیہ اسے مطلوب ہے اور نہ صرف معاشرے کی تعمیر‘ نہ محض عبادات میں انہماک اس کے پیش نظر ہے‘ نہ محض اخلاق کی تحسین‘ نہ تنہا معاشی فلاح و بہبود عزیز ہے اور نہ صرف سیاسی عدل و انصاف۔ اسلام تمام شعبہ ہاے زندگی کی تکمیل اور یوں زندگی کی بحیثیت کل ترقی چاہتا ہے۔

ہماری تاریخ میں کبھی فلسفہ‘ کبھی تصوف‘ کبھی ذاتی میلان اور کبھی بعض روایات کے زیراثر صرف علم و عرفان کو غایت زندگی قرار دیا گیا ہے‘ کبھی ذات الٰہی میں فنا اور استغراق کو مقصود بتایا گیا ہے اور کبھی ذکروعبادت کو حاصل دین کہا گیا ہے۔ یہ سارے تصورات ناقص اور یک طرفہ ہیں۔

اسلام کو پوری زندگی کی ہمہ جہتی تکمیل مطلوب ہے۔ اس حقیقت کا اظہار شریعت اسلامی کے تمام ممتاز شارحین اور حکما نے کیا ہے جن میں حجۃ الاسلام امام غزالی  ؒ، شیخ الاسلام ابن تیمیہؒ، فقیہ اندلس ابواسحاق شاطبیؒ، عزالدینؒ ابن عبدالسلام اور شاہ ولی ؒ اللہ شامل ہیں۔ میں یہاں صرف علامہ شاطبیؒ کا قول نقل کروں گا۔ فرمایا:

الاحکام الشرعیہ انما شرعت لجلب المصالح او درء المفاسد ‘ وھی مسبباتھا قطعاً (الموافقات فی اصول الشریعۃ‘ ابواسحاق الشاطبی ‘تصحیح شیخ عبداللہ دراز‘ المکہ التجارید‘ مصر‘بدون‘ سنہ ‘ ج ۱‘ ص ۱۹۵) شریعت کے احکام مصالح کے حصول اور مفاسد کے ازالے کے لیے وضع کیے گئے ہیں۔ یقینا یہی چیزیں ان کی تشریع کا سبب ہیں۔

مصالح اور مفاسد کی تشریح کرتے ہوئے علامہ نے لکھا:

اعنی بالمصالح ما یرجع الی قیام حیوۃ الانسان وتمام عیشہ ونیلہ ما تقتضیہ اوصافہ الشھوانیہ والعقلیۃ علی الاطلاق حتی یکون منعما علی الاطلاق (ایضاً‘ ج ۲‘ ص ۲۵) مصالح سے میری مراد وہ ساری چیزیںہیں جن سے انسانی زندگی کا قیام اور اس کی تکمیل عبارت ہے‘ جن سے انسان کے تمام جسمانی اور عقلی مقاصد پورے ہوتے ہیں اور انسان ہر اعتبار سے خوش اور کامیاب ہوتا ہے۔

زندگی کی ہمہ جہت تکمیل کے مقصد کے پیش نظر شریعت نے زندگی کے تمام شعبوں میں ہمارے لیے اہداف مقرر کیے ہیں۔ ان میں سے بعض اہداف کی تحصیل لازمی اور ضروری قرار دی ہے‘ یہ فرض و واجب ہیں۔ اور بعض کو پسندیدہ کہا ہے اور ان کے حصول کی ترغیب دی ہے‘  یہ مستحب اور مندوب ہیں۔ پھر ان میں کون زیادہ اہم ہے‘ کون کم اہم اور کس کو کس پر ترجیح حاصل ہے‘ اس کی مختلف انداز سے وضاحت بھی شریعت نے کر دی ہے۔ اس کام کو نہ ہماری عقل پر چھوڑا ہے‘ نہ ہماری پسند اور میلان طبع پر‘ اور نہ کسی کے کشف و الہام ہی پر۔

شریعت کے مقرر کردہ لازمی اہداف کی تکمیل اور پسندیدہ و مستحب اہداف کی بیش از بیش تحصیل اور اس کاوش میں ان ترجیحات کا لحاظ جن کی نشان دہی شریعت نے کر دی ہے وہ عبادت جامعہ ہے جسے خالق نے ہماری تخلیق کی غایت قرار دیا ہے‘ فرمایا:

وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلاَّ لِیَعْبُدُوْنِ o (الذّٰریٰت  ۵۱: ۵۶) میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اس لیے پیداکیا کہ وہ میری عبادت کریں۔

اس عبادت جامعہ کا ایک اہم جز معروف عبادات ہیں۔ دوسرے تمام اجزا کی طرح عبادات بھی بذات خود مقصود ہیں۔ نماز ہو یا روزہ‘ ذکر ہو یا تلاوت‘ حج ہو یا قربانی‘ یہ ساری عبادتیں فی نفسہ مطلوب ہیں۔ بلاشبہہ زندگی کے دوسرے شعبوں کی اصلاح و تعمیر میں ان کا اہم کردار ہے‘ لیکن یہ ان کی ثانوی حیثیت ہے۔ اولاً واصلاً یہ بذاتِ خود مقصود و مطلوب ہیں۔ یہی ان کی اصل حقیقت ہے۔ دوسرے مقاصد کے حصول میں ان کی افادیت ان کی اصل حقیقت نہیں ہے۔

قرآن و حدیث کی تصریحات کی روشنی میں نماز ایک طرف اللہ رب العزت کی حمدوثنا‘ تسبیح و تقدیس‘ تکبیروتعظیم ہے‘ دوسری طرف انسان کی اپنی بندگی کا اثبات‘ عجزونیازمندی کا اظہار‘ رکوع و سجود ہے‘ تیسری طرف رب کے کلام کی تلاوت‘ اس کے احکامات کا استحضار‘ اس کی اطاعت کا محور‘ اس سے رہنمائی اور مدد کی درخواست‘ اور اپنی کوتاہیوں پر مغفرت کی دعا ہے۔

یہی نماز کی اصل حقیقت ہے۔ جہاں تک معاملہ ہے فحش و منکرسے روکنا‘ اخلاق حسنہ سے آراستہ کرنا‘ اطاعت کا خوگر بنانا‘ اجتماعیت کا احساس بیدار کرنا وغیرہ‘یہ نماز کے فوائد ہیں۔ ان سب کی حیثیت ثانوی ہے۔ کسی چیز کی اصل حقیقت اور غایت اور اس کے ذیلی فوائد میں جو فرق ہوتا ہے وہی فرق یہاں بھی کرنا چاہیے۔ قرآن نے اس فرق کی نشان دہی اس طرح فرمائی ہے:

اِنَّ الصَّلٰوۃَ  تَنْھٰی عَنِ الْفَحْشَآئِ وَالْمُنْکَرِط  وَلَذِکْرُ اللّٰہِ اَکْبَرُط (العنکبوت ۲۹: ۴۵) بے شک نماز فحش اور منکر سے روکتی ہے اور اللہ کا ذکر اس سے بھی زیادہ بڑی چیز ہے۔

روزے کا مقصد قرآن مجید میں تقویٰ بتایا گیا ہے۔ فرمایا گیا:

یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا کُتِبَ عَلَیْکُمُ الصِّیَامُ کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوْنَ o (البقرہ ۲:۱۸۳) اے ایمان لانے والو‘ تمھارے اوپر روزے ایسے ہی فرض کیے گئے ہیں جیسے تم سے پہلے کے لوگوں پر فرض کیے گئے۔ توقع ہے کہ تم میں تقویٰ کی صفت پیدا ہوگی۔

تقویٰ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی اور ناخوشی سے بچنے اور اس کے احکامات بجا لانے کا نام ہے۔ روزہ انسان کے لیے بھوکا‘ پیاسا اور جنسی عمل سے دُور رہنے کی مشق اور ضبطِ نفس کی غیرمعمولی تربیت ہے۔ مگر یہ مشق اور یہ تربیت بذاتِ خود مقصود نہیں‘ مقصود تقویٰ ہے۔ تقویٰ کی تفصیل قرآن مجید میں مختلف مقامات پر آئی ہے‘ جیسے البقرہ ۱ تا ۴ اور ۱۷۷‘ آل عمران ۱۳۳ تا ۱۳۵‘ اللیل ۱۷ تا ۲۱ وغیرہ۔ ان آیات کی روشنی میں تقویٰ اس عبادت جامعہ کی انجام دہی کا ایک اسٹیج ہے جس کا ذکر شروع میں کیا گیا ہے۔ معروف عبادات میں سے نماز‘ تلاوت قرآن‘ اور ذکر روزے کے اول اجزا ہیں۔ روزے میں انھی کی کثرت ہوتی ہے ‘ اور انھی پر بیشتر قوت صرف ہوتی ہے۔ زندگی کے دوسرے شعبوں میں اللہ کی نافرمانی سے بچنا اور اس کے احکامات بجا لانا‘ خلق خدا کے ساتھ حسن سلوک‘ ہمدردی اور مواساۃ‘ ان ساری چیزوں کا نمبر بعد میں آتا ہے‘ اگرچہ کہ یہ دونوں اجزا‘ ربانی اور انسانی روزے کی حقیقت میں شامل ہیں اور بذاتہ مطلوب ہیں۔

خدا کا ذکر نماز اور روزے میں محصور نہیں ہے۔ قرآن نے کھڑے‘ بیٹھے اور لیٹے ذکر کی تلقین کی ہے اور دو بار ذکرکثیر کی ترغیب دی ہے(الاحزاب ۳۳:۳۵‘ ۴۱)۔ اللہ کے رسولؐ نے بتایا ہے کہ صبح و شام‘ سوتے جاگتے‘ کھاتے پیتے‘ گھر سے نکلتے اور داخل ہوتے‘ مسجد میں قدم رکھتے اور باہر جاتے‘ لباس زیب تن کرتے وغیرہ وغیرہ مختلف اوقات اور مواقع پر اللہ تعالیٰ کو کیسے یاد کیا جائے‘ اور یہ بھی بتایا ہے کہ اس کی وحدانیت کا اثبات کیسے کیا جائے‘ اس کی تسبیح و تقدیس کس طرح کی جائے‘ تکبیر و تعظیم کے لیے کیا الفاظ ادا کیے جائیں۔ اس کی نعمتوں پر شکر‘ آزمایشوں پر صبر‘ اس کے عذاب سے پناہ‘ اس کی مدد کی طلب‘ اور اس سے معافی کی درخواست کس ڈھنگ سے کی جائے‘ ان ہی ساری چیزوں کا اہتمام وہ ’’ذکرکثیر‘‘ ہے جس کا حکم قرآن مجید میں دیا گیا ہے۔

عبادت اور تعمیر سیرت

عبادات بذاتِ خود مقصود اور مطلوب ہیں‘ اب تک کی گفتگو اس موضوع پر تھی۔ اب عبادات کے دوسرے پہلو‘ یعنی دین کے دوسرے مقاصد کے حصول میں ان سے کیا مدد ملتی ہے‘ اس پر کچھ عرض کرنا چاہوں گا۔

نماز اور خاص طور پر تہجد کی نمازاللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط بنانے میں بے حد موثر ہے۔ خدا کے ساتھ اخلاص‘ محبت‘ اعتماد اور بھروسے کی کیفیت پروان چڑھانے‘ نتائج اور انجام کو   اللہ کے حوالے کر کے دین کی اشاعت اور اس کی اقامت میں ہمہ تن لگ جانے کے لیے انسان کو تیار کرنے میں تہجد کی نماز کا کردار غیرمعمولی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولؐ کو کارِ رسالت کی گراں قدر ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کے لیے تیاری کا جو پروگرام تجویز کیا اس میں    قیام لیل سرفہرست تھا۔ فرمایا:

اِنَّ نَاشِئَۃَ الَّیْلِ ھِیَ اَشَدُّ وَطْاً وَّاَقْوَمُ قِیْلاً o  اِنَّ لَکَ فِی النَّھَارِ سَبْحًا طَوِیْلًا o وَاذْکُرِ اسْمَ رَبِّکَ وَتَبَتَّلْ اِلَیْہِ تَبْتِیْلاً o رَبُّ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ لَآ اِلٰہَ اِلاَّ ھُوَ فَاتَّخِذْہُ وَکِیْلًاo (المزمل ۷۳:۶-۹) درحقیقت رات کا اٹھنا نفس پر قابو پانے کے لیے بہت کارگر ہے۔ اور قرآن ٹھیک ٹھیک پڑھنے کے لیے زیادہ موزوں ہے۔ دن کے اوقات میں تمھارے لیے بہت مصروفیات ہیں۔ اپنے رب کے نام کا ذکر کیا کرو اور سب سے کٹ کر اسی کے ہو رہو۔ وہ مشرق اور مغرب کا مالک ہے‘ اس کے سوا کوئی خدا نہیں‘ لہٰذا اسی کو اپنا سرپرست بنا لو۔

بنی اسرائیل نے خدا سے جو عہد کیا تھا اس کو پورا کرنے‘ راست روی‘ اظہار حق‘ اقامت صلوٰۃ‘ ایتاء الزکوٰۃ‘ امر بالمعروف ونھی عن المنکرکی بھاری ذمہ داری ادا کرنے میں  رب سے مدد طلب کرنے کی صورت انھیں یہ بتائی گئی:

وَاسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَالصَّلٰوۃِط وَاِنَّھَا لَکَبِیْرَۃٌ اِلاَّ عَلَی الْخٰشِعِیْنَ o (البقرہ ۲:۴۵) صبر اور نماز سے مدد لو‘ بے شک نماز ایک سخت مشکل کام ہے مگر عاجزی کرنے والے بندوںکے لیے نہیں۔

تحویل قبلہ کی اجازت نے صحابہؓ کی اسلامی جماعت کو ایک علیحدہ تشخص عطا کیا۔ اس نعمت کے ساتھ ایک دوسری بڑی نعمت کی بشارت بھی انھیں دی گئی۔ کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ تمھارے دین کی تکمیل بھی فرما دے گا۔ اولاً نعمت کا شکر ادا کرنے اور دوسرے نعمت عالیہ کے لیے اپنے کو تیار کرنے کے لیے یہ ہدایت دی گئی:

فَاذْکُرُوْنِیْٓ اَذْکُرْکُمْ وَاشْکُرُوْا لِیْ وَلاَ تَکْفُرُوْنِ o یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَالصَّلٰوۃِ ط  اِنَّ  اللّٰہَ  مَعَ  الصّٰبِرِیْنَ o (البقرہ ۲: ۱۵۲-۱۵۳) مجھے یاد کیا کرو‘ میں تمھیں یاد رکھوں گا۔ میرے انعامات کا شکر ادا کرو‘ ناشکری مت کرو۔ اے ایمان لانے والو! نماز اور صبر سے مدد چاہو۔ بے شک اللہ صابرین کے ساتھ ہوتا ہے۔

عبادات کا اسلامی زندگی میں کیا مقام ہونا چاہیے‘ اس کا صحیح جواب نبی کریمؐ اور آپؐ کے اصحابؓ کی سیرت ہی میں ملتا ہے۔ جہاں تک حضورؐ کا تعلق ہے یہ معلوم ہے کہ آپؐ پنج گانہ نمازوں کے علاوہ تہجد کا پابندی سے اہتمام فرماتے۔ ابتدا میں رات کا بیشتر حصہ قیام میں گزرتا حتیٰ کہ پائوں سوج جاتے۔ بعد میں مصروفیات بڑھیں تو آٹھ اور دس رکعتیں پڑھنے لگے۔ طلوع آفتاب کے بعدضحی کی نماز اور مغرب کے کچھ دیر بعد چند رکعتیں پڑھتے۔ ضحی کی نماز کی تو قریبی اصحاب کو تاکید فرماتے۔

میں نماز کے بہت سے اسرار کا ذکر کر چکا ہوں۔ ایک اور کا ذکر یہاں کرنا ضروری ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ اللہ تعالیٰ نے آپؐ کی ساری خطائیں‘ اگلی اور پچھلی معاف کر دی ہیں۔ آپؐ اس قدر طویل نمازیں کیوں پڑھتے ہیں؟ فرمایا: ’’کیا میں خدا کا شکرگزار بندہ نہ بنوں‘‘ (صحیح مسلم‘ باب اکتار الاعمال والاجتہاد فی العبادۃ‘ حدیث ۲۸۲۰)

آپؐ پر اللہ تعالیٰ نے جو غیر معمولی اور بے شمار نعمتیں کی تھیں آپؐ اس طرح ان کا شکر ادا کرنا چاہتے تھے۔ ہمیں قرآن مجید کی یہ آیت بھی پیش نظر رکھنی چاہیے:

لَئِنْ شَکَرْتُمْ لَاَ زِیْدَنَّکُمْ (ابرٰھیم ۱۴: ۷) اگر تم شکر کرو گے تو میں تمھیں اور دوں گا۔

نمازوں کے علاوہ حضور صبح و شام ‘ مختلف حالات اور مختلف مواقع کے ذکر کا اہتمام فرماتے۔ خود کرتے اور دوسروں کو ترغیب دیتے۔ زندگی کا ہر لمحہ خدا کی اطاعت اوراس کے کلمے کے اعلاء میں صرف ہوتا‘ لیکن اس کے باوجود یہ احساس آپؐ کو ہمیشہ رہتا کہ مجھے جو کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کر سکا۔ چنانچہ دن میں سو سو بار استغفار فرماتے۔ آخری دنوں میں تو سجدہ کی حالت میں بھی تسبیحات کے ساتھ بار بار معافی مانگتے (کتاب التفسیر‘ حدیث ۴۹۶۸)۔ جب قرآن کی وہ آیات پڑھتے یا سنتے جن میں رسالت کی ذمہ داریوں کے بارے میں سوال کا ذکر ہے تو آنکھیں اشکبارہو جاتیں (الطبقات الکبریٰ‘ ابن سعد‘ دارالکتب العلمیہ‘ بیروت‘ ۱۹۹۲ئ‘    ص ۲۶۱-۲۶۲)۔ راہِ خدا کی تکلیفیں جب حد سے بڑھ جاتیں تو نماز کا سہارا لیتے۔ فرماتے: ’’نماز میں میرے لیے آنکھوں کی ٹھنڈک رکھی گئی ہے‘‘۔ (سنن النسائی‘ کتاب عشرۃ النسائ‘ حدیث ۳۹۴۹)

آپؐ کے اصحاب کا حال مختلف نہیں تھا‘ حضرت ابوبکرؓ کو لیجیے۔ آپ راتوں میں دیر تک قیام کرتے‘ جب قرآن کی تلاوت کرتے تو گریہ طاری ہو جاتا۔ آخرت کی جواب دہی کا احساس اس قدر شدید تھا کہ ہرا بھرا درخت دیکھتے تو کہتے کاش اس جیسا ہوتا کہ جواب دہی نہ کرنی پڑتی (خلفاے راشدین‘ معین الدین ندوی‘ دارالمصنفین‘ اعظم گڑھ‘ ۱۹۵۴ئ‘ ج ۱‘ ص ۸۸)۔

ایک روز رسولؐ اللہ نے صحابہ کرامؓ سے پوچھا کہ آج تم میں سے روزہ سے کون ہے؟ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: آج کس نے جنازے کی مشایعت کی؟ کس نے مسکین کو کھانا کھلایا؟ کس نے مریض کی عیادت کی؟ ان سارے سوالوں کے جواب میں جو زبان گویا ہوئی وہ حضرت ابوبکرؓ  کی تھی۔ حضورؐ نے ارشاد فرمایا: جس نے ایک دن میں اتنی نیکیاں جمع کی ہوں وہ یقینا جنت میں جائے گا‘‘ (مسلم‘ کتاب فضائل الصحابہ‘ باب فضائل ابی بکر‘ حدیث ۱۰۲۸)۔ خلیفہ ہونے کے بعد بھی یہ معمولات جاری رہے‘ اگرچہ مصروفیات کی وجہ سے ان میں کمی آگئی۔آپ کی سیرت کے اس انتہائی مختصر تذکرے میں بھی زندگی کی ہمہ جہتی تکمیل کی ایک جھلک دیکھی جا سکتی ہے جو اسلام کے پیش نظر ہے۔

شاہ ولی ؒ اللہ نے صحابہؓ کے بارے میں لکھا ہے:

عہدرسالتؐ اور عہدصحابہؓ اور کئی صدیوں بعد تک اہل کمال کی توجہ شریعت کے ظاہری اعمال کی بجاآوری پر تھی‘ دوسری چیزوں پر نہیں۔ ان کا احسان یہ تھا کہ نماز اور روزہ‘ ذکروتلاوت‘ اور حج ادا کریں‘ صدقہ دیں اور جہاد کریں۔ ان میں سے کسی نے بھی ایک لمحے کے لیے مراقبہ نہیں کیا۔ اذکار اور اعمال کے علاوہ کسی اور طریقے سے اللہ کو یاد نہیں کیا۔ ان کے محققین نماز و ذکر میں خدا سے مناجات کا لطف اٹھاتے‘ تلاوت کے دوران اپنا محاسبہ کرتے‘ غیراللہ سے تعلق ختم کرنے اور بخل سے نجات پانے کے لیے زکوٰۃ دیتے۔ وعلیٰ ہذا القیاس۔

ان میں سے کسی نے چیخ نہیں ماری‘ نہ ان پر وجد کی کیفیت طاری ہوئی‘ نہ کسی سے غیرمعمولی حرکات سرزد ہوئیں‘ اور نہ نظمات کا صدور ہوا۔ تجلی اور استقار جیسی کیفیات سے وہ بالکل ناآشنا تھے۔ صرف جنت کے طلب گار اور جہنم سے خائف تھے۔ کشف و کرامت‘ خوارق عادات‘ سکرو و غلبات ان کے یہاں پائے نہیں جاتے۔ اگر کوئی چیز ظاہر بھی ہوئی تو اتفاقیہ ہوئی۔ قصد و ارادے کی پیداوار نہیں تھی کہ ذاتی ملکہ سے صادر ہو۔ اگر ان میں سے کسی نے کہا: ’’طبیب ہی نے تو مجھے بیمار کر ڈالا ہے‘‘ تو وہ ایسا ہے جیسے کہ عام آدمی کو کسی چیز میں بصیرت حاصل ہو جائے۔ یہ تھے احوال اس طبقے کے ۔(ھمعات‘ شاہ ولی اللہ‘ تصحیح نورالحق علوی و غلام مصطفی قاسمی‘ شاہ ولی اللہ اکیڈمی‘ حیدر آباد‘ پاکستان‘ ۱۹۶۴ئ‘ ص ۱۶-۱۷)

صحابہؓ کے سلوک کی یہ تصویر مکمل ہو جائے گی اگر اس کے ساتھ اقامت دین کے لیے ان کی جدوجہد‘ اس راہ کی تکالیف اور آزمایشوں میں ان کی استقامت‘ رجوع الی اللہ اور انابت‘ بندگانِ خدا کی زندگی کو اسلامی خطوط پر استوار کرنے کی ان کی کوشش‘ معیشت اور سیاست کو شریعت کا پابند کرنے اور خلق خدا کی خوشی اور خوش حالی کے لیے یہ جامع سلوک صحابہؓ کے بعد بھی ایک دو صدی تک معمول تھا۔ بعد میں دھیرے دھیرے تبدیلیاں ہونے لگیں۔ کچھ چیزیں دوسری قوموں سے لی گئیں‘ اور کچھ تجربات خود کیے گئے۔ اس کے نتیجے میں ایک نئی روحانیت وجود میں آئی۔ نمازوں کی بے حد کثرت ہوئی‘ مسلسل روزے رکھے گئے۔ ذکر کے نئے نئے طریقے ایجاد ہوئے‘ اور ان میں ایسا انہماک ہوا کہ دین کے دوسرے پہلو آنکھوں سے اوجھل ہوگئے۔ شروع میں ان کی طرف توجہ نہیں ہوئی‘ بعد میں انھیں اعتنا کے قابل نہیں سمجھا گیا۔نماز‘ روزہ‘ ذکرو تلاوت ہی اصل دین اور سارا دین قرار پائے۔ دین کے دوسرے شعبے خاص طور پر جن کا تعلق دین کے اجتماعی نظام اور دنیا کی زندگی کو اسلامی خطوط پر استوار کرنے سے ہے وہ دین نہیں دنیا شمار ہونے لگے اور ان کے لیے جدوجہد دین داری نہیں دنیا پرستی قرار پائی۔

گذشتہ صدی میں اسلام کے احیا کی جو تحریکیں برعظیم پاک و ہند‘ ممالک عربیہ‘ اور اسلامی دنیا کے دوسرے حصوں میں اٹھی ہیں‘ انھوں نے دین کے اس محدود اور یک طرفہ تصور پر تنقید کی۔ دین کے اجتماعی پہلو کی اہمیت بتائی۔ معاشرت‘ معیشت اور سیاست کو اسلامی خطوط پر کیسے استوار کیا جائے‘ اس کی وضاحت کی‘ اور دین کے اس حصے کے قیام کی کوشش کو اسلامی زندگی میں جو اہمیت حاصل ہے اسے اجاگر کیا اور اس طرح شریعت کے اصل مقاصد کے حصول کی جدوجہد کے لیے اُمت کو منظم اور متحرک کیا۔ البتہ اس امر کا ادراک اور احتساب بھی ضروری ہے کہ احیاے دین اور اقامتِ شریعت کے عظیم کام کی انجام دہی کے لیے فرد اور اجتماع دونوں کو تیار کرنے کے لیے جس درجے کے تزکیے‘ کردار سازی‘ تعلق باللہ اور فکرِآخرت کی ضرورت ہے اور اسلام کے احیا کی اس کوشش میں عبادات کو جو مقام ملنا چاہیے وہ کہاں تک حاصل کیا جاسکا؟ نماز‘ روزہ‘ ذکرو تلاوت‘ سب بذاتہ مقصود ہیں‘ یہ تصور صحیح معنی میں کہاں تک ہماری زندگیوں میں رچ بس سکا‘ اسلامی زندگی میں انھیں جو جگہ ملنی چاہیے وہ مطلوبہ حد تک ملی یا اس میں کچھ کمی رہ گئی؟---یہ سوال اٹھا کر اور تحریک اسلامی کے کارکنوں کو اس پر غور کی دعوت دیتے ہوئے میں اپنی گفتگو ختم کرتا ہوں اور اپنے لیے اور آپ کے لیے اللہ تعالیٰ سے توفیق عمل کی دعا کرتا ہوں۔

ترجمہ: خدا بخش کلیار

اﷲ تعالیٰ نے انسان کو مٹی کی ایک مٹھی اور روح کی ایک پھونک سے پیدا فرمایا۔ مٹی کے جزو کے لیے کھانا پینا آسان کر دیا جس سے جسم نشوونما پاتا ہے اور بدن میں قوت آتی ہے‘لیکن جہاں تک روح کا تعلق ہے وہ ایک بڑا راز ہے جس کی حقیقت کو انسان نہیں سمجھ پاتا۔

روح کی غذا‘ قوت‘ زندگی اور اس کی حفاظت اس کے خالق اور موجد کے مقرر کردہ طریق کار سے ہی ممکن ہے: اَلاَ یَعْلَمُ مَنْ خَلَقَط وَھُوَ الَّلطِیْفُ الْخَبِیْرُ (الملک  ۶۷:۱۴) ’’کیا وہی نہ جانے گا جس نے پیدا کیا ہے؟ حالانکہ وہ باریک بین اور باخبر ہے‘‘۔ اﷲ تعالیٰ نے روح کے لیے وہ چیز بنائی ہے جس سے اسے بلندی‘ ارتقا‘ لطافت اور سرور حاصل ہو۔

ذکر: معنی و مفہوم

]’’ذکر‘‘ کا لفظ قرآن میں اصطلاحاً کلامِ الٰہی کے لیے استعمال ہوا ہے جو سراسر نصیحت بن کے آتا ہے۔ پہلے جتنی کتابیں انبیا پر نازل ہوئی تھیں وہ سب بھی ’’ذکر‘‘ تھیں اور یہ قرآن بھی ’’ذکر‘‘ ہے۔ ذکر کے اصل معنی ہیں ’’یاد دلانا‘‘، ’’ہوشیار کرنا‘‘، اور ’’نصیحت کرنا‘‘۔ (تفہیم القرآن‘ ج ۲‘ ص ۴۹۸)[

’’روح کو جس چیز سے سب سے زیادہ توانائی اور راحت حاصل ہوتی ہے وہ اس کے خالق کا ذکر ہے۔اسی سے وہ غذا پاتی ہے اور وہی اس کی معراج اور زینت ہے۔ وہی اس کا ہتھیار ہے جس سے وہ تقویت پاتی ہے۔یہ وہ پروانۂ ولایت ہے کہ جسے دیا گیا وہ منزل پر پہنچا اور جس سے روک لیا گیا وہ محروم رہا۔ یہ لوگوں کے دلوں کی خوراک ہے کہ جب وہ نہیں ملتی تو ان کے جسم قبریں بن کر رہ جاتے ہیں۔ یہ ان کے گھروں کی آبادی ہے کہ جب وہ اس سے خالی ہو گئے تو وہ برباد ہو گئے۔ یہ وہ اسلحہ ہے جس کے ساتھ وہ رہزنوں سے لڑتے ہیں۔یہ وہ پانی ہے جس سے وہ آگ کے شعلے بجھاتے ہیں اور یہ بیماریوں کی وہ دوا ہے کہ جب نہیں ملتی تو ان کے دل بیمار پڑجاتے ہیں۔ یہ قرب کا وہ وسیلہ ہے جو انھیں علام الغیوب تک پہنچاتا ہے۔ اسی کے ذریعے وہ آفات سے اپنا دفاع کرتے ہیں‘ اسی سے تکالیف دور ہٹاتے ہیں اوراسی کے باعث مصیبتیں ان پر آسان ہوجاتی ہیں ۔ جب ان پر کوئی آزمایش آتی ہے تو وہی ان کی پناہ گاہ ہے۔جب بلائیں ان پر نازل ہوتی ہیں تو وہی ان کو بچاتا ہے۔ وہی ان کے جنت کے باغات ہیں جن میں وہ چلتے پھرتے ہیںاور ان کی خوش بختی کا راس المال بھی وہی ہے جس سے وہ تجارت کرتے ہیں۔وہ افسردہ دل کو مسرت سے ہم کنار کر دیتا ہے۔ وہ ذاکر کو مذکور سے ملاتا ہے اور اسے ذاکر و مذکور بنا دیتا ہے‘‘ (تہذیب المدارج‘ ص ۴۶۳) --- کتنی عمدہ ہے ذکر کی یہ تعریف جو ابن القیمؒ نے کی ہے۔ وہ کتنے بڑے صاحب فہم ہیں۔ ان معانی پر غور تو کرو!

اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے:  یٰٓاَیُّھَاالَّذِیْنَ اٰمَنُوا اذْکُرُوا اللّٰہَ ذِکْرًا کَثِیْرًا (الاحزاب ۳۳: ۴۱ )  ’’اے لوگو!جو ایمان لائے ہو‘ اﷲ کو کثرت سے یاد کرو‘‘۔ اور اس کے لیے وقت کی کوئی تخصیص نہیں۔ اﷲ سبحانہ و تعالیٰ کا ارشاد ہے:  وَمِنْ آنَائِ اللَّیْلِ فَسَبِّحْ وَاَطْرَافَ النَّھَارِ لَعَلَّکَ تَرْضٰی (طٰہٰ ۲۰: ۱۳۰)  ’’اور رات کے اوقات میں بھی تسبیح کرو اور دن کے کناروں پر بھی‘ شاید کہ تم راضی ہو جاؤ‘‘۔اور کوئی حالت بھی ذکر سے مستثنیٰ نہیں‘ فرمایا: اَلَّذِیْنَ یَذْکُرُوْنَ اللّٰہَ قِیٰمًا وَّ قُعُوْدًا وَّعَلٰی جُنُوْبِھِمْ (آل عمران ۳:۱۹۱) ’’وہ ہوش مند لوگ جو اٹھتے ‘بیٹھتے اور لیٹتے ‘ ہر حال میں اﷲ کو یاد کرتے ہیں‘‘۔

ذکر غفلت اور نسیان کی ضد ہے۔ غفلت ذکر کو عمداً  ترک کر دینا اور نسیان غیر ارادی طور پر ذکر کا ترک ہوجانا ہے۔ قرآن کریم میں غفلت کا حوالہ اس سے ممانعت اور اس سے پرہیزکے ضمن میں دیا گیا ہے۔  وَاذْکُرْ رَبَّکَ فِیْ نَفْسِکَ تَضَرُّعًا وَّ خِیْفَۃً وَّ دُوْنَ الْجَھْرِ مِنَ الْقَوْلِ بِالْغُدُوِّ وَالْآصَالِ وَ لاَ تَکُنْ مِّنَ الْغَافِلِیْنَ(الاعراف ۷:۲۰۵) ’’ا پنے رب کو صبح و شام یاد کیا کرو‘دل ہی دل میں زاری اور خوف کے ساتھ اور زبان سے بھی ہلکی آواز کے ساتھ ‘اور ان لوگوں میں سے نہ ہو جاؤ جو غفلت میں پڑے ہوئے ہیں‘‘۔ نیز اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے:  وَلاَ تُطِعْ مَنْ اَغْفَلْنَا قَلْبَہٗ عَنْ ذِکْرِنَا وَاتَّبَعَ ھَوَاہُ وَ کَانَ اَمْرُہٗ فُرُطًا (الکہف  ۱۸:۲۸) ’’کسی ایسے شخص کی اطاعت نہ کرو جس کے دل کو ہم نے اپنی یاد سے غافل کر دیا ہے اور جس نے اپنی خواہشِ نفس کی پیروی اختیار کر لی ہے اور جس کا طریق کار افراط و تفریط پر مبنی ہے‘‘۔ نسیان اس طرح کا نہیں ہوتا کیوں کہ اس کا صدور ارادے سے نہیں ہوتا اور اس سے متعلق قرآن عظیم نے وضاحت کی ہے: وَاذْکُرْ رَّبَّکَ اِذَا نَسِیْتَ (الکہف ۱۸:۲۴)   ’’اوراگر بھول ہو جائے تو اپنے رب کی تسبیح و تحمید اور اس سے استغفار کرو‘‘۔

ذکر دو معنوں پر مشتمل ہے:

قلبی ذکر : تذکر کے معنی کسی شے کا ذہن میں اس طرح استحضار ہے جیسا کہ تمھارا یہ کہنا’’ مجھے ایک ایسا اور ایسا حادثہ یا د آتا ہے ‘‘جب کہ تم نے اس حادثے کو اپنے ذہن میں حاضر کر لیا اور اس کی تفصیلات ذہن کے پردے پر آگئیں۔ یہ معنی ہیں نسیان کی ضد کے۔اور اسی سے متعلق اﷲ تعالیٰ کا قول ہے: وَالَّذِیْنَ اِذَا فَعَلُوْا فَاحِشَۃً اَوْ ظَلَمُوْا اَنْفُسَھُمْ ذَکَرُوا اللّٰہَ  فَاسْتَغْفَرُوْا لِذُنُوْبِھِمْ (آل عمران ۳:۱۳۵) ’’ایسے نیک لوگ جن کا حال یہ ہے کہ اگر کبھی کوئی فحش کام ان سے سرزد ہو جاتا ہے یا کسی گناہ کا ارتکاب کر کے وہ اپنے اوپر ظلم کر بیٹھتے ہیں تو معاً اﷲ انہیں یا د آجاتا ہے اور اس سے وہ اپنے قصوروں کی معافی چاہتے ہیں‘‘۔پس ذکر کی بنیاد دل میں مذکورہ شے کی یاد اور توجہ ہے۔

قولی ذکر: اس سے مراد زبان سے الفاظ کی ادایگی ہے اور اسی مفہوم میں عام طور پر استعمال کیا جاتا ہے لہٰذا جب یہ کہا جائے کہ:’’ فلاں صاحب پابندی سے اذکار کرتے ہیں‘‘ تو مفہوم یہی ہوتا ہے کہ وہ الفاظ سے انھیں ادا کرتے ہیں۔ اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے: یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اذْکُرُوا اللّٰہَ ذِکْرًا کَثِیْرًا (الاحزاب۳۳:۴۱) ’’اے لوگو‘ جو ایمان لائے ہو اﷲ کو کثرت سے یاد کرو‘‘۔

زبان سے قول کو ذکر کا نام دیا گیا ہے۔ کیوں کہ وہ دل کے ذکر پر دلیل ہے۔ اور زیادہ تر زبانی قول کو ذکر کا نام دیا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ شعوری طور پر وہی ذہن میں آتاہے۔ (المفہم‘۶-۷)

لہٰذا ہمارے نزدیک ذکر دو چیزوں پر مشتمل ہے۔ ذکر تذکر کے معنی میں‘ جس سے مقصود اﷲ کی یاد‘ اس کی عظمت و خشیت‘ اس کی حفاظت و نگرانی‘ اس کی نعمت کااحساس ‘ حتیٰ کہ بندے کے دل میں اس کی بڑائی سما جائے۔ وہ اﷲ سے ڈرے اور سمجھے کہ وہ  اس کی نظر میں ہے اور اس کی نعمت کا شکر ادا کرے۔ اسی طرح سے زبان سے ذکر ہے جو قلبی ذکر کا ثمرہ ہے‘ اس پرگواہ ہے اور اس کی ترجمانی کرنے والا ہے۔ پس جس نے اﷲ کی عظمت کو دل میں جگہ دی‘ اپنی زبان سے اﷲ کی تسبیح ‘ تہلیل اور تکبیر کی‘ اس کے حضور میں گریہ وزاری اور دعا کی‘ وہی صحیح معنوں میں ذاکر ہے۔

