گذشتہ عرصے میں تحریک سے وابستہ چند دوستوں کی تحریروں میں اسلامی تحریکوں کے نصب العین، نظریاتی شناخت اور حکمتِ عملی میں تبدیلی کے حوالے سے ایک بحث سامنے آئی ہے۔ ان تحریروں کا بنیادی سوال قابلِ غور ہے: کیا کسی تحریک کی کامیابی کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت ِ عملی کہیں اس کے اصل مقصد اور شناخت کو متاثر تو نہیں کرنے لگتی؟ یہ ایسا سوال ہے جسے نظرانداز کرنے کے بجائے سنجیدہ بحث کا موضوع بنانا چاہیے۔
تاہم، اس بحث میں ایک بنیادی فرق ملحوظ رکھنا ضروری ہے: نصب العین پر استقامت کا مطلب یہ نہیں کہ اس کے حصول کے لیے اختیار کیے جانے والے تمام تصورات، ترجیحات اور طریقۂ کار بھی ہمیشہ ایک جیسے رہیں۔
گویا تحریک کو محض ایک قائم شدہ تنظیمی ڈھانچے تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ اسے اپنی اصل دعوت برقرار رکھتے ہوئے زمانے کے تقاضوں کو سمجھنا اور اپنے طریقۂ کار کو مؤثر بنانا ہوتا ہے۔ اس لیے وقت کے ساتھ ہم آہنگی بذاتِ خود نظریاتی انحراف نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ تبدیلی کس دائرے میں اور کن اصولوں کے تحت کی جا رہی ہے؟
اس لیے ایسے سوالات کا جواب محض یہ کہہ کر نہیں دیا جا سکتا کہ زمانہ بدل گیا ہے اور ہمیں بھی بدلنا ہوگا۔ یہ بھی واضح کرنا ضروری ہے کہ کیا تبدیل ہو رہا ہے، کیوں تبدیل ہو رہا ہے، اور اس تبدیلی کا بنیادی نصب العین سے کیا تعلق ہے؟ اختلاف اور تنقید کو دبانے کے بجائے دلیل، تحقیق اور مکالمے کے ذریعے ان خدشات کا ازالہ ہونا چاہیے۔ اس سے نہ صرف وابستگان کا اعتماد مضبوط ہوگا بلکہ اس امر کا امکان بھی کم ہوگا کہ جس نظریاتی انحراف کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، وہ عدم توجہی کے باعث حقیقت بن جائے۔
تحریک کے تحقیقی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بنیادی تصورات کی وضاحت، مختلف آراء کا علمی جائزہ، نئی حکمت ِ عملیوں کے نتائج کا تجزیہ، اور قیادت و کارکنان کے درمیان فکری ابہام کا ازالہ کریں۔ درحقیقت یہی تحقیق اور فکری رہنمائی ان اداروں کے قیام کے اہم مقاصد میں شامل ہونی چاہیے۔
عقائد دین کے بنیادی اور ثابت شدہ حقائق سے تعلق رکھتے ہیں۔ انھیں وقتی مصلحت، سیاسی کامیابی یا عوامی مقبولیت کے تابع نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے برعکس، ان اصولوں کی روشنی میں معاشرے کو سمجھنے، مسائل کی ترجیح متعین کرنے، سیاسی و سماجی حالات کا تجزیہ کرنے اور عملی راستہ اختیار کرنے میں اجتہاد اور تنوع کی گنجائش موجود رہتی ہے۔
نظریاتی فیصلوں کو اگر عقائد ہی کے مترادف سمجھ لیا جائے تو فکری ارتقا اور اجتہاد کی گنجائش محدود ہو جاتی ہے۔ مناسب صورت یہ ہے کہ نظریے کو بنیادی عقائد و اقدار کی روشنی میں انسانی، سماجی اور سیاسی حقائق کی تعبیر اور اجتماعی جدوجہد کی سمت متعین کرنے والا فکری زاویۂ نظر پیش نظر رکھا جائے۔ اس میں اصولی حدود برقرار رکھتے ہوئے تعبیر، ترجیحات اور عملی حکمت عملی پر نظرثانی ممکن ہے۔یہاں ایک احتیاط بھی ضروری ہے: ہر اختلاف کو محض حکمتِ عملی کا اختلاف قرار دے دینا درست نہیں، لیکن ہر فکری تبدیلی کو عقائد سے انحراف سمجھ لینا بھی درست نہیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت میں حق کی وضاحت کے ساتھ حکمت، صبر، کردار، لوگوں کے مسائل سے تعلق اور تدریجی تربیت کو مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ یعنی لوگوں تک پہنچنے، ان کا اعتماد حاصل کرنے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے مؤثر اسلوب اختیار کرنا اصولوں سے دست برداری نہیں، بلکہ دعوت کی کامیابی کا اہم تقاضا ہے۔