دائمی ذکر

]اللہ کو کثرت سے یاد کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آدمی کی زبان پر ہر وقت زندگی کے ہر معاملے میں کسی نہ کسی طرح خدا کا نام آتا رہے۔ یہ کیفیت آدمی پر اُس وقت تک طاری نہیں ہوتی جب تک اس کے دل میں خدا کا خیال بس کر نہ رہ گیا ہو۔ انسان کے شعور سے گزر کر اس کے تحت الشعور اور لاشعور تک میں جب یہ خیال گہرا اُتر جاتا ہے تب ہی اس کا یہ حال ہوتا ہے کہ جو کام اور جو بات بھی وہ کرے گا اس میں خدا کا نام ضرور آئے گا۔ کھائے گا تو بسم اللہ کہہ کر کھائے گا۔ فارغ ہوگا تو الحمدللہ کہے گا۔ سوئے گا تو اللہ کو یاد کرکے اور اُٹھے گا تو اللہ ہی کا نام لیتے ہوئے۔ بات چیت میں بار بار اس کی زبان سے بسم اللہ‘ الحمدللہ‘ ان شاء اللہ‘ ماشاء اللہ اور اس طرح کے دوسرے کلمات نکلتے رہیں گے۔ اپنے ہر معاملے میں اللہ سے مدد مانگے گا۔ ہر نعمت ملنے پر اس کا شکر ادا کرے گا۔ ہر آفت آنے پر اس کی رحمت کا طلب گار ہو گا۔ ہرمشکل میں اس سے رجوع کرے گا۔ ہر برائی کا موقع سامنے آنے پر اس سے ڈرے گا۔ ہر قصور سرزد ہوجانے پر اس سے معافی چاہے گا۔ ہر حاجت پیش آنے پر اس سے دعا مانگے گا۔ غرض اٹھتے بیٹھتے اور دنیا کے سارے کام کاج کرتے ہوئے اس کا وظیفہ خدا ہی کا ذکر ہو گا۔ یہ چیز درحقیقت اسلامی زندگی کی جان ہے۔ دوسری جتنی عبادات ہیں ان کے لیے بہرحال کوئی وقت ہوتا ہے جب وہ ادا کی جاتی ہیں اور انھیں ادا کر چکنے کے بعد آدمی فارغ ہو جاتا ہے۔ لیکن یہ وہ عبادت  ہے جو ہر وقت جاری رہتی ہے اور یہی انسان کی زندگی کا مستقل رشتہ اللہ اور اس کی بندگی کے ساتھ جوڑے رکھتی ہے خود عبادات اور تمام دینی کاموں میں بھی جان اسی چیز سے پڑتی ہے کہ آدمی کادل محض ان خاص اعمال کے وقت ہی نہیں بلکہ ہمہ وقت خدا کی طرف راغب اور اس کی زبان دائماً اس کے ذکر سے تررہے۔ یہ حالت انسان کی ہوتو اس کی زندگی میں عبادات اور دینی کام ٹھیک اسی طرح پروان چڑھتے اور نشو و نما پاتے ہیں جس طرح ایک پودا ٹھیک اپنے مزاج کے مطابق آب و ہوا میں لگا ہوا ہو۔ اس کے برعکس جو زندگی اس دائمی ذکر خدا سے خالی ہو اس میں محض مخصوص اوقات میں یا مخصوص مواقع پرا دا کی جانے والی عبادات اور دینی خدمات کی مثال اس پودے کی سی ہے جو اپنے مزاج سے مختلف آب و ہوا میں لگایا گیا ہوا اور محض باغبان کی خاص خبر گیری کی وجہ سے چل رہا ہو۔ (تفہیم القرآن‘ ج ۴‘ ص ۹۶-۹۷)[

ذکرکا مقام و مرتبہ

ذکر اکبر:  اﷲ کا ذکر بہت بڑی چیز ہے۔ اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے: اُتْلُ  مَآ اُوْحِیَ اِلَیْکَ مِنَ الْکِتٰبِ وَاَقِمِ الصَّلٰوۃَط اِنَّ الصَّلٰوۃَ  تَنْھٰی عَنِ الْفَحْشَآئِ وَالْمُنْکَرِط وَلَذِکْرُ اللّٰہِ اَکْبَرُ ط وَاﷲ ُ یَعْلَمُ مَا تَصْنَعُوْنَ (العنکبوت ۲۹:۴۵) ’’اے نبیؐ، تلاوت کرو اس کتاب کی جو تمھاری طرف وحی کے ذریعہ سے بھیجی گئی ہے اور نماز قائم کرو۔ یقینا نماز فحش اور برے کاموں سے روکتی ہے اور اﷲ کا ذکر اس سے زیادہ بڑی چیز ہے۔ اﷲ جانتا ہے جو کچھ تم کرتے ہو‘‘۔یہ آیت کریمہ واضح دلیل ہے اس پر کہ اﷲ کا ذکر فقط کبیر نہیں ہے بلکہ اکبر ہے اور یہی اس کی اہمیت اور عظیم مرتبے کی دلیل ہے۔

علما ومفسرین نے ذکر کے کئی واضح اور آسان معانی بیان کیے ہیں جو قابلِ توجہ ہیں اور ذکر اکبر کی وضاحت کرتے ہیں۔

اول: اﷲ کا ذکر ہر چیز سے بڑا اور افضل عبادت ہے کیوں کہ جملہ طاعات کا مقصود اﷲ کے ذکر کا قیام ہے ۔ وہ عبادات کا راز اور ان کی روح ہے۔ اس لیے کہ اس کی حقیقت اﷲ سے تعلق ‘اس کی عظمت کا استحضار ‘اس کی نگرانی کا شعور اور اس کے انعامات کی یاد ہے۔  لہٰذا عبادات سب کی سب ذکر ہیں۔

دوم: جب تم اﷲ تعالیٰ کا ذکر کرتے ہو تو وہ تمھارا ذکر کرتا ہے۔ اس کا تمھارے لیے ذکر ‘ اس کے لیے تمھارے ذکر سے بہت بڑا ہے‘ اوریہ عظیم بات ہے۔ اے ضعیف اور عاجز انسان! تو قوی اور قادر مطلق اﷲ کا ذکر کرتا ہے ‘ تو فقیر اور حقیر انسان غنی اور عظیم اﷲ کا ذکر کرتا ہے۔تیرے ذکر کے مقابلے میں اس کا ذکر کتنا عظیم اور کتنا بلند ہے!

سوم:  اﷲ کا ذکر اس سے بلند و برتر ہے کہ اس کے ساتھ فحش اور منکر باقی رہے بلکہ جب ذکر مکمل ہوتا ہے تو خطا اور معصیت کو مٹا دیا جاتا ہے۔ بخدا! ذکر بہت بڑی چیز ہے۔ (تہذیب المدارج‘ ص ۴۶۳)

اجرعظیم: اگرچہ ذکر بذات خود بہت بڑی چیز ہے مگرا س کا اجر بھی بہت بڑا ہے۔ حضرت ابوالدرداء ؓ کی روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اﷲعلیہ وسلم نے فرمایا : کیا میں تم کو وہ عمل نہ بتاؤں جو تمھارے سارے اعمال میں بہتر اور تمھارے مالک کی نگاہ میں پاکیزہ تر ہے۔وہ تمھاری روحوں کودوسرے تمام اعمال سے زیادہ بلند کرنے والا ہے اور راہِ خدا میں سونا اور چاندی خرچ کرنے سے بھی زیادہ اس میں خیرہے‘ اور تمھارے لیے اس میں جہاد سے بھی زیادہ خیر ہے جس میں تم خدا کے دشمنوں کی گردنیں مارو اور وہ تمھاری گردنیں ماریں؟صحابہؓ نے  عرض کیا : کیوں نہیں‘ یارسولؐ اﷲ! فرمائیے۔آپؐ نے فرمایا:وہ اﷲ عزوجل کا ذکر ہے۔ (مسند احمد‘ جامع ترمذی‘ ابن ماجہ)

اﷲ اکبر! کتنا بڑا درجہ ہے۔ وہ اﷲ کی راہ میں مال کے خرچ کرنے اوراس کی راہ میں جان قربان کرنے سے بھی بڑا ہے۔غور کرو کہ کس طرح سے نبی ؐ نے یہ بات فرمائی جو اس اجر کی عظمت کا اظہار کرتی اور اس کا شوق دلاتی ہے۔ آنحضورؐنے اس سوال سے ابتدا کی جو جاذب قلب ونظر ہے‘ اور سوال کا مضمون ایسا ترتیب دیا کہ جس سے اہل ایمان میں بے قراری‘  ان کے دلوں میں ولولہ اورجذبات میں تلاطم پیدا ہوا۔ وہ اسے جاننے کے لیے بے تاب ‘ اس پر لبیک کہنے کے مشتاق اور عملی اقدام کے لیے کمربستہ ہو گئے۔ یہ ذکر کی اہمیت ‘ اس کی بلند منزلت اور اس کے اظہار اور معانی کے واضح ابلاغ کا طریقہ تھا جو آنحضورؐ نے اختیار فرمایا۔

عبادات سے تعلق: ذکر طاعات کا نچوڑ اور عبادات کاجوہر ہے اور اکثر ظاہری فرائض اور شعائر کی بنیاد ہے۔ عبادات کی ادایگی سے قبل ان کے لیے تیاری ہوتی ہے اور ذکر ان کے اعمال اور ارکان کے ساتھ ان کے جزو کے طور پر ہوتا ہے اور عبادات سے فراغت پر اسی کے ساتھ ان کا اختتام ہوتا ہے۔

ہم نماز ہی کی مثال لیتے ہیں۔ ذکر نماز سے پہلے آتا ہے۔ اذان ذکر ہے جو تکبیر‘ تہلیل اور شہادتین کے الفاظ پر مشتمل ہوتی ہے اور مؤذن کی متابعت سنت ہے۔ نبی ؐنے فرمایا :اذان سے فراغت کے بعد جس نے کہا:  اَللّٰھُمَّ  رَبَّ  ھٰذِہِ الدَّعْوَۃِ  التَّامَّۃِ وَالصَّلاَۃِ  الْقَائِمَۃِ   اٰتِ  مُحَمَّدًا  نِ الْوَسِیْلَۃَ وَالْفَضِیْلَۃَ وَابْعَثْہُ مَقَامًا مَّحْمُوْدًا  نِ الَّذِیْ وَعَدْتَّہٗٓ(اے اﷲ اس دعوت تامہ ‘ کاملہ اور اس صلوٰۃ قائمہ کے رب ! محمد(ﷺ) کووسیلہ اور فضیلت کا خاص مرتبہ عطا فرما اور ان کو مقام محمود پر سرفراز فرما جس کا تو نے ان سے وعدہ فرمایا ہے) تووہ بندہ قیامت کے دن میری شفاعت کا حق دار ہوگا (بخاری)۔ نماز سے قبل وضو ‘ شرائط نماز میں سے ہے اور وضو سے فارغ ہونے کے بعد بھی ذکر ہے‘ جیسا کہ حضرت عمر بن خطاب ؓ  سے روایت کردہ حدیث میں ہے کہ نبی ؐ نے فرمایا: ’’ تم میں سے کوئی ایسا نہیں ہے جس نے کامل وضو کیا‘ پھر کہا:  اَشْھَدُ اَنْ لاَّ اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَحْدَہٗ لاَ شَرِیْکَ لَہ‘ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ مگر یہ کہ اس کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھل گئے‘ جس دروازے سے چاہے داخل ہو جائے ‘‘ (مسلم)۔ اور  ترمذی نے  اَللّٰھُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ التَّوَّابِیْنَ وَاجْعَلْنِیْ مِنَ الْمُتَطَھِّرِیْنَ کا اضافہ کیا ہے۔

نص قرآنی کی رو سے نماز کا مقصود ذکر ہے۔  وَاَقِمِ الصَّلاَۃَ لِذِکْرِیْ(طٰہٰ ۲۰:۱۴) ’’اور میری یاد کے لیے نماز قائم کر‘‘۔ اس کا رکن اول ‘تکبیر تحریمہ ذکر ہے اور اس کا رکن اعظم فاتحہ کی قرأت ذکرہے۔ اور اس کے رکوع میں اﷲ کے عظیم نام کی تسبیح ہے اوراس کے سجدے میں اس کے اسم اعلٰی کی تسبیح ہے اور رکوع سے اٹھنے پر حمد ہے اور ذکر ہے۔ اس کے دو سجدوں کے درمیان استغفار ہے اور ذکر ہے‘اور نماز کی ادایگی کے بعد ذکر کی ہدایت کی گئی ہے۔ فَاِذَا قَضَیْتُمُ الصَّلٰوۃَ فَاذْکُرُوا اللّٰہَ قَیَامًا وَّقُعُوْدًا وَّعَلٰی جُنُوْبِکُمْ (النساء ۴: ۱۰۳) ’’ پھر جب نماز سے فارغ ہو جاؤ تو کھڑے اور بیٹھے اور لیٹے ‘ ہر حال میں اﷲ کو یاد کرتے رہو‘‘۔ نبی ؐ السلام علیکم کہنے کے بعد تین مرتبہ استغفر اﷲ کہتے جیسا کہ حضرت ثعبان ؓسے روایت ہے کہ نبی ؐ جب نماز سے سلام پھیرتے تو تین مرتبہ استغفار کی دعا کرتے اور کہتے:  اَللّٰھُمَّ اَنْتَ السَّلاَمُ وَ مِنْکَ السَّلاَمُ تَبَارَکْتَ یَاذَالْجَلاَلِ وَاْلاِکْرَامِ (مسلم)۔ اور نمازوں کے بعد بہت سے اذکار مسنونہ کی روایت ہے۔ چنانچہ نماز ساری کی ساری ثنا ہے‘ خشوع و خضوع ہے اور دعا ہے۔

دوسری مثال حج کی ہے۔ اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے:  لَیْسَ عَلَیْکُمْ  جُنَاحٌ  اَنْ تَبْتَغُوْا فَضْلاً مِّن رَّبِّکُمْ ط فَاِذَآ اَفَضْتُمْ مِّنْ عَرَفَاتٍ فَاذْکُرُوا اللّٰہَ عِنْدَ الْمَشْعَرِ الْحَرَامِ ص وَاذْکُرُوْہُ کَمَا ھَدَاکُمْ (البقرہ ۲ :۱۹۸) ’’اور حج کے ساتھ ساتھ تم اپنے رب کا فضل بھی تلاش کرتے جاؤ‘ تواس میں کوئی مضائقہ نہیں۔ پھر جب عرفات سے چلو‘ تو مشعرحرام (مزدلفہ) کے پاس ٹھہر کر اﷲ کو یاد کرو اور اسی طرح یاد کرو جس کی ہدایت اس نے تمھیں کی ہے‘‘۔ حج کا آغاز ذکرہی سے ہوتا ہے۔ احرام کی ابتدا تلبیہ سے ہوتی ہے اور یہ وہ ذکر ہے جس کے ساتھ آوازیں رب سموات وارض کی توحید اور اس کے حضور حاضری کے اعلان کے ساتھ بلند ہوتی ہیں۔طواف اور سعی ذکر ہے ‘اور تکبیر ہے اور تہلیل ‘ جیسا کہ نبی ؐنے فرمایا: ’’بیت اﷲ کا طواف اور صفا و مروہ کے درمیان سعی اور رمی جمار اﷲ کے ذکر کے لیے مقرر کیے گئے ہیں‘‘۔ عرفات کا وقوف پورے کا پورا اذکار اور دعائیں ہیں اور اس بار ے میں رسول اﷲ صلی اﷲعلیہ وسلم نے فرمایا کہ  بہترین کلمہ وہ ہے جو میں کہتا ہوں اور مجھ سے پہلے انبیا علیہم السلام نے کہا: لا الٰہ الا اﷲ۔ اور حج کے اختتام پر ذکر کی نصیحت ہے: فَاِذَا قَضَیْتُمْ مَّنَاسِکَکُمْ فَاذْکُرُوا اللّٰہَ کَذِکْرِکُمْ آبَآئَ کُمْ اَوْاَشَدَّ ذِکْرًا (البقرہ ۲: ۲۰۰) ’’ پھر جب اپنے حج کے ارکان ادا کر چکو ‘ تو جس طرح پہلے اپنے آبا و اجداد کا ذکر کرتے تھے‘ اس طرح اب اﷲ کا ذکر کرو‘ بلکہ اس سے بھی بڑھ کر‘‘۔ حتیٰ کہ جہاد میں صف بندی‘ تلواروں کے ٹکرانے اور اس میں موت کے وقت بھی ذکر کی ہدایت ہے: یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اِذَا لَقِیْتُمْ فِئَۃً فَاثْبُتُوْا وَاذْکرُوُا اللّٰہَ کَثِیْرًا لَّعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْنَ (الانفال۸ :۴۵) ’’اے لوگو‘ جو ایمان لائے ہو ‘ جب کسی گروہ سے تمھارا مقابلہ ہو تو ثابت قدم رہو اور اﷲ کو کثرت سے یا دکرو‘ توقع ہے کہ تمھیں کامیابی نصیب ہوگی‘‘۔

اہل ذکر‘ سبقت لے جانے والے: ذکر بہت بڑی چیز ہے ‘ اس کا اجربہت بڑا ہے اور  اہل ذکر سبقت لے جانے والے ہیں۔جیسا کہ رسولؐ اﷲ نے فرمایا: مفردون سبقت لے گئے۔ عرض کیا گیا کہ اے اﷲ کے رسولؐ!مفردون کون ہیں؟ فرمایا: بکثرت ذکر کرنے والے مرد اور بکثرت ذکر کرنے والی عورتیں۔ (مسلم)

مفردین کے معنی میں ابن قتیبہ نے کہا ہے : وہ لوگ جن کی نسل ہلاک ہو گئی اور وہ تنہا رہ گئے اور اﷲ کا ذکر کرتے ہوئے باقی رہے۔ اور ابن اعرابی نے کہا: وہ آدمی جس نے غوروفکر کیا اور امر بالمعروف و نہی عن المنکرکے فریضہ کی ادایگی میں یکسو ہو گیا۔ اور ازہری نے کہا: وہ جو اﷲ کا ذکر کرتے ہوئے پیچھے رہ گئے ہیں(مسلم‘ بشرح النووی)۔ مقصد یہ ہے کہ وہ اس اہم صفت کے باعث جس نے ان کو سبقت لے جانے والے بنا دیا دوسروں سے ممتاز اور منفرد ہیںاور وہ صفت کثرتِ ذکر ہے۔

اہل ذکر کا بلند مرتبہ : اہل ذکر فقط نوع بشر کے ہی سابقین نہیں بلکہ وہ بزرگ فرشتوں کے‘ جو کبھی اﷲ کے حکم کی نافرمانی نہیں کرتے اور جو حکم بھی انھیں دیا جاتا ہے بجا لاتے ہیں ‘ مشابہ اور ان کے ہاں فخرو مباہات کے مقام پر فائز ہیں۔ وہ فرشتے جو فرماں برداری کے لیے پیدا کیے گئے ہیں ‘ جن کی تخلیق عبادت پر ہے اور جو دن رات بغیر توقف کے اﷲ کی تسبیح بیان کرتے ہیں کیوں کہ ان کی پیدایش کی اصل اور ان کے وجود کی غایت ہی ذکر اور عبادت ہے۔ اور اس سب کچھ کے باوجود مومن اہل ذکر وہ بلند منزلت رکھتے ہیںکہ اﷲ تعالیٰ اہل ذکر کا  فرشتوں سے فخرکے ساتھ ذکر فرماتے ہیں۔ (تہذیب المدارج‘ ص۴۶۶)

اس دلیل کی وضاحت حضرت معاویہ ؓ کی روایت سے ہوتی ہے کہ نبی صلی اﷲعلیہ وسلم اپنے اصحاب کے حلقہ میں تشریف لائے اور استفسار فرمایا:کس چیزنے تمھیں یہاں بٹھایا ہے؟ انھوں نے جواب دیا:’’ہم اﷲ کا ذکر اور اس کی حمد کر رہے ہیں کہ اس نے ہمیں اسلام کی طرف ہدایت دی اور اس کے ساتھ ہم پر احسان فرمایا۔ آنحضور ؐ نے فرمایا:تمھیں اﷲ کی قسم!کیا صرف اسی چیز نے تمھیں بٹھایا ہے ؟ انھوں نے عرض کیا: بخدا! ہمیں صرف اسی چیزنے بٹھایا ہے۔ آپؐ نے فرمایا:’’خدا کی قسم! میں نے تم سے حلف تمھارے اوپر کسی بدگمانی کے باعث نہیں لیا بلکہ میرے پاس جبرائیل علیہ السلام آئے ہیں اور انھوں نے مجھے بتایا ہے کہ اﷲ تعالیٰ فرشتوںکے سامنے تمھارے اوپر فخرفرما رہا ہے‘‘۔ (النہایہ‘ ۱۶۹؍۱)

فرشتے مجالسِ ذکر تلاش کرتے ہیں‘ وہاں جمع ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کو ان کی طرف بلاتے ہیں۔ جیسا کہ حضرت ابوہریرہ ؓ  سے مروی ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲعلیہ وسلم نے فرمایا : بے شک اﷲ تعالیٰ کے معزز فرشتے جو مجالس ذکر کی تلاش میں پھرتے رہتے ہیں ‘ جو نہی وہ کسی مجلس کو پالیتے ہیں جس میں ذکر ہورہا ہو تو ان کے ساتھ بیٹھ جاتے ہیں‘ ایک دوسرے کو اپنے پروں سے ڈھانک لیتے ہیں حتیٰ کہ زمین اور آسمان دنیا کے مابین کو بھر دیتے ہیں(مسلم)۔ مشہور حدیث ہے :’’جب اﷲ کے گھروں میں سے کسی گھر میں لوگ کتاب اﷲ کو پڑھتے ہیں اور ایک دوسرے کو سکھانے کے لیے جمع ہوتے ہیں تو ان پر سکینت نازل ہوتی ہے ‘رحمت انھیں ڈھانک لیتی ہے ‘ فرشتے ان کا احاطہ کر لیتے ہیں اور اﷲ تعالیٰ ان کا ذکر اپنے مقرب فرشتوں سے فرماتے ہیں‘‘(مسلم) ۔اور سب سے بڑی بات تو وہ ہے جو اﷲ تعالیٰ نے فرمائی: فَاذْکُرُونِیْٓ اَذْکُرْکُمْ  وَاشْکُرُوْا لِیْ وَلاَ تَکْفُرُوْنِ(البقرہ ۲:۱۵۲)  ’’تم مجھے یاد رکھو‘ میں تمھیں یا د رکھو ںگا اور میرا شکر کرو‘ کفران نعمت نہ کرو‘‘۔کون سا شرف اور کون سا فخر اس سے برتر ہے کہ اﷲ رب العالمین انھیں یاد فرماتا ہے۔حدیث قدسی ہے : ’’میں اپنے بندے کے گمان کے مطابق ہوں۔ جب وہ مجھے یاد کرتا ہے تو میں اس کے پاس ہوتا ہوں‘ جب وہ مجھے اپنے نفس میں یاد کرتا ہے تو میںاسے اپنے نفس میں یاد کرتا ہوں اور جب وہ میرا ذکرمجمع میں کرتا ہے تو میں اس کا ذکر اس سے بہتر مجمع (فرشتوں) میں کرتا ہوں‘‘۔

ذکر کے فوائد و ثمرات

اجر و ثواب کا آسان نسخہ

مسلمان ثواب کے حصول کا حریص اور زیادہ سے زیادہ نیکیوں کا طلب گار ہے۔طاعات میں کوشاں رہتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ تم مصروفیات کی کثرت‘ مشکلات‘دل کش بہکاووں اور تفریح گاہوں کے ہوتے ہوئے بھی فکرمند رہتے ہوکہ اپنی نیکیوں کے کھاتے میں اضافہ کرو۔ آئو میں تمھیں بتاتا ہوں کہ ذکر اجر کے بہت بڑے دروازوں میں سے ایک دروازہ ہے۔ میں تمھیں ذکر کے بڑے اجر وثواب کا انکشاف کرنے والی نصوص کا چھوٹا سا مجموعہ پیش کروں گا جو سمندر میں سے ایک قطرے کے مصداق ہے ۔

(الف)  حضرت ابوہریرہ ؓ سے مروی ہے کہ رسولؐ اﷲ نے فرمایا:’’ جس نے ہر فرض نما زکے بعد ۳۳ مرتبہ سبحان اﷲ ‘ ۳۳ مرتبہ الحمد للّٰہ اور ۳۳ مرتبہ اﷲ اکبر کہا اور یہ ۹۹ ہوئے اور ۱۰۰ پورا کرنے کے لیے لا اِلٰہ الا اﷲ وحدہ لا شریک لہ‘ لہ الملک ولہ الحمد وھو علی کل شیء قدیر کہا تو اس کی خطائیں معاف کر دی گئیں‘ اگرچہ وہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہوں‘‘۔(مسلم)

(ب)۔ حضورؐ کا ارشاد ہے :’’ دو کلمے ہیں جو زبان پر بہت ہلکے مگر میزان میں بہت وزنی ہیں‘ رحمان کو بہت پیار ے ہیں: سبحان اﷲ و بحمدہ‘ سبحان اﷲ العظیم‘‘- (متفق علیہ )

(ج)  حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ:’’جس نے  لا الہ الا اﷲ وحدہ لا شریک لہ‘ لہ الملک ولہ الحمد وھو علی کل شیء قد یر دن میں  ۱۰۰ مرتبہ کہا تو   اس کے لیے ۱۰ غلاموں کو آزاد کرنے کے ساتھ ۱۰۰ نیکیاں لکھی جائیں گی اور ا س کے ۱۰۰ گناہ مٹا دیے جائیں گے‘ اور اس دن شام تک وہ شیطان کے شر سے بچا رہے گا۔ اور جس شخص نے  یہ پڑھا تو کوئی اس سے بہتر عمل نہ کر سکے گا سوائے ا س کے جو اس عمل کو اس سے زیادہ  کرے۔ (مسلم)

(د)  حضور ؐ نے فرمایا : ’’مجھے سبحان اﷲ والحمد للّٰہ ولا الہ الا اﷲ واﷲ اکبر کہنا ہر اس چیز سے عزیز تر ہے جس پر سورج چمکتا ہے۔ (مسلم)

(ہ)  حضرت سعد بن ابی وقاصؓ سے مروی ہے کہ انھوں نے کہا کہ ہم رسولؐ اﷲ کے پا س جمع تھے کہ آنحضورؐ نے فرمایا:’’ کیا تم میں سے کوئی اس سے عاجز ہے کہ وہ روزانہ ہزار نیکیاں کما لے؟‘‘ مجلس میں سے کسی نے سوال کیا:’’وہ ہزار نیکیاں کیسے کما سکتا ہے ؟‘‘ تو آپ ؐ نے فرمایا:’’وہ ۱۰۰ مرتبہ سبحان اﷲ کہے تواس کے لیے ہزار نیکیاں لکھی جائیں گی اور اس کی ہزار خطائیں مٹا دی جائیں گی۔‘‘ (مسلم)

حفظ و سلامتی

اﷲ تعالیٰ نے ذکر کرنے والے کے لیے ذکر کو شیطان کے وسوسے‘ اس کی برائی ‘ اس کی پھونک اورتھوک سے حفاظت کا ذریعہ بنایا ہے۔ لہٰذا ذاکر‘ اﷲ کے اذن سے محفوظ رہتا ہے اور اسے کوئی تکلیف نہیں چھوتی۔ ذکر سے اسے محفوظ پناہ گاہ اور مضبوط باڑ حاصل ہے‘ اس لیے کہ اس کے دل میں اﷲ کی یاد ہے اور اس کی زبان پر اﷲ کا ذکر ہے۔ اس کی دلیل یہ ہے:

ا -  حضرت عبداﷲ بن خبیب ؓ سے روایت ہے کہ رسولؐ اللہ نے فرمایا کہ :’’تم  قل ھو اﷲ اور معوذتین صبح و شام تین تین مرتبہ پڑھو‘ وہ تمھارے لیے ہر چیز سے کفایت کریں گی۔‘‘ (ابوداؤد‘ ترمذی)

ب-  حضرت ابوہریرہؓ سے رسولؐ اﷲ کا ارشاد مروی ہے کہ ’’جب نماز کے لیے نداد ی جاتی ہے تو شیطان گوز اڑاتا ہوا پیچھے کو بھاگتا ہے اور جب اذان ہوچکتی ہے تو وہ آگے بڑھتا ہے۔اور جب تکبیر کہی جاتی ہے تو پیچھے ہٹ جاتا ہے۔جب اقامت ہو چکتی ہے تو آگے بڑھتا ہے۔ وہ آدمی کے دل میں وسوسے ڈالنا شروع کر دیتا ہے اور کہتا ہے فلاں چیز یاد کر‘ فلاں چیز یاد کر۔جب تک کہ وہ یاد نہیں کر لیتا اس کو اس کی وسوسہ اندازی جاری رہتی ہے۔حتیٰ کہ بندے کو کچھ یاد نہیں رہتا کہ اس نے کتنی نماز پڑھی ہے‘‘۔(متفق علیہ)

ج-  حضرت انس ؓ نے کہاکہ رسولؐ اﷲ کا فرمان ہے:’’ جو شخص اپنے گھر سے نکلا اور اس نے بِسْمِ اللّٰہَ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ پڑھ لیا  توا سے کہا جاتا ہے کہ تیرے لیے  یہ کافی ہے اور تو بچ گیا اور تو نے ہدایت حاصل کرلی۔ اور شیطان کو اس سے ہٹا دیا جاتا ہے‘‘۔ (ترمذی)

د-  حضرت عثمان بن عفان ؓ نے کہا کہ رسولؐ اﷲ نے فرمایا ہے کہ ’’جو مسلمان ہر روز صبح اور شام کو  بِسْمِ اﷲِ الَّذِیْ لاَ یَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ شَیْئٌ فِی الْاَرْضِ وَلاَ فِی السَّمَآئِ وَھُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ (اس اللہ کے نام سے شروع کرتا ہوں جس کے نام کے ساتھ زمین و آسمان میں کوئی چیز ضرر نہیں پہنچا سکتی‘ وہ سننے اور جاننے والا ہے)۳مرتبہ پڑھے اسے کوئی شے نقصان نہیں دے گی ‘‘۔ (ابوداؤد ‘ ترمذی)

ھ- حضرت ابومسعود انصاری ؓ نے حضور ؐ سے روایت کیا ہے ’’ جو شخص سورہ البقرۃ کی آخری دو آیات رات کے وقت پڑھ لے تو وہ اس کے لیے کفایت کریں گی۔‘‘ (متفق علیہ )

ذرا تم ان اثرات پر غور کرو جو ذاکر ہونے سے تم حاصل کرو گے۔ اپنے ماحول پر نظر دوڑاؤ اور اپنے اردگرد کے لوگوں کو دیکھو۔ تم دیکھو گے کہ کسی کو جن نے چھو رکھا ہے ‘ کوئی سحر زدہ ہے یا اسے شیطان نے بہکا رکھا ہے‘اور تم اﷲ کے فضل سے اس سب کچھ سے محفوظ ہو۔  بلکہ اﷲ عز وجل کا ذکر نفاق سے امان ہے کیوں کہ منافقین اﷲ تعالیٰ کا ذکر کم ہی کرتے ہیں۔ ان کے بارے میں فرمان الٰہی ہے: لاَ یَذْکُرُوْنَ اللّٰہَ اِلاَّ قَلِیْلاً (النساء ۴:۱۴۲) ’’وہ خدا کو کم ہی یاد کرتے ہیں‘‘۔ حضرت کعبؓ نے کہا:’’ جس نے اﷲ کا ذکر کثرت سے کیا وہ نفاق سے بری ہو گیا (الوابل الصیب ‘ص ۱۷۲۔۱۷۳) ۔ابوخلاد المصری نے ذکر کی قلعہ  بندی کے بارے میں کتنی عمدہ با ت کہی ہے:’’ جو اسلام میں داخل ہو ا وہ قلعہ میں داخل ہوا‘ جو مسجد میں داخل ہو ا وہ دو قلعوں میں داخل ہوااور جو اﷲ کا ذکر کرنے والی مجلس میں بیٹھا وہ تین قلعوں میں داخل ہوگیا‘‘۔(الوابل الصیب )

علم اور زندگی

ذکر دلوں کی زندگی اور غفلت ان کی موت ہے۔  ذکر سے دلوں کو حقیقی ایمان کی زندگی ملتی ہے اور اﷲ کے ساتھ دائمی تعلق قائم ہوتا ہے۔ حضور ؐ سے روایت ہے:’’ اپنے رب کو یاد کرنے والے اور اسے یاد نہ کرنے والے کی مثال زندہ اور مردہ کی ہے‘‘ (بخاری)۔  مسلم کی روایت ہے:’’اس گھر کی مثال جس میں اﷲ کا ذکر ہوتا ہے زندہ کی ‘ اور جس گھر میں ذکر نہیں ہوتا مردہ کی ہے‘‘۔ گھرکے زندہ اور مردہ سے مراد گھر کے رہنے والے ہیں۔ ذاکر کے زندہ ہونے کا ظاہری پہلو یہ ہے کہ وہ نور حیات سے مزین ہے‘ اور اس کا باطن نور معرفت سے‘ جب کہ ذکر نہ کرنے والوں کے گھر ظاہری طور پر بنجر اور باطنی طو رپر ویران اور تاریک ہوتے ہیں۔

جب دل زندہ ہوتا ہے تووہ ایما ن کے ساتھ آباد ہوتا ہے اور اسی وجہ سے نصیحت اس پر اثر انداز ہوتی ہے اور یاد دہانی اسے فائدہ دیتی ہے‘ وعدہ اسے طمع اور ترغیب دلاتا ہے اور وعید اسے خوف دلاتی ہے۔پس وہ زندگی میں کامل اور بڑا اثر قبول کرنے والا ہوتا ہے۔ اس لیے کہ:

(الف)  وہ نرم ہوتا ہے  نہ کہ سخت۔ اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے: ثُمَّ تَلِیْنُ جُلُوْدُھُمْ وَ قُلُوْبُھُمْ اِلٰی ذِکْرِ اللّٰہِ (الزمر ۳۹:۲۳) ’’اﷲ کا ذکر(قرآن مجید) سن کران لوگوں  کے جسم اور ان کے دل نرم ہوکر اﷲ کے ذکر کی طرف راغب ہو جاتے ہیں‘‘۔ اور جس کا دل سخت ہوا اور وہ اسی حال میں مر گیا ‘ اس کے بارے میں اﷲ کا فیصلہ ہے:  فَوَیْلٌ لِّلْقَاسِیَۃِ قُلُوْبُھُمْ مِّنْ ذِکْرِ اﷲِ  (الزمر۳۹:۲۲) ’’تباہی ہے ان لوگوں کے لیے جن کے دل اﷲ کی نصیحت سے اور زیادہ سخت ہو گئے‘‘۔ایک شخص نے حسن بصریؒ سے کہا ’’اے ابوسعید !میں تم سے اپنے دل کی قساوت کی شکایت کرتا ہوں‘‘۔ انھوں نے کہا:’’اسے ذکر سے پگھلاؤ۔ یہ اس لیے کہ دل میں جتنی شدید غفلت ہوتی ہے ‘ اتنی ہی شدید اس میں سختی آتی ہے اور جب اس میں اﷲ کی یاد آتی ہے تویہ قساوت تحلیل ہوجاتی ہے‘‘۔

بے شک قرآن کریم زندہ دلوں کوتحریک دیتا ہے ۔ اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے: اِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ الَّذِیْنَ اِذَا ذُکِرَوا اللّٰہُ وَجِلَتْ قُلُوْبُھُمْ وَ اِذَا تُلِیَتْ عَلَیْھِمْ اٰیَاتُہ‘ زَادَتْھُمْ اِیْمَانًا وَّعَلٰی رَبِّھِمْ یَتَوَکَّلُوْنَ (الانفال۸:۲) ’’سچے اہل ایمان تو وہ لوگ ہیں جن کے دل اﷲ کا ذکر سن کر لرز جاتے ہیں اور جب اﷲ کی آیات ان کے سامنے پڑھی جاتی ہیں تو ان کا ایمان بڑھ جاتا ہے ‘ اور وہ اپنے رب پر اعتماد رکھتے ہیں‘‘۔بلکہ ذکر کا اثر بہت بڑا ہے جیسا کہ اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے: لَوْ اَنْزَلْنَا ھٰذَا الْقُرآنَ عَلٰی جَبَلٍ لَّرَاَیْتَہ‘ خَاشِعاً  مُّتَصَدِعًا مِّنْ خَشْیَۃِ اﷲِ (الحشر۵۹:۲۱) ’’اگر ہم نے یہ قرآن کسی پہاڑ پر بھی اتار دیا ہوتا تو تم دیکھتے کہ وہ اﷲ کے خوف سے دبا جا رہا ہے اور پھٹا پڑتا ہے ‘‘۔

(ب)  وہ یاد رکھنے والا نہ کہ بھلا دینے والا اور غور وفکر کرنے والا نہ کہ غفلت شعار ہوتا ہے۔ اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے:  اِنَّ فِیْ خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَاخْتِلاَفِ الَّیْلِ وَالنَّھَارِ لَاٰیٰتِ لِّاُ ولِی  الاَلْبَابِo اَلَّذِیْنَ یَذْکُرُوْنَ اللّٰہَ قِیَامًا وَّ قُعُوْدًا وَّ عَلٰی جُنُوْبِھِمْ وَ یَتَفَکَّرُوْنَ فِیْ خَلْقِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِج  رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ ھٰذَا بَاطِلاً ج سُبْحَانَکَ فَقِنَا عَذَابَ النَّارِ(آل عمران۳:۱۹۰-۱۹۱) ’’زمین اور آسمانوں کی پیدایش میں اور رات اور دن کے باری باری  سے آنے میں ان ہوش مند لوگوں کے لیے بہت نشانیاں ہیں جو اٹھتے‘ بیٹھتے اور لیٹتے‘ ہر حال میں خدا کو یاد کرتے ہیں اور زمین اور آسمانوں کی ساخت میں غور وفکر کرتے ہیں۔ (وہ بے اختیار بول اٹھتے ہیں) ’’ پروردگار‘ یہ سب کچھ تونے فضول اور بے مقصد نہیں بنایا ہے‘ تو پاک ہے اس سے کہ عبث کام کرے۔پس اے رب‘ ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا لے‘‘۔ جب اس نے عظمت تخلیق دیکھی تو اس نے خالق کو یاد کیا‘ اس کی تسبیح بیان کی‘ اسی کے بارے میں غور وفکر کیا اور نتیجتاً دل کی گہرائیوں سے توجہ اورعجز و نیاز کے ساتھ ا س کو یاد کیا۔پھر اس کے حضور میںآتش دوزخ کے عذاب سے بچنے کی دعا اور گریہ وزاری میں مشغول ہوا۔ ذکر کی بدولت زندہ ہونے کی تاثیر سے جس کے دل کی یہ کیفیت ہو تواس کا دل علم و عمل اور فہم و ادراک کی بہترین حالت میں ہوتا ہے۔ اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے : وَاتَّقُوا اللّٰہَط وَیُعَلِّمُکُمُ اللّٰہَط وَاللّٰہُ بِکُلِّ شَیْئٍ عَلِیْمٌ  (البقرہ  ۲:۲۸۲)  ’’اﷲ کے غضب سے بچو ‘ وہ تم کو صحیح طریق عمل کی تعلیم دیتا ہے اور اسے ہر چیز کا علم ہے‘‘۔

پس جس نے اپنے رب کا ذکر کیا اس کا دل پاک و صاف ہو گیا‘ اس کا فہم بڑھ گیا ‘ اﷲ نے اس کے علم و فہم میں اضافہ کر دیا حتیٰ کہ اس کا دل صفائی اورشفافیت میں اس درجہ کو پہنچ گیا کہ وہ حق و باطل میں تفریق کر سکتا ہے۔  یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْآ اِنْ تَتَّقُوا اللّٰہَ یَجْعَلْ لَّکُمْ فُرْقَانًا وَّ یُکَفِّرْ عَنْکُمْ سَیِّاٰتِکُمْ وَیَغْفِرْلَکُمْ ط وَاللّٰہُ ذُوالْفَضْلِ الْعَظِیْمِ (الانفال۸:۲۹)  ’’اے لوگو‘ جوایمان لائے ہو‘ اگر تم خدا ترسی اختیار کرو گے تو اﷲ تمھارے لیے کسوٹی بہم پہنچا دے گا اور تمھاری برائیوں کو تم سے دور کرے گا اور تمھارے قصور معاف کرے گا‘ اﷲ بڑا فضل فرمانے والا ہے‘‘۔ لیکن وہ جس کا دل مردہ ہو گیا وہ فہم و ادراک سے محروم ہو گیا کیوں کہ دل دو چیزوں ‘ غفلت اور گناہ سے زنگ آلود ہوتا ہے‘ اور اس کی جِلا دو چیزوں‘ استغفار اور ذکر سے ہوتی ہے۔ پس جو اکثر اوقات غفلت میں رہتا ہوتواس کے دل پر زنگ تہہ بہ تہہ چڑھ جاتا ہے اور وہ زنگ اس کی غفلت کی نسبت سے ہوتا ہے۔ اور جب دل زنگ آلود ہو جاتا ہے توا س میں معلومات کی صورتیں اپنی اصلی حالت میں منعکس نہیں ہوتیں ۔ وہ باطل کو بصورت حق دیکھتا ہے اور حق کو بصورت باطل۔ کیوں کہ تہہ بہ تہہ زنگ سے دل تاریک تر ہو جاتا ہے اور اس میں حقائق کی صورتیں اصلی حالت میں نہیں آتیں ۔ پس جب دل پر تہہ بہ تہہ زنگ چڑھ گیا اور وہ بہت سیاہ اور میلاکچیلا ہو گیا توا س نے اس کے فہم و ادراک کوروک دیا۔(الوابل الصیب ‘ ص ۸۹)

عبودیت اور استعانت

ذاکر‘ ذکر کے ساتھ اپنے رب کی بندگی کی حقیقت اور اس سے استعانت کی طلب کو اپنے ذہن میں تازہ کرتا ہے‘ کیوں کہ اذکار کے الفاظ اﷲ کی عظمت کا اقرار ‘ اور اس کی نعمتوں پر اس کی حمد اور اس کی توحید کا اعلان کرتے ہیں۔ جب ذاکر کہتا ہے : سبحان اﷲ والحمد للّٰہ ولا اِلٰہ الا اﷲ واﷲ اکبر ‘تو اس کو اس کا شعور بھی ہوتا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ جس نے اپنے رب کو واحد باور کیا‘ اس کی تعظیم کی تو وہ اس کی جناب میں اپنے فقر کا شعور رکھتا ہے ‘اور اپنے آپ کو اس کے حضور میں گرا پڑامحسوس کرتا ہے اور اس کی مدد کا طلب گار ہوتا ہے۔ اگر دوسرے رخ سے دیکھا جائے تو ذاکر ہر طرح کے حالات میں ذاکر ہوتا ہے ‘ نتیجتاً وہ ہر عمل کی ابتداء میں یا حالات کے بدلنے پر اﷲ کو یاد کرتا ہے تواسے اپنی حاجت یاد آ جاتی ہے جس کے لیے وہ اﷲ سے مدد کی درخواست کرتا ہے‘مثلاً جب وہ گھر سے نکلتا ہے تواس موقع کے لیے ایک ذکر ماثور ہے۔ جب اس نے  ذکر کے وہ الفاظ کہے تواسے اپنے رب سے اپنی حفاظت اور اپنے رزق کے لیے مدد مانگنا یا د آگیا اور جب وہ کسی موٹر کار یا کسی جانور پر سوار ہوا اور ا س نے اﷲ کا زبان سے ذکر کیا تو اس کے دل میں اﷲ کی یاد آگئی اور اسے اپنی حاجت کے لیے اﷲ سے مدد مانگنے کا خیال آگیا‘ اور اسی طرح سے جب اس نے لباس پہنایا اسے اتارااور جب وہ سویا یا بیدار ہوا تو اس نے اﷲ سے استعانت کی حاجت محسوس کی۔

بسم اللّٰہ کی مثال

ہم بسم اﷲ کی واضح مثال لیتے ہیں جس کاہرکام کے آغاز میں پڑھنا نبی ؐ کی حدیث کی روسے مستحب ہے۔ آنحضورؐ نے فرمایا:’’ہر وہ عمل جو بسم اﷲ سے شروع نہ کیا گیا وہ بے برکت ہوا‘‘۔ اعمال کے آغاز میں‘ نیز کثیر اذکار میں بسم اﷲ وارد ہے۔پس کھانا کھانے کے وقت بسم اﷲہے‘ گھر میں داخل ہونے اور نکلنے کے وقت بسم اﷲ ہے اور اس کے دو معانی ہیں:

۱-  جب بندے نے کہا بسم اﷲ تواس کو اپنا خالق و مالک یاد آیا اور یہ کہ وہ عاجز بندہ ہے جومسلسل اﷲ کا ذکر کرتا اور اسی کا نام لیتا رہتا ہے اور اس کے فضل کااعتراف کرتا رہتا ہے۔ دنیا میں لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ ہر معاملے میں اپنے مالک کا ذکرکرتے رہتے ہیں۔ فرد کا نام اس کے مالک کے نام کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ حالانکہ اعلیٰ مثال تو اﷲ ہی کی ہے۔پس اے انسان! تو بندگی میں اس کا زیادہ حق دار ہے کہ اﷲ کے نام کے ساتھ لوگوں سے مخاطب ہو۔

۲- بسم اﷲ کہنے میں اللہ کی مدد کی طلب بھی ہے۔جس طرح کہ کھانے کے وقت جب بندہ کہتا ہے کہ میں اﷲ کے نام کے ساتھ کھاتا ہوں اور نکلنے کے وقت وہ کہتا ہے کہ میں اﷲ کے نام کے ساتھ نکلتا ہوں‘ تواس کے اندر بھی مدد کی طلب پائی جاتی ہے ۔

حقیقت یہ ہے کہ بندے کے لیے مصائب برداشت کرنے اور آزمایشوں سے عہدہ برآ ہونے کے لیے اﷲ کا ذکر بہت بڑی تاثیر کا حامل ہے۔ مصیبت کے وقت وہ کہتا ہے:  اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ(البقرہ۲:۱۵۶) ’’ہم اﷲ ہی کے ہیں اور اﷲ ہی کی طرف ہمیں پلٹ کر جانا ہے‘‘ تو ا س کے نفس کو سکون اور دل کو اطمینان نصیب ہوجاتا ہے۔ اس کی عزیمت قوی اور اس کی ہمت بلند ہو جاتی ہے۔

اس میں شک نہیں کہ اﷲ کا ذکر مشکل کو آسانی‘ تنگی کو فراخی اور مشقت کو خفیف کر دیتا ہے۔ اﷲ کا ذکر شدت کے بعد خلاصی‘ تنگی کے بعد فراخی‘ رنج و غم کے بعداس سے رہائی ہے۔ وہ ذاکر کو قوت مہیا کرتا ہے۔ ذکر کے ساتھ وہ وہ کچھ کرنے کی استطاعت رکھتا ہے جو اس کے بغیر نہیںکرسکتا۔ (الوابل الصیب‘ص ۱۶۳)

جب حضرت فاطمہؓ بنت محمد ؐنے اپنے والد گرامی جناب رسولؐ اﷲ سے گھر کے کام میں معاونت کے لیے خادم مانگا تو آنحضورؐنے انھیں اور ان کے شوہر حضرت علیؓ سے فرمایا:’’کیا تمھیں وہ چیز نہ بتاؤں جو تمھارے لیے خادم سے بہتر ہے؟ جب تم بستر پر لیٹو تو اﷲ کی تسبیح ۳۳ مرتبہ‘ تحمید ۳۳ مرتبہ اور تکبیر ۳۴ مرتبہ کرو۔ یہ تم دونوں کے لیے خادم سے بہتر ہے‘‘(متفق علیہ)۔

طمانیت وسکینت

اﷲسبحانہ و تعالیٰ فرماتے ہیں: اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَتَطْمَئِنُّ قُلُوْبُھُمْ بِذِکْرِاﷲِ ط اَلاَ بِذِکْرِ اﷲِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوْبُ (الرعد۱۳:۲۸) ’’جنھوں نے نبیؐ کی دعوت کو مان لیا‘ان کے دلوں کو اﷲ کی یاد سے اطمینان نصیب ہوتا ہے۔ خبردار رہنا اﷲ کی یاد ہی وہ چیزہے جس سے دلوں کو اطمینان نصیب ہوا کرتا ہے‘‘۔  یہ اﷲ تعالیٰ کی طرف سے اہل ایمان کے لیے اطلاع ہے کہ وہ اپنے دلوں کو اﷲ کے ذکر سے مطمئن کریں۔ وہ دلوں کے قلق و اضطراب کو زائل کر دے گا اور انھیں راحتیں اور لذتیں مہیا کرے گا۔ مزیدیہ کہ وہ اﷲ کے ذکر کے سوا کسی چیز سے مطمئن ہوتے بھی نہیں۔ کیوں کہ دلوں کے لیے ان کے خالق کی محبت ‘اس کے انس اور اس کی معرفت سے بڑھ کر کوئی چیز لذیذ نہیں۔ (تفسیر السعدی‘ج ۴‘ ص ۱۰۸)

طمانیت ‘ دل کا کسی چیز کے ساتھ سکون حاصل کرنا اوراضطراب و قلق کا خاتمہ ہے۔ (تہذیب المدارج‘ ص ۵۰۳)۔ ذاکر کا سکونِ قلب خوش حالی و بدحالی ‘تنگی و فراخی ہر حال میں دائمی ہے۔

اگر ذکر سے یہاں مراد قرآن کریم ہے توقرآن وہ ہے جس سے اہل ایمان کے دلوں کو طمانیت حاصل ہوتی ہے۔دل ایمان اور یقین کے بغیر مطمئن نہیں ہوتے اور ایمان و یقین کے حصول کا کوئی راستہ قرآن کریم کے علاوہ نہیں ہے۔ دل کا سکون اور اس کی طمانیت یقین سے ہے‘ جب کہ اس کا اضطراب اور قلق شک سے ہے۔ پس جس نے قرآن سے تعلق پیدا کر لیا تو اس سے اسے عقل کا اطمینان ‘نفس کی سکینت میسر آئی اور اس کے دل نے ایمان و یقین کے ساتھ سکون پا لیا۔

ذکر برکت ہے

اﷲ تعالیٰ کا ذکر‘ ذاکرین کے افعال اور ان کے معمولات میں برکت پیدا کرتا ہے۔ ذکر منعم کی نعمت اور رازق کی عطا پر دل و دماغ میں اس کی یاد تازہ کرتا ہے۔ ذکر منعم کے شکر اور اس کی حمد پرمشتمل ہے۔جس نے اﷲ کی نعمت کا اقرار کیا اور اس پر اس کا شکر ادا کیا تو اﷲ تعالیٰ نے وہ نعمت ا س کے لیے محفوظ فرما دی بلکہ اس میں اضافہ فرمایا جیسا کہ اﷲ عزوجل کا ارشاد ہے: لَئِنْ شَکَرْتُمْ  لَاَزِیْدَنَّکُمْ وَلَئِنْ کَفَرْتُمْ اِنَّ عَذَابِیْ لَشَدِیْدٌ (ابراھیم۱۴:۷) ’’ اگر شکر گزار بنو گے تو میں تم کو اور زیادہ نوازوں گا اور اگر کفران نعمت کرو گے تو میری سزا بہت سخت ہے‘‘۔

امام مسلم کی صحیح روایت کردہ حدیث پر غور کرو کہ حضورؐ نے فرمایا:’’ اﷲ اس بات کو پسند فرماتا ہے  کہ بندہ جب کھانا کھاتا ہے توا س پر اﷲ کی حمد بیان کرتا ہے اور جب کوئی مشروب پیتا ہے تو اس پر اﷲ کی حمد بیان کرتا ہے‘ اور یہ سب کچھ کھانا اور پینا اسے کھلانے ‘ پلانے‘ عطا کرنے والے کی یاد دلاتا ہے۔‘‘ پس وہ منعم کی عظمت کو اپنے ذہن میں تازہ کرتے ہوئے اور اس کی نعمت کی قدر و قیمت کا اندازہ لگاتے ہوئے جو کہ اس نے انسانوں کے لیے آسان فرما دی ہے‘ اس کی حمد و شکر کے ساتھ اپنی زبان کو تر رکھتا ہے۔

پانی ہی کو لیجیے جو ایک نعمت ہے ۔ اگر انسان کو ا س سے محروم کر دیا جائے تواس کی کتاب زندگی کا آخری صفحہ آجائے اور وہ دنیا کو چھوڑ جائے۔ پانی کا ایک پیالہ شدید پیاس کی حالت میں پوری دنیا کے برابر ہے‘ توپھر ہمیں کیا ہو گیا ہے کہ ہم نہ تو اﷲ کی حمد بیان کرتے ہیں اور نہ اس کا شکر ادا کرتے ہیں! کیا اس کی تذکیر و تنبیہ ہماری آنکھیں نہیں کھولتی؟ اَلاَ یَعْلَمُ مَنْ خَلَقَ  ط وَھُوَ الَّطِیْفُ الْخَبِیْرُ (الملک۶۷:۱۴)  ’’کیا وہی نہ جانے گا جس نے پیدا کیا ہے ؟ حالانکہ وہ باریک بین اور باخبر ہے‘‘۔ کیا ہم اس کی تحذیر سے  نہیں ڈرتے؟  اَفَرَاَیْتُمُ الْمَآئَ الَّذِیْ تَشْرَبُوْنَ o ئَ اَنْتُمْ اَنْزَلْتُمُوْہُ مِنَ الْمُزْنِ اَمْ نَحْنُ الْمُنْزِلُوْنَo لَوْ نَشَآئُ جَعَلْنَاہُ اُجَاجًا فَلَوْ لاَ تَشْکُرُوْنَ(الواقعہ۵۶:۶۸-۷۰) ’’کبھی تم نے آنکھیں کھول کر دیکھا‘ یہ پانی جو تم پیتے ہو اسے تم نے بادل سے برسایا ہے یا اس کے برسانے والے ہم ہیں؟ ہم چاہیں تواسے سخت کھاری بنا کر رکھ دیں‘ پھر کیوں تم شکر گزار نہیں ہوتے؟‘‘

ذکر سے برکت حاصل ہوتی ہے‘ جب کہ اس کو مٹانے والی چیز کو روک دیا جائے اور ابلیس کے تسلط اور کھانے پینے میں شرکت سے تحفظ حاصل کرلیاجائے۔حدیث میں ہے:’’ شیطان آدمی کے ساتھ شریک ہو جاتا ہے اور اس کے ساتھ کھانے پینے میں حصہ دار بن جاتا ہے‘جب کہ اسے وہاں سے ہٹانے والا کوئی ذکر نہ ہو‘ روکنے والا کوئی مضبوط قلعہ نہ ہو اور اس کو رد کرنے والی کوئی دعا نہ ہو‘‘۔

بیشتر لوگ اس ذکر مسنون سے بے خبرہیں جو آدمی کو اپنی اہلیہ کے ساتھ مباشرت کے موقع پر کرنا چاہیے۔ غلبہ خواہش کے وقت اسے بھول جاتے ہیں‘ حالانکہ وہ بڑا اہم ذکر ہے۔ اﷲ نے جو اولاد ان کے مقدر میں لکھی ہو‘ اس کے حفظ و امان میں اس ذکر کی تاثیر ہوتی ہے۔ حدیث شریف میں آیا ہے:  لَوْ اَنَّ اَحَدَکُمْ اِذَا اَرَادَ اَنْ یَاْتِیَ اَھْلَہٗ قَالَ بِسْمِ اﷲِ اَللّٰھُمَّ جَنِّبْنَا الشَّیْطَانَ وَجَنِّبِ الشَّیْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا فَاِنَّہٗ یُقَدَّرُ بَیْنَھُمَا وَلَدٌ لَمْ یَضُرَّہٗ شَیْطَانٌ اَبَدًا (متفق علیہ) ’’جب تم میں سے کوئی بیوی کے پاس جاتے وقت بسم اﷲ کہے اور یہ کہے ’’اے اﷲ! تو شیطان کے شرسے ہمیں بچا اور جو اولاد ہمیں عطا کرے اسے بھی بچا تو اگر ان کے بچہ مقدر ہوگا تو شیطان اس کو کبھی نقصان نہ پہنچا سکے گا‘‘۔ اس حدیث میں مذکور اس حفاظت کے معانی میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ شیطان اس پر اﷲ کے نام کی برکت کی وجہ سے کبھی غالب نہ آئے گا۔ اس میں وہ سارے بندے پیش نظر ہیں جن کے متعلق کہا گیا ہے: اِنَّ عِبَادِیْ لَیْسَ  لَکَ عَلَیْھِمْ سُلْطَانٌ اِلاَّ مَنِ اتَّبَعَکَ مِنَ الْغَاوِیْنَ(الحجر۱۵:۴۲) ’’بے شک جو میرے حقیقی بندے ہیں ان پر تیرا بس نہ چلے گا۔ تیرا بس تو صرف ان بہکے ہوئے لوگوں پر ہی چلے گا جو تیری پیروی کریں‘‘۔

اجر و ثواب کے ان عظیم فوائد اور آثار پر غور کرو‘ نیز حفظ و سلامتی‘ زندگی اور علم ‘ برکت اور نعمت‘ عبودیت اور استعانت اور جو اس سے بھی عظیم تر ہے اس پر غور کرو۔

کیا تم اپنے نفس کے لیے بخل کرنے اور اسے ان بھلائیوں اور برکتوں سے محروم رکھنے پر راضی ہو؟ کیا تم اجر سے بے نیا زہو کر ذکر کو ترک کر دو گے‘ جب کہ وہ اجرکا بڑا ذریعہ اور سبب ہے؟

تم کیسے اپنے نفس کو شیطان کی تیر اندازی اور اپنے دل کو اس کے غلبے کے لیے کھلاچھوڑ دو گے‘ جب کہ تم ذکر کرنے والوں میں سے نہ ہوئے؟ اور تم اپنے دل کے روگ اور اس کی موت کا احساس نہ کرو گے‘ جب تم منکر پر نکیر نہ کرو گے اور اﷲ کی حرمات کی حفاظت کے حریص نہ بنو گے؟

تم کیسے اپنے ضعفِ فہم اور قلت ِعلم کی طرف توجہکرو گے‘ جب کہ تم غافل رہو گے؟اور تم کیسے اپنے خالق ‘ اپنے مالک ‘ اپنے رازق اور نعمتوں کے عطا کرنے والے کے ذکر سے غافل بنوگے؟ بلاشبہہ ان میں سے کوئی چیز بھی تمھیں پسند نہیں بلکہ تم ان سب سے پناہ مانگتے ہو۔ لہٰذا ذکر کی طرف بڑھو‘ اس کے خواہش مند بنو اور اس میں سے مسنون اذکار حفظ کر لو‘ ان کے ساتھ اپنے دل کو متحرک کرو اور اپنی عقل کو ان میں مشغول رکھو‘ اور اپنی زبان کو ان کے ساتھ تر رکھو تاکہ تم ذاکرین میں شمار کیے جاؤ اور علیین میں اٹھائے جاؤ۔

ذکر کی صفات و خصوصیات

ذکر کی اس تاثیر اور اجر کے ساتھ کچھ ایسی خصوصیات بھی ہیں جو ان کو اختیار کرنے میں مددگار ہیں۔

سہولت و آسانی

ذکرسہل ہے ‘مشکل نہیں۔ وہ کسی بدنی عمل کا محتاج نہیں اور نہ ذہنی کاوش ہی کا۔ وہ استحضار قلب اور تعاون نفس کے ساتھ زبان سے ادایگی ہے‘ جب کہ دوسری عبادات میں بڑی محنت ہوتی ہے۔ رمضان کے روزوں میں بھوک و پیاس کی مشقت ہوتی ہے۔ زکوٰۃ میں بذل و انفاق کی نفسیاتی مشقت ہوتی ہے۔ حج میں سفر اور مناسک کی ادایگی میں بدنی مشقت ہوتی ہے۔ مگر ذکر سب سے زیادہ آسان عبادت ہے اور پھر وہ ان میں سے برتر و افضل بھی ہے‘ جب کہ وہ زبان کی حرکت ‘اعضا و جوارح کی حرکات میں سے سب سے ہلکی اور آسان ہے۔(الوابل الصیب‘ ص ۹۷)

مزید برآں ذکر کی کوئی شرائط نہیں ہیں‘ مثلاً نماز کے لیے وضو اور وقت کا ہونا ناگزیر ہے‘ اور حج کے لیے بیت اﷲ کا قصد ضروری ہے‘ اورزکوٰۃ سال میں صرف ایک بار ہے‘ اور روزوں کے لیے رمضان کا چاند نظر آنا ضروری ہے لیکن ذکر میں اس طرح کی کوئی قید نہیں۔ وہ جملہ عبادات میں سے سب سے زیادہ آسان ہے جس میں کوئی محنت و مشقت نہیں۔عبید بن عمیر نے اس بارے میں کہا ہے:’’اگر یہ رات تم پر بھاری ہے کہ تم اس کی مشقت جھیلو‘ اور اگر تم نے مال خرچ کرنے میں بخل سے کام لیا ہے‘ اور اگر تم دشمن خدا سے لڑنے سے اجتناب کرتے ہو توکثرت سے اﷲ عزوجل کا ذکر کرو۔‘‘

جامعیت اور تنوع

ذکربلا قید دن اور رات کے تمام اوقات پر مشتمل ہے۔  فَاصْبِرْ عَلٰی مَا یَقُوْلُوْنَ وَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّکَ قَبْلَ طُلُوْعِ الشَّمْسِ وَ قَبْلَ غُرُوْبِھَا ج وَمِنْ اٰنَآئِ اللَّیْلِ فَسَبِّحْ وَ  اَطْرَافَ النَّھَارِ لَعَلَّکَ تَرْضٰی (طٰہٰ۲۰:۱۳۰) ’’پس اے نبیؐ، جو باتیں یہ لوگ بناتے ہیں ان پر صبر کرو‘ اور اپنے رب کی حمد وثنا کے ساتھ اس کی تسبیح کرو‘ سورج نکلنے سے پہلے اور غروب ہونے سے پہلے اور رات کے اوقات میں بھی تسبیح کرو اور دن کے کناروںپر بھی‘ شاید کہ تم راضی ہوجاؤ‘‘۔ا س کی ادایگی ہر جگہ اور ہر حال میں بیٹھے‘ کھڑے اور لیٹے کی جاسکتی ہے۔ اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے: ’’جو اٹھتے بیٹھتے اور لیٹتے ہر حال میں خدا کو یاد کرتے ہیں‘‘(آل عمران۳:۱۹۱) ۔ اس طرح کا کوئی اور عمل نہیں ہے جس میں اوقات واحوال کی عمومیت پائی جاتی ہو۔ (الوابل الصیب‘ص ۱۰۸)

اس مرحلے پر ہم رسولؐ اﷲ کے معمول مبارک سے متعارف ہوتے ہیں کہ حضور ؐ ہر حال میں اﷲ کا ذکر کرتے تھے۔ اور ذکر میں تنوع وہ خصوصیت ہے جو بہت سارے اذکار مسنون کے ضمن میں نمایاں ہے۔دعاے استفتاح میں رسولؐ اﷲسے متنوع صورتیں وارد ہیں اور صبح و شام کے بہت سے اذکار ہیں جن میں سے بعض دوسروں سے بے نیا زکردیتے ہیں۔

ہم آہنگی و بلاواسطہ

ذکر جس میں قلب زبان کے ساتھ ہوتا ہے‘ نفس پر اس کی عظیم اور براہ راست تاثیر ہوتی ہے‘ اس لحاظ سے کہ وہ زبان کے ساتھ ہم آہنگ ہوتا ہے ۔جس پر کوئی مصیبت آپڑی اور اس نے کہا: انا للّٰہ وانا الیہ راجعون اور  لا حول و لا قوۃ الا باﷲ  تواس نے شرح صدر اور اطمینان قلب محسوس کیا اور  اﷲ تعالیٰ کے فیصلے اور اس کی تقدیر پر اپنی رضا کا اظہار کیا۔ اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’تم مجھے یاد رکھو میں تمھیں یاد رکھوں گا اور میرا شکر ادا کرو‘ کفران نعمت نہ کرو ۔ اے لوگو‘ جو ایمان لائے ہو صبر اور نماز سے مدد لو‘‘(البقرہ۲:۱۵۲-۱۵۳) ۔اسی لیے ہم سمجھتے ہیں کہ قرآن کریم کی تلاوت ہر مصیبت میں جاے پناہ اور ہر تکلیف میں موجب راحت ہے۔

ذکر کی اقسام

ذکر کی کئی قسمیں ہیں۔ ابن القیم ؒ نے کہا ہے:’’ذکر کی تین قسمیں ہیں: وہ ذکر جس میں دل زبان کا رفیق ہو‘ وہ سب سے اونچا  درجہ ہے۔ اور دل کے ساتھ ذکر اس کا دوسرا درجہ ہے۔ اور صرف زبان سے ذکر اس کا تیسرا درجہ ہے۔‘‘(تہذیب المدارج‘ ص ۴۶۷)

ابن حجر ؒنے کہا ہے: ’’ ذکر بعض اوقات زبان سے ہوتا ہے اور اس پر ذاکر کو اجر دیا جاتا ہے اور اس کے معانی کا استحضار شرط نہیں ہے۔ لیکن وہ اس سے مشروط ہے کہ اس کا مقصود اس کے معنی کے علاوہ کچھ اور نہ ہواور اگر الفاظ کے ساتھ دل کو ملا لیا جائے تو وہ کامل ترہے۔ اگر زبان وقلب کے ساتھ معنی کو جمع کر لیا جائے اور وہ اﷲ تعالیٰ کی عظمت پر مشتمل ہو اور اس کے نقائص سے مبرا ہو تو اس کے کمال میں اضافہ ہو جائے گا‘اوراگر یہ ذکر نماز اور جہا دجیسے دیگر فرائض میں واقع ہو تواس کا کمال اور بڑھ جائے گا۔ اگر اس میں توجہبھی درست ہو اور نیت بھی خالصتاً اﷲ تعالیٰ کے لیے ہو توکمال آخری حد کو پہنچ جائے گا‘‘(الفتح ‘ج ۱۱‘ ص ۲۰۹)۔

فخرالدین رازیؒ نے کہا ہے: ’’ زبان کے ذکر سے مراد وہ الفاظ ہیں جو اﷲ کی تسبیح‘ تحمید‘ تکبیر اور تمجید پر دلالت کرتے ہوں ۔ دل کے ساتھ ذکر‘ اﷲ تعالیٰ کی ذات و صفات کے شواہد میں غور و فکر کرنا ہے۔ اﷲ کی تخلیق کے آثار میں غور و فکر‘ نیز اوامر و نواہی کے دلائل میں سوچ بچار‘ حتیٰ کہ بندہ ان کی حکمت سے آگاہ ہو جائے ۔ اعضاے جسمانی کے ساتھ ذکر دراصل طاعات میں شدتِ انہماک ہے‘‘۔ (الفتح ‘ ج۱۱‘ ص ۲۰۹)

ابن القیم ؒنے کہا ہے:’’ذکر کی تین قسمیں ہیں:ثنا‘ دعا اور رعایت۔ ذکرِ ثنا یوں ہے : سبحان اﷲ والحمد للّٰہ ولا اِلٰہَ اِلاَّ اﷲ واﷲ اکبر۔  ذکرِ دعا: رَبَّنَا ظَلَمْنَا اَنْفُسَنَاسکتۃ وَاِنْ لَّمْ تَغْفِرْلَنَا وَتَرْحَمْنَا لَنَکُوْنَنَّ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ(الاعراف ۷:۲۳)’’اے رب ‘ ہم نے اپنے اوپر ستم کیا اور اگر تُو نے ہم سے درگزر نہ فرمایا اور رحم نہ کیا   تو یقینا ہم گمراہ ہو جائیں گے‘‘۔  یاحی یاقیوم برحمتک استغیث۔ا ور جہاں تک     ذکرِ رعایت کا تعلق ہے تو وہ ذاکر کے اس قول کے مثل ہے: اللھم معی‘ اللّٰہ ناظر علی ‘ اﷲ شاھدی‘ اور اس طرح کا ذکر جس سے اﷲ کے ساتھ حضوری کی تقویت استعمال کی جاتی ہے ۔ اور اس میں دل کی اصلاح کی رعایت ہو‘ اﷲ تعالیٰ کے ساتھ ادب کی حفاظت‘ اور غفلت اور شیطان اور نفس کی برائی سے اجتناب ہو۔ (تہذیب المدارج‘ ص ۴۶۸)

ذکر کس لیے؟

]اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ذکر کی ضرورت و اہمیت کے حوالے سے فرمایا: ’’اے نبیؐ، اپنے رب کو صبح و شام یاد کیا کرو۔ دل ہی دل میں زاری اور خوف کے ساتھ اور زبان سے بھی ہلکی آواز کے ساتھ۔ تم ان لوگوں میں سے نہ ہو جائو جو غفلت میں پڑے ہوئے ہیں‘‘۔ (الاعراف ۷:۲۰۵)

یاد کرنے سے مراد نماز بھی ہے اور دوسری قسم کی یاد بھی‘ خواہ وہ زبان سے ہو یا خیال سے۔ صبح و شام سے مراد یہی دونوں وقت بھی ہیں اور ان اوقات میں اللہ کی یاد سے مقصود نماز ہے‘ اور صبح و شام کا لفظ ’’دائماً‘‘ کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے اور اس سے مقصود ہمیشہ خدا کی یاد میں مشغول رہنا ہے… اس کی غرض یہ بیان کی گئی ہے کہ تمھارا حال کہیں غافلوں کا سا نہ ہوجائے۔ دنیا میں جو کچھ گمراہی پھیلی ہے اور انسان کے اخلاق و اعمال میں جو فساد بھی رونما ہوا ہے اس کا سبب صرف یہ ہے کہ انسان اس بات کو بھول جاتا ہے کہ خدا اُس کا رب ہے اور وہ خدا کا بندہ ہے اور دنیا میں اُس کو آزمایش کے لیے بھیجا گیا ہے اور دنیا کی زندگی ختم ہونے کے بعد اسے اپنے رب کو حساب دینا ہوگا۔ پس جو شخص راہِ راست پر چلنا اور دنیا کو اُس پر چلانا چاہتا ہو اُس کو سخت اہتمام کرنا چاہیے کہ یہ بھول کہیں خود اُس کو لاحق نہ ہو جائے۔ (تفہیم القرآن‘ ج۲‘ ص ۱۱۴-۱۱۵)[

]ایک دوسرے مقام پر فرمایا: ’’یہ ذکر تم پر نازل کیا ہے تاکہ تم لوگوں کے سامنے اُس تعلیم کی تشریح و توضیح کرتے جائو جو اُن کے لیے اُتاری گئی ہے‘‘۔ (النحل ۱۶:۴۴)

تشریح و توضیح صرف زبان ہی سے نہیں بلکہ اپنے عمل سے بھی‘ اور اپنی رہنمائی میں ایک پوری مسلم سوسائٹی کی تشکیل کرکے بھی‘ اور ’’ذکرِالٰہی‘‘ کے منشا کے مطابق اُس کے نظام کو چلا کر بھی۔

اس طرح اللہ تعالیٰ نے وہ حکمت بیان کر دی ہے جس کا تقاضا یہ تھا کہ لازماً ایک انسان ہی کو پیغمبر بناکر بھیجا جائے۔ ’’ذِکر‘‘ فرشتوں کے ذریعہ سے بھی بھیجا جا سکتا تھا۔ براہِ راست چھاپ کر ایک ایک انسان تک بھی پہنچایا جا سکتا تھا۔ مگر محض ذکر بھیج دینے سے وہ مقصد پورا نہیں ہو سکتا تھا جس کے لیے اللہ تعالیٰ کی حکمت اور رحمت و ربوبیت اس کی تنزیل کی متقاضی تھی۔ اُس مقصد کی تکمیل کے لیے ضروری تھا کہ اس ’’ذکر‘‘ کو ایک قابل ترین انسان لے کر آئے۔ وہ اس کو تھوڑا تھوڑا کرکے لوگوں کے سامنے پیش کرے۔ جن کی سمجھ میں کوئی بات نہ آئے اس کا مطلب سمجھائے۔ جنھیں کچھ شک ہو ان کا شک رفع کرے۔ جنھیں کوئی اعتراض ہو ان کے اعتراض کا جواب دے۔ جو نہ مانیں اور مخالفت اور مزاحمت کریں اُن کے مقابلے میں وہ اُس طرح کا رویہ برت کر دکھائے جواِس ’’ذکر‘‘ کے حاملین کی شان کے شایاں ہے۔ جو مان لیں انھیں زندگی کے ہر گوشے اور ہر پہلو کے متعلق ہدایات دے‘ ان کے سامنے خود اپنی زندگی کو نمونہ بنا کر پیش کرے‘ اور ان کو انفرادی و اجتماعی تربیت دے کر ساری دنیا کے سامنے ایک ایسی سوسائٹی کو بطور مثال رکھ دے جس کا پورا اجتماعی نظام ’’ذکر‘‘ کے منشا کی شرح ہو۔ (ایضاً‘ ص ۵۴۳)[

اے میرے بھائی اور اے میری بہن!

تم نے دیکھ لیا ہے کہ ذکر میں کتنی بھلائیاں ہیں۔ وہ کتنا سہل و آسان ہے۔ تم نے دیکھ لیا ہے کہ اوقات کے حوالے سے اس میں کتنی وسعت ہے؟

عظیم نعمتیں ہیں جو اﷲ نے ہماری طرف بھیجی ہیں‘تو کیا ہم ان سے غافل رہیں اور محرومین میں سے ہو جائیں؟ ہماری زندگی میں غفلت ‘ اچانک وارد ہو نے والا خطرہ ہے۔ دل بہلاوے اور اکتاہٹیں بہت زیادہ ہو گئی ہیں۔ جھوٹ اور گھٹیا کلام ‘ ناجائز دولت‘گستاخ شاعری‘ غیبت کی اشاعت ‘چغلی کی کثرت‘ باہمی گالی گلوچ اور بڑی برائیوں کے ساتھ زبان درازی کو بہت فروغ حاصل ہوا ہے اور اس سب کچھ نے  قلب کے نور کو بجھا دیا ہے اور اس کی قساوت کو بڑھا دیا ہے۔بلائیں بڑھ گئی ہیں اور مصیبتیں شدید ہو گئی ہیں‘ جب کہ اﷲ کے سوا انھیں کو ئی دور کرنے والا نہیں۔

غفلت بلا شبہہ دنیا میں بیماری ہے ‘اور آخرت میں ندامت و بدبختی۔ رسولؐ اﷲ نے فرمایا: ’’جو لوگ بیٹھے اور اس نشست میں اﷲ کا ذکر نہیں کیا تو یہ نشست ان کے لیے حسرت اور خسران کا باعث ہوگی۔ اﷲ چاہے گا تو سزا دے گا اور چاہے گا تو معاف فرما دے گا‘‘ (ترمذی) ۔ افسوس اور حسرت ہے غفلت شعاروں پر!..