البتہ عوامی مقبولیت بذاتِ خود کسی حکمتِ عملی کے درست ہونے کی حتمی دلیل نہیں۔ مقبولیت کو اصولی وفاداری، اخلاقی حدود اور حقیقی اجتماعی نتائج کے ساتھ پرکھنا چاہیے۔ اسی طرح اصولوں پر استقامت کا مطلب یہ بھی نہیں کہ دعوت کے اسلوب اور معاشرے سے تعامل کے طریقوں کو غیر متغیر سمجھ لیا جائے۔ دراصل ایک اعتبار سے تحریک اسلامی کے لیے عوامی حمایت میں اضافہ اپنی کارکردگی کو ناپنے کا ایک پیمانہ ہو سکتا ہے۔
اسی تیز رفتار تبدیلی کے باعث بعض اوقات یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ شاید تحریک اپنے اصل راستے سے ہٹ رہی ہے، حالانکہ ممکن ہے کہ تبدیلی صرف دعوت کے انداز، سیاسی ترجیحات یا عوامی مسائل سے تعامل کے طریقے میں ہو۔ دوسری طرف یہ امکان بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کہ بعض عملی تبدیلیاں بتدریج بنیادی فکری تصورات پر اثر انداز ہونے لگیں۔ اس لیے نہ ہرتبدیلی کو انحراف سمجھنا چاہیے، اور نہ ہر تبدیلی کو محض عصری تقاضوں کا نام دے کر تنقید سے بالاتر قرار دینا چاہیے۔صحیح راستہ مسلسل علمی احتساب، تحقیق، مشاورت اور نتائج کے جائزے کا ہے۔ تعمیری تنقید تحریک کو کمزور نہیں کرتی، اگر وہ دلیل، اخلاص اور اصلاح کے جذبے کے ساتھ ہو تو اس کی فکری قوت میں اضافہ کرتی ہے۔
lقیادت پر اعتماد اور جواب دہی:جماعت ِ اسلامی کا ایک اہم امتیاز اس کا منظم مشاورتی اور انتخابی نظام ہے، جس کے ذریعے ذمہ داریاں ایسے افراد کو سونپنے کی کوشش کی جاتی ہے جو تحریک کے مقاصد، فکری روایت اور عملی تقاضوں سے واقف ہوں۔ اس نظام اور قیادت پر اعتماد رکھنا ضروری ہے۔ ہرتبدیلی کو بدگمانی کی نظر سے دیکھنا نہ تحریک کے حق میں ہے اور نہ اجتماعی فیصلوں کے لیے مفید۔
لیکن قیادت پر اعتماد کا مطلب سوالات سے دست برداری بھی نہیں۔ اعتماد، مشاورت، تنقید اور جواب دہی ایک دوسرے کی ضد نہیں ہیں۔ مضبوط قیادت وہی ہوتی ہے جو اپنے فیصلوں کی فکری بنیاد واضح کر سکے، اختلاف کو سن سکے اور تحقیق کی روشنی میں اپنی حکمت ِ عملی پر نظرثانی کرنے کی صلاحیت رکھے۔ اسی طرح وابستگان کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ قیادت کے فیصلوں کو سمجھنے کی کوشش کریں، اپنے تحفظات کو دلیل کے ساتھ پیش کریں، اور محض تاثر یا اندیشے کی بنیاد پر حتمی فیصلے صادر نہ کریں۔
جماعت ِ اسلامی کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی بنیادی فکری روایت اور دستور کے تقاضوں کو واضح رکھتے ہوئے موجودہ معاشرے کی ضروریات، عوامی توقعات اور بدلتے ہوئے حالات کا حقیقت پسندانہ جائزہ لے۔ اس عمل میں پرانے وابستگان کے تجربے اور نئے لوگوں کے سوالات، دونوں کو اہمیت دی جانی چاہیے۔
بلاشبہ ہمیں صرف تنظیم کو برقرار رکھنے کی فکر ہی نہیں کرنی، بلکہ اس دعوت، مقصد اور نصب العین کو بھی زندہ رکھنا ہے جس کے لیے تنظیم قائم ہوئی تھی۔ لیکن اس مقصد کی خدمت کے لیے تنظیم کو ایک زندہ تحریک بنائے رکھنا، زمانے کو سمجھنا، حکمتِ عملی میں اجتہاد کرنا اور اپنے فیصلوں کا مسلسل جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔
نصب العین پر استقامت اور حکمت عملی کی تدابیر میں لچک ایک دوسرے سے متصادم رویہ نہیں ہے۔ اصل کامیابی یہ ہے کہ ہم اپنی فکری شناخت برقرار رکھتے ہوئے عصرِ حاضر کے تقاضوں کو سمجھیں، عوام الناس کے مسائل و مشکلات کا مؤثر فہم حاصل کریں، اور اپنی دعوت کو زیادہ قابلِ فہم، مؤثر اور نتیجہ خیز اسلوب اور طریق کار سے پیش کریں۔ یہی وہ توازن ہے جسے برقرار رکھنے کے لیے قیادت، کارکنان اور تحقیقی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
_______________