ذکر کی مجالس فرشتوں کی مجالس ہیں اور غفلت کی مجلسیں شیطان کی مجلسیں ہیں‘اور جس کی جس کے ساتھ نسبت ہے وہ اسی کی مثل ہے(الوابل الصیب‘ص ۱۵۸)۔ تم دونوں میں سے کس فریق کے ساتھ ہونا چاہتے ہو؟

آخرمیں شیخ الاسلام ابن تیمیہؒ کا قول ہے :’’ذکر دل کے لیے ایسا ہی ہے جیسا مچھلی کے لیے پانی۔ مچھلی جب پانی سے جدا ہوتی ہے تواس کا کیا حال ہو جاتا ہے ؟ (الوابل الصیب‘ ص ۹۳)۔ یہ وہ معروف سوال ہے جس کا جواب ہے:’’ احتیاط‘غفلت سے احتیاط‘ اور اﷲ ہی اﷲ کا ذکر ‘‘۔

بعید نہیں کہ اﷲ ہمیں ذاکرین میں سے بنا دے اور ذکر کی بدولت ہمارے اجر بڑھا دے ‘اس کے لیے ہمارے سینوں کو کھول دے اور اس کے باعث ہمارے رنج و غم مٹا دے اور اس کے ساتھ ہماری روحوں کو راحت حاصل ہو!

اَللّٰھُمَّ اَعِنَّا عَلٰی ذِکْرِکَ وَشُکْرِکَ وَحُسْنِ عِبَادَتِکَ

اے اﷲ! تُو اپنے ذکر ‘ اپنے شکر اور اپنی بہترین عبادت میںہماری مدد فرما۔

(المجتمع ‘ شمارہ ۱۴۸۳-۱۴۸۵)


(کتابچہ دستیاب ہے۔ قیمت: ۶ روپے۔ منشورات‘ منصورہ‘ ملتان روڈ‘ لاہور)

حج کی طرح‘ حج کی تیاری بھی ایک پورا عمل ہے۔ ساری ساری عمر تمنا کرنا‘ دعائیں کرنا‘ یہ بھی تیاری ہے۔ اس تیاری کی کیسی کیسی مثالیں علم میں آتی ہیں‘ پڑھنے کو ملتی ہیں۔ ساری ساری عمر لوگ زادِ راہ جمع کرتے ہیں‘ رو رو کر دعائیں کرتے ہیں کہ خانہ کعبہ اور روضۂ رسولؐ کی زیارت نصیب ہو۔ اس کے خواب دیکھتے اور بیان کرتے ہیں۔

ایک وقت گزرا کہ قرعہ میں نام نہ نکلنے پر صدمے کی کیفیت ہوتی تھی کہ ابھی بلاوا نہیں آیا اور اگلے سال کا انتظار شروع ہو جاتا اور یوں تیاری جاری رہتی تھی۔

بحری جہاز سے حج کی صورت میں آٹھ دس دن بڑی ہمہ گیر‘ ہمہ وقتی تیاری کا موقع ملتا تھا۔ حج کے سفرناموں میں اس کا خوب بیان ملتا ہے۔ پابندی سے نمازیں‘ ذکرواذکار کی مجالس‘ دعائیں‘ توجہ‘ شوق --- یہاں تک کہ جدہ کا ساحل نظر آجائے اور شوق کی بے تابیاںاگلے مراحل کے لیے فزوں تر ہو جائیں۔

یوں‘ حج کے لیے سفر کی مدت کا طول بھی تیاری کا حصہ بن جاتا ہے۔ نائیجیریا سے آئے ہوئے ایک دوست نے بتایا کہ ایک زمانے میں سفر اتنے ماہ لیتا تھا کہ کسی کو دوسرے سال حج کرنا ہو تو وہ ادھر ہی رک جاتا تھا۔ جانے آنے میں چھ چھ ماہ لگ جاتے تھے۔ عبدالماجد دریابادی کے حج نامے میں ۱۹۲۹ء میں مناسک حج کے لیے نقل و حرکت کا ذریعہ اُونٹنی بیان ہواہے۔

وقت بدلنے کے ساتھ‘ سفر مختصر ہوتا گیا۔ اس سے تیاری کا‘ یعنی کیفیت سے گزرنے کا عمل متاثر   ہوا ہے۔ بحری جہاز کا سفر غیر مقبول ہوا اور بالآخر ختم ہوگیا۔ اب حاجی چند گھنٹے اس کیفیت میں گزار کر‘   ہوائی جہاز میں سوار ہو کر چند مزید گھنٹوں کے بعد جدہ پہنچ جاتا ہے۔ ہفتوں اور مہینوں خاص کیفیات میں گزارنے کا تاثر چند گھنٹوں میں تو‘ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

اللہ تعالیٰ نے اپنی ہدایت کے لیے بارش کی مثال دی ہے کہ زمین پر برستی ہے لیکن ہر حصہ اپنی کیفیت اور قوت نمو کے لحاظ سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ چٹیل چٹان پر سے تو پانی گزر ہی جاتا ہے۔ اسی طرح حج کی مثال ہے۔ لاکھوں افراد دنیا کے کونے کونے سے جاتے ہیں‘ کئی کئی دن اکٹھے گزارتے ہیں‘ رحمت و مغفرت کی بارشیں جاری رہتی ہیں لیکن ہر ایک اپنے ظرف کے لحاظ سے فیض یاب ہوتا ہے۔ یقینا کچھ ضرور ایسے ہوں گے‘اللہ کرے سب ہوں‘ جو ایسے معصوم ہو جاتے ہیں جیسے آج ہی پیدا ہوئے ہوں۔ اس کا انحصار بڑی حد تک تیاری پر ہے۔

اب تیاری خود سے ارادہ کر کے‘ مصروفیات اور زندگی کے ہنگاموں سے وقت نکال کر کرنا ہوگی۔ تربیت حجاج کے کسی پروگرام میں شرکت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے لیکن آخری بلکہ اولین بنیادی بات وہی کہ تیاری تو آپ کو خود ہی کرنا ہے‘ خود ہی پروگرام بنانا ہے‘ خود ہی عمل کرنا ہے--- آخر حج بھی تو آپ خود ہی کر رہے ہیں!

تیاری کا عمل

تیاری کے سلسلے میں دو اہداف ہونا چاہییں۔ مناسک ِ حج کے لیے تیاری‘ جو ۷ذی الحجہ سے شروع ہوتے ہیں‘ اور مکہ مدینہ کی سرزمین پر ۳۰‘ ۳۵ دن قیام کا جو موقع ملنے والا ہے‘ اس کے لیے تیاری--- تاکہ وہاں کا ہر ہر لمحہ استعمال ہو۔اس مقصد سے‘ جب سے بنکوں میں رقم جمع ہوتی ہے‘ کچھ نہ کچھ تیاری شروع کی جا سکتی ہے۔

جب میں حج کرنے گیا تو میرا خیال تھا کہ میرا کام مکہ مدینہ پہنچنا اور خانہ کعبہ دیکھنا اور طواف کرنا ہے‘ باقی اس دوران کی کیفیات --- جس کا حال سفرناموں میں پڑھا تھا غالباً خود اللہ تعالیٰ کی طرف سے طاری کی جائیں گی‘ یعنی وہاں جا کر خود بخود طاری ہو جائیں گی۔ معلوم نہیں‘ میں کوئی خاص گنہگار تھا‘ یا سب کے ساتھ یہی ہوتا ہے کہ حرم میں بیٹھ کر بھی‘ راہوار خیال کو جہاں چاہے لے جا سکتے ہیں۔ شیطان زیادہ طاقت سے زور آزمائی کرتا ہے کہ اللہ کو بتائے کہ دیکھ‘ یہاں تک چل کر آنے والا بھی بہکایا جاسکتا ہے۔ ہر طرح کے ملک ملک کے مناظر وہاں نظر آتے ہیں اور آپ جہاں چاہیں اپنے کو لے جا سکتے ہیں۔ اور حرم سے ذرا باہر نکلیں تو فٹ پاتھ‘ دکانیں‘ ہوٹل--- پورا بین الاقوامی بازار سجا سجایا--- جتنے گھنٹے چاہیں گزاریں‘ جو چاہیں خریدیں--- یوں آزمایش تو بڑھ جاتی ہے۔ خیال تھا کہ یہاں پہنچ گئے تو سب کام آسان ہو جائیں گے۔ لیکن ایسا نہیں پایا۔ اس لیے تیاری کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔

تیاری کی پہلی شق یہی ہے کہ پہلے دن سے نیت کو خالص کیا جائے اور پھر کوشش کر کے دورانِ قیام اور دورانِ مناسک حج خالص رکھا جائے۔ ہرشخص خود ہی جائزہ لے کر معلوم کر سکتا ہے کہ نیت میں کہاں‘ کس طرح کا کھوٹ ہے‘ یا آ سکتا ہے۔ اس کی پیش بندی کرے‘ عملی تدابیر کرے اور اللہ سے دعا بھی کرے کہ سارا سفر‘ محنت‘ خرچ محض دوڑ بھاگ ہی نہ ثابت ہو۔

دورانِ قیام کی ایک اہم سرگرمی مسجدحرام اور مسجد نبویؐ کی نمازیں‘ خصوصاً جہری نمازیں ہیں۔ دوسری ساری سرگرمیاں اس کے گرد گھومتی ہیں۔ پہلے سے ذہن میں ہونا چاہیے کہ وہاں نمازیں بالکل  ٹھیک ٹھیک ادا کرنا ہیں (چاہے یہاں کیسی بھی عادات ہوں)۔ اس کے لیے دو باتوں کا اہتمام کیا جا سکتا ہے:

ایک یہ کہ نماز کے بارے میں لٹریچر میں جو کچھ پڑھا ہے‘ اسے تازہ کر لیا جائے۔ پانچ وقت کی نماز کو ذکر کے حقیقی معانی کے ساتھ قائم کیا جائے گا تو اس کی برکات‘ اور زندگی پر اثرات بچشم سر دیکھے جا سکیں گے۔ کتابیں حاصل کر لی جائیں‘ ساتھ رکھی جائیں۔

دوسری بات‘ بہت ضروری یہ ہے کہ اگر آپ کو اتنی عربی آتی ہے کہ قرآن سنتے ہوئے اس کا مفہوم ذہن میں آتا جائے تو اپنی خوش قسمتی پر اللہ کا شکر ادا کیجیے۔ لیکن اگر ایسا نہیں ہے تو اس کی فکر کیجیے۔ اب   بے شمار ایسے کورس چل رہے ہیں جودو تین ماہ میں اتنی شدبُد کرا دیتے ہیں کہ آپ کا یہ مسئلہ حل ہو جائے۔ روزانہ دو تین گھنٹے دیں‘ تو ایک ہفتے میں بھی ہدف حاصل ہو سکتا ہے (منشورات خرم مراد کے قرآنی عربی کے ۱۵ اسباق جلد ہی شائع کرنے والا ہے۔ اس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے)۔ یہ نہ ہو کہ فجرو عشا ء میں‘ مسجد نبویؐ اور مسجدحرام کے امام قرآن کی پُرلطف ‘ وجد آفریں تلاوت کر رہے ہوں‘ قوموں کے عروج و زوال کے احوال بیان ہو رہے ہوں‘آخرت کی حقیقت اور مناظر کا نقشہ کھینچا جا رہا ہو‘ احکام الٰہی اور ان کی  مصلحتیں بتائی جا رہی ہوں‘ انفس و آفاق کی آیات پر توجہ دلائی جا رہی ہو‘ آپ کے نفس کو جھنجھوڑا جا رہا ہو‘ اور آپ کو کچھ خبر ہی نہ ہو۔

نماز کی اپنی کیفیت ہے‘ لیکن معنی و مطلب کے ساتھ شعوری توجہ ہو تو افادہ ہزار چند ہو جاتا ہے۔ اپنے کو اس سے کیوں محروم رکھتے ہیں؟ جو عربی آپ سیکھیں گے‘ ساری عمر کام آئے گی۔ نمازوں کے علاوہ بھی یہاں تلاوت کا بہت موقع ملتا ہے۔ کئی کئی قرآن ختم کیے جاتے ہیں‘ یہ بامعنی ہوں توکیا کہنے!

ایک تیاری دعائوں کی ہے۔ یہ پورے اہتمام سے کریں‘ زبان کی کوئی قید نہیں لیکن قرآن کی بتائی ہوئی اور رسولؐ اللہ کی کی ہوئی دعائیں‘ آپ کے جذبات کو اور داعیات کو الفاظ کا جامہ پہنا دیتی ہیں اور جذبات کی تہذیب بھی کرتی ہیں۔ اس لیے ان کے مجموعے آپ کے پاس ہونے چاہییں۔ حقیقت یہ ہے کہ وہاں دعائوں کے لیے بہت وقت ملتا ہے۔ آپ کے پاس جتنا بھی ذخیرہ ہو‘ کم پڑ جاتا ہے۔ آپ کوشش کرکے جمع کریں‘ یہ تیاری کا حصہ ہے۔ یاد نہ بھی ہوں تو سامنے رکھ کر‘ بیٹھ کر‘ آرام سے کی جا سکتی ہیں۔ (عربی جاننا یہاں بھی کام آئے گا)۔ یہ چار دن کا نہیں‘ مہینے بھر کا موقع ہے۔  اذکار مسنونہ (ابن قیم/ خلیل احمد حامدی)  نالہ نیم شب (خرم مراد) کے علاوہ بھی آسان دعائیں اور قرآنی دعائوں کے مجموعے عام ملتے ہیں۔ دعائوں کے لیے خصوصی اوقات اور مقامات کا بیان آپ کو ہر تذکرے میں ملے گا۔

دعوہ اکیڈمی کا شائع کردہ مولانا سید ابوالحسن علی ندویؒ کا ۷ روپے کا ایک کتابچہ (وہاں کوئی اسلامی مکتبہ اسے ۷ریال کا فروخت کر رہا تھا!)  سیرت نبویؐ دعاؤں کے آئینے میں ‘میرے ساتھ تھا۔ انھوں نے ترجمہ عبدالماجد دریابادیؒ کا نقل کیا تھا۔ ان گلیوں میں رسولؐ اللہ کا قرب آپ محسوس کرتے ہی ہیں‘ پھر آپؐ کی دعائیں‘ بہترین اُردو میں ترجمہ--- میں بیان نہیں کر سکتا کہ یہ مختصر کتابچہ میرے کتنے کام آیا!

تیاری کا ایک اہم حصہ مناسب کتب کا ساتھ رکھنا ہے۔ مطالعے کا وقت وہاں نکالیں۔ جتنا بازاروں اور گپ شپ سے بچیں گے‘ زیادہ مطالعہ کر سکیں گے (شیطان کی خصوصی کوشش ہوتی ہے کہ آپ کو اِدھر اُدھر کے کاموں میں لگائے رکھے اور اصل شغل آپ ملتوی کرتے رہیں کہ بہت وقت پڑا ہے‘ آپ پہلے ہی دن سے چوکنے رہیں‘ اس جال میں نہ آئیں) ۔خود ہی سوچیں کہ مسجد نبویؐ میں بیٹھ کر حدیث کا مطالعہ‘  چند لمحات کلام نبویؐ کی صحبت میں‘ کی عملی تفسیر بن جاتا ہے۔ مکہ مدینہ کے آثار اور نشانیاں دیکھنے جائیں تو سیرت کا مطالعہ مستحضر ہونا چاہیے۔ تیاری کے ایک حصے کے طور پر اسے بھی تازہ کر لیں۔

اب آیئے اصل حج‘ یعنی مناسک ِ حج کی طرف!

یہ چار پانچ دن ہی وہ اصل دن ہیں جن کی خاطر یہ سفر کیا گیا اور حج کا فریضہ ادا کرنے کے لیے یہ تیاری کی گئی۔ اس حوالے سے ہر طرف ہدایات مہیا ہوتی ہیں‘ بے شمار کتابیں موجود ہیں۔ خصوصی پروگرام ہوتے ہیں۔ حاصل یہ ہونا چاہیے کہ آپ کے ذہن میں مناسک کا پورا نقشہ‘ روز کا پروگرام تفصیل کے ساتھ آجائے۔

ایک وقت وہ بھی رہا ہوگا جب خانہ کعبہ کی تصویر بھی دیکھنے کو نہ ملتی ہوگی۔ لوگ آکر ہی دیکھتے ہوں گے۔ پھر تصویر آگئی‘ لیکن جو بات اصل کی تھی‘ وہ تصویر میں کہاں--- لیکن اب تو ہمہ وقت خانہ کعبہ کا‘ اس میں نمازیوں کا منظر ٹی وی پر اتنا نظر آتا ہے کہ پہلی دفعہ دیکھنے والی بات اب کہاں--- یہی لگتا ہے کہ جیسے دیکھی ہوئی چیز دیکھ رہے ہیں۔ پھر بھی خود وہاں موجود ہونے‘ اس کا حصہ ہونے‘ اپنی آنکھوں سے خانہ کعبہ کو دیکھنے‘ اپنے قدموں سے طواف کرنے‘ آبِ زم زم‘ چشمہء  زم زم پر کھڑے ہو کر پینے کی لذت کیا اور کس طرح بیان کی جائے--- یقینا یہ امور بیان سے ماورا ہیں!

مناسک ِ حج سیکھنے کے لیے‘ پڑھنا بھی چاہیے‘ کسی پروگرام میں بھی شرکت کرنا چاہیے لیکن سب سے موثر کسی فلم کو توجہ سے دیکھ لینا ہے۔ آپ اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کہ سب کیا اور کس طرح کرنا ہے۔ وہاں کوئی آپ کو بتا نہ سکے کہ اس طرح کرو۔ آپ کو صحیح بات کا علم ہونا چاہیے۔ یہ تیاری لازماً کریں‘ یہ نہ سوچیں کہ وہاں معلوم ہو جائے گا‘ کوئی نہ کوئی بتا دے گا‘ سب ہی کر رہے ہوں گے--- آپ کو اعتماد کے ساتھ علم ہونا چاہیے۔

اور آخری بات‘ جو پہلی بات بھی ہو سکتی تھی‘ یہ ہے کہ جانے سے پہلے ایک‘ بلکہ دو تین حج کے سفرنامے پڑھیں اور کیفیات سے گزریں۔ میں نے عبدالماجد دریابادیؒ صاحب کا سفرنامہ حج پڑھا اور حقیقت یہ ہے کہ بہت فائدہ اٹھایا۔ مناسک کے علاوہ‘ اس دور کے حالات سے بھی آگاہی ہوتی ہے۔ آپ اپنی پسند کے مصنف کا سفرنامہ لیں مگر پڑھیں ضرور۔

یہ تیاری کے لیے کوئی جامع امور نہیں‘ چند متفرق باتیں ہیں۔ امید ہے کہ عازمین حج انھیں مفید پائیں گے۔

تیاری کے سلسلے میں ۱۰۱ نکات بھی بیان کیے جا سکتے ہیں۔ لیکن یہاں بعض اہم بنیادی امور کی  نشان دہی پیش نظر تھی۔ جزئیات میں جائیں تو یہ بھی کام کی بات ہے کہ جوتوں کے لیے تھیلی بنوا کر لے جائیں‘ لیکن میں نے تو یہ بھی نہیں ذکر کیا کہ عرفات کا دن کتنا اہم ہے‘ منیٰ میں کیسے وقت گزارا جائے‘ مزدلفہ میں کنکریاں کیسے چنی جائیں‘ رمی جمار میں کیا احتیاطیں کریں‘ قربانی کس طرح بہتر رہے گی‘ بار بار عمرے کریں یا نہ کریں‘ طواف کا کیا لطف ہے وغیرہ۔ حج کے ہدایت ناموں میں یہ سب کچھ ملے گا۔ میری بتائی ہوئی باتوں میں کچھ فائدہ محسوس کریں تو دعائوں میں مجھے بھی یاد کر لیجیے گا (فہرست میں کہیں نام لکھ لیں) اور روضہ رسولؐ پر میرا سلام بھی پیش کر دیجیے گا۔ اللہ قبول فرمائے۔

عمومی زندگی میں ہمارے معاملات افراد‘ معاشرہ اور اداروں سے ہوتے ہیں۔ ہماری شخصیت کا اظہار ہمارے معاملات کے انداز‘ ہمارے گفتگو کے طریقے اور اس کے رویے سے ہوتا ہے۔ ہم کبھی کسی ایک فرد سے معاملہ کر رہے ہوتے ہیں‘ کبھی چھوٹے سے گروپ کے ساتھ‘ کبھی تنظیم اور کبھی عوام الناس کے ساتھ۔ عام طور پر یہ دائرہ فرد‘ گروپ اور تنظیم یا ادارے تک محدود رہتا ہے۔ اس فرد‘ گروپ اور تنظیم یا ادارے میں گھر‘ گھرکے افراد‘ اہل خانہ‘ دوست ‘ احباب‘ رشتے دار‘ پڑوسی‘ دفتر کے لوگ‘ کاروباری حلقہ اور سماجی‘ معاشرتی‘ مذہبی اور سیاسی تنظیمیں آجاتی ہیں۔ ہمیں ان ہی کے ساتھ معاملات کرنے ہوتے ہیں اور ان ہی معاملات کے باعث ہماری شخصیت کی قدر ہوتی ہے۔

ذیل میں اسی حوالے سے معاشرتی‘ معاملاتی اور استحکامی عناصرکے نکات پیش کیے جاتے ہیں۔ ان پر غور کیجیے اور لائحہ عمل بنایئے تاکہ لوگ آپ کو قبول کر لیں اور کچھ عرصے کے بعد لوگ آپ کے بارے میں تبصرہ کریں کہ:  ع کتنا بدل گیا ہے انسان!

عوام الناس کے لیے مطلوبہ خوبیاں

لوگ عام طور پر ان خوبیوں اور باتوں کو پسند کرتے ہیں:

  • دوستانہ انداز: آپ کا رویہ ایسا ہو کہ لوگ اس میں اُنسیت اور دوستی کو محسوس کریں۔ اس رویے کے باعث لوگ آپ کے قریب آئیں گے اور آپ کے ساتھ تعاون کریں گے۔
  • انصاف پسندی: اپنی غلطی کا اعتراف کرنا‘ دوسروں کی اچھی بات کو مان لینا‘ معاملات میں توازن‘ حقوق کی پاسداری اور تقسیم کے معاملات میں وسیع القلبی کی عادات‘ آپ کو معروف اور مقبول بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
  •  باہمی تعاون: جن لوگوں کے ساتھ آپ گزارا کر رہے ہیں ان کے ساتھ تعاون کی کوشش کیجیے لیکن ایسا نہ ہو کہ اپنے کام کو قربان کر دیں۔ دوسروں کی دُنیا بنانے کے لیے اپنی آخرت تباہ مت کیجیے۔ تعاون کے معنی ضرورت کے وقت ساتھ دینا ہے۔ ان کے معاملات پر حاوی ہونا اور مداخلت کرنا نہیں۔
  • قابل اعتماد:  اپنی شخصیت میں وہ عناصر اور عادات مستحکم کیجیے جو اخلاقی عناصر کے ذیل میں آتی ہیں‘ یعنی سچائی‘ امانت اور ایفاے عہد۔ ان عناصر کے ذریعے آپ ایک قابل اعتماد فرد کے طور پر نمایاں ہوں گے اور لوگ آپ کو ذمہ دار سمجھتے ہوئے قبول کریں گے۔
  •  پرعزم: اپنے عزائم کو بلند رکھیے۔ اپنی زندگی کا نصب العین بنایئے۔ اپنی زندگی کے مختلف مراحل کی منصوبہ بندی کیجیے۔ مقاصد اور سنگ میل بنایئے۔ اس کے مطابق شیڈول بنایئے اور روز بروز ترقی کرتے رہیے۔ آپ کا آج کا دن گذشتہ کل سے بہتر ہو۔ آپ آنے والے دن کی ایسی تیاری کریں کہ وہ آج سے بہتر ہو۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’وہ شخص تباہ ہو گیا جس کے دو دن کارکردگی کے لحاظ سے ایک جیسے ہوئے‘‘۔ بہتری اور خوب سے خوب تر کی طرف آیئے تاکہ آخرت میں مایوسی نہ ہو۔
  •  اپنی اور دوسروں کی عزت: آپ اپنی ذات کو سمجھنے کی کوشش کیجیے‘ اس کی خامیوں کو دُور کیجیے۔ اس میں اچھائیاں اور خوبیاں پیدا کرنے کی کوشش کیجیے۔ اپنی شخصیت میں حلم‘ طمانیت اور وقار پیدا کیجیے تاکہ آپ خود اپنی ذات میں اپنی عزت کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ جن لوگوں کے ساتھ معاملات کرتے ہیں وہ بھی عزت اور وقار کے ساتھ کیجیے۔ آپ عموماً عزت دے کر ہی عزت حاصل کرتے ہیں۔
  •  وفاداری:  وفاداری ایک ایسی صفت ہے جو آپ کے چہرے پر نہیں لکھی ہوتی بلکہ مشکلات اورآزمایشوں کے وقت اس کا اندازہ ہوتا ہے۔ اس کی ضد غداری ہے اور خود غرضی‘ غداری کا پیش خیمہ ہے۔ اپنے گھر‘ ادارے اور تنظیم کے ساتھ وفادار رہیے۔ عموماً اسی کی قدر ہوتی ہے۔
  •  استقامت‘ استحکام اور تسلسل: اس صفت کے ذریعے آپ نہ صرف ترقی کرتے ہیں بلکہ لوگوں میں بھی آپ کی شخصیت کا ایک تاثر قائم رہتا ہے۔
  •  شائستگی اور تواضع: اپنی شخصیت میں نکھار‘ گفتگو میں شیرینی‘ چہرے پر مسکراہٹ‘ لباس میں متانت اور معاملات میں تواضع پیدا کیجیے۔ یہ صفات آپ کی رفتارِ کامیابی کو بڑھائیں گی۔
  •  دُور اندیشی: آپ فیصلوں اور معاملات کے حوالے سے دُور اندیشی کا ثبوت دیجیے۔ جذباتی‘ جلدباز اور انتقام پسند مت بنیے۔ حسب ضرورت اپنی شخصیت میں ٹھہرائو پیدا کیجیے۔
  •  آواز کا بہتر استعمال: اپنی آواز کا استعمال سیکھیے۔ اس کی تربیت کیجیے۔ آواز کی شیرینی‘ الفاظ کی ادایگی‘ ہاتھ اور انگلیوں کا مناسب استعمال اور مسکراہٹ‘ آپ کو ہر دلعزیز بنانے میں کارآمد ثابت ہوں گی۔
  •  سمجھنا اور ہمدردی کرنا: لوگوں کی باتیں سننے اور انھیں سمجھنے کی کوشش کیجیے۔ سننا ایک صلاحیت ہے۔ اس صلاحیت کو سیکھنے کی کوشش کیجیے۔ افراد کو سمجھنا‘ ان کی ضروریات کا اندازہ لگانا اور اس کے مطابق کام لینا اور کام دینا کامیابی کے متلاشی انسان کے لیے بہت ضروری ہے۔ ترغیب دینے کی صلاحیت بھی اس میں بہت کام آتی ہے۔
  •  مل کر کام کرنا اور کنٹرول رکھنا: اس دنیا کے اکثر کام اور معاملات تنہا انجام نہیں پاتے۔ اس کے لیے افراد اور گروپ کی ضرورت ہوتی ہے۔ افراد اور گروپ کو ٹیم بنانا اور ان کے ساتھ مل کر کام کرنا اور ان سے کام لینے کی صلاحیت بہت ضروری ہے۔ اپنے کام اور ذمہ داریوں پر اپنا کنٹرول رکھتے ہوئے لوگوں کے ساتھ ٹیم ورک کی صلاحیت پیدا کیجیے۔
  •  نظم و ضبط : اپنی زندگی میں نظم و ضبط پیدا کیجیے۔ توازن اور اعتدال پیدا کیجیے۔ یہ عادات آپ کو اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ساتھ دیں گی‘ اور آپ کو غیر ضروری محنت نہیں کرنی پڑے گی۔
  •  صلاحیت اور رویہ: اپنی ذات میں اپنے کام اور معاملات کے حوالے سے صلاحیت (competence) پیدا کیجیے۔ یہ علم‘ عمل اور تجربے کا نتیجہ ہے۔ اس حوالے سے جب لوگوں سے معاملات ہوں تو پھر اخلاقی اقدار کا لحاظ رکھ کر کیجیے تاکہ آپ کامیاب ہو سکیں۔

معاشرتی مطابقت

ضد‘ غصے اور ہٹ دھرمی کے بغیر اپنی بات کو سمجھانے اور منوانے کی صلاحیت پیدا کیجیے۔ اس بات کے حوالے سے منطق کے چار سوالات اپنی ذات سے ضرور پوچھ لیجیے۔ امید ہے ان چار سوالات کے جوابات ہی آپ کا ۵۰ فی صد مسئلہ حل کر دیں گے:

۱-  میں کیا بات کر رہا ہوں (کیا‘what)۔ علم کی طرف اشارہ ہے۔

۲- یہ بات کیوں کر رہا ہوں (کیوں‘why)۔ اس بات کا مقصد کیا ہے۔ آپ کے رویے کی جانب اشارہ ہے۔

۳- یہ بات کیسے کی جائے (کیسے‘ how)۔ اس کا تعلق طریقہء کار سے اور آپ کی بات کرنے کی صلاحیت سے ہے۔

۴- یہ بات کب کی جائے (کب‘ when)۔ اس کا تعلق وقت کی مناسبت سے ہے۔

کسی گفتگو اور کام سے پہلے آپ کے ذہن میں یہ چار سوالات اور ان کے جوابات ہیں تو آپ موثر‘ مستعد اور کامیاب ہیں۔ بات کرنے اور بات منوانے کا سلیقہ آپ کو بہت اچھا سیلزمین‘ مبلغ اور داعی بنا دے گا۔

معاشرتی مطابقت پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے رویے کے ذریعے دوسروں پر اعتماد کا اظہار کریں۔ اس کے باعث لوگ اپنی ذات میں اعتماد محسوس کریں گے اور آپ کے ساتھ اور آپ کے لیے کام کریں گے۔

گفتگو میں چڑچڑے پن اور ضد سے بچتے ہوئے اپنے دلائل میں نرمی اور شائستگی پیدا کیجیے۔ یہ آپ کی اعلیٰ ظرفی ہوگی۔

مفاہمت پیدا کرنا

اس دنیا اور معاشرے میں ہم ہر ایک سے لڑ کر اور حجت اور دلیل بازی کے ساتھ نہیں رہ سکتے‘ مفاہمت پیدا کیجیے۔ ہر چیز کو اپنی انا کا مسئلہ مت بنایئے۔ جہاں جھکنا ضروری ہو وہاں جھک جایئے۔ کرکٹ کی دنیا میں آج تک ’’چھکا‘‘ اُچھل کر نہیں لگا ہمیشہ جھک کر لگا ہے۔ ذیل کی تمثیل امید ہے گھریلو زندگی اور کاروباری و سماجی معاملات میں مدد دے گی۔

ایک دریا کے اُوپر لکڑی کا ایک فٹ چوڑا پل تھا۔ اس پل پر ایک طرف سے ایک بکرا آ رہا تھا۔ وہ ابھی بیچ پل پر ہی پہنچا تھا کہ دوسری طرف سے دوسرا بکرا آگیا۔ دونوں آمنے سامنے ہو گئے۔ آوازیں تیز ہوگئیں اور قریب تھا کہ دونوں دریا میں گرتے‘ اسی اثنا میں ایک بکرے نے دوسرے کو تجویز پیش کی کہ ’’یار میں بیٹھ جاتا ہوں تو میرے اوپر سے گزر جا‘‘۔ اس نے ایک لمحے کی قربانی‘ اپنی اَنا کی قربانی دے کر دونوں کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔ یہی لمحے ہیں جس میں اَنا اور ’’میں‘‘ انسان کو تباہ کر دیتے ہیں اور قوموں کو صدیوں تک نقصان پہنچتا ہے۔ کہتے ہیں کہ لمحوں نے غلطی کی اور صدیوں نے سزا پائی۔

ہمارے ساتھ المیہ یہ ہے کہ ہم اپنے دینی اور دنیاوی معاملات میں بھی ان جیسی مثالوں سے سبق نہیں لیتے اور قرآن اور احادیث کی روشنی میں عمل اور ردعمل کے بجائے شیطان کی آگ میں جھلس جاتے ہیں یا ڈوب جاتے ہیں۔

مفاہمت پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم:

    __       دوسروں کے نقطۂ نظر کو سننے اور اس کے بعد سمجھنے کی کوشش کریں۔

    __       اپنے نقطۂ نظر کو پیش کرنے کے لیے حقائق پیش کیجیے اور بغیر حقائق اپنی رائے مت پیش کیجیے۔

    __       ہمیشہ موقع شناس رہیے مگر خود غرض مت بنیے۔ موقع دیکھ کر بات کرنے کوشش کیجیے۔ اچھے اور بہتر انداز سے بات کرنے کی کوشش کیجیے۔

    __       تبدیلی قبول کرنے کے لیے اپنی قوت فیصلہ کی تربیت کیجیے۔

ملاقات کے لیے ضروری باتیں

    __       جب آپ کسی واقف سے ملیں تو خوش اخلاقی اور مسکراہٹ کے ساتھ ملیں‘ اور اگر وہ اجنبی ہے تب بھی اپنا تعارف کرانے کے بعد خوش اخلاقی اور مسکراہٹ کے ساتھ پیش آیئے۔

    __       مجلس میں ‘ لوگوں میں اپنی دل چسپی کا اظہار کیجیے۔

    __       مثبت رویے کا اظہار کیجیے۔

    __       پہلی ہی ملاقات میں بہت زیادہ وعدہ مت کر لیجیے ورنہ پریشان ہوں گے۔

اداروں کے لیے مطلوبہ خوبیاں

جن اداروں سے آپ وابستہ ہوں‘ تو ان کے اپنے مقاصد ہوتے ہیں جنھیں پورا کرنا ضروری ہے۔ اس کے نتیجے میں آپ کے لیے آگے بڑھنے کی راہیں کھلتی رہیں گی۔ یہ صفات معاون ثابت ہوسکتی ہیں:

    __       ادارے کے ذمہ داروں کی طرف سے دی گئی ہدایات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی صلاحیت۔

    __       اپنے ذمہ دار‘ برابر اور ماتحت افراد کے ساتھ تعاون کرنے کی صلاحیت۔

    __       بھروسا کرنے کی صلاحیت۔

    __       کام کو چیلنج سمجھنے اور اسے اُمنگ کے ساتھ کرنے کی صلاحیت۔

    __       نئے نئے کام اور ٹکنالوجی کو سیکھنے کا جذبہ اور ترقی کرنے کی صلاحیت۔

    __       وفاداری اور ایمان داری کی صلاحیت۔

    __       تنقید قبول کرنے کی صلاحیت۔

      __     اپنے حصے کا کام اچھے‘ موثراور احسن طریقے سے اور وقت پر کر کے دینا۔

   __        اوقات کی پابندی۔

   __        اپنی غلطیوں کا اعتراف کر لینا اورمعافی مانگ لینا۔

    __       دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی صلاحیت۔

    __       صحیح انداز میں ہدایات دینے کی صلاحیت۔

    __       اپنے جذبات پر قابو رکھنے کی صلاحیت۔

امام غزالی ؒمتقدمین علما‘ فضلا‘ صلحا اور صوفیاے کرام میں ایک خاص مقام کی حامل شخصیت ہیں۔ ان کی شہرئہ آفاق تصنیف احیا العلومکے علاوہ ان کی تصانیف کی تعداد ۷۷ ہے جن کے نام حروفِ تہجی کی ترتیب سے مولانا شبلی نعمانی  ؒنے اپنی گراں قدر کتاب الغزالی میں تحریر کیے ہیں۔ احیا العلوم میں زندگی میں پیش آمدہ تمام امور کا وضاحت سے بیان ہے اور دین و دنیا سے متعلق تمام مسائل پر سیرحاصل بحث کی گئی ہے۔

امام غزالی ؒنے رعایا کی نگہداشت اور حکمرانی اور فرماںروائی کے موضوع کو کیمیاے سعادت میں ۱۰عنوانات کے تحت بیان کیا ہے ۔ امام غزالی ؒ کے نزدیک حکمرانی آسان کام نہیں بلکہ نہایت کٹھن اور مشکل فریضہ ہے کیونکہ زمین پر خلیفتہ اللہ کے مقام پر فائز ہونا بہت بڑے فرض کی ادایگی کا نام ہے۔ خلافت کے حقوق کی تکمیل کے لیے ’’عدل‘‘ شرطِ اوّل ہے۔ اگر عدل کے بجائے ظلم ہو تو یہ ’’خلافت ِ الٰہی‘‘ نہ ہوگی بلکہ اسے ’’خلافت ِ ابلیس‘‘ گردانا جائے گا۔ علاوہ ازیں فرماں روائی اور حکمرانی کی بنیاد علم و عمل پر قائم ہے‘ یعنی والی اور حکمران کے لیے ضروری ہے کہ اسے علم ہو کہ اسے اس دنیا میں کیوںکرلایا گیا ہے؟ اور اس کا اصل اور آخری ٹھکانہ کہاں ہے؟ کیونکہ یہ دنیا تو نشانِ راہ ہے‘ اسے منزل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ یہ ’’دارالعمل‘‘ ہے ’’دارالجزا‘‘ تواُخروی زندگی ہے۔

سلطانِ عادل کی خصوصیات اور مقام کا ذکر کرتے ہوئے امام غزالی ؒ یوں رقم طراز ہیں کہ سلطانِ عادل اللہ تعالیٰ کا عزیز ترین دوست اور مقرّب ہوتا ہے‘ جب کہ ظالم حکمران اللہ تعالیٰ کا بدترین دشمن ہوتا ہے۔ حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلّم کے ارشاد گرامی کے مطابق عادل حکمران کے اعمال میں ہر روز اتنے نیک عمل لکھے جاتے ہیں جتنے کہ اس کی رعیّت نے اس روز کیے ہوں۔

امام غزالی ؒکے نزدیک آدابِ حکمرانی کی تکمیل اور انداز فرماں روائی کو رضاے الٰہی کے مطابق ڈھالنے کے لیے‘ حاکم کو درج ذیل قواعد و ضوابط کو ہمیشہ پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔

۱-  پسند و ناپسند کا معیار : جب کوئی مقدمہ اور معاملہ حاکم کے رُوبرو پیش کیا جائے تو وہ یہ سمجھے کہ وہ رعایا میں سے ایک فرد ہے‘ حاکم کوئی اور شخص ہے ۔پھر وہ اندازہ کرے کہ اسے رعیّت کی حیثیت سے کون سی چیز پسند ہے اور کون سی ناپسند؟ ظاہر ہے اس قاعدے پر عمل کرتے ہوئے حاکم جو اپنے لیے پسند کرے گاوہی رعایا کے لیے پسند کرے گا لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرتا تو وہ آدابِ حکمرانی میں خیانت کا مرتکب گردانا جائے گا۔ اس کی تائید کے لیے امام غزالی ؒنے ایک حدیث مبارکہ نقل فرمائی ہے:

غزوئہ بدر کے دن حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلّم سایے میں بیٹھے ہوئے تھے اور آپؐ کے اصحاب دھوپ میں تھے۔ عین اس وقت جبریل ؑ آئے اور کہا:--- ’’ آپؐ سایے میں ہیں اور آپؐ کے اصحاب دھوپ میں ہیں؟‘‘ حضرت جبریل ؑنے فرمایا: --- ’’جس کسی کو دوزخ سے نجات اور جنت کے حصول کی خواہش ہو اسے چاہیے کہ لا الٰہ الا اللہ پڑھ کر موت کا استقبال کرے‘ اور جو چیز وہ اپنے لیے پسند نہیں کرتا وہ کسی بھی مسلمان کے لیے پسند نہ کرے‘‘۔

۲- رعایا کی حاجت روائی ‘ ترجیح اوّل : حاکمِ وقت کے خصائل حسنہ میں یہ بات بھی شامل رہنی چاہیے کہ وہ اپنے مسائل اور مصائب کے حل کے لیے سائلین اور درخواست گزاروں کو حقارت کی نظر سے نہ دیکھے‘ اظہارِ نفرت نہ کرے اور نہ بے زاری ہی کا تاثر دے بلکہ اسے یہ فکر دامن گیر رہے کہ مبادا کسی ضرورت مند سائل کی حاجت روائی سے قاصر تو نہیں رہا۔ جب تک تمام امور سلطنت میں مشغول ہو‘ اسے نفلی عبادت کی بھی خواہش پیدا نہ ہو کیونکہ رعایا کی حاجت روائی کو نفلی نماز پر فضیلت ہے۔

اس سلسلے میںایک حکایت درج فرمائی کہ خلیفہ عمر بن عبدالعزیز ؒعوام کے مسائل میں اس قدر مصروف رہے کہ نماز ظہر کا وقت آپہنچا اور آپ تھک کر چور ہو رہے تھے۔ چنانچہ اُٹھ کرگھر چلے آئے کہ گھڑی بھر آرام کرلیں۔ یہ کیفیت دیکھ کر ان کے بیٹے نے کہا: آپ کس بات پر مطمئن ہو گئے؟ اگر ابھی آپ کو موت کا بلاوا آجائے اور باہر کوئی حاجت مند انصاف کے انتظار میں کھڑا ہو تو کیا آپ قصوروار نہ ٹھیریں گے؟--- فرمایا: ہاں بیٹا! تم سچ کہتے ہو۔ یہ کہہ کر اُٹھ بیٹھے اور فوراً باہر چل دیے۔

۳- قناعت و صبر بہ طور شعار: آدابِ حکمرانی میں یہ شامل ہے کہ حاکمِ وقت اپنے آپ کو نفسانی خواہشات میں مشغول نہ کرے‘  عمدہ پوشاک اور لذیذکھانے کا عادی نہ بن بیٹھے بلکہ قناعت و صبر کو اپنا شعار بنائے۔ کیونکہ صبروقناعت کے بغیر عدل و انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو سکتے۔

اس سلسلے میں ایک واقعہ بیان فرماتے ہیں کہ حضرت عمرؓ نے جب حضرت سلمان فارسی ؓ سے دریافت کیا کہ میری کون سی بات ہے جو آپ کے نزدیک ناپسندیدہ ہے؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ میں نے سنا ہے کہ آپ کے ہاں ایک وقت میں دو‘ دو سالن پکتے ہیں اور آپ کے پاس دو پیراہن ہیں جن میں سے آپ ایک دن کو اور ایک رات کو پہنتے ہیں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: اس کے علاوہ بھی کچھ سنا؟ کہا: --- نہیں‘ اور تو کچھ نہیں سنا۔ فرمایا: جن دو چیزوں کے بارے میں آپ نے شکایت کی ہے وہ بالکل غلط ہیں۔

۴- درشتی کے بجائے نرمی: عادل حکمران کے لیے ضروری ہے کہ وہ نرمی اختیار کرے اور ممکنہ حد تک درشتی سے اجتناب کرے۔

سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلّم کا ارشاد گرامی ہے کہ جو حکمران رعایا کے ساتھ نرمی کرے گا اس کے ساتھ قیامت کے دن نرمی برتی جائے گی۔ حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلّم نے یوں دعا فرمائی کہ: ’’خدایا! جو والی اور حاکم اپنی رعایا پر رحم کرتا ہے تو قیامت کے روزاس پر رحم فرما اور جو حاکم سختی کرتا ہے اس پر سختی کر!‘‘ اور فرمایا:عطاے حکومت اسی شخص کے لیے نعمت و برکت ہے جو اسے بہ طریق احسن نبھا سکے اور اس کا صحیح طور پر حق ادا کر سکے ورنہ ایسے شخص کے حق میں تو یہ ایک بری چیز ہے جو اس کا حق ادا کرنے سے قاصر رہے‘‘۔

۵-  خوشامد پسندی سے اجتناب:حکمران کی بھرپور کوشش ہونی چاہیے کہ اس کی تمام رعایا اس سے خوش رہے جیسے کہ شریعت مطہرہ کا تقاضا ہے۔ چنانچہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلّم کا ارشاد ہے کہ ’’اے لوگو! بہترین حاکم وہ ہے جو تمھیں عزیز رکھے اور تم اسے عزیز رکھو۔ اور بدترین وہ ہے جو تمھارا دشمن ہو اورتمھیں اس سے دشمنی ہو اور تمھاری طرف سے ہمیشہ اس پر لعنت و ملامت ہوتی رہے اور اس کی طرف سے تم پر!‘‘

اسی پانچویں ضابطے کے ضمن میں حاکم کے لیے مزید شرط یہ ہے کہ وہ خوشامد پسند نہ ہو‘ یعنی اگر ہرآنے والا اس کی تعریف ہی کرتا ہے تو یہ نہ سمجھے کہ ہر کوئی واقعی اس سے خوش ہے۔ ممکن ہے کہ ان میں سے بعض جھوٹے خوشامدی ہوں یا سب خوف کے مارے اس کی تعریف کر رہے ہوں۔ حاکم کے لیے ضروری ہے کہ وہ قابل اعتماد لوگوں کو مقرر کرے اور صحیح صورتِ احوال معلوم کرنے کا اہتمام کرے کیونکہ اپنے عیوب اور حماقتوں کے بارے میں حقیقت حال تو دوسروں ہی سے معلوم ہو سکتی ہے۔

۶- خدا کی خوشنودی کو مقدم رکھنا: حاکم کے لیے‘ اس شرط پر کاربند رہنا ضروری ہے کہ وہ کسی ایسے فرد‘ جماعت یا حکومت کی رضامندی کا جویا نہ ہو جو شریعت کی مخالفت سے رضامند ہو سکتا ہو۔ کیونکہ ایسے افراد کی مخالفت اور ناراضی سے حاکم عادل کو کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔

اس امر کی تائید میں امام غزالی ؒنے حضرت عمرؓ کا قول نقل فرمایا ہے کہ حضرت عمرؓ فرماتے ہیں کہ ’’میں ہر صبح جب بیدار ہوتا ہوں تو آدھی مخلوق کو اپنے سے ناخوش پاتا ہوں اور یہ ہے بھی ناگزیر۔ کیونکہ جو کوئی میرے انصاف سے سزا کا مستحق ٹھیر گیا وہ مجھ سے ناخوش ہی ہوگا۔ میں دو دشمنوں کے مقدمات کا فیصلہ کرتے وقت فریقین کو خوش کرنے سے تو رہا!اور سخت جاہل ہے وہ جو لوگوں کی رضامندی حاصل کرنے کی خاطر اللہ تعالیٰ کی رضا کو پس پشت ڈال دے۔

ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے امام غزالی ؒ اس امر کی تائید فرماتے ہیں کہ حضرت امیرمعاویہؓ نے حضرت عائشہ ؓ کی خدمت میں بذریعہ خط درخواست کی کہ مجھے کوئی مختصر سی نصیحت فرمایئے۔ حضرت عائشہ ؓ نے جواب میں تحریر فرمایا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلّم سے سنا ہے کہ جو حکمران لوگوں کی خوشنودی کو بالاے طاق رکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا متلاشی ہوتا ہے‘ اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہو جاتا ہے اور لوگوں کو بھی اس سے راضی کر دیتا ہے۔ اور جو اللہ تعالیٰ کی ناراضی کے عوض لوگوں کی رضا کا طالب ہوتا ہے‘ اس سے اللہ تعالیٰ ناراض ہوتا ہے اور لوگوں کو بھی ناخوش و ناراض ہی رکھتا ہے۔

۷-  حکمرانی ‘ ایک کٹھن فریضہ : عادل حاکم کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ فرماں روائی اور حکمرانی بڑا کٹھن اور صبرآزما کام ہے‘ اور مخلوق خدا کی خدمت اور حاجت روائی کوئی معمولی چیز اور مذاق نہیں۔ جو حاکم اپنی ذمہ داری کا حق ادا کر سکے‘ اس کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے اس مقام بلند پر پہنچا دیا جاتا ہے کہ اس کے بعد کوئی اور سعادت ہو ہی نہیں سکتی‘ اور اگر اس حق کی ادایگی میں کوئی تقصیر یا غفلت ہو جائے تو وہ حاکم ایسی شقاوت میں مبتلا کر دیا جاتا ہے کہ کفر کے بعد اس سے بڑھ کر کوئی بدبختی نہیں۔

امام غزالی ؒنے اس ضمن میں ایک حدیث مبارکہ نقل فرمائی ہے کہ حضرت ابن عباس ؓ کہتے ہیں کہ ایک روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خانہ کعبہ میں آکرغلاف کعبہ کو ہاتھ میںتھام لیا۔ اس وقت قریش کے کچھ لوگ اندر بیٹھے ہوئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: امام اور سلاطین قریش میں سے ہوں گے لیکن اس وقت تک جب تک وہ تین امور پر کاربندرہیں گے:

الف - جب ان سے رحمت طلب کی جائے تو وہ رحمت سے کام لیں۔

ب- جب ان سے انصاف طلب کیا جائے تو انصاف دینے میں بخل سے کام نہ لیں۔

ج- جو کچھ کہیں اسے پورا کریں۔ کیونکہ جو کوئی ایسانہیں کرتا اس پر خدا‘ فرشتوں اور تمام خلائق کی لعنت ہوتی ہے۔ اس کے فرض قبول ہوتے ہیں نہ سنت!

اس سلسلے میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلّم کے ارشادات گرامی بھی امام غزالی ؒ نے نقل فرمائے ہیں۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس شخص کو مسلمانوں پر حکمرانی بخشی جائے اور وہ انھیں اپنے بچوں کی طرح نہ رکھے‘ تو اس سے کہہ دو کہ جائو دوزخ میں اپنا ٹھکانہ ڈھونڈ لو‘ اور فرمایا: میری اُمت میں دو طرح کے شخص ہوں گے جو میری شفاعت سے محروم رہیں گے۔ ایک ‘ظالم حکمران اور دوسرے‘ وہ بدعتی جو دین میں  غلو کرتے کرتے حد سے گزر جائیں‘ اور فرمایا کہ قیامت کے روز سب سے سخت عذاب ظالم بادشاہوں کو دیا جائے گا۔

۸- علماے حق سے رہنمائی : حکمران کو ہمیشہ علماے حق کی ملاقات کا شوقین رہنا چاہیے کہ ان کے پندونصائح سے وہ بہرہ مند ہوتا رہے‘ اور علماے سوء اور حریص علما سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ اس حاکم کی بے جا تعریف کریں گے۔ اس کی رضا کے لیے خوشامد کریں گے اور حیلوں بہانوں سے وہ اس سے ناجائز فائدہ اُٹھائیں گے۔

علماے حق کی تعریف یہ ہے کہ جنھیں طمع و لالچ کی ہوا بھی نہ لگی ہو اور وہ حاکم کو ہمیشہ عدل و انصاف پر کاربند رہنے کی ترغیب دیتے رہیں۔ اس سلسلے میں خلیفہ ہارون الرشید کا ایک واقعہ نقل فرمایا ہے کہ خلیفہ نے حضرت شفیق بلخی  ؒسے کہا:مجھے کچھ نصیحت فرمایئے۔ آپ نے فرمایا: تو ایک چشمہ ہے اور تیرے مقرر کردہ عامل اس دُنیا میں نہروں اور دریائوں کی مانند ہیں۔ یاد رکھ! اگر چشمہ صاف رہے گا تو دریائوں اور نہروں کی تاریکی نقصان دہ نہیں لیکن اگر چشمہ ہی تاریک ہو تو نہروں کی روشنی اور صفائی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا‘‘۔

اس سلسلے میں امام غزالی ؒ نے ایک اور حکایت بیان فرمائی‘ جس میں حاکمِ وقت کی دین پسندی اور علماے حق سے تعلق خاطر کا ذکر ہے۔

خلیفہ عمر بن عبدالعزیز ؒ نے ایک مرتبہ محمد بن کعبؒ سے دریافت کیا کہ عدل کسے کہتے ہیں؟ آپ نے فرمایا: عدل یہ ہے کہ جو مسلمان تم سے چھوٹا ہو اس کے ساتھ باپ کی طرح شفقت کرو‘ اور جو تم سے بڑا ہو اُس کے ساتھ بیٹوں کی طرح پیش آئو‘ اور جو تمھارا ہم عمر ہو‘ اسے بھائی سمجھو۔ ہر کسی کو سزا اُس کے جرم کے مطابق‘ اتنی ہی دیا کرو جو اُس کی قوتِ برداشت کے مطابق ہو‘ اور غصے سے بے قابو ہو کر کسی کو تازیانہ نہ لگائو ورنہ تمھارا مقام دوزخ ہوگا۔

۹- انتظامیہ کو ظلم سے روکنا: حکمران کو صرف اسی بات پر قناعت نہ کر لینا چاہیے کہ وہ ظلم سے کنارہ کش ہو گیا ہے بلکہ اسے چاہیے کہ وہ اپنے مقرر کردہ عمل داروں‘ افسروں اور کارندوں کو مہذب اور شائستہ بنائے اور ظلم کرنے کی اجازت نہ دے کیونکہ ان کے اعمال کی بھی پرسش اس سے کی جائے گی۔

حضرت عمرؓ نے اپنے عامل حضرت ابو موسٰی اشعری ؓ کو ایک مکتوب میں لکھا کہ ’’انتہائی نیک بخت  عمل دار وہی ہے جو رعایا کے ساتھ نیک بختی کا مظاہرہ کرے اور رعایا اسے نیک بخت کہے‘ اور بدبخت ترین عامل وہ ہے کہ رعایا جس کے ساتھ بدبخت ہو۔ خبردار! کبھی بھول کر بھی بے جا فراخ دلی سے کام نہ لینا۔ کیونکہ تیرے ماتحت افسر بھی ویسا ہی رویہ اختیار کریں گے‘‘۔

آفتابِ عدل کا ظہور پہلے تو حاکم عادل کے اپنے سینے میں ہوتاہے اور پھراس کا نوراس کے اہل خانہ اور خواص میں سرایت کرتا ہے۔ تب اس کی شعاعیں عام رعایا تک پہنچتی ہیں اور جو شخص آفتاب کی عدم موجودگی میں شعاعِ آفتاب کا اُمیدوار ہو وہ ایسی چیز کا متلاشی ہے جس کا حصول ناممکن اور محال ہے۔

۱۰- تکبّر کے بجاے بردباری: والی و حاکم پر تکبّر کا غلبہ ہرگز نہ ہونا چاہیے۔ کیونکہ تکبّرہی آدمی کو غصّے سے مغلوب کر دیتا ہے اور انتقام کی طرف بلاتا ہے اور غصّہ عقل کا دشمن ہوتا ہے۔

یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ جن لوگوں نے بردباری کو شیوہ بنایا انھوں نے انبیا‘ اولیا اور صالحین کی سی ناموری حاصل کی اور اللہ تعالیٰ کے ہاں مقبول ہوئے۔ اس کے برعکس جس نے غیظ وغضب کو اپنا شعار بنایا اسے دنیا نے ہمیشہ درندہ صفت احمقوں کے زمرے میں شمار کیا۔

مشہور واقعہ ہے کہ ایک شخص کی پہلوانی کا ذکر کرتے ہوئے لوگوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو بتایا کہ یارسولؐ اللہ! فلاں آدمی زبردست طاقت و قوت کا مالک ہے اور اس کی مردانگی کا جواب نہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ کیسے؟ عرض کیا کہ جس سے بھی وہ کشتی لڑتا ہے اسے چاروں شانے چت مار گراتا ہے۔ فرمایا: یہ تو کوئی خاص بات نہیں۔ کیونکہ قوت ومردانگی تو یہ ہے کہ انسان اپنے غصّے پر غالب آجائے نہ یہ کہ کسی کو مار گرائے--- اور فرمایا: تین چیزیں ایسی ہیں کہ جسے میسّرآجائیں اس کا ایمان مکمل ہو جاتا ہے۔ ایک یہ کہ غصّہ آنے پر بھی باطل کا قصد نہ کرے۔ دوم یہ کہ خوشی و مسّرت میں بھی خدا کو نہ بھولے۔ سوم یہ کہ قدرت رکھنے کے باوجود اپنے حق سے زیادہ نہ لے۔

ایک مقام پر ہے کہ کسی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا: مجھے کوئی ایسا کام بتا دیجیے کہ اس کی بدولت جنت میں داخل ہو جائوں۔ فرمایا: ’’غصّہ چھوڑ دو تو جنت تمھاری ہے‘‘۔

یہ تمام احادیث ‘ حکایات اور اقوال حکمرانوں کی اصلاح کے لیے کافی ہیں بشرطیکہ ایمان کا ایک شمّہ بھی ان کے دل میں باقی ہو۔

 

گناہوں کے بے شمار برے اثرات میں سے ایک یہ ہے کہ گنہگار علم سے محروم ہو جاتا ہے۔ کیونکہ علم نور الٰہی ہے جسے اللہ تعالیٰ انسانوں کے قلوب میں القا فرماتا ہے‘ گناہ اس نور کو بجھا دیتے ہیں۔ امام شافعیؒ سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ حضرت امام مالکؒ سے درس لینے لگے تو ان کی فطانت‘ ذہانت‘ فہم و بصیرت کی بے پناہ کثرت و فراوانی نے امام مالکؒ کو انتہائی حیرت میں ڈال دیا اور فرمانے لگے کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے تمھارے قلب میں نور القا فرما دیا ہے۔ کہیں تم اس نور کو گناہوں کی ظلمت سے بجھا نہ دینا۔

ایک موقع پر حضرت امام شافعی ؒ نے یہ شعر کہے:

شکوت الی وکیع سوء حفظی
فاوصانی الی ترک المعاصی

فان العلم نور من الہ
ونور اللّٰہ لا یعطی لعاصی

امام وکیع کے سامنے میں نے اپنے حافظے کی کمزوری کی شکایت کی تو انھوں نے مجھے گناہوں سے بچنے کی ہدایت فرمائی اور فرمایا: سمجھ لو کہ علم اللہ تعالیٰ کا نور ہے اور یہ نور نافرمانوں کو نہیں ملا کرتا۔

گناہ کا ایک اثر یہ بھی ہے کہ انسان کی روزی اور اس کے رزق میں تنگی ہو جاتی ہے۔ جیسا کہ مروی ہے:

ان العبد لیحرم الرزق بالذنب یصیبہ (مسند احمد ۵:۲۷۷)

بندہ اپنے ارتکاب گناہ سے روزی و رزق سے محروم ہو جاتا ہے۔

تقویٰ و پرہیزگاری روزگار کو کھینچ لاتے ہیں اور انحراف و اعراض فقر وافلاس کا سبب بنتا ہے۔ حصول رزق اور فراخی معاش کے لیے ترک گناہ سے بہتر کوئی چیز نہیں۔

گناہوں کے اثرات

وحشت قلبی کی شکایت: گناہوں کا ایک اثر یہ بھی ہے کہ گنہگار کے قلب اور خدا کے درمیان ایک خطرناک نامانوسیت پیدا ہو جاتی ہے اور یہ وحشت اس قدر خطرناک ہوتی ہے کہ دنیا و مافیہا کی ساری لذتیں بھی اسے میسر آ جائیں تب بھی زندگی بے کیف ہی رہتی ہے۔ یہ حقیقت خدا کا وہی بندہ سمجھ سکتا ہے جو زندہ دل ہو‘ اور جس کا قلب بیدار ہو۔ مردے کو تو کوئی سا بھی زخم لگایا جائے‘ اسے تکلیف نہیں پہنچتی۔ اگر اس وحشت سے بچنے اور اس گڑھے سے محفوظ رہنے کے لیے ہی گناہوں کا ترک کرنا مفید ہے‘ تو صاحب عقل و بصیرت گناہوں سے بچنے کے لیے صرف اسی ایک سبب کو کافی سمجھ لے۔

کسی شخص نے بعض عارفین کے سامنے اپنی وحشت قلبی کی شکایت کی تو انھوں نے کہا کہ گناہوں کی وجہ سے تم وحشت میں مبتلا ہو تو گناہ کیوںترک نہیں کر دیتے؟ گناہ ترک کر دو گے تو اللہ تعالیٰ سے تمھیں انس پیدا ہو جائے گا اور تمھیں سکون و اطمینان حاصل ہوگا۔ لہٰذا سمجھ لینا چاہیے کہ پے درپے گناہ کرنے سے قلب پر وحشت کا بوجھ بڑھتا چلا جاتا ہے اور اس سے بدتر بوجھ کوئی ہو ہی نہیں سکتا۔

لوگوں سے وحشت: گناہوں کا ایک اثر یہ بھی ہے کہ گنہگار کولوگوں سے وحشت ہو جاتی ہے۔ ارباب خیر و صلاح سے خصوصاً اسے کچھ ایسی نفرت ہوجاتی ہے کہ وہ ان سے دُوربھاگتا ہے۔ جس قدر یہ وحشت ترقی کرتی چلی جاتی ہے اسی قدر وہ ان کے ساتھ بیٹھنے اٹھنے سے گریز کرتا ہے جس کے نتیجے میں وہ ایسے لوگوں کے خیر ہی سے محروم ہو جاتا ہے۔ اسی طرح وہ جس قدر رحمانی گروہ سے دُور ہوتا ہے شیطانی گروہ سے قریب تر ہوتا جاتا ہے۔اس کی وحشت دھیرے دھیرے اس قدر ترقی کر جاتی ہے کہ اسے اپنے بیوی بچوں‘ اقربا‘ اعزہ بلکہ اپنی جان تک سے وحشت و نفرت ہونے لگتی ہے۔ چنانچہ سلف صالحین میں سے بعض کا قول ہے کہ جب کبھی اللہ تعالیٰ کی نافرمانی ہو جائے تو اس کا اثر اپنی سواری کے جانور اور اپنی بیوی کے برتائو سے محسوس کر لو۔

مشکلات میں اضافہ: گناہوں کا ایک اثر یہ بھی ہے کہ گنہگار کے معاملات میں طرح طرح کی مشکلات اور دشواریاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ جس کام کا وہ عزم و ارادہ کرتا ہے اسے اس کا دروازہ بند نظر آتا ہے یا وہ اسے سخت دشوار پاتا ہے۔ برخلاف اس کے جو آدمی اللہ تعالیٰ سے ڈرتا ہے اس کے تمام کام آسان ہو جاتے ہیں‘ اور جو شخص تقویٰ و پرہیزگاری کو چھوڑ دیتا ہے اس کے سارے کام مشکل اور دشوار ہو جاتے ہیں۔

قلب کی تاریکی : گناہ کا ایک اثر یہ ہے کہ نافرمان آدمی اپنے قلب میں ایک خطرناک ظلمت و تاریکی اس طرح محسوس کرتا ہے جیسے تاریک رات کی ظلمت۔ وہ تاریکی کو اپنی آنکھوں سے دیکھتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ طاعت و عبادت ایک نور ہے اور معصیت ایک تاریکی۔ معصیت جب بڑھ جاتی ہے تو گنہگار کی حیرانی و پریشانی بھی مزید ہو جاتی ہے‘ رفتہ رفتہ وہ شخص ہمہ وقت کی بدعات اور گمراہیوں میں مبتلا ہو جاتا ہے‘ مہلک اور خطرناک امور میں پھنس کر اس کی جان وبال میں پڑ جاتی ہے اور پھر طرفہ تماشا یہ کہ اسے اپنی اس حالت کا شعور و احساس تک نہیں رہتا۔ اس کی حالت ایک ایسے اندھے کی سی ہو جاتی ہے جو اندھیری رات میں نکل کھڑا ہو اور اندھیرے میں ٹامک ٹوئیاں مارتا پھرے۔ اور پھر یہ ظلمت و تاریکی رفتہ رفتہ اس پر اس قدر چھا جاتی ہے کہ اس کی آنکھوں سے ظاہر ہونے لگتی ہے اور پھر آہستہ آہستہ اس کے چہرے پر بھی چھا جاتی ہے۔ یہ سیاہی ایسی پھیل جاتی ہے کہ ہر شخص اسے دیکھتا اور محسوس کرتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن عباسؓ فرماتے ہیں:

نیکی سے چہرے پر روشنی ہوتی ہے۔ قلب میں نور‘ رزق میں فراخی‘ بدن میں قوت اور مخلوق کے دلوں میں محبت پیدا ہوتی ہے۔ اور گناہ سے چہرے پر سیاہی آ جاتی ہے‘قبر اور دل میں ظلمت اور تاریکی پیدا ہوتی ہے‘ جسم میں کمزوری اور روزی میں تنگی آجاتی ہے اور مخلوق کے دلوں میں بغض و نفرت پیدا ہو جاتی ہے۔

قلب و بدن کی کمزوری اور بزدلی : گناہوں کا ایک اثر یہ ہے کہ معاصی سے قلب اور بدن کمزور اور بزدل ہو جاتا ہے۔ پھر قلب کی کمزوری تو ظاہر ہے بڑھتے بڑھتے بالآخر زندگی کو ختم کر دیتی ہے۔

جسم کی کمزوری کی حقیقت یہ ہے کہ مومن کی قوت کا دارومدار اس کے قلب کی قوت پر ہے۔ مومن کا قلب قوی اور مضبوط ہے تو اس کا جسم بھی قوی اور مضبوط ہوتا ہے۔ فاسق و فاجر کا حال اس کے بالکل برعکس ہوتا ہے۔ وہ اگرچہ جسم و بدن کے لحاظ سے کتنا ہی قوی اور مضبوط کیوں نہ ہو لیکن بزدل و کمزور ہوتا ہے اور بہ وقت ضرورت اس کی جسمانی طاقت بے کار ثابت ہوتی ہے۔جان بچانے کے موقع پر اس کی جسمانی قوتیں اس سے بے وفائی کر جاتی ہیں۔ اہل فارس و روم کے بہادروں کو دیکھیے کہ یہ لوگ کس قدر قوی اور مضبوط تھے لیکن عین تحفظ و دفاع کے موقع پر ان کی قوتوں اور طاقتوں نے ان کے ساتھ کیسی خیانت اور بے وفائی کی اور اہل ایمان اپنی ایمانی قوت اور جسم و قلب کی طاقت سے ان پر کس طرح غالب اور مسلط ہو گئے۔

اطاعت خداوندی سے رُک جانا: گناہوں کا ایک اثر یہ بھی ہے کہ انسان اطاعت خداوندی سے رک جاتا ہے۔ صرف یہی ایک سزا اس کے لیے طاعت و عبادت کا راستہ بند کردیتی ہے اور پھر اس سے اس کے لیے خیر کا راستہ منقطع ہو جاتاہے۔ اس طرح بندے کے لیے طاعتوں کی راہیں بند ہو جاتی ہیںحالانکہ اس کے حق میں ہر طاعت و عبادت دنیا و مافیہا سے بہتر‘ قیمتی اور موجب خیروبرکت تھی۔ اس کی مثال یوں ہے کہ ایک آدمی کسی ایسی چیز کا لقمہ کھا لیتا ہے جو اسے ایک طویل مرض میں مبتلا کر دیتی ہے‘ پھر وہ اس کے سبب طویل عرصے تک لذیذ غذائوں سے محروم ہو جاتا ہے جن کا ہر لقمہ کہیںزیادہ لذیذ اور بہتر تھا۔

عمر کم ہونا: گناہوں کی ایک تاثیر یہ ہے کہ گناہ عمر کو تباہ کر دیتے ہیں‘ اور عمر کی ساری برکتیں اس سے چھن جاتی ہیں۔ یہ لازمی امر ہے کہ نیکی جس طرح عمر کو بڑھاتی ہے‘ فسق و فجور سے عمر کوتاہ ہوتی ہے۔

عمرکی کوتاہی کا مطلب ہے کہ عمر کی برکتیں کم ہوجاتی ہیں اور عمر اس کے حق میں موجب زحمت وبال بن جاتی ہے۔ اس کا ایک مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ گناہوں کی وجہ سے حقیقی عمر فوت ہو جاتی ہے۔ کیونکہ حقیقی اور اصلی زندگی یہ ہے کہ انسان کا قلب زندہ ہو‘ چنانچہ اسی معنی کی رو سے اللہ تعالیٰ نے کافر کو مردہ کہا ہے جیسا کہ ارشاد ہے:

اَمْوَاتٌ غَیْرُ اَحْیَآئٍ ج  (النحل ۱۶: ۲۱) کافر مردے ہیں جن میں جان نہیں۔

پس حقیقی زندگی قلب کی زندگی ہے اور انسان کی عمر اس کی اسی زندگی کے زمانے کا نام ہے۔ انسان کی عمر اس کے وہی اوقات زندگی ہیں جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ گزریں اور یہی اوقات اس کی عمر کی حقیقی ساعتیں ہیں۔ ظاہر ہے کہ تقویٰ و پرہیزگاری‘ طاعت و عبادات ان اوقات میںاضافہ اور خیروبرکت پیدا کرتے ہیں۔ یہ انسان کی حقیقی عمر ہے جس کے بغیر عمر کی کوئی حقیقت نہیں۔

حاصل کلام یہ ہے کہ بندہ جب اللہ تعالیٰ کی جناب سے گریزکرتے ہوئے معاصی کا ارتکاب کرتا ہے تو اس کی وہ حقیقی زندگی فنا ہو جاتی ہے جس کے فنا ہو جانے کا افسوس اس کو اس دن ہوگا جس دن اس کی زبان سے بے ساختہ نکل پڑے گا:

یٰلَیْتَنِیْ قَدَّمْتُ لِحَیَاتِیْo (الفجر ۸۹:۲۴) کاش کہ میں اپنی آخرت کی اس زندگی کے لیے پہلے سے کچھ حاصل کر چکا ہوتا۔

یہاںسمجھ لینا چاہیے کہ عملی اعتبار سے بندے کی دو ہی حالتیں ہیں۔ وہ یا تو اپنی دنیوی اور اخروی مصالح سے بے خبر ہو یا باخبر۔ اس سے اگر بالکل بے خبر ہے توساری عمر رائیگاں گئی‘ اور اگر ان مصالح سے بے خبر نہیں ہے مگر معاصی میں گرفتار ہے تو اس نے اپنی زندگی کی راہ میں عوائق و مشکلات پیدا کر لیں جس کی وجہ سے اصل راہ اس کے لیے طویل ہو گئی اور خیروصلاح کے اسباب اس کے لیے اسی قدر دشوار ہوگئے جس قدر خیروصلاح کے مخالف امور میںاس کی مشغولیت رہی۔ بندے کی یہ حالت بھی اس کی حقیقی عمر کا عظیم الشان نقصان ہے۔

مسئلے کا حقیقی راز یہ ہے کہ انسان کی عمر حقیقتاً اس کی زندگی کی مدت کا نام ہے۔ انسان کی زندگی یہی ہے کہ وہ اپنے پروردگار کی طرف رجوع کرے‘ اس کی محبت و ذکر سے لذت اندوز ہو اور اس کی رضامندی و رضا جوئی کو سب سے مقدم سمجھے۔

گناہ در گناہ: گناہوں کا خاصا یہ ہے کہ ایک گناہ دوسرے گناہ کے لیے بیج کا کام کرتا ہے۔ اس طرح ایک سے دوسرا اور دوسرے سے تیسرا گناہ پیدا ہوتا ہے‘ یہاں تک کہ آدمی کے لیے گناہ کو چھوڑنا اور اس بھنور سے نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔ بعض سلف صالحین کہتے ہیں کہ گناہ کی سزا دوسرے گناہ کی شکل میں ملتی ہے اور نیکی کا صلہ مابعد کی نیکی کے صلے میں حاصل ہوتا ہے۔ ایک بندہ کوئی نیکی کرتا ہے تو دوسری قریبی نیکی کہتی ہے کہ مجھے بھی انجام دیتے چلو۔ وہ جب اس کو انجام دے لیتا ہے تو ایک اور نیکی اسے یہی دعوت دیتی ہے۔ اس طرح نیکیوں کا سلسلہ بڑھتا ہی چلا جاتا ہے۔ اس سے بندے کو بے حساب نفع حاصل ہوتا ہے اور اس کی نیکیاں بڑھتی چلی جاتی ہیں۔ جو شکل نیکیوں کی ہے وہی گناہوں کی بھی ہے۔ طاعات اور معاصی بندے کے حق میں نہ مٹنے والی تصویریں‘ لازم اور غیر منفک صفات اور ثابت و لازم بن جاتی ہیں۔ جس وقت کسی نیکوکار آدمی سے کوئی نیکی رہ جاتی ہے تو وہ اپنے لیے تنگی اور تکلیف محسوس کرتا ہے‘ اور اس غفلت کی وجہ سے اس پر زمین تنگ ہو جاتی ہے۔ وہ اپنے کو اس مچھلی کی طرح پاتا ہے جو پانی سے الگ کر لی گئی ہو اور وہ پانی میں جانے کے لیے بے تاب ہو۔ مچھلی کو پانی میں جا گرنے ہی سے سکون ملتا ہے اور اس کی آنکھیں ٹھنڈی ہوتی ہیں۔

یہی حالت ایک عاصی و گنہگار کی ہے۔ وہ کسی معصیت کو چھوڑ کر نیکی کی طرف توجہ کرتا ہے تو اس پر بھی زمین تنگ ہو جاتی ہے‘ سینے میں تنگی پیدا ہو جاتی ہے۔ وہ دوبارہ جب تک یہ گناہ نہ کرے‘ زندگی کی ساری راہیں اس پر تنگ ہو جاتی ہیں تاآنکہ بعض فاسق وفاجر لوگوں کا تو یہ حال ہوتا ہے کہ بلاکسی لذت‘ لطف‘ بلاداعیہ اور خواہش کے بھی ارتکاب گناہ کرتے رہتے ہیں ۔ بات صرف یہی ہوتی ہے کہ گناہوں کی مفارقت سے انھیں تکلیف ہوا کرتی ہے۔ چنانچہ اس گروہ کے شیخ حسن بن ہانی کا شعر ہے    ؎

وکاس شربت  علی  لذۃ
واخری تداویت منھا بھا

ایک جام شراب میں نے لذت سے نوش کیا‘ اور دوسرے جام سے پہلے سے پیدا شدہ مرض کا علاج کیا۔

اور کسی دوسرے شاعر نے کہا ہے    ؎

وکانت دوائی وھی دائی بعینہ
کما یتداوی شارب الخمر بالخمر

میری دوا بعینہ میرے لیے بیماری تھی‘ جس طرح کہ شرابی آدمی شراب سے اپنا علاج کرتا ہے۔

نیک بندے کی مدد : اللہ تعالیٰ کا کوئی بندہ جب طاعت الٰہی کا اہتمام و التزام کرتا ہے اور طاعت و عبادت سے اسے خاص قسم کا انس اور الفت و محبت ہو جاتی ہے تو اسے ہر چیز سے مقدم سمجھتا ہے۔ بندے کی اس حالت میں حق سبحانہ وتعالیٰ اس کے لیے اپنی رحمت کے فرشتے بھیجتا ہے جو ہر طرح اس کی امداد کرتے ہیں۔ اسے اطاعت الٰہی اور عبادت کا شوق دلاتے ہیں۔ اس کے جذبات ایمانی کو اُبھارتے ہیں‘ بستر تک چھڑا دیتے ہیں۔ کیسی حالت اور کیسی ہی مجلس میںبیٹھا ہوا ہو‘ اسے اٹھا کر طاعت و عبادت میں لگا دیتے ہیں۔

اس طرح جب کوئی بندہ معاصی اور گناہوں سے الفت کرنے لگتا ہے‘ گناہوں کو محبوب رکھتا ہے اور خیرونیکی کے مقابلے میں گناہوں کو ترجیح دیتا ہے تو اللہ تعالیٰ شیاطین کو اس پر مسلط کر دیتا ہے۔ یہ شیاطین معاصی اور گناہوں میں اس کی معاونت کرتے ہیںاور اس کے جذباتِ شیطانی و نفسانی کو ابھارتے ہیں۔ پس پہلا بندہ وہ ہے جس کی اعانت و امداد کے لیے طاعت و عبادت کا پورا لشکر موجود ہوتا ہے جو اس کی پشت پر رہ کر اس کی بھرپور امداد کرتا ہے اور اس لشکر کی امداد سے بندہ نہایت قوی اور مضبوط ہو جاتا ہے۔دوسرا بندہ وہ ہے کہ جس کی پشت پر معصیت اور گناہوں کا لشکر ہوتا ہے جو معصیت اور گناہوں میںاس کی اعانت و امداد کرتا ہے۔ یہ شیطانی لشکر اسے معصیت و گناہ میں قوی اور مضبوط بنا دیتا ہے۔

 

ترجمہ: مولانا نسیم احمد فریدی

خواجہ محمد معصوم سرہندیؒ (۱۰۰۷-۱۰۷۹ھ / ۱۵۹۹-۱۶۶۸ء)حضرت مجدد الف ثانی ؒ کے فرزند ثالث تھے۔ اپنے والد ماجد کے انتقال (۱۰۳۴ھ/۱۶۲۴ء) کے بعد ان کے جانشین کی حیثیت سے مسند ارشاد پر فائز ہوئے۔ ان کے مکاتیب میں دعوت الی اللہ‘ عقائد کی اصلاح‘ اعمال اور اخلاق کی درستی اورفکرآخرت جیسے مضامین ہیں۔ جہانگیری‘ شاہجہانی اور عالم گیری عہد کے بڑے بڑے امرا آپ کے ارادت مندوں میں تھے۔ انھوں نے اپنے خطوط میں ان کی اصلاح اور تربیت کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔ ذیل کا مضمون: مکتوبات خواجہ محمد معصوم سرہندیؒ سے ماخوذ ہے۔

اتباعِ سنت نبویؐ

جو شخص مسند مشیخت پر بیٹھا ہوا ہے اور اس کا عمل موافقِ سنت رسولؐ نہیں ہے اور نہ خود زیورِ شریعت سے آراستہ ہے‘ خبردار‘ خبردار‘ اس سے دُور رہنا‘ بلکہ (احتیاطاً) اُس شہر میں بھی نہ رہنا جس میں ایسا مکار رہتا ہو۔ ایسا نہ ہو کہ کچھ عرصے بعد اس کی طرف دل کا میلان ہو جائے اور کارخانۂ روحانیت خلل پذیر ہو۔ ایسا شخص ہرگز اقتدا کے لائق نہیں ہوتا۔ وہ تو درحقیقت ایک چور ہے پنہاں۔ ہرچند کہ اس سے طرح طرح کے خوارق عادات دیکھو اور اس کو دنیا سے بظاہر بے تعلق بھی پائو (کبھی اس کی طرف ملتفت نہ ہونا) اس کی صحبت سے اس طرح بھاگنا جس طرح شیر سے بھاگتے ہیں۔

سید الطائفہ حضرت جنید بغدادی قدس سرہ فرماتے ہیں: ’’کامیابی کے تمام راستے بند ہیں سوائے اس شخص کے راستے کے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم کی پیروی کرے۔ سیدالطائفہ ہی کا یہ قول ہے کہ مقربین صادقین کا راستہ درحقیقت کتاب و سنت کے ساتھ وابستہ ہے۔ اور وہ علما جو شریعت و طریقت پر عامل ہیں اور وارث النبیؐ کہلانے کے مستحق ہیں وہ اقوال‘ اخلاق اور افعال میں آنحضرتؐ کے متبع  ہوتے ہیں۔

مکرر لکھتا ہوں کہ آداب نبویؐ کا خیال نہ رکھنے والے اور سنن مصطفویؐ کو چھوڑنے والے کو ہرگز ہرگز ’’عارف‘‘ خیال نہ کرنا‘ اس کے (ظاہری) تبتل و انقطاع ‘ خوارق عادات‘ زہد و توکل اور (زبانی) معارفِ توحیدی پر فریفتہ و شیفتہ نہ ہو جانا--- مدارِکار‘ اتباعِ شریعت پر ہے اور ’’معاملۂ نجات‘‘ پیروی نقشِ قدمِ رسولؐ سے مربوط ہے۔ محق و مبطل میں امتیاز پیدا کرنے والی چیز اتباع پیغمبر ہی ہے۔ زہد و توکل اور تبتل بغیر اتباع رسولؐ کے نامعتبر ہیں--- ’’اذکار و افکار‘‘ اور ’’اشواق و اذواق‘‘ بے توسل سرکار دوعالمؐ غیر مفید ہیں۔ خوارقِ عادات کا دارومدار بھوک اور ریاضت پر ہے۔ اُس کو معرفت سے کیا تعلق؟

حضرت عبداللہ بن مبارکؒ نے فرمایا ہے: ’’جس نے آداب سے سستی برتی وہ سنن سے محروم ہو گیا۔ جس نے سنن سے غفلت اختیار کی وہ فرائض سے محروم ہوا اور جس نے فرائض سے تہاون کیا وہ معرفت سے محروم ہو گیا‘‘۔

شیخ ابوسعید ابوالخیرؒ سے لوگوں نے کہا کہ فلاں شخص پانی پر چلتا ہے۔ انھوں نے فرمایا: ہاں! گھاس کا تنکا بھی پانی پر چلتا ہے (یہ کوئی کمال کی بات نہیں ہے)۔ پھر کہا گیا کہ فلاں آدمی ہوا میں اُڑتا ہے۔ فرمایا: (ٹھیک ہے) چیل اور مکھی بھی ہوا میں اُڑتے ہیں۔ پھر کہا گیا کہ فلاں آدمی ایک لحظے میں ایک شہر سے دوسرے شہر چلا جاتا ہے۔ فرمایا: (اس میں کیا رکھا ہے) شیطان تو ایک دم مشرق سے مغرب تک چلا جاتا ہے۔ ان باتوں کی کوئی قیمت نہیں ہے۔ مردِ حق دراصل وہ ہے جو مخلوق کے درمیان نشست و برخاست رکھے۔ بیوی بچے رکھتا ہو اور پھر ایک لحظہ خدائے عزوجل سے غافل نہ رہے۔

شیخ علی ابن ابی بکر قدس سرہٗ نے معارج البدایہ میں فرمایا ہے کہ ’’ہر انسان کا حسن و کمال تمام امور میں ظاہراً و باطناً‘ اصولاً و فروعاً‘ عقلاً و فعلاً ‘ عادتاً و عبادتاً کامل اتباعِ رسولؐ میں مضمر ہے‘‘۔

توبہ و استغفار

اگر کوئی گناہ وقوع میں آجائے تو بہت جلد اس کا تدارک توبہ و استغفار سے کر لینا چاہیے‘ گناہِ پوشیدہ کی توبہ پوشیدہ طریقے پر اور گناہِ آشکارا کی علانیہ طریقے پر توبہ ہو۔ توبہ میں دیر نہ کی جائے--- منقول ہے کہ: کراماً کاتبین تین ساعت تک گناہ لکھنے میں توقف کرتے ہیں۔ اگر اس درمیان میں توبہ کر لی‘ تو اس گناہ کو نہیں لکھتے ورنہ اپنے رجسٹر میں اس گناہ کا اندراج کر لیتے ہیں۔ جعفر بن سنانؒ فرماتے ہیں: ’’توبہ سے غفلت کرنا ارتکابِ گناہ سے بھی زیادہ بری بات ہے‘‘۔ اگر جلدی توبہ میسر نہ ہو سکے تو جب بھی توبہ کرے ‘غرغرئہ موت سے پہلے پہلے--- وہ توبہ مقبول ہے۔ حدیث میں آیا ہے‘ اللہ تعالیٰ رات کو اپنا دست ِ نوازش دراز کرتا ہے تاکہ دن کا گنہگار توبہ کر لے اور دن کو بھی اپنا ہاتھ بڑھاتا ہے تاکہ رات کا گنہگار توبہ کر لے۔ انسان کو چاہیے کہ ورع و تقویٰ کو اپنا شعار بنائے اور منہیات میں قدم نہ رکھے کیونکہ اس راہِ سلوک میں نواہی سے باز رہنا (درحقیقت) اوامر کے امتثال ]احکام بجا لانا[سے زیادہ ترقی بخش اور سودمند ہے۔ ایک درویش نے کہا ہے کہ: ’’اچھے اعمال تو نیک اور فاجر دونوں کر لیتے ہیں لیکن معاصی سے بچنے کا (اہتمام) ’’صدیق‘‘ کا کام ہے‘‘۔

حدیث میں آیا ہے کہ حلال بھی ظاہر ہے اور حرام بھی۔ جو چیز تجھے شک میں ڈالے اس کو چھوڑ دے۔ (بخاری‘ مسلم)

کسب حلال اور توکل

اگر اپنے اور اہل و عیال کے لیے تجارت یا اس کے مانند کوئی حلال کسب کرے تو وہ مضر نہیں ہے بلکہ مستحسن ہے کیونکہ سلف نے اس کو اختیار کیا ہے۔ احادیث میں فضل کسب بہت کچھ بیان کیا گیا ہے۔ اگر کوئی توکل اختیار کرے ‘ تو یہ بھی بہتر ہے لیکن اس شرط کے ساتھ کہ پھر کسی سے طمع نہ رکھے۔

ابومحمد منازلؒ نے فرمایا ہے کہ ’’توکل کسب حلال کے ساتھ ساتھ کرنا بہتر ہے بمقابلہ خالی توکل کے‘‘۔ کھانا کھانے میں اعتدال کا خیال رکھے‘ نہ اتنا زیادہ کھائے کہ وہ کھانا عبادت میں کسل اور سستی پیدا کردے اور نہ اس قدر کم کھائے کہ (ضعف کے باعث) اذکار و طاعات سے باز رہے--- حضرت خواجہ نقشبندؒ کا ارشاد ہے کہ ’’لقمہ تر کھائو‘ لیکن (دینی) کام خوب کرو‘‘۔ حاصل کلام یہ ہے کہ ’’طاعت‘‘ میں جس قدر کھانا ممد و معاون ہو‘ وہ خوب اور مبارک ہے اور اس ’’کارخانے‘‘ میں جتنی زیادتی طعام خلل انداز ہو جائے وہ البتہ ممنوع ہے۔

حسنِ اخلاق

تمام افعال و حرکات میں اس کا قصد کرے کہ نیت صحیح ہو۔ جب تک نیت صالحہ نہ ہو‘ حتی الامکان کوئی قدم نہ اٹھائے۔ لوگوں کے ساتھ اختلاط بقدرِ ضرورت کرے۔ وہ اختلاط جو برائے افادہ و استفادہ ہو‘ البتہ محمود بلکہ ضروری ہے۔ ہر نیک و بد کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آنا چاہیے ‘ خواہ اس سے باطن میں انبساط پیدا ہو یا انقباض۔ جو شخص عذر خواہی کرے‘ اس کے عذر کو قبول کرنا چاہیے۔ اخلاق اچھے ہوں۔ (خواہ مخواہ) اعتراض کسی پر نہ کیا جائے‘ نرم و ملائم گفتگو ہو۔ کسی کے ساتھ سخت درشتی سے معاملہ نہ کرے‘ ہاں خدا کے لیے سختی کر سکتا ہے۔

شیخ عبداللہ ؒ نے فرمایا ہے کہ: ’’درویشی نہ فقط نماز روزے کا نام ہے اور نہ صرف بیداری شب کا‘ یہ تو اسباب بندگی ہیں‘ درویشی یہ ہے کہ کسی کی دل آزاری نہ کی جائے۔ اس خوبی کو حاصل کرے گا تو بامراد ہوگا‘‘۔

محمد بن سالم ؒسے لوگوں نے دریافت کیا: ’’اولیاکی پہچان کیا ہے؟‘‘ انھوں نے فرمایا: ’’اولیا کی علامات یہ ہیں: لطفِ لسان‘ حسنِ اخلاق‘ بشاشت چہرہ‘ سخاوت نفس‘ قلّت اعتراض‘ عذرخواہ کے عذر کو قبول کرنا‘ تمام مخلوقِ خدا پر شفقت کرنا خواہ نیکوکار ہوں یا بدکار‘‘۔

ابو عبداللہ احمد مقری قدس سرہٗ فرماتے ہیں: ’’جوانمردی یہ ہے کہ تو جس شخص سے کدورت رکھتا ہو اُس سے حسن خلق سے پیش آئے اور جس آدمی سے کراہت کرتا ہو اس پر مال خرچ کرے اور جس سے نفرت ہو اُس سے اچھا سلوک کرے‘‘۔ بات چیت کرنے میں ’’رعایت قلّت‘‘ مدنظر رہے۔ زیادہ نیند اور زیادہ ہنسنا بھی درست نہیں کیونکہ اس سے دل مردہ ہو جاتا ہے۔ اپنے تمام اُمور کو اللہ تعالیٰ کے حوالے کرے اور خدمت ِ مولیٰ میں چست ہو جائے۔ ایسا کرے گا تو تدبیر امور سے فارغ ہو جائے گا (اور سب کام غیب سے بن جائیں گے)۔جنید بغدادیؒ نے خوب فرمایا ہے کہ: ’’دنیا کی تمام حاجتوں میں کامیابی کا راز ان حاجتوں کو ترک کر دینے میں پوشیدہ ہے۔ جب دل ایک جانب (خدا کی طرف) ہو جائے گا‘ خداوند کریم سب کام پورے کردے گا‘‘۔ حدیث میں ہے: ’’جو شخص اپنے تمام غموں کو ایک غم (غمِ آخرت) بنا دے گا۔ اللہ تعالیٰ اس کے دنیا اور آخرت کے تمام کام بنا دے گا‘‘۔ نیز ایسا کرنے سے اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو تیرے اوپر مہربان کر دے گا کہ وہ تیرے کاموں کو (خود بخود) انجام دیں گے۔

یحییٰ معاذ رازیؒ فرماتے ہیں: ’’جس قدر تجھے اللہ سے محبت ہوگی‘ مخلوقِ خدا بھی تجھ سے اتنی ہی محبت کرے گی۔ تجھے خدا کا جس قدر خوف ہوگا‘ مخلوق بھی تجھ سے اتنا ہی ڈرے گی اور تو جتنا خدا کے حکموں میں مشغول ہوگا ‘مخلوق بھی تیرا اتنا ہی کہنا مانے گی‘‘۔

مواعظہِ حسنہ

کسی پر اعتماد سوائے فضل پروردگار کے نہ ہو۔ اہل و عیال کے ساتھ نیک سلوک کرنا چاہیے اور بقدرِ ضرورت ان سے اختلاط ہو تاکہ ان کا حق ادا ہو جائے۔ ’’موانست ِ تام‘‘ ان سے نہ ہو۔ اس صورت میں اللہ تعالیٰ سے اعراض کا اندیشہ ہے۔ ’’احوالِ باطن‘‘ نااہل سے نہ بیان کیے جائیں۔ مال داروں سے حتی المقدور میل جول نہ رکھا جائے۔ جمیع حالات میں سنت نبویؐ کو اختیار کیا جائے‘ بدعت سے حتی الوسع اجتناب ہونا چاہیے۔ سالک کو چاہیے کہ حوادث میں متذبذب نہ ہو۔ عیوبِ مردم پر نظر نہ کرے اور اپنے عیوب ہمیشہ پیش نظر رکھے۔ اپنے آپ کو کسی مسلمان پر ترجیح نہ دے‘ سب کو اپنے سے بہتر سمجھے۔ ہر مسلمان کے متعلق یہ اعتقاد رکھے کہ اس کی برکت اور دعا سے مجھے کشود کار ]مشکل حل ہونا[ میسر ہو سکتا ہے۔ سلف صالحین کے حالات پیش نظر رکھے۔ مساکین کی ہم نشینی پسند کرے۔ کسی کی غیبت کی جانب خود بھی مائل نہ ہو اور جہاں تک ہو سکے دوسرے کو بھی اس سے روکے۔ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کو اپنا شیوہ بنائے۔ اللہ کے راستے میں انفاقِ مال پر حریص ہو۔ حسنات کے صدور سے خوشی محسوس کرے اور سیئات کے ارتکاب سے دُور دُور رہے۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ: جو شخص ایسا ہو کہ اپنا گناہ اس کو ناگوار گزرے اور نیکی اُس کو خوش کرے‘ بس وہ مومن (کامل) ہے۔ (مسند احمد‘ دارمی)

مفلسی سے ڈر کر بخیلی اختیار نہ کرے‘ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اَلشَّیْطٰنُ یَعِدُکُمُ الْفَقْرَ وَیَاْمُرُکُمْ بِالْفَحْشَآئِ ‘شیطان تم کو فقر وفاقہ سے ڈراتا ہے اور بری باتوں کا حکم کرتا ہے (البقرہ ۲:۲۶۸) ۔ قلّت معیشت سے تنگ دل نہ ہو۔ عیش کا زمانہ تو آگے آ رہا ہے۔

اَللّٰھُمَّ لاَ عَیْشَ اِلاَّ عَیْشُ الْآخِرَۃِ ‘ اے اللہ! عیش تو بس آخرت ہی کا عیش ہے۔ یہاں کی تنگی ’’وہاں‘‘ کی فراخی کا سبب ہو جائے گی۔

اس مسکین کا التماس تم جیسے دوستوں سے یہ ہے کہ اس مہجو روعاصی کو دعائوں سے فراموش نہ کرو گے اور اللہ تعالیٰ کے کرمِ عمیم سے درخواست کرو گے کہ یہ گنہگارِ تباہ کار کل قیامت کے دن (کم از کم) ’’زمرئہ عاصیانِ مرحوم‘‘ میں داخل و شامل ہو جائے ۔ (ترتیب و تدوین : عبدالرشید صدیقی)

 

ہماری شخصیت دیگر افراد کے ساتھ معاملات میں پہچانی جاتی ہے۔ ہر انسان اپنے اپنے طور پر دوسرے کو پہچانتا ہے۔ دیگر افراد کے ساتھ جب ہم معاملہ کرتے ہیں تو چند صفات ایسی ہیں جن کی موجودگی ہماری شخصیت کو محکم اور موثر بناتی ہے۔ ان میں حسن خلق‘ سچائی‘ تواضع‘ حلم اور وفاے عہد شامل ہیں۔ ان صفات کے باعث آپ خود بھی مطمئن رہیں گے‘ لوگ بھی آپ سے خوش رہیں گے‘ اور آپ کے لیے بھی آگے بڑھنے میں آسانی ہوگی۔ ضروری نہیں ہے کہ ان صفات کو جب آپ اپنائیں تو دوسرے بھی انھی صفات کے ساتھ پیش آئیں۔ اس معاملے میں بعض اوقات مایوسی بھی ہوتی ہے مگر ہم اپنے عزم صمیم کے ذریعے ہی ان صفات پر قائم رہ سکتے ہیں۔

حسن خلق

یہ ایک نفسیاتی کیفیت کا نام ہے جو امورِ باطنہ سے تعلق رکھتی ہے۔ اس لیے کسی انسان میں اس فضیلت کا وجود اس کے آثار و ثمرات ہی کے ذریعے ہو سکتا ہے اور باطن کی اس روشنی کا عکس ظاہری علامات ہی سے معلوم کیا جا سکتا ہے۔ حسن خلق کی تعریف یوں کی گئی ہے:

  • مخلوق خدا کو خوشی اور مصیبت دونوں حالتوں میں راضی اور پسندیدہ خاطر رکھنا حسن خلق ہے۔ (ابوبکر واسطی)
  •  ہر حالت میں اللہ عزوجل کی رضاجوئی حسن خلق ہے۔ (ابوعثمان مغربی)
  •  حسن خلق کا اعلیٰ درجہ یہ ہے کہ انسان میں قوت برداشت ہو اوروہ انتقام کا کبھی درپے نہ ہو۔ دشمن پر بھی رحمت و شفقت کی نظر ہو اور اس کے ظلم پر خدا سے اس کی مغفرت کا طالب ہو۔ (سہل ابن  ابی عبداللہ استستری)
  •  حسن خلق کی علامات کی تین خصلتیں ہیں: محارم سے اجتناب‘ حلال کی طلب اور اہل و عیال کے ساتھ مالی‘ قولی‘ بلکہ ہر قسم کی وسعت و حوصلہ کا معاملہ۔ (حضرت علیؓ)
  •   چار چیزیں حسن خلق ہیں: سخاوت‘ الفت‘ خیرخواہی اور شفقت -(حضرت جنید بغدادیؒ)
  •  خلق عظیم جود‘ کرم‘ درگزر‘ عفو اور احسان کے مجموعہ کا نام ہے۔ (ابوسعید قریشی)
  •  حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مسلمان کے لیے قیامت کے روز میزان عدل میں حسن خلق سے زیادہ وزنی دوسری کوئی چیز نہ ہوگی اور اللہ تعالیٰ بدگو‘ بدخلق کو سخت ناپسند کرتا ہے۔

سچائی ‘ صدق

  •  رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: بلاشبہ سچائی بھلائی کی جانب رہنمائی کرتی ہے اور بھلائی جنت کی راہ دکھاتی ہے۔
  •  امام غزالیؒ فرماتے ہیں کہ عمل فضائل میںاس فضیلت کو ایک طرح کی بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ اس لیے کہ کائنات کی دینی و دنیوی فلاح و بہبود کے تمام امور کا انحصار اسی فضیلت پر ہے۔ ان کے نزدیک صدق کے چھ مراتب ہیں:
  •  انسان کی زبان ہر حال میں امرحق کے اظہار کی عادی ہو۔
  •  اس کی تمام حرکات و سکنات میں مرضات الٰہی کے علاوہ دوسری چیز پیش نظر نہ ہو۔
  •  عزم و ارادے میں قوت ہو اور جو کچھ کہتا ہو اس پر عمل میں تردد اور اضطراب کا قطعاً دخل نہ ہو۔
  •  جو کچھ قول و گفتار سے ادا کرتا ہو ‘ اس کو عملی جامہ پہنانے کا واقعی اور حتمی ارادہ ہو‘ اور جونہی اسباب مہیا ہو جائیں اس کو ثابت اور پورا کر دکھائے۔ کیونکہ گفتار کے وقت کسی شے کا ارادہ و عزم کوئی زیادہ کمال کی بات نہیں ہے۔ درحقیقت وہ انسان ہی نہیں جو ایک بات کہے اور جب اس کی وفا کے لیے اسباب مہیا ہو جائیں تو اس کو پورا کرنے میںاس کا عزم و ارادہ کمزور پڑ جائے۔
  •  انسان کے ظاہری اعمال اس کے باطن کے صحیح آئینہ دار ہوں‘ اور تمام دینی و دنیوی معاملات میں یہی صفات نمایاں ہوں۔
  •  اللہ تعالیٰ کے ساتھ رشتہ خوف و رجا‘ زہد و تقویٰ اور رضا و توکل جیسے فضائل میں حقیقت‘ صداقت کی روشنی پائی جاتی ہو۔ ریا و نمود اور تصنع و بناوٹ کا ان میں مطلق گزر نہ ہو۔

تواضع

انسان اگر خدا کی معرفت و رضا یا مخلوق پر رحم و کرم کی خاطر اپنے اصل درجے اور رتبے سے کم پر راضی ہو جائے ‘ یا خود کو پست کر دے‘ تو اس فضیلت کو تواضع کہیں گے۔ وضع (ذلت) اور تواضع میں بڑا فرق ہے۔ وضع (ذلت) ایسی کیفیت کا نام ہے جس میں انسان اپنے حظ ِ نفس کی خاطر اپنی ذلت و رسوائی اور نفس کی اہانت پر آمادہ ہو جاتا ہے۔ علامہ زبیدی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ تواضع‘ خدا کی ذات و صفات کی معرفت‘ اس کے جلال و جبروت اور محبت و علم اور اپنے نفس کے عیوب و نقائص کے علم سے پیدا ہوتی ہے جو درحقیقت اللہ تعالیٰ کی جناب میں انکسارِ قلب اور مخلوق کے حق میں رحم اور نیازمندی کے ساتھ جھک جانے کا نام ہے‘اور جو پستی اور اہانت حظوظ نفس کی خاطر‘ خودداری اور عزت نفس کو مٹا کر اختیار کی جاتی ہے اس کا نام ذلت ہے۔ پہلی صفت فضیلت اور دوسری رذلت ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اس شخص کے لیے بشارت ہے جو نفس کو ذلیل کیے بغیر تواضع کا حامل ہے۔

حلم

غیظ و غضب کے جوش کے وقت اور ایسے اسباب کے پیدا ہونے کے وقت جن سے غضب میں ہیجان پیدا ہو‘ اس پر قابو پانے کا نام ’’کظمِ غیظ‘‘ ہے‘ اور یہی صفت جب انسان میں فطرت بن جائے اور مستحکم ہو جائے تو اس صفت کو حلم کہا جا تا ہے۔ حلم ایسی فضیلت ہے جو انسان کے کمالِ عقل‘ غلبۂ فرزانگی اور قوتِ غضب کے مقہور و مغلوب ہونے پر دلالت کرتی ہے۔ اس فضیلت کے ساتھ اگرچہ ہر فرد کو متصف ہونا چاہیے لیکن رہنما‘ قائد اور قوم کے ہادی‘ اہل منصب‘ ذمہ داران‘ کونسلر‘ سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں اوردفتر کے افسروں اور مینجر حضرات کے لیے اس صفت کا وجود ازبس ضروری ہے۔ اس لیے کہ ان حضرات کو قدم قدم پر ایسی آزمایشوں اور امتحانات سے دوچار ہونا پڑتا ہے جن میںغصہ‘ غضب اور غیظ کا جوش میں آجانا معمولی بات ہے۔ ایک بار غصہ کرنے کے بعد خود آپ کو بھی کام کرنے میں تکلیف ہو گی اور آپ دوسروں سے بھی کام نہیں لے سکیں گے اور پورا دن پشیمانی میں گزاریں گے‘ اور لوگ تضحیک کے ساتھ آپ کے غصے اور غیر ضروری غضب کا ذکر کریں گے۔

کہتے ہیں کہ غصہ حماقت سے شروع ہوتا ہے اور ندامت پر ختم ہوتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس میں صفت حلم موجود ہے وہ سردار ہے اور جس میں سمجھ حاصل کرنے کا شوق ہے ‘ اس میں سمجھ بڑھنے کے لیے راہ کھل جاتی ہے۔

ادبا کا قول ہے جس شخص نے حلم کا درخت بویا اس نے سلامتی کا پھل پایا۔

وفاے عہد

وفاے عہد زبان و عمل کی یک رنگ سچائی کا نام ہے‘ اور غدر ان دونوں کی خلاف ورزی کا نام ہے۔ وفاے عہد ‘ انسانیت کے مخصوص فرائض میں بہت بڑا فرض ہے۔ اس لیے جو شخص وفاے عہد سے خالی ہے وہ درحقیقت شرفِ انسانیت سے محروم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو ایمان میں شمار کیا ہے اور لوگوں کی عملی زندگی کے لیے اس کو سربراہِ کار ٹھیرایا ہے۔ کیونکہ انسان ایک ایسی ہستی کا نام ہے جس کے لیے باہمی تعاون لازمی ہے‘ اور باہمی تعاون وعدے کی رعایت اور عہد کی وفا کے بغیر ناممکن ہے۔ اگر ان کو درمیان سے الگ کر دیا جائے تو تعاون کے بجائے دلوں میں نفرت و وحشت جاگزیں ہو جائے اور معیشت و زندگی ہر قسم کی تباہ کاریوں سے دوچار ہونے لگے۔

قرآن حکیم میں ہے : اچھے وہ ہیں جو اپنے بار امانت اور عہد کے محافظ ہیں۔ وعدہ وفائی کا معاملہ سیاسی رہنمائوں کو بھی سوچنا چاہیے‘ افسروں اور ماتحتوں کو بھی اور فیکٹری کے مالکان اور دکان داروں کو مال کی سپلائی کے سلسلے میں بھی سوچنا چاہیے۔

دیگر امور

ذیل میں تعمیرشخصیت کے حوالے سے چند اشارات پیش کیے جاتے ہیں:

امریکی دانش ور بنجمن فرینکلن نے اپنی خودنوشت سوانح عمری میں اخلاقی تکمیل کے سلسلے میں درج ذیل خوبیوں کا تذکرہ کیا ہے:

(۱)  اعتدال --- اتنا نہ کھائو کہ طبیعت کند ہو جائے‘ زیادہ نہ پیو۔

(۲)  خاموشی --- وہی بات زبان پر لائو جس سے تمھیں یا دوسروں کو فائدہ پہنچے۔ فضول گفتگو سے پرہیز کرو۔

(۳)  نظم و ترتیب --- تمام چیزیں ان کے مقامات پر رکھو۔ کاروبار کے ہر حصے کے لیے وقت مقرر کر لو۔

(۴)  عزم--- جو کچھ کرنا چاہیے اس کا پختہ ارادہ کر لو۔ جس کا ارادہ کر لو اسے پورا کیے بغیر کبھی نہ چھوڑو۔

(۵)  صرف زر--- خرچ نہ کرو مگر وہی جس سے دوسروں کو یا خود تمھیں فائدہ پہنچے‘ یعنی کوئی چیز ضائع نہ کرو۔

(۶)  محنت و مشقت --- کوئی وقت نہ گنوائو۔ ہر لحظہ کسی مفید کام میں مشغول رہو۔ غیر ضروری سرگرمیاں بالکل ختم کر دو۔

(۷) دیانت داری --- کسی نقصان رساں فریب سے کام نہ لو۔ منصفانہ اور معصومانہ سوچو۔ بولو تو اسی انداز میں بولو۔

(۸) انصاف--- دکھ پہنچا کر کسی کو رنجیدہ نہ کرو۔ ان خدمات سے احتراز نہ کرو جو تمھارے فرائض  میں داخل ہیں۔

۹- میانہ روی --- افراط و تفریط سے بچو۔ جن گزندوں سے غصہ پیدا ہو‘ انھیں اس حد تک برداشت کر لو جس حد تک ضروری ہے۔

۱۰- صفائی اور نظافت--- جسم‘ لباس یا جائے سکونت میں کسی قسم کی گندگی برداشت نہ کرو۔

۱۱- طمانیت --- چھوٹے چھوٹے واقعات یا عام اور ناگزیر حوادث پر پریشان نہ ہو۔

۱۲- پارسائی --- اپنے کردار کو بہتر بنائو‘ لالچ سے پرہیز کرو‘ ذاتی مفاد کے چکر سے بچو۔

۱۳- انکسار--- طبیعت میں انکسار اور اخلاص پیدا کرو۔ تکبر اور مفادپرستی سے پرہیز کرو‘ ورنہ یہ عادت نہ صرف انسان بلکہ پوری قوم کو تباہ کرنے کی وجہ بن سکتی ہے۔

ڈائری مرتب کیجیے

علامہ ابن جوزی ؒ اپنی کتاب منہاج القاصدین کے باب غوروفکر میں فرماتے ہیں:

ہر ایک مرید کے پاس ایک کتاب ہونی چاہیے جس میں وہ تمام صفات مہلکہ اور تمام صفات نافعہ‘ اور تمام معاصی و طاعات کو درج کرے اور ہر روز ان کا مطالعہ کیا کرے۔ ہمارے نزدیک ہلاک کرنے والی چیزوں میں سے ۱۰ چیزوں پر غور کر لینا کافی ہے۔ اگر ان سے بچ گیا تو دوسری چیزوں سے بھی بچ جائے گا۔ وہ یہ ہیں: (۱)  بخل (۲) کبر (۳) عجب (۴) ریا (۵) حسد (۶) شدت غضب (۷) کھانے کی حرص (۸)جماع کی حرص (۹) مال کی محبت (۱۰) جاہ کی محبت۔

اسی طرح نجات دلانے والی ۱۰ چیزوں پر غور کرے جو یہ ہیں: (۱) گناہوں پر ندامت (۲)مصیبت پر صبر (۳) تقدیر پر راضی رہنا (۴) نعمتوں پر شکر کرنا (۵) امید و خوف کا معتدل ہونا (۶) دنیا سے بے رغبتی (۷) اعمال میں اخلاص (۸) لوگوں کے ساتھ حسن سلوک (۹) اللہ کی محبت (۱۰) خشوع۔

جب بری خصلتوں میں سے ایک سے نجات پا لے تو اپنی کتاب میں اس پر لکیر کھینچ دے اور اب اس کے متعلق سوچنا چھوڑ دے اور اس کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرے۔ یہ سمجھے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی توفیق اور اس کی مدد سے ہوا ہے۔ پھر باقی نو کی طرف توجہ کرے اور اس طرح کرتا جائے۔ یہاں تک کہ سب پرلکیر کھینچ دے۔ اس کے بعد اپنے نفس سے نجات دلانے والی صفات سے متصف ہونے کا مطالبہ کرے اور جب ایک کے ساتھ متصف ہو جائے تو اس پر خط کھینچ دے اور باقی میں مشغول ہو جائے۔

شخصیت کا منشور

حضرت علی ؓ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ آپؐ کی سنت کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا:

  •  معرفت میرا راس المال ہے۔
  • عقل میرے دین کی اصل ہے۔
  • محبت میری بنیاد ہے۔ 
  • شوق میرا مرکب (سواری) ہے۔ 
  • ذکرالٰہی میرا انیس ہے۔ 
  • اعتماد میرا خزانہ ہے۔ 
  • غم میرا رفیق ہے۔ 
  • علم میرا ہتھیار ہے۔ 
  • صبر میرا لباس ہے۔ 
  • رضا میرا مالِ غنیمت ہے۔ 
  • عجز میرا فخر ہے۔ 
  • زہد میرا پیشہ ہے۔ 
  • یقین میری قوت ہے۔ 
  • صدقہ میرا حامی و سفارشی ہے۔
  • طاعت میری کفایت کرنے والی ہے۔
  • جہاد میرا خلق ہے۔ اور  
  • میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں ہے۔

اب ہم محسن انسانیتؐ کی چند ان احادیث کا مطالعہ کرتے ہیں جن کا تعلق شخصیت کی تعمیر کے اخلاقی عناصر سے ہے۔

الف- حضرت معاذ بن جبلؓ نے بیان فرمایا کہ حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے ۱۰ باتوں کی وصیت فرمائی:

۱-  اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ بنانا اگرچہ تو قتل کر دیا جائے اور تجھے جلا دیا جائے۔

۲-  اپنے ماں باپ کی نافرمانی ہرگز نہ کرنا اگرچہ تجھے حکم دیں کہ اپنے گھر والوں کو اور مال و دولت کو چھوڑ کر نکل جا۔

۳-  فرض نماز ہرگز قصداً نہ چھوڑنا کیونکہ جس نے قصداً فرض نماز چھوڑ دی اس سے اللہ کا ذمہ بری ہوگیا۔

۴-  شراب ہرگز مت پینا کیونکہ وہ بے حیائی کی جڑ ہے۔

۵-  گناہ سے بچنا کیونکہ گناہ کی وجہ سے اللہ کی ناراضی نازل ہوتی ہے۔

۶-  میدان جہاد سے مت بھاگنا اگرچہ (دوسرے) لوگ (تیرے ساتھی) جاں بحق ہو جائیں۔

۷-  جب لوگوں میں (وبائی) موت پھیل جائے اور تووہاں موجود ہو‘ تو وہاں جم کر رہنا (اس جگہ  کو چھوڑ کر مت جانا)۔

۸-  اور جن کا خرچہ تجھ پر لازم ہے (بیوی بچے وغیرہ) ان پر اچھا مال خرچ کرنا۔

۹- اور ان کو ادب سکھانے کے پیش نظر ان سے اپنی لاٹھی ہٹا کر مت رکھنا۔

۱۰-  ان کو (اللہ کے احکام و قوانین) کے بارے میں ڈراتے رہنا۔ (مشکوٰۃ المصابیح)

ب-  حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کون ہے جو مجھ سے‘ یہ باتیں (جو میں بتانا چاہتا ہوں) حاصل کرے۔ پھر ان پر خود عمل کرے یا کسی ایسے شخص کو بتا دے جو ان پر عمل کرے۔ میں نے عرض کیا: یارسول ؐاللہ! میں ایسا کروں گا۔ چنانچہ آپؐ نے میرا ہاتھ پکڑا اور پانچ باتیں (پانچوں انگلیوں پر) گنائیں:

۱- حرام چیز سے بچ‘ تو سب سے زیادہ عابد ہوگا۔ ۲- جو کچھ اللہ نے تجھے دیا ہے اس پر راضی رہ‘ تو سب سے زیادہ مال دار ہوگا۔ ۳- اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھا سلوک کر‘ تو مومن ہوگا۔ ۴- لوگوں کے لیے وہ پسند کر جو اپنے لیے پسند کرتا ہے‘ تو مسلم ہوگا۔ ۵- زیادہ نہ ہنس کیونکہ زیادہ ہنسی دل کو مردہ کر دیتی ہے۔

ج- حضرت حذیفہؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم ایسے ڈھل مل ارادے والے نہ بنو کہ یوں کہا کرو کہ لوگ ہمارے ساتھ احسان کریں گے تو ہم بھی کریں گے‘ اور وہ ظلم کریں گے تو ہم بھی کریں گے (ایسا نہ کرو) بلکہ اپنے آپ کو اس چیز کی مشق کرائو کہ دوسرے احسان کریں تو تم بھی احسان کرو۔ اور اگر تمھارے ساتھ برا برتائو کریں تو بھی تم ظلم نہ کرو۔ (مشکوٰۃ المصابیح‘ ترمذی)

د- امام ابوداؤد ؒنے ۵ لاکھ احادیث لکھیں اور ان میں سے تقریباً ۵ ہزار احادیث کو منتخب کر کے سنن ابوداؤد میں درج کیا۔ ان کا قول ہے کہ اگر کوئی ان میں سے چار احادیث کو پکڑ لے تو وہ اس کے دینی فہم کے لیے کافی ہو جائے:

  •  عمل کا دارومدار نیت پر ہے۔  
  • بہتر اسلام یہ ہے کہ آدمی بے فائدہ بات بولنا چھوڑ دے۔  
  • کوئی مسلمان اس وقت تک مسلمان نہیں ہوتا جب تک کہ وہ اپنے بھائی کے لیے وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔
  • حلال بھی واضح ہے اور حرام بھی واضح ہے‘ اور ان دونوں کے درمیان شبہے کی چیزیں ہیں۔ جو شبہات سے بچا اس نے اپنے دین کو بچا لیا۔

ہ-  امام شافعیؒ نے سورہ عصر کے بارے میں لکھا ہے کہ اگر لوگ اس سورہ پر غور کریں تو یہی ان کی ہدایت کے لیے کافی ہے۔ اس کے اندر مختصر الفاظ میں معنی کی ایک دنیا بھر دی گئی ہے۔ اصحاب رسولؐ میں سے جب دو آدمی ایک دوسرے سے ملتے تو اس وقت تک جدا نہ ہوتے جب تک ایک دوسرے کو سورہ عصر نہ سنا لیتے۔ (طبرانی)

وَالْعَصْرِ o اِنَّ الْاِنْسَانَ لَفِیْ خُسْرٍ o اِلاَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ ۵ لا وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ o (العصر ۱۰۳:۱-۳)

زمانے کی قسم‘ انسان درحقیقت خسارے میں ہے‘ سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے‘ اور نیک اعمال کرتے رہے اور ایک دوسرے کو حق کی نصیحت اور صبر کی تلقین کرتے رہے۔

قرآن حکیم میں عذاب قبر کا کیوں بیان نہیں؟ حالانکہ اسے جاننے اور اس پر ایمان لانے کی سخت ضرورت ہے تاکہ انسان خوف کرے اور تقویٰ اختیار کرے۔

اس کا اجمالی جواب تو یہ ہے کہ حق تعالیٰ نے اپنے رسول پر دو قسم کی وحی اُتاری اور لوگوں پر واجب کردیا کہ دونوں طرح کی وحی پر ایمان لا کر عمل کرتے رہیں۔ فرمایا: ’’وہی ہے جس نے امیّوں کے اندر ایک رسول خود انھی میں سے اُٹھایا‘ جو انھیں اس کی آیات سناتا ہے‘ ان کی زندگیاں سنوارتا ہے اور ان کو کتاب اور حکمت کی تعلیم دیتا ہے‘‘۔ (الجمعۃ ۶۲:۲)

’’کتاب‘‘ سے مراد قرآن اور ’’حکمت ‘‘سے مراد بالاتفاق سنت ہے۔ اللہ کے رسولؐ نے جن باتوں کی خبر دی ان پر ایمان و تصدیق‘ ان باتوں کی طرح ہے جن کی حق تعالیٰ نے اپنے رسولؐ کی زبانی خبر دی۔ یہ مسلمانوں کا ایک اجماعی اصول ہے۔ کوئی فرقہ اس کے خلاف نہیں ہے۔ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مجھے کتاب کے ساتھ اس کی مانند سنت بھی دی گئی۔ لہٰذا اگر کوئی مسئلہ قرآن میںنہیں اور حدیث میں ہے تو سمجھ لو‘ گویا قرآن ہی میں ہے کیونکہ حدیث بھی مثل قرآن ہی کے ہے۔

قرآن پاک میں بھی کئی جگہ برزخ کے عذاب و ثواب کا بیان ہے۔ مثال کے طور پر اس آیت میں: وَلَوْ تَرٰٓی اِذِ الظّٰلِمُوْنَ فِیْ غَمَرٰتِ الْمَوْتِ وَالْمَلٰئِکَۃُ بَاسِطُوْآ اَیْدِیْھِمْ ج اَخْرِجُوْآ اَنْفُسَکُمْط اَلْیَوْمَ تُجْزَوْنَ عَذَابَ الْھُوْنِ بِمَا کُنْتُمْ تَقُوْلُوْنَ عَلَی اللّٰہِ غَیْرَ الْحَقِّ وَکُنْتُمْ عَنْ اٰیٰتہٖ تَسْتَکْبِرُوْنَ o (الانعام ۶:۹۳) ’’کاش تم ظالموں کو اس حالت میں دیکھ سکو جب کہ وہ سکراتِ موت میں ڈُبکیاں کھا رہے ہوتے اور فرشتے ہاتھ بڑھا بڑھا کر کہہ رہے ہوتے ہیں کہ ’’لائو‘ نکالو اپنی جان‘آج تمھیں اُن باتوں کی پاداش میں ذِلّت کا عذاب دیا جائے گا جو تم اللہ پر تہمت رکھ کر ناحق بکا کرتے تھے اور اس کی آیات کے مقابلے میں سرکشی دکھاتے تھے‘‘۔

یہ باتیں فرشتے موت کے وقت مرنے والوں سے کہہ رہے ہیں۔ فرشے سچے ہوتے ہیں۔ اگر یہ عذاب ان سے دنیا میں مرتے ہی ختم ہو جاتا تو یہ جملہ الیوم تجزون (آج تمھیں عذاب دیا جا رہا ہے) صحیح نہ ہوتا۔ فرمایا:  فَوَقٰہُ اللّٰہُ سَیِّاٰتِ مَا مَکَرُوْا وَحَاقَ بِاٰلِ فِرْعَوْنَ سُوْٓئُ الْعَذَابِ o  اَلنَّارُ یُعْرَضُوْنَ عَلَیْھَا غُدُوًّا وَّعَشِیًّا ج وَیَوْمَ تَقُوْمُ السَّاعَۃُ قف اَدْخِلُوْا اٰلَ فِرْعَوْنَ اَشَدَّ الْعَذَابِ o (المومن ۴۰:۴۵-۴۶) ’’آخرکار اُن لوگوں نے جو بری سے بری چالیں اُس مومن کے خلاف چلیں‘ اللہ نے اُن سب سے اُس کو بچا لیا‘ اور فرعون کے ساتھی خود بدترین عذاب کے پھیر میں آگئے۔ دوزخ کی آگ ہے جس کے سامنے صبح و شام وہ پیش کیے جاتے ہیں‘ اور جب قیامت کی گھڑی آجائے گی تو حکم ہوگا کہ آلِ فرعون کو شدید تر عذاب میں داخل کرو‘‘۔

اس آیت میں صراحت سے برزخ و آخرت کے عذاب کا بیان ہے۔ فرمایا:  فَذَرْھُمْ حَتّٰی یُلٰقُوْا یَوْمَھُمُ الَّذِیْ فَیْہِ یُصْعَقُوْنَ  o  یَوْمَ لاَ یُغْنِیْ عَنْھُمْ کَیْدُھُمْ شَیْئًا وَّلاَھُمْ یُنْصَرُوْنَo وَاِنَّ لِلَّذِیْنَ ظَلَمُوْا عَذَابًا دُونَ ذٰلِکَ وَلٰکِنَّ اَکْثَرَھُمْ لاَیَعْلَمُوْنَ o (الطور ۵۲:۴۵-۴۷) ’’پس اے نبیؐ، انھیں اِن کے حال پر چھوڑ دو یہاں تک کہ یہ اپنے اُس دن کو پہنچ جائیں جس میں یہ مار گرائے جائیں گے‘ جس دن نہ اِن کی اپنی کوئی چال اِن کے کسی کام آئے گی نہ کوئی ان کی مدد کو آئے گا۔ اور اُس وقت کے آنے سے پہلے بھی ظالموں کے لیے ایک عذاب ہے‘ مگر ان میں سے اکثر جانتے نہیں ہیں‘‘۔

عذاب قبر: اس سلسلے میں مختصر جواب تو یہ ہے کہ اس کے اسباب جہالت‘ حق تلفیاں اور گناہ ہیں۔ حق تعالیٰ ارباب محبت و معرفت اور فرماں برداروں کے بدنوں اور رُوحوں پر عذاب نہیں فرماتا‘کیونکہ عذابِ قبروعذاب آخرت اللہ کے غصے اور ناراضی کی نشانی ہیں۔جس نے دنیا میں اللہ کو غصہ دلایا اور اسے ناراض کیا‘ پھر بلاتوبہ کے مر گیا‘ اس پر بقدر اللہ کی ناراضی کے‘ برزخ میں عذاب ہوگا۔ خواہ تھوڑا ہو یا زیادہ‘ خواہ وہ برزخ کے عذاب کو مانتا ہو یا نہ مانتا ہو۔

حدیث میں ہے کہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے دو شخصوں پر قبر میں عذاب ہوتا دیکھا۔ آپؐ نے عذاب قبر کی دووجوہ بتائیں۔ ایک تو اِدھر کی اُدھر لگایا کرتا تھا اور دوسرا پیشاب سے نہیں بچا کرتا تھا۔ دوسرے نے تو پاکی کو چھوڑ دیا تھا جو واجب تھی‘ اور پہلا ایسی حرکت کرتا تھا کہ اس کی زبان سے لوگوں میں عداوت ہو جاتی تھی‘ اگرچہ واقعات سچے ہی بیان کرتا ہو۔

معلوم ہوا کہ جھوٹ و بہتان اور کذب و افترا سے لوگوں میں عداوت پیدا کرنے والا سخت ترین عذاب قبر میں مبتلا ہوگا ۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ جس نے نماز چھوڑ دی‘ جس کی شرطوں میں سے ایک شرط پیشاب سے پاکی بھی ہے‘ وہ بھی سخت ترین عذاب قبر میں مبتلا ہوگا۔ ابن مسعودؓ کی حدیث میں ہے کہ ایسا کوڑا مارا جس سے اس کی قبر آگ سے بھر گئی کیونکہ اس نے بلاوضو کے ایک نماز پڑھ لی تھی اور مظلوم کے پاس سے گزرا تھا تو اس کی مدد نہیں کی تھی۔ بخاری کی سمرۃ والی حدیث میں گزر چکا کہ اُس پر قبر میں عذاب ہو رہا تھا جو جھوٹ بولا کرتا تھا اور دنیا میں اس کا جھوٹ پھیل جایا کرتا تھا ‘ اور اس پر بھی عذاب ہو رہا تھا جو قرأت قرآن کے باوجود رات کو سو جاتا تھا اور دن میں اس پر عمل نہ کرتا تھا۔ اسی طرح رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے زناکار مردوں اور عورتوں پر اور سودخوروں پر برزخ میں عذاب کا مشاہدہ فرمایا۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ والی حدیث میں ہے کہ کچھ لوگوں کے سر پتھر سے کچلے جا رہے تھے‘ کیونکہ ان کے سر نماز سے بھاری ہو جاتے تھے۔ آپؐ نے دیکھا کہ کچھ لوگ ضریح و زقوم (دوزخ کے پھل) کھاتے تھے کیونکہ وہ زکوٰۃ نہیں دیا کرتے تھے۔ کچھ لوگ بدبودار سڑا ہوا گوشت کھا رہے تھے کیونکہ زناکار تھے۔ بعض لوگوں کے ہونٹ لوہے کی قینچیوں سے کاٹے جارہے تھے‘ کیونکہ وہ اپنی باتوں اور تقریروں سے فتنے بھڑکایا کرتے تھے۔  بعض کے منہ میں انگارے ٹھونسے جا رہے تھے جو ان کی دبر سے نکل جاتے تھے۔ یہ ظلم سے یتیموں کا مال کھانے والے تھے۔ کچھ عورتوں کی چھاتیاں بندھی ہوئی تھیں اور لٹک رہی تھی‘ یہ زناکار عورتیں تھیں۔ بعض کی کروٹوں سے گوشت کاٹ کاٹ کر انھی کو کھلایا جا رہا تھا‘ یہ چغل خور تھے۔ بعض کے تانبے کے ناخن تھے اور ان سے اپنا منہ اور سینہ کھرچ رہے تھے‘ یہ لوگوں کی آبروریزی کیا کرتے تھے۔ ایک شخص نے غنیمت کے مال میں سے چادر چرا لی تھی۔ آپؐ نے بتایا کہ اس پر اس کی قبر میں آگ بھڑک رہی ہے حالانکہ اس کا بھی مال غنیمت میں حق تھا۔ پھر جس کا کسی مال میں حق نہ ہو اور ظلم سے کسی کا مال مارے اس پر تو بدرجہ اولیٰ عذاب ہوگا۔

عذاب قبر کے مختلف اسباب: عذاب قبر دل‘ آنکھ‘ کان‘ منہ‘ زبان‘ پیٹ‘ شرم گاہ ‘ ہاتھ‘ پائوں اور تمام بدن کے گناہوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔ لہٰذا اِدھر کی اُدھر لگانے والا‘ جھوٹا‘ چغل خور‘ جھوٹا گواہ‘ پاک دامنوں پر الزام لگانے والا‘ فتنہ بھڑکانے والا‘ بدعت کی اشاعت کرنے والا‘ اللہ پر اور اس کے رسولؐ پر جھوٹ باندھنے والا‘ اللہ کے کلام میں اٹکل اور رائے سے کام لینے والا‘ سود کھانے والا‘ ناحق یتیموں کا مال ہڑپ کرنے والا‘ رشوت وغیرہ سے حرام کھانے والا‘ ناحق مسلمان کا مال کھانے والا‘ شراب پینے والا‘ شجرملعونہ سے نوالہ توڑنے والا‘ لواطت و زنا کرنے والا‘ چور‘ خائن‘ غدار‘ دھوکا باز‘ مکار‘ سود کا گواہ و کاتب‘ حلالہ کرنے اور کرانے والا‘ اللہ کے فرائض ساقط کرنے کے لیے حیلے بہانے کرنے والا‘ حرام کا ارتکاب کرنے والا‘ مسلمانوں کو ایذا دینے والا‘ ان کے عیبوں کے پیچھے لگنے والا‘ غیر شرعی قانون سے فیصلہ کرنے والا‘ غیر شرعی باتوں کا فتویٰ دینے والا‘ گناہوں اور زیادتیوں پر تعاون کرنے والا‘ ناحق قتل کرنے والا‘ حرم میں بے دینی پھیلانے والا‘ اسما و صفات کے حقائق معطل کرنے والا اور ان میں الحاد سے کام لینے والا‘ اپنی رائے‘ ذوق اور تدبر کو سنت پر مقدم کرنے والا‘ نوحہ کرنے والی‘ نوحہ سننے والے‘ حرام گانا گانے والے اور انھیں سننے والے‘ قبروں پر مسجدیں بنانے والے‘ ان پر قندیلیں اور چراغ جلانے والے‘ لیتے وقت پورا لینے والے مگر دیتے وقت کم دینے والے‘ جبار‘ متکبر‘ ریاکار‘ آنکھ یا زبان وغیرہ سے نکتہ چینی کرنے والے‘ اسلاف کو برا کہنے والے‘ کاہن‘ نجومی‘ رَمّال‘ جفر اور فال وغیرہ کھولنے والوں کے پاس جانے والے اور ان سے پوچھ کر ان کی باتوں کی تصدیق کرنے والے‘ ظالموں کے مددگار‘ جنھوں نے غیروں کی دُنیا کے بدلے اپنی آخرت فروخت کر ڈالی‘ اللہ سے ڈرانے اور پندوموعظت کے باوجود نہ ڈرنے والے اور گناہوں سے باز نہ رہنے والے لیکن مخلوق سے ڈرائے جائیں تو ڈرنے والے اور باز آجانے والے وہ لوگ جن کی اگر قرآن و سنت سے رہنمائی کی جائے تو پروا نہ کریں اور راہ پر نہ آئیں لیکن جن سے حسن عقیدت ہے اگر ان کی کوئی بات بتا دی جائے تو دل و جان سے قبول کرلیں‘ حالانکہ انبیا کے سوا تمام لوگ غیرمعصوم ہیں اور سب سے غلطیاں ہوتی ہیں۔

وہ جنھیں قرآن سنایا جائے تو اس سے متاثر نہ ہوں بلکہ گھبرانے لگیں لیکن اگر شیطانی کلمات‘ زنا کا منتر اور نفاق کا مادہ سن لیں تو کھل جائیں‘ حال پر حال آنے لگیں‘ دل میں بے حد مسرت محسوس کرنے لگیں ‘ دلی خواہش رکھیں کہ گانے والے یا گانے والیاں خاموش نہ ہوں۔ اللہ کی جھوٹی قسم کھانے والے اور غیراللہ کی جھوٹی قسموں کو کسی حال میں بھی نہ ترک کرنے والے خواہ کتنی ہی سخت سزا کیوں نہ دی جائے۔ گناہوں پر فخر کرنے والے‘ اور اپنے بھائیوں اور دوستوں میں دل کھول کر بے پروائی سے خوب گناہ کرنے والے‘ وہ جن سے لوگوں کی عزتیں اور مال محفوظ نہ ہوں‘ بدزبان و بدخلق ‘ جن کے غنڈے پن سے ڈر کر لوگ انھیں چھوڑ دیں۔ آخری وقت نماز پڑھنے والے‘ مرغ کی طرح ٹھونگیں مارنے والے اور اللہ کا ذکر نہ کرنے والے‘ خوشی سے زکوٰۃ نہ دینے والے‘قدرت کے باوجود حج نہ کرنے والے‘ قدرت کے باوجود حقوق نہ ادا کرنے والے۔ حرام نگاہ سے‘ حرام بات سے اور حرام لقمہ و حرام قدم سے نہ بچنے والے‘ کمائی میں حرام و حلال کی تمیز نہ کرنے والے‘ صلہ رحمی نہ کرنے والے۔ مسکینوں‘ بیوائوں‘ یتیموں اور بے زبان جانوروں پر ترس نہ کھانے والے بلکہ یتیموں کو ڈانٹنے والے اور محتاجوں کو کھانے کی رغبت نہ دلانے والے‘ دکھاوے کے لیے عمل کرنے والے۔ برتنے کی چیزوں کو روکنے والے اور اپنے عیب و گناہ چھوڑ کر لوگوں کے عیب و گناہ ٹٹولنے والے۔ غرضیکہ ہر قسم کے گناہ گار اپنے اپنے گناہوں پر قبر کے عذاب کا شکار ہوں گے اور گناہوں کے ہلکے اور سنگین ہونے سے عذاب قبر بھی سنگین یا ہلکا ہو گا۔

قبر کی پکار:  اکثر لوگ گنہ گار ہوتے ہیں اس لیے اکثر مرُدوں پر عذاب ہوتا ہے۔ عذاب قبر سے محفوظ رہنے والے تھوڑے ہیں۔ آہ! بہ ظاہر قبروں پر مٹی ہے مگر ان کے اندر عذاب اور حسرتوں کے انبار ہیں۔ ان پر مٹی یا نقشین پتھروں کی عمارات ہیں لیکن اندر مصائب و آفات ہیں جن میں حسرتیں کھول رہی ہیں‘ جیسے ہانڈیوں میں کھانا کھولتا ہے اور انھیں کھولنا بھی چاہیے۔ انسان کے اور اس کی خواہش و تمنائوں کے درمیان قبروں کے مصائب حائل ہیں۔ اللہ کی قسم! قبر ایسا جامع وعظ ہے جس نے کسی واعظ کے لیے کوئی بات نہیں چھوڑی۔

قبروں سے آواز آ رہی ہے: اے دنیا میں رہنے والو! تم نے ایسا گھر آباد کر رکھا ہے جو بہت جلدی تم سے چھن جائے گا اور اس گھر کو اُجاڑ رکھا ہے جن میں تم تیزی سے منتقل ہونے والے ہو۔ تم نے ایسے گھر آباد کر رکھے ہیں جن میں دوسرے رہیں گے اور فائدہ اٹھائیں گے اور وہ گھر اُجاڑ رکھے ہیں جن میں تمھیں دائمی زندگی گزارنی ہے۔ دنیا دوڑ دھوپ کرنے کا اور کھیتی کی پیداوار مہیا کرنے کا گھر ہے اور قبر عبرتوں کا مقام ہے۔ یہ یا تو باغیچۂ جنت ہے‘ یا جہنم کا خطرناک گڑھا !

عذاب قبرسے رہائی بخشنے والے اعمال:  ان تمام اسباب سے بچنا چاہیے جو عذاب قبر کا باعث ہیں۔

اس سلسلے میں ایک انتہائی نفع بخش عمل یہ ہے کہ انسان رات کو سوتے وقت تھوڑی دیر اپنے نفس کا حساب لینے بیٹھ جائے اور دن بھر کی کمائی کا حساب لگائے کہ کیا کھویا اور کیا پایا‘ نفع ہوا یا نقصان؟ سچے دل سے گناہوں پر نادم ہو کر اللہ سے توبہ کرے اور پکا ارادہ کر لے کہ اگر صبح تک زندہ رہا تو پھر گناہ نہیں کروں گا اور اسی توبہ پر سوئے۔ روزانہ رات کوسوتے وقت تجدید توبہ کرتا رہے۔ اگر رات میں فوت ہو گیا تو توبہ پر فوت ہوگا اور اگر زندہ رہا تو نیک عملوں کے لیے خوشی خوشی کمربستہ ہو گا کہ حق تعالیٰ نے مجھے زندگی کا ایک دن اور بخش دیا کہ ربّ کی ملاقات کے لیے تیاری کر لوں‘ اور جو کچھ زیادتیاں ہوئی ہیں ان کی رو دھو کر تلافی کر لوں اور معافی مانگ لوں۔ انسان کے لیے اس نیند سے زیادہ نفع بخش کوئی عمل نہیں جس کے بعد اللہ کا ذکر ہو۔ نیز ان دعائوں کو استعمال میں رکھا جائے جو سوتے وقت رحمت عالمؐ سے ثابت ہیں اور انھی کو پڑھتے پڑھتے نیند آجائے۔ بڑا خوش نصیب ہے وہ جسے اللہ اس عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ توفیق و قدرت اسی کی طرف سے ہے۔

اس سلسلے میں رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیثیں بھی سن لیجیے:

حضرت ابن عباس ؓ کا بیان ہے کہ ایک صحابیؓ نے لاعلمی میں ایک قبر پر خیمہ گاڑ لیا۔ اندر سے سورہ ملک پڑھنے کی آواز آئی۔ صاحب قبر نے اول سے آخر تک اس سورہ کی تلاوت کی۔ آپؐ نے رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آکر یہ واقعہ بیان کیا۔ فرمایا: یہ سورہ عذاب قبر روکنے والی اور اس سے نجات دینے والی ہے۔ (ترمذی)

حضرت ابن عباسؓ نے ایک شخص سے کہا: کیا میں تمھیں ایک حدیث بطور تحفہ نہ سنائوں‘ تم اسے سن کر خوش ہوگے؟ وہ شخص بولا: ضرور سنایئے۔ فرمایا:  سورہ ملک پڑھا کرو‘ اسے تم بھی یاد کر لو‘ اپنے بیوی بچوں کو بھی یاد کرا دو اور اپنے گھر والوں اور پاس پڑوس کے بچوں کو بھی یاد کرا دو‘ کیونکہ یہ نجات دلانے والی اور جھگڑنے والی ہے۔ یہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والے کے لیے رب سے جھگڑے گی۔ اگر وہ جہنم میں ہوگا تو ربّ سے درخواست کرے گی کہ آپ اسے جہنم کے عذاب سے بچا دیں۔ اللہ پاک اس کی وجہ سے عذاب قبر سے محفوظ رکھتا ہے۔ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری تمنا ہے کہ سورہ ملک میری امت کے ہر فرد کو یاد ہو (عبدبن حمید)۔یہ صحیح حدیث ہے کہ رحمت عالمؐ نے فرمایا: ۳۰ آیتوں والی سورہ (سورہ ملک) نے اپنے پڑھنے والے کی یہاں تک سفارش کی کہ حق تعالیٰ نے اسے بخش دیا۔ (ابن عبدالبر)

عذاب قبر سے بچانے کے بارے میں دلوں کو اطمینان دینے والی حدیث ابوموسیٰ اپنی کتاب‘ ترغیب و ترہیب میں بیان کرتے ہیں:

حضرت عبدالرحمنؓ بن سمرۃ روایت کرتے ہیں کہ ہم مدینہ کے ایک چبوترے پر جمع تھے کہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس تشریف لائے اور کھڑے ہو کر فرمایا: کل رات میں نے ایک عجیب خواب دیکھا۔ میں نے اپنے ایک امتی کو دیکھا کہ ملک الموت اس کی روح قبض کرنے کے لیے اس کے پاس پہنچے ہیں لیکن ماں باپ کی اطاعت آکر ملک الموت کو اس سے ہٹا دیتی ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ شیطانوں نے اسے بوکھلا رکھا ہے لیکن ذکر لاالٰہ آکر تمام شیطان اس سے بھگا دیتا ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ اسے عذاب کے فرشتوں نے وحشی بنا رکھا ہے لیکن اس کی نماز آکر اسے ان کے ہاتھوں سے چھڑا لیتی ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا‘ پیاس سے بے تاب تھا‘ جس حوض کے پاس جاتا ہے‘ دھکا دے دیا جاتا ہے اور بھگا دیا جاتا ہے لیکن رمضان کے روزے آکر اسے خوب سیراب ہو کر پانی پلاتے ہیں۔

میں نے دیکھا‘ انبیا اپنے اپنے حلقے باندھ کر بیٹھے ہوئے ہیں اور ایک اُمتی کو دیکھا کہ وہ جس حلقے میں جاتا ہے ‘ اس کا غسل جنابت اس کا ہاتھ پکڑ کر میرے پاس لا کر بٹھا دیتا ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ اس کے چاروں طرف اور اُوپر نیچے اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔ وہ اس میں حیران و سراسیمہ ہے لیکن اس کا حج اور عمرہ آکر اسے اندھیرے سے نکال کر اُجالے میں پہنچا دیتا ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ وہ آگ کے شعلوں اور انگاروں سے بچنا چاہ رہا ہے‘ اتنے میں اس کا صدقہ آکر اس کے اور آگ کے درمیان حائل ہو جاتا ہے اور اس کے سر پر سایہ بھی کر لیتا ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ وہ مومنوں سے بات کرنا چاہتا ہے لیکن کوئی اس سے بات نہیں کرتا لیکن اس کی صلہ رحمی آکر کہتی ہے‘ مسلمانو! یہ صلہ رحمی میں پیش پیش رہتا تھا‘ اس سے بولو چالو۔ آخر مسلمان اس سے باتیں کرنے لگتے ہیں اور مصافحہ بھی کرتے ہیں۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ اسے جہنم کے فرشتوں نے پریشان کر رکھا ہے لیکن امر بالمعروف اور نہی عن المنکرآکر اسے ان کے ہاتھوں سے چھڑا لیتے ہیں اور رحمت کے فرشتوں میں داخل کر دیتے ہیں۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ دوزانو بیٹھا ہے اور اس کے اور اللہ کے درمیان پردہ حائل ہے لیکن اس کا حسن خلق آتا ہے اور ہاتھ پکڑ کر اللہ کے پاس لے جاتا ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ اس کا اعمال نامہ اس کی بائیں طرف سے دیا جاتا ہے لیکن خوف الٰہی اس کے پاس آکر اعمال نامہ لے کر دائیں طرف رکھ دیتا ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا اس کی تول ہلکی ہو گئی ہے لیکن اس کے پاس کم سنی میں مر جانے والے بچے آتے ہیں اور اس کا وزن بھاری کر دیتے ہیں۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ جہنم کے کنارے کھڑا ہے لیکن اس کے پاس اللہ سے اُمید آتی ہے اور اسے وہاں سے ہٹا لیتی ہے اور وہ چلا جاتا ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ وہ آگ میں گر گیا ہے لیکن آنسو کا وہ قطرہ آتا ہے جو اللہ کے خوف سے گرا تھا اور اسے جہنم سے نکال لیتا ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ پل صراط پر کھڑا ہوا اس طرح کانپ رہا ہے جیسے آندھی میں کھجور کا تنا ہلتا ہے لیکن اس کا اللہ کے ساتھ حسن ظن آکر اس کی کپکپاہٹ کو دُور کر دیتا ہے۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ پل صراط پر گھسٹ رہا ہے‘ کبھی گھسٹتا ہے اور کبھی لٹک جاتا ہے لیکن اس کی نماز آ کر اسے اس کے پیروں پر کھڑا کر دیتی ہے اور بچا لیتی ہے‘ اور ایک اُمتی کو دیکھا کہ جنت کے دروازوں پر پہنچ جاتا ہے‘ دروازے بند ہو جاتے ہیں‘ لیکن کلمہ توحید آکر دروازے کھلوا کر اسے جنت میں داخل کرا دیتا ہے۔

حافظ ابوموسٰی فرماتے ہیں کہ یہ حدیث اعلیٰ درجے کی حسن ہے۔ اسے حضرت سعید بن مسیب‘ حضرت عمر بن زر اور حضرت علی بن زید روایت کرتے ہیں۔ ایسی ہی احادیث کے بارے میں کہا گیا ہے کہ نبیوں کے خواب بھی وحی ہیں۔ لہٰذا یہ حدیث اپنے ظاہری معنی پر ہے۔ یہ خواب ان خوابوں کی طرح نہیں جو تعبیر کے محتاج ہیں۔ اس خواب میں مختلف عذابوں کے ساتھ ان اعمال کا بھی بیان ہے جو صاحب عمل کو عذاب سے چھڑا دیتے ہیں۔ میں نے شیخ الاسلام سے اس حدیث کی عظمت سنی۔ آپؐ نے فرمایا: سنت کے اصول اس کی گواہی دیتے ہیں اور یہ بہترین احادیث میں سے ہے۔ (کتاب الروح‘ تدوین:  مسلم سجاد)

 

تربیت اور تعمیر شخصیت کے حوالے سے اب ہم ان عناصر کا مطالعہ کریں گے جن کا تعلّق فکرکی تربیت اور عقل سلیم سے ہے۔

چند تمثیلات

الف- ایک شخص‘ گائوں سے اپنے رشتے دار کو شہر دکھانے کے لیے لے آیا۔ شہری نے اپنا مکان دکھایا۔ سب چیزیں حیران کن تھیں۔ مگر جب شہری نے اسے باتھ روم دکھایا تو اس کی حیرانی اور بھی بڑھ گئی۔ اسے وہاں کوئی بالٹی‘ ڈرم اور مٹکے وغیرہ نظر نہ آئے جن میں پانی بھرا ہوا ہو۔ وہ یہی سوچتا رہا کہ بہ ظاہر یہ لوگ اتنے ترقی یافتہ ہیں مگر بغیرپانی کے کیسے گزارا کرتے ہوں گے۔

گائوں کے شخص کے ذہن میں تہذیب و تمدّن کی ایک علامت پانی کا استعمال تھا۔ وہ اسے وہاں نظر نہیں آیا اس لیے فوراً ہی وہ حیرانی میں مبتلا ہو گیا۔ اس کی نظر ان پائپ لائنوں اورنلکوں کی طرف نہیں گئی جنھیںعقل نے سہولت کا ذریعہ بنایا کہ پانی بھرنے کی تکلیف سے انسان بچ جائے۔ بعض لوگوں کے ساتھ مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنی ہی سوچ میں گم ہوتے ہیں۔ ان کے نزدیک ان کا اپنا طریقۂ کار ہی سب سے بہتر ہوتا ہے‘ باقی لوگوں کو کم تر سمجھتے ہیں--- اپنی سوچ کے اس جال سے باہر آنے کی کوشش کیجیے۔

ب-  ایک امریکی وسط ایشیا کے کسی علاقے میں گیا۔ وہاں ابھی تک بجلی نہیں پہنچی تھی۔ علاقے کے باسی سے گفتگو ہو رہی تھی۔ اس باشندے نے امریکی سے اپنے مٹی کے تیل سے جلنے والے فانوس کی طرف اشارہ کر کے پوچھا کہ کیا امریکہ میں یہ چیز استعمال ہوتی ہے؟اس نے جواب دیا: کہیں کہیں‘ بہت کم۔

باشندہ یہی سمجھا کہ امریکہ اتنا پس ماندہ ہے کہ وہاں روشنی کا یہ ذریعہ ابھی پہنچا ہی نہیں‘ اور اسے امریکیوں کی غربت پر افسوس بھی ہوا۔ مگر صورت حال یہ تھی کہ اس شخص نے مٹی کے تیل سے جلنے والے فانوس ہی کو ترقی کی علامت سمجھا تھا اور اسی کی امریکہ میں موجودگی کے متعلق سوال کیا تھا‘ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ میں بجلی اور توانائی کا استعمال ہو رہاتھا۔

ہم لوگوں کا معاملہ بھی مختلف نہیں ہے۔ ہماری بھی عجیب قسم کی کیفیت ہے۔ ہمارے اپنے ترقی کے تصورات ہیں‘انھی سے ہم دوسروں کو ناپتے ہیں۔ ہم نظارہ اور مشاہدہ نہیں کرتے‘ بس اپنے ہی قفس میں بند رہتے ہیں اور اسی کو کائنات سمجھتے ہیں۔ اپنے آپ کو اس ذہنی کیفیت سے نکالنے کی کوشش کیجیے اور اقدار کو ناپنے کے پیمانے تبدیل کیجیے۔

ج- کہتے ہیں کہ جب آٹوموبائل (موٹرگاڑی) ایجاد ہوئی تو اس زمانے میں امریکہ ہی کا کوئی دیہاتی جاگیردار نیویارک شہر پہنچا۔ اس نے دیکھا کہ وہاں گاڑیاں جو کہ اپنے ابتدائی مرحلے میں تھیں اور گھوڑا گاڑی سے مشابہت رکھتی تھیں‘ کافی تیزی سے سفر کر رہی تھیں۔ اس دیہاتی نے معلومات حاصل کیں کہ وہ اتنی تیز کیسے چلتی ہیں۔ لوگوں نے بتایا ‘ان میں ہارس پاور مشین لگی ہوئی ہے۔ اس شخص نے معلومات حاصل کر کے کسی فیکٹری سے ہارس پاور مشین خریدی اور اپنے دیہات آگیا‘ اور پھر اس مشین کو اپنی سمجھ اور عقل کے مطابق گھوڑا گاڑی میں فٹ کر دیا اور اسے مع گھوڑا چلانے کی کوشش کی۔ گھوڑا اپنی عمومی رفتار سے بھاگ رہا تھا۔ دیہاتی پریشان تھا کہ ہارس پاور مشین کے لگنے کے باوجود اس کی گھوڑا گاڑی میں وہ تیزی پیدا نہیں ہوئی جو کہ نیویارک میں اس کے مشاہدہ میں آئی تھی۔

وہ شخص نیویارک کی گاڑی کی ہیئت اور ترکیب کا مطالعہ نہ کر سکا کہ اس ہارس پاور مشین کو لگانے کے لیے گھوڑے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ گاڑی کے نظام میں بنیادی تبدیلی کرنی پڑتی ہے بلکہ یوں کہا جائے کہ گھوڑا گاڑی اور موٹرگاڑی دو مختلف نظاموں کی شکلیں ہیں۔ ایک کی چیز دوسری میں لگا کر کام نہیں چلایا جا سکتا ہے۔

کچھ یہی کیفیت ان لوگوں کی بھی ہوتی ہے جو کہ مغرب اور امریکہ ہی کو سب کچھ سمجھتے ہیں اور ان کی چند چیزوں کو ہمارے معاشرے میں فٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں‘ جب کہ دونوں معاشروں کی بنیادیں بالکل مختلف ہیں۔ اس کے لیے ہمیں عقل کے استعمال کی ضرورت ہے۔

فکری طور پر شخصیت کی تعمیر کے لیے ہمیں درج ذیل عناصر کی تربیت کی ضرورت ہے:

۱- عقل انسانی: عقل انسان کے بڑے بڑے مسئلے حل کر دیتی ہے۔ ایک واقعہ ہے کہ کسی زیرتعمیر گیراج کی دیوار میں ایک سوراخ تھا۔ پرندہ سیمنٹ کی اس دیوار کے اندر سوراخ میں گر چکا تھا۔ یہ سوراخ تقریباً ۳۰ انچ گہرا‘ ۴ انچ لمبا اور ڈیڑھ انچ چوڑا تھا۔ گیراج کی تعمیر میں کام کرنے والے مزدور بہت پریشان تھے کہ اس بچے پرندے کو باہر کیسے نکالیں۔

ایک ۱۰ سالہ لڑکا وہاں کسی کام سے پہنچ گیا۔ اس نے یہ منظر دیکھا۔ کچھ دیر دماغ لڑانے کے بعد اس نے ریت کا ایک ڈولچہ لیا اور پھر مٹھی بھر کے آہستہ آہستہ ریت سوراخ میں گراتا گیا۔ سوراخ جیسے جیسے ریت سے بھرتا جاتا‘ بچہ اُوپر اٹھتا آتا۔ تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد اس لڑکے کی کوشش سے بچہ باہر نکل آیا۔

اس لڑکے نے یقینا اپنے ذہن کے ذریعے بہت سارے حل تلاش کیے ہوں گے۔ اس ترکیب کے استعمال نے اسے کامیابی عطا کی۔ بے شک اس نے عقل کو استعمال کیا۔ درحقیقت عقل سلیم کا یہ استعمال بہت سارے مسائل حل کر دیتا ہے۔

واقعات میں آتا ہے کہ ایک شخص پیاس کے باعث بہت پریشان تھا۔ اسے کنواں نظر آیا مگر ڈول نہیں تھا۔ وہ نیچے اترا ‘ پانی پیا اور باہر نکل آیا۔ اس نے دیکھا کہ ایک کتا پیاس کے مارے زبان نکالے کھڑا ہے۔ اس شخص کو احساس ہوا کہ اسے بھی میری طرح پیاس لگی ہوگی۔ ڈول تو نہیں تھا‘ مگر اس نے عقل استعمال کی۔ نیچے اترا‘ اپنے چمڑے کے موزے میں پانی بھرا اور اسے منہ سے پکڑ کراُوپر لے آیا اورکتے کو پانی پلایا۔ روایت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کو اس نیکی کے باعث بخش دیا۔ اس شخص نے کیا کیا۔ اسے احساس تھا‘ ہمدردی ہوئی‘ اور عقل کو استعمال کیا اور کامیابی کی بشارت ہو گئی۔

نبی صلی اللہ علیہ وسلّم نے اپنے ابتدائی زمانے میں حجراسود کا مسئلہ چادر کے ذریعے حل کر کے ایک بہت بڑی ممکنہ جنگ کو ختم کیا اور ہر ایک کومطمئن‘ شریک اور خوش کر کے سب کی جیت کا تصور دیا۔ انسان نے عقل کے استعمال سے نئی نئی غذائوں کے راز دریافت کیے‘ نئے نئے ریشوں سے لباس بنائے‘ بڑے بڑے پل‘ فلک بوس عمارتیں‘ کارخانے‘ گھر اور مختلف مقاصد کے لیے بے شمار چیزیں پیدا کر لیں۔ اس نے زمین سے معدنی چیزیں نکالیں اور انھیں لوہے‘ ایلومینیم‘ سیسے‘ تانبے‘ ٹین اور دوسری دھاتوں کی شکل دے دی۔ یہ دریافت کر لیا کہ ایندھن محفوظ طریقوں پر کیونکر جلایا جا سکتا ہے۔ عقل کے استعمال سے لاتعداد مسائل حل ہو جاتے ہیں۔ نصب العین اور مقاصد زندگی کو سامنے رکھ کر اور اپنی ذات کے مفاد کو بیچ میں لائے بغیر یہ ممکن ہے کہ ہم اپنے ذہن سے کام لے کر اسے عقل سلیم بنا دیں۔

۲- عقل معیار ہے: عقل سب سے بڑی بخشش ہے۔وہ اللہ کی معرفت کا ذریعہ ہے۔ اسی سے نیکیوں کے اصول بنتے ہیں۔ انجام کا لحاظ کیا جاتا ہے‘ اور باریکیوں کو سمجھا جاتا اور فضائل حاصل کیے جاتے ہیں۔

حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلّم نے فرمایا کہ کسی شخص کے اسلام کو اس وقت تک بلند مرتبہ نہ سمجھو جب تک کہ اس کی عقل کی گرفت کو نہ پہچان لو۔ ابوزکریا ؒ کا قول ہے کہ جنت میں ہر مومن اپنی عقل کے مطابق لذت حاصل کرے گا۔ حضرت امام احمد بن حنبل ؒ کا مقولہ ہے کہ عقل (انسان کی ایک طبعی صفت ہے جو اس کی ماہیت کے ساتھ) گڑی ہوئی شے ہے۔ محاسبی ؒ سے ایک روایت یہ بھی ہے کہ آپ نے فرمایا: عقل ایک نور ہے۔ ایک تعریف یہ ہے کہ عقل ایک قوت ہے جس کے ذریعے سے معلومات کی حقیقتوں کو جدا جدا کیا جاتا ہے۔ ایک اعرابی سے عقل کے بارے میں پوچھا گیا۔ اس نے جواب دیا: عقل تجربات کا نچوڑ ہے جو بطور غنیمت ہاتھ لگ جائے۔ عقل فرق کو سمجھنے کا نام ہے۔ اسی عقل کا صحیح استعمال ہو اوردل میں خدا کا خوف پیدا ہو جائے تو انسان تقویٰ کی منزل پر پہنچ جاتا ہے اور یہی کیفیت حکمت کا سرچشمہ بن جاتی ہے جس سے علم و دانش کے سوتے پھوٹتے ہیں۔

۳-  ذہانت‘ فہم اور ذکاوت:  ذہن وہ قوت ہے جو آرا حاصل کرنے کے لیے مستعد اور تیار ہوتاہے۔ فہم کی تعریف یہ ہے کہ کسی قول کو سنتے ہی اس کے معنی کا علم ہو جائے۔ ذکاوت فہم کی قوت کی تیزی کا نام ہے۔ اس کے معنی سمجھ کی پختگی کے بھی ہیں۔

۴- عقل کی تکمیل کے لیے ضروری صفات:  علامہ ابن جوزی ؒ فرماتے ہیں کہ کسی عاقل کی عقل پر اس کی مناسب موقع پر خاموشی اور سکون اور نیچی نظر اور برمحل حرکات سے استدلال کیا جا سکتا ہے۔ عقل مند اپنے فیصلے میں‘ خواہ کھانے پینے کے معاملے میں یا کسی قول و فعل کے معاملے میں‘اسی امر کو اختیار کرے گا جو انجام کے اعتبار سے اعلیٰ ہوگا‘ اور جس چیز سے نقصان ہوگا اس کو ترک کر دے گا‘ اور اسی کام کی تیاری کرے گا جس کا پورا ہونا ممکن ہو۔

حضرت ابوالدرداء ؓ سے مروی ہے‘ انھوں نے لوگوں سے کہا کہ کیا میں عاقل کی علامتیں بتائوں؟ وہ یہ ہیں کہ اپنے سے بڑے کے ساتھ تواضع سے پیش آئے‘ چھوٹے کو حقیر نہ سمجھے۔ اپنی گفتگو میں بڑائی کے اظہار سے بچے۔ لوگوں کے ساتھ معاشرت میں ان کے آداب معاشرت کو ملحوظ رکھے اور اپنے اور خدا کے درمیان تعلّق کو سخت اور مضبوط رکھے تو وہ عقل مند ہے۔ وہ دُنیا میں اس تعلّق کو ہر نقصان سے بچاتا ہوا پھرتا ہے۔

وہاب بن منبہ سے منقول ہے کہ حضرت لقمان نے اپنے بیٹے سے فرمایا: اے بیٹے! انسان کی عقل کامل نہیں ہوتی جب تک اس میں دس صفات نہ پیدا ہو جائیں  :

  • کبر‘ یعنی نخوت وغرور سے محفوظ ہو ‘ 
  • نیک کاموں کی طرف پورا میلان ہو‘  
  • دنیاوی سامان میں سے صرف بقدر بقاے حیات پر اکتفا کرے‘  
  • زائد کو خرچ کر دے‘  
  • تواضع کو بڑائی سے اچھا سمجھے‘  
  •   اپنی اَنا قربان کرنے کو عزت و سربلندی پر ترجیح دے‘  
  • سمجھ کی باتیں حاصل کرنے سے زندگی بھر نہ تھکے‘  
  •   اپنی طرف سے کسی سے اپنی حاجت کے لیے تحکم وبدمزاجی نہ اختیار کرے‘  
  • دوسرے کے تھوڑے احسان کو زیادہ سمجھے اور اپنے بڑے احسان کو کم سمجھے ‘  
  • اور یہ خصلت جو بڑی بلندہمتی کی چیز ہے اور نیک نام کرنے والی ہے‘ وہ یہ ہے کہ تمام اہل دنیا کو اپنے سے اچھا سمجھے اور اپنے آپ کو سب سے برا سمجھے اور اگر کسی کو اپنے سے اچھا دیکھے تو خوش ہو اور اس بات کا خواہش مند ہو کہ اس کی عمدہ صفات خود بھی اختیار کرے اور کسی کو بری حالت میں پائے تو خیال کرے کہ (انجام اللہ کے ہاتھ میں ہے‘ ہم کو کیا خبر) یہ بھی ممکن ہے کہ یہ نجات پا جائے اور میں ہلاک ہو جائوں۔ جب یہ صفات پیدا ہو جائیں تو سمجھو عقل مکمل ہو گئی۔

مکحول سے حضرت لقمان کا یہ قول مروی ہے‘ جو انھوں نے اپنے بیٹے سے فرمایا کہ انسان کے شرف و سرداری کی بنا حسنِ عقل پر ہے ۔ جس کی عقل اعلیٰ درجے کی ہوگی وہ اس کے تمام گناہوں کو ڈھک دے گی اور اس کی تمام برائیوں کی اصلاح کر دے گی۔ اس کو رضاے الٰہی حاصل ہو جائے گی۔ کسی کا قول ہے کہ بڑائی کی بات یہ ہے کہ کسی بڑے شخص کی عقل زبان سے بڑھی ہوئی ہو‘ یہ نہیں کہ زبان عقل سے بڑھی ہوئی ہو۔

۵- مثبت انداز فکر: حسن ظن‘ خوش گمانی اور مثبت انداز فکر تعمیر و ترقی شخصیت کے لیے اہم ہیں۔فکر کا یہ انداز انسان کو مایوسی سے بچاتا ہے اور توانائی فراہم کرتا ہے۔ ایک گلاس میں نصف پانی ہو اور باقی خالی ہو تو مثبت فکر انسان کے لیے وہ آدھا بھرا ہوا ہے‘ جب کہ منفی فکر انسان کے لیے آدھا خالی ہے۔ اوّل الذکر شخص کی یہ سوچ زندگی کے عمومی معاملات پر حاوی ہوتی ہے۔ وہ تلخ و نامساعد حالات میں بھی امید اور اچھائی کا پہلو تلاش کرتا ہے۔ وہ ہر مشکل کو موقع سمجھتا ہے اور اسی سے اپنا راستہ تلاش کرتا ہے۔ دوسری طرف منفی فکر کا انسان عموماً قنوطیت‘ مایوسی اور احساس کمتری کا شکار رہتا ہے۔ ہر معاملے کے برے پہلو سے اس کی فکر اور قوت عمل میں کمزوری آتی ہے ‘وہ اولوالعزم نہیں رہتا۔ مثبت انداز فکر انسان میں قوت پیدا کرتا ہے۔ اس قوت کے ذریعے وہ اندھیروں میں ستاروں کی روشنی سے اپنا راستہ تلاش کرتا ہے۔

۶- شکر:  شکر کا مطلب یہ ہے کہ اللہ کی نعمتوں کو اس کی پسندیدہ چیزوں میں استعمال کیا جائے۔ ہروہ انسان جس نے کسی چیز کو ایسے کام میں استعمال کیا جس کے لیے وہ پیدا نہیں کی گئی تو اس نے اللہ کی نعمتوں کا کفران (ناشکری) کی۔ شریف انسان سے رذیل کام لینا بھی کفرانِ نعمت ہے۔ بہترین صلاحیتوں کے افراد سے معمولی معمولی کام لینا بھی کفرانِ نعمت ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ہمیں جو وسائل (انسانی اور مادّی) دیے گئے ہیں ان کا صحیح انداز سے جائزہ لیں اور ان وسائل کو ان کے اوصاف اور قوتوں اور قابلیتوں کے مطابق استعمال کریں۔ یہ شکر کی عملی کیفیت ہے۔ دل کا شکر یہ ہے کہ نیکی اور بھلائی کا ارادہ کرے اور تمام مخلوق کا بھلا چاہے۔ زبان کا شکر یہ ہے کہ اللہ کی تعریف کرتا رہے۔ اللہ نے جو نعمتیں دی ہیں ان کا احساس کرے۔ ایک قول ہے کہ نعمت ایک جنگلی جانور ہے اسے شکر کی زنجیروں سے باندھ کر رکھو۔ مثبت اندازِ فکر ‘ حسن ظن اور شکر‘ قوت عمل پیدا کرتے ہیں۔ انھیں اپنے مزاج کا حصہ بنا لیجیے۔

۷-  احساس وجود:  اپنے وجود کا احساس اور اس کے تقاضوں کی سمجھ بھی ضروری ہے۔ ہر انسان سونے اور چاندی کی کانوں کی مانند ہے۔ بات اسے استعمال کرنے اور اخذ کرنے کی ہے۔ اس سے انسان صاحب زر‘ زیور اور زیرک بن سکتا ہے۔ وجود کا احساس غصے اور سختی کے ساتھ حکم دینے سے نہیں کرایا جا سکتا۔ مگر اپنے ماحول میں ہم جو کرنا چاہتے ہیں اس میں کامیابی ضروری ہے۔ ہمیں دوسروں کے سامنے فوراً جھک نہیں جانا چاہیے۔ ہماری جو معلومات ہیں اور جس چیز کو ہم صحیح سمجھتے ہیں اس پر عمل بھی ہونا چاہیے۔ جب پھول اپنی خوشبو پھیلا سکتے ہیں‘ پانی زمین کو نرم کر سکتا ہے‘ ہوائیں پتوں کو ہلا سکتی ہیں تو پھر ہم اپنے اخلاق اور قوت نافذہ سے اپنے ارد گرد اور معاشرے میں تبدیلی کیوں نہیں لا سکتے۔ دوسری طرف اگر اپنی غلطی کا احساس ہو جائے تو پھر بحث‘ ہٹ دھرمی کی علامت ہے اور ایسے موقع پر اعتراف میں عظمت ہے۔

۸- تجزیاتی صلاحیت:  حالات و واقعات کا تجزیہ کرنا‘ ان کے اسباب پر غور کرنا‘ نتائج کی جانب دیکھنا اور اس کے مطابق لائحہ عمل تیار کرنا بہت ضروری ہے۔ اسے آپ تجزیاتی صلاحیت کا نام دے سکتے ہیں۔ کسی بات کے مثبت اور منفی پہلو پر غور کرنا اور اپنے نصب العین اور مقصد زندگی کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا ضروری ہے۔

۹-  ارادہ و عزم: اپنے ارادے اور عزم کو بلند رکھیے اور اپنے عزائم کو صالح بنایئے اور ان کی عملی تنفیذ (عمل درآمد) کی کوشش کیجیے۔ محض عزم باندھنے اور عمل نہ کرنے سے دُنیا میں کوئی کام نہیں ہوتا۔ مشکلات سے ڈرنا نہیں چاہیے‘ یہ تو انسان کو بنانے کے لیے آتی ہیں۔ ناکامیوں اور اندھیروں سے گھبرانا نہیں چاہیے‘ یہ تو ستاروں کی چمک کے اظہار کے لیے ضروری ہیں۔ شاہراہ حیات پر جب سرخ سگنل نظر آئے تو اسے ناکامی مت سمجھیے‘ چند لمحے آرام کیجیے اور سبز سگنل کا انتظار کیجیے۔ ان لمحوں میں قوت جمع کرنے کی کوشش کیجیے۔ مشکلات ہمیشہ نہیں رہتی ہیں‘ یہ تو قرب خداوندی کا باعث ہوتی ہیں۔ حبس سے مت گھبرایئے‘ یہ تو بارش کی علامت ہے۔ بس عزم کیجیے‘ اپنے مقاصد حاصل کیجیے۔

رابندر ناتھ ٹیگور نے عزم کی مثال دی ہے: شام کا وقت تھا اور سورج غروب ہو رہا تھا۔ ڈوبتے ہوئے سورج نے پوچھا :ہے کوئی جو میری جگہ لے۔ کسی جھونپڑے میں ایک دِیا تھا--- وہ ٹمٹما رہا تھا۔ اس نے جواب دیا: ہاں‘ میں کوشش کروں گا۔ اس نے اس گھر کی کائنات کو روشن کر دیا۔

اپنی مقدور بھر کوشش کیجیے اور ضرور کیجیے۔ نتائج کا معاملہ اللہ کے سپرد کر دیکھیے۔ نیت صاف ہوگی‘ محنت صحیح رُخ پر ہوگی اور وفاداری ہوگی تو پھر نتائج تو جو مطلوب ہیں وہی آتے ہیں بلکہ اس سے بہتر‘ اور اگر کسی وجہ سے نہ بھی مل سکیں تو آخرت کو کتنی دیر ہے۔ جس کی رضا کے لیے محنت کی ہے اس کے ہاں تو اجر باقی ہے اور وہ تو اپنے ظرف کے مطابق اجر دیتا ہے    ؎

موتی سمجھ کے شان کریمی نے چن لیے

قطرے جو تھے مرے عرق انفعال کے

عزم کی ایک اور تمثیل ہے کہ کسی پہاڑ سے چشمہ پھوٹا اور پھر میدان میں ندی کی صورت اختیار کر گیا۔ میدان میں ایک شخص ٹہل رہا تھا۔ وہ اس منظر سے محظوظ ہو رہا تھاکہ پانی اپنا راستہ کیسے بناتا ہے۔ اس کی نظر ندی میں بہتے ہوئے ایک بچھو پر پڑی۔ اسے اس جانور پر ترس آیا۔ اور اس نے اسے نکال لیا۔ بچھو نے اپنا کام دکھایا‘ ڈس لیا‘ اور کود کر پھر ندی میں چلا گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد اس شخص کو پھرخیال آیا اور اس نے پانی میں ہاتھ ڈال کر بچھو کو نکال لیا۔ بچھونے اپنا وہی کردار دہرایا۔ تھوڑی دیر بعد اس شخص کو بچھو کی جان کا پھر خیال آیا۔ اس نے جان بچانے کی کوشش کی اور بچھو نے اپنا وہی رویہ اختیار کیا۔ ایک اور شخص جو اس منظر کو دیکھ رہا تھا‘ اس سے رہا نہ گیا اور اس نے کہا: ’’ارے یہ حیوان ہے‘ اپنی حیوانیت نہیں چھوڑے گا ‘تم اپنی جان کیوں ہلاکت میں ڈال رہے ہو‘‘۔ بچھو کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے شخص نے کہا:

’’جب ایک حیوان اپنی حیوانیت نہیں چھوڑ سکتا تو میں انسان اپنی انسانیت کیسے چھوڑ سکتا ہوں‘‘۔

یہ شخص اپنی انسانیت اور انسانی کردار کے بارے میں پرُعزم تھا اور اس نے عمل کر کے بھی دکھا دیا۔ ہم جس معاشرے میں ہیں وہاں درندگی‘ سفاکی‘ حیوانیت‘ بدعنوانی اور بے حیائی ہے۔ ہم جن کے ساتھ بھلائی کرتے ہیں وہ احسان فراموش بن جاتے ہیں۔ ہم جن کی معاش میں مدد کرتے ہیں وہ ہمارا استحصال کردیتے ہیں۔ ہم جنھیں تربیت پرواز دیتے ہیں وہ اڑتے ہوئے ہمیں اپنے پنجوں میں جھپٹ لیتے ہیں ۔حقیقت یہ ہے کہ آج کل ماحول کو دیکھ کر یہ شعر یاد آتا ہے     ؎

دیکھا جو تیر کھا کے کمیں گاہ کی طرف

اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہو گئی

لیکن پھربھی فطرت انسانی کا تقاضا ہے کہ بروں کے ساتھ ہم برے نہ بنیں بلکہ اپنی انسانیت کو نہ چھوڑیں۔ مکافات عمل کا انتظار کیجیے۔زندگی خود بھی گناہوں کی سزا دیتی ہے۔

۱۰- جوکھم (Risk): دنیا میں ہر کام کے کرنے میں جوکھم ہے۔ ہم میں یہ صلاحیت ہونی چاہیے کہ ہم اس جوکھم کا اندازہ کر لیں اور اپنے معاملات کی تیاری اس کے مطابق کریں۔ چھٹی حِس ‘ ذہنی صلاحیتوں میں ایک اہم حِس ہے۔ قدآور شخصیات میں یہ حِس کارفرما ہوتی ہے۔

فرض کیجیے آپ سو رہے ہیں اور چولہے میں آگ روشن چھوڑ دی۔ ایک شرارہ اُڑا اور اس نے مکان کو جلا ڈالا۔ ایسی حالت میں آپ کا یہ عذر نہیں سنا جائے گا کہ ’’اس میں میرا کوئی قصور نہیں۔ میں نیند کی حالت میں کس طرح چنگاریاں اور شرارے اُڑنے سے روک سکتا تھا‘‘۔ اس معاملے میں آپ سے کہا جائے گا کہ آپ کو معلوم تھا کہ آپ عنقریب سونے والے ہیں اور نیند کی تیاری کر چکے ہیں اور اس بات کا علم تھا کہ اس حالت میں حواس کا شعور معطل ہو جاتا ہے‘ اس لیے ضروری تھا کہ اپنے بیداریِ حواس کے وقت ان ذرائع کا سدباب کرتے جن کی وجہ سے نیند کے وقت یہ حادثہ پیش آیا‘ یعنی اوّل آگ بجھاتے اور پھر سوتے۔

تدبیر یہ ہے کہ اُونٹ کو کھونٹے سے باندھیں اور اس کے بعد توکل کریں۔ بغیر کھونٹے سے باندھے اُونٹ کو چھوڑ دیں گے تو یہ آپ کی نادانی ہوگی اور آپ غیر ضروری جوکھم سے اپنا اور نہ معلوم کس کس کا امتحان لینے کی کوشش کر رہے ہوں گے۔

 

شکر: ہر وقت ہمیں بے شمار نعمتیں ملی ہوئی ہوتی ہیں:  وَاِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَتَ اللّٰہِ لاَ تُحْصُوْھَا ط  (ابراہیم ۱۴:۳۴) ’’اگراللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو گنو تو شمار نہ کر سکو گے‘‘۔ کچھ نعمتیں تو ایسی ہیں کہ کوئی چیز مل گئی جیسے رزق مل گیا‘ کپڑا مل گیا‘ مال مل گیا‘ ان کو وجودی نعمتیں کہتے ہیں۔ اور کچھ نعمتیں عدمی ہیں کہ چیز ہم سے دُور نہ ہوئی‘ مثلاً اس وقت ہم آرام سے بیٹھے ہیں چھت نہیںگری‘ دیوار نہیں گری‘ آسمان سے پتھر نہیں برس رہے‘ سانپ اور بچھو اور درندہ ہمیں نہیں ستا رہا‘ چور‘ ڈاکو حملہ نہیں کر رہے‘ کوئی زہرنہیں کھلا رہا‘ کوئی قتل نہیں کر رہا۔قبض نہیں ہے‘ بدہضمی نہیں ہے ‘ لقمہ گلے میں اَٹکا ہوا نہیں ہے‘ پانی گلے سے اُتر رہا ہے۔ ہاتھ پائوں‘ آنکھیں‘ کان کام کر رہے ہیں۔ ان سب نعمتوں کا پورا شکر تو ہم کر ہی نہیں سکتے لیکن جتنا کر سکتے ہیں ہم تو اتنا بھی نہیں کر رہے ہیں۔ بعض دفعہ تو۲۴گھنٹوں میں ایک دفعہ بھی ہم الحمدللہ نہیں کہتے۔ کوئی کہے کہ نماز میں تو الحمدللہ پڑھا ہے‘ تو جواب یہ ہے کہ یہ چھلکے کے درجے میں شکر ادا کیا ہے‘ مغز کے درجے میں ادا نہیں کیا۔ مغز یہ ہے کہ نعمت کی اور نعمت دینے والے کی دل سے قدر ہو۔ کوئی بہت ہی پیارا دوست کوئی ہدیہ بھیجے اور پہلے وہ منہ نہ لگاتا تھا تو اس ہدیے کی کتنی قدر ہوتی ہے۔ کیا کبھی ہم نے عمربھر اللہ تعالیٰ کے ایک ہدیے کی بھی قدر کی؟ حالانکہ ہر وقت نعمتوں کی بارش ہم پر ہو رہی ہے۔ اگرچہ نعمت پرجوش و خروش ہمارے اختیار میں نہیں‘ لیکن اس کے اسباب تو ہمارے اختیار میں ہیں‘ جیسے تحصیل دار لگ جانا تو ہمارے اختیار میں نہیں‘ اس کے اسباب جیسے امتحان پاس کرنا‘ درخواست دینا وغیرہ‘ یہ تو اختیار میں ہیں۔

ہم میں شکر کا کوئی درجہ نہیں ہے۔ نہ عقلی شکر ہم کرتے ہیں نہ طبعی۔ کیونکہ شکر کے لیے لازم ہے کہ نعمت دینے والے کے حق ادا کیے جائیں اور اس کی نافرمانی نہ کی جائے اور ہم صبح سے شام تک نافرمانی کر رہے ہیں۔ ہم نے صرف چند چیزوں کو ہی نافرمانی سمجھ رکھا ہے: چوری‘ زنا‘ غصب‘ قتل‘ شراب۔ حالانکہ گناہ ہاتھ سے بھی ہوتا ہے اور پائوں سے بھی‘ آنکھ سے بھی ہوتا ہے اور دل سے بھی‘ جیسے حسد‘ تکبر‘ حرص‘ حب مال و جاہ‘ کینہ۔

صبر: یہ تو شکر کا حال تھا۔ باقی رہا صبر‘ تو اس کے دو موقعے ہیں: ایک مصیبت‘ وَبَشِّرِالصّٰبِرِیْنَ o الَّذِیْنَ اِذَآ اَصَابَتْھُمْ مُّصِیْبَۃٌ لا قَالُوْآ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْنَo (البقرہ ۲:۱۵۶)‘کہ خوش خبری دے دیں ان لوگوں کو جو صبر کرتے ہیں‘ جب ان کو مصیبت آتی ہے تو کہتے ہیں کہ ہم تو سب اللہ تعالیٰ کے ہیں اور ان ہی کی طرف لوٹیں گے۔ یعنی وہ شکوہ شکایت نہیں کرتے اور ان کے دل میں حق تعالیٰ سے ناشکری اور حق تعالیٰ سے بے تعلّقی نہیں ہوتی۔ ہماری حالت یہ ہے کہ ذرا سی تکلیف میں شکوہ شکایت زبان پر یا کم از کم دل میں آجاتا ہے۔ دوسرا موقع صبر کا عبادت ہے۔ تو نماز میں حال یہ ہے کہ خشوع و خضوع تو دُور کی چیز ہے‘ رکوع و سجدہ بھی ہماراٹھیک نہیں ہے۔ آپ کسی دوست سے کہیں کہ ہمیں ایک آدمی لا دو۔ وہ چارپائی پر ڈال کر ایک اندھا‘ گونگا‘ لنگڑا‘ ہاتھوں سے لنجا لا دے تو آپ خوش ہونے کی جگہ ناراض ہوں گے۔ ایسے ہی ہماری نماز سے اللہ تعالیٰ خوش ہونے کی جگہ ناراض ہوتے ہیں۔ اب یہ نہ کرو کہ چھوڑ دو‘ بلکہ اصلاح کرتے رہو‘ کرتے رہو یہاںتک کہ نماز اعلیٰ ہوجائے۔ پوری کوشش کے بعد جس درجے کی بھی نماز ہو جائے گی آقا قبول فرما لیں گے۔ فَاُولٰئِکَ یُبَدِّلُ اللّٰہُ سَیِّاٰتِھِمْ حَسَنٰتٍ (الفرقان ۲۵: ۷۰)۔ حسنات کی تفسیر حضرت حاجی امداد اللہ صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ نے یہ فرمائی کہ توبہ کی برکت سے وہ ہماری نماز کو‘جو گناہ کہلانے کے قابل ہے‘ عبادت ہی شمار فرما لیتے ہیں‘ جیسے غریب لوگ مٹی کے تربوز اور خربوزے تحفہ لاتے ہیں تو سخی رئیس ان کو ہی قبول کر لیتے ہیں۔ خشوع کی آسان صورت یہ ہے کہ ہر لفظ اور ہر رکوع اور سجدہ ذرا سوچ کر کر لے۔ شروع میں کچھ مشق ہو گی‘ پھر عادت سے آسانی ہو جائے گی۔ ایسے نہ پڑھیں جیسے گھڑی کو ایک دفعہ چابی دے دیتے ہیں‘ پھر وہ ۲۴ گھنٹے تک چلتی ہی رہتی ہے۔ چند دن ضرور مشق کرنی ہوگی۔ یہ نہیں کہ ایک دن میں مکمل ہو جائے    ؎

صوفی نشود صافی تا در نہ کشد جامے

بسیار سفر باید تاپختہ شود خامے

صوفی صاف دل والا اس وقت تک نہیں ہو تا جب تک کہ مشقت کا پیالہ نہیں پیتا۔ پختہ ہونے کے لیے بہت سے سفر کی  ضرورت ہے۔

مجذوب بن جانا کمال نہیں‘ سنت کی پیروی کمال ہے۔ ایک مجذوب نماز میں کھڑا ہوا جب تک آواز نہ آئی رکوع نہ کیا لیکن یہ کمال نہیں ہے۔ کمال صرف اتباع سنّت میں ہے۔ بیماری میں بھی درمیانہ درجہ یہ ہے کہ ضرورت کے وقت ظاہر کرے‘ ہر وقت نہ گاتا پھرے۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیمار تھے۔ کسی نے حال پوچھا تو فرمایا: طبیعت اچھی نہیں۔ کسی نے کہا‘ آپ شکایت کرتے ہیں؟ فرمایا: کیا میں اللہ میاںکے سامنے پہلوانی کروں؟ حضرت یعقوب علیہ السلام نے فرمایا تھا:  اِنَّمَآ اَشْکُوْا بَثِّیْ وَحُزْنِیْٓ اِلَی اللّٰہِ  (یوسف ۱۲:۸۶)‘ کہ میں تو اپنے درد و غم کی شکایت صرف اللہ تعالیٰ سے کرتا ہوں۔

ہرحال میں صبروشکر: ہماری ایک حالت ایسی بھی ہے جس میں صبر اور شکر دونوں کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ موقع مصیبت ہی کا ہوتا ہے‘ مثلاً طبیب ناراض ہو گیا۔ وہ جلاب کی دوا لکھ کر نہیں دیتا ہے۔ کوشش کے بعد جب وہ راضی ہوا تو نسخہ لکھ دیا‘ تو اب ہم اس کے شکرگزار ہوں گے۔ اب یہاںتکلیف پر صبر بھی ہے اور طبیب کا شکر بھی ادا ہو رہا ہے۔ ایک طبیب کا تو ہم شکر ادا کرتے ہیں‘ اللہ تعالیٰ اگر جلاب دیں تو ہم شکر کیوں ادا نہیں کرتے؟ مصیبت روحانی جلاب ہے کیونکہ اس سے گناہ معاف ہوتے ہیں۔ یہ بات احادیث سے ثابت ہے۔ کسی کا بچہ فوت ہو جائے تو اس کے لیے جنت میں ایک گھر بنایا جاتا ہے جس کا نام بیت الحمد رکھا جاتا ہے۔ اب یہ نام اس کی طرف بھی اشارہ ہے کہ یہ موقع اللہ تعالیٰ کی حمد کرنے کا ہے‘ یعنی شکر کرنے کا ہے۔ اگر یہ صرف مصیبت ہی ہوتی تو نام بیت الصبر ہوتا۔

ایک دفعہ حضرت حاجی امداد اللہ صاحب ؒ مصیبت کے فوائد بیان فرما رہے تھے کہ یہ بھی ایک نعمت ہے۔ اتنے میں ایک آدمی آگیا جو درد کی وجہ سے آہ آہ کر رہا تھا۔ اس نے آکر کہا: حضرت بہت تکلیف ہے‘ دُعا فرمایئے کہ دُور ہو جائے۔ اب اگر وہ دعا نہ فرمائیں کہ ابھی جو بیان فرما رہے تھے کہ مصیبت بھی ایک بہت بڑی نعمت ہے اس کے خلاف ہوگا تو اس آنے والے کی دل شکنی ہوتی۔ حضرت نے دُعا کے لیے ہاتھ اُٹھائے کہ یااللہ بیماری بھی نعمت ہے لیکن ہم کمزور ہیں‘ بیماری کی نعمت کو صحت کی نعمت سے بدل دیجیے۔ پس جب بیماری اور مصیبت نعمت ہے تو یہ موقع صبر کا بھی ہے اور شکر کا بھی ہے۔ اگر کوئی یہ کہے کہ اگر مصیبت ہے تو نعمت نہیں اور اگر نعمت ہے تو مصیبت نہیں‘ تو جواب یہ ہے کہ صورت کے لحاظ سے مصیبت ہے اور حقیقت کے لحاظ سے نعمت ہے۔ جیسے بیماری ہے کہ درد کو دیکھیں تو مصیبت ہے‘ اگر یہ دیکھیں کہ اس سے گناہ معاف ہوتے ہیں‘ تو نعمت ہے۔ یہ دیکھیں کہ اس سے نفس میں تہذیب پیداہوتی ہے تو اس لحاظ سے بھی نعمت ہے۔ اسی طرح راحت ظاہری طور پر نعمت ہے اور شکر کا موقع ہے۔ لیکن ایک لحاظ سے یہ صبر کا موقع ہے۔ کسی کے پاس مال آیا‘ اب شکر کا موقع ہونا تو بالکل ظاہر ہے۔ لیکن یہ صبر کا بھی موقع ہے کہ شریعت کی حد سے آگے خرچ نہ کرے اور بہت زیادہ خوشی کا اظہار بھی نہ کرے۔

خلاصہ یہ نکلا کہ مصیبت میں شکر بھی واجب ہے اور صبر بھی۔ راحت میں صبر بھی واجب ہے اور شکر بھی‘ اور عبادت میں بھی صبراور شکر دونوں واجب ہیں۔ میری یہ بات الحمدللہ ثابت ہوگئی کہ صبر اور شکر ہر وقت واجب ہیں۔ اگر کسی کو شبہ ہو کہ ہر وقت صبر اور شکر ضروری ہے تو ہر وقت صرف الحمدللہ اور اناللہ وانا الیہ راجعون پڑھیں‘ نماز روزہ وغیرہ کی ضرورت نہ ہونی چاہیے۔ اس شبے کی وجہ سے میں یہ نہ کہوں گا کہ مجھ سے غلطی ہوئی‘ صبر اور شکر ہر وقت ضروری نہیں۔ بلکہ میں یہ کہوں گا کہ صبر اور شکر صرف اناللہ پڑھنے کا اور الحمدللہ پڑھنے کا نام نہیں ہے۔ صبر کیا ہے؟ نفس کو روکنا۔ یہ روکنا نماز میں بھی ہے‘ روزے میں بھی ہے اور ہر عبادت میں ہے۔ شکر کے معنی قدردانی کے ہیں۔ اناللہ پڑھنا صورت ہے صبر کی‘ اور الحمدللہ پڑھنا صورت ہے قدردانی کی۔ پس نماز میں صبر بھی ہے شکر بھی ہے۔ روزے میں صبر بھی ہے شکر بھی۔ حج میں صبر بھی ہے شکر بھی ہے۔

خوف اور محبت کی کیفیت: اس ساری تقریر سے آپ کی سمجھ میں یہ تو آگیا ہوگا کہ صبر اور شکر کی ہر وقت ضرورت ہے۔ اب یہ سمجھیے کہ ہر وقت ہم صبروشکر کیسے کریں؟ اس مقصد کے لیے آپ کو دو چیزوں کی اور ضرورت پیش آئے گی۔ ایک اللہ تعالیٰ کا خوف و خشیت‘ اور دوسرے اللہ تعالیٰ سے محبت۔ جب خشیت ہوگی تو نفس کو آپ ایک حد پر لے جا کر روک سکیںگے۔ یہ صبر پایا جائے گا اور اللہ تعالیٰ سے محبت ہوگی تو اس نعمت دینے والے آقا کی خوب قدر کرو گے اور یہ شکر ہے۔ اگر خوف اورمحبت نہ ہوں گے تو صبر اور شکر بھی نہ ہوں گے۔ کیونکہ اگر محبت نہ ہو‘ صرف خوف ہو تو نعمت ملنے سے لذت نہ آئے گی تو شکر ادا نہ ہوگا۔ اگر صرف محبت ہو‘ ساتھ خوف نہ ہو‘ تو محبت کی وجہ سے ناز پیدا ہو جائے گا اور نفس حد پر جا کر نہ رُکے گا بلکہ حد سے آگے نکل جائے گا اس لیے صبر پیدا نہ ہوگا۔

اگر کوئی یہ کہے کہ ایک ہی شخص سے محبت بھی ہو اور اسی سے خوف بھی ہو‘ یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔ جواب یہ ہے کہ جس سے محبت ہوتی ہے اس کی ناراضی کا خوف بھی ہوتا ہے۔ دونوں جمع ہو جاتے ہیں۔

صبروشکر کا طریقہ: اب یہ سمجھیے کہ خوف اور محبت پیدا کیسے ہوں گے؟ اس کا طریقہ یہ ہے کہ کچھ متعین وقت روزانہ نکالو۔ اس میں سے آدھا اپنی نافرمانیوں کو اور ان کی سزائوں کو سوچو کہ اس گناہ کی یہ سزا ہے‘ اس گناہ کی یہ سزا ہے‘ خطرہ ہے کہ فرشتے گھسیٹ کر دوزخ میں لے جائیں‘ اور دوسرے آدھے میں اللہ تعالیٰ کی نعمتیں سوچو۔ سزائیں سوچنے سے خوف پیدا ہوگا اور نعمتیں سوچنے سے اللہ تعالیٰ سے محبت پیدا ہوگی۔ یہ تو طریقہ تھا کہ اللہ تعالیٰ سے محبت اور اللہ تعالیٰ کی ناراضی کا خوف کیسے پیدا ہو۔ اب یہ سمجھیے کہ پیدا ہونے کے بعد یہ دونوں چیزیں محفوظ کیسے رہیں۔ محفوظ رکھنے کا طریقہ یہ ہے کہ روزانہ ۱۵ منٹ تو اللہ تعالیٰ کے ذکر میں گزاریں اور ۱۵ منٹ اہل اللہ کی صحبت اور خدمت میں گزاریں۔ ان دونوں کاموں سے صبر اور شکر محفوظ رہیں گے بلکہ ان میں ترقی ہوگی اور صبروشکر کا اعلیٰ درجہ پیدا ہوگا اور پھر اس آیت کا فائدہ آپ کو معلوم ہوگا:  اِنَّ فِیْ ذٰلِکَ لَاٰیٰتٍ لِّکُلِّ صَبَّارٍ شَکُوْرٍo (ابراہیم ۱۴:۵)  ’’ اس میں البتہ نشانیاں ہیں ہر اُس شخص کے لیے جو بہت صبر کرنے والا بہت شکر کرنے والا ہے‘‘۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ان سب چیزوں پر عمل کرنے کی توفیق نصیب فرمائیں۔ آمین! (تلخیص:  مولانا صوفی محمد سرور۔ تدوین: مسلم سجاد) (بہ شکریہ ماہنامہ الحسن‘ جون ۲۰۰۱ء